Tag: ترجمان

  • فوجی عدالتوں کی معیاد ختم، آئی ایس پی آر کی تصدیق

    فوجی عدالتوں کی معیاد ختم، آئی ایس پی آر کی تصدیق

    راولپنڈی : آئی ایس پی آر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دو سال کے دوران فوجی عدالتوں کے ذریعے 274 مقدمات میں 161 مجرموں کو پھانسی اور 113 مجرموں کی قید کی سزا سنائی گئی۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ فوجی عدالتوں کو حاصل خصوصی اختیارات کی معیاد ختم ہونے کے بعد ملٹری کورٹس نے کام کرنا بند کردیا ہے۔

    آئی ایس پی آر کے ترجمان کے مطابق دو سالہ مدت کے دوران فوجی عدالتوں کو 274 کیسز بھیجے گئے جن میں سے 161 مجرموں کو سزائے موت اور 113مجرموں کو قید کی سزا سنائی گئی جب کہ اب تک 12 ملزمان کی پھانسی کی سزا پر عمل درآمد بھی کرایا جا چکا ہے۔

    آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ فوجی عدالتوں کی جانب سے سنائے جانے والے فیصلوں سے دہشت گردی کے واقعات میں کمی میں مدد ملی ہے اور دوران ِ سماعت انصاف کے تقاضے پورے کیے گئے۔

    یاد رہے دسمبر 2014 میں سانحہ آرمی پبلک اسکول پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد 6 جنوری 2015 کو پارلیمنٹ نے مشترکہ طور پر آئین میں 21 ویں ترمیم کے ذریعے فوجی عدالتوں کی خصوصی اختیارات کے ساتھ قیام کی منظوری دی تھی۔

  • اقوام متحدہ کے کمیشن برائے انسانی حقوق کی مقبوضہ کشمیر پر پاکستانی مؤقف کی تائید

    اقوام متحدہ کے کمیشن برائے انسانی حقوق کی مقبوضہ کشمیر پر پاکستانی مؤقف کی تائید

    اسلام آباد: اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے کمیشن نے مقبوضہ کشمیر پر پاکستانی مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے پاکستان اور بھارت کو مذاکرات کے ذریعہ اپنے مسائل حل کرنے پر زور دیا ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے کمیشن نے مقبوضہ جموں و کشمیر پر پاکستانی مؤقف کی حمایت کی ہے۔

    ترجمان کمیشن کے مطابق انسانی حقوق کے کمشنر نے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

    کمیشن برائے انسانی حقوق نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کم کرنے کے لیے دونوں ممالک کو مذاکرات کرنے پر بھی زور دیا۔ ترجمان نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی آزادانہ تحقیقات کی جائیں۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل امریکہ میں پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی نے واشنگٹن میں پاکستان اور افغانستان کے لیے خصوصی امریکی نمائندے رچرڈ اولسن سے ملاقات کی اور انہیں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کے ثبوت دیے۔

    پاکستانی سفیرجلیل عباس جیلانی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی بند کروانے کے لیے امریکہ سلامتی کونسل کے مستقل رکن ہونے کی حیثیت سے دباؤ ڈالے۔

    انہوں نے امریکہ سمیت عالمی برادری پر مقبوضہ کشمیر میں مظالم کا نوٹس لینے پر زور بھی دیا۔ پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دلوائے اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو مقبوضہ وادی کے دورے کے اجازت بھی دلوائی جائے۔

    کشمیریوں سے زیادہ عدم تشدد کا علمبردار کوئی نہیں، مشال ملک *

    دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف مکمل ہڑتال جاری ہے۔ حریت کانفرنس کی اپیل پر وادی میں 6 اکتوبر تک ہڑتال اور احتجاج کیا جائے گا۔ بھارت مخالف مظاہرے روکنے کے لیے قابض بھارتی فوج نے وادی میں سیکیورٹی سخت کر رکھی ہے جبکہ کرفیو اور کشیدگی کو 88 روز گزر چکے ہیں۔

  • پاک بھارت اختلافات کاحل سفارت کاری ہے،جوش ارنسٹ

    پاک بھارت اختلافات کاحل سفارت کاری ہے،جوش ارنسٹ

    واشنگٹن: امریکہ نے ایک بار پھر پاکستان اور بھارت پر زور دیا ہے کہ دونوں ممالک اپنے مسائل کا حل تشدد کے بجائے سفارت کاری کے ذریعے نکالیں۔

    تفصیلات کےمطابق ترجمان وائٹ ہاؤس جوش ارنسٹ نے میڈیا بریفنگ کے دوران پاک بھارت تعلقات پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت اپنے اختلافات کا حل تشدد کے بجائے سفارت کاری سے نکالیں۔

    انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند سالوں کے دوران اس سلسلے میں اہم پیش رفت بھی سامنے آئی ہے اور امید ہے کہ دونوں ممالک ایسی پیش رفت جاری رکھیں گے جس سے خطے میں استحکام آئے گا۔

    ترجمان وائٹ ہاوس نے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے اڑی حملے کی براہ راست مذمت سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھرمیں جہاں دہشت گردی ہو اس کی مذمت کرتے ہیں۔

    موجودہ صورت حال مں پاکستان اور بھارت کے وائٹ ہاؤس سے رابطے سے متعلق پوچھے گئے سوال پر جوش ارنسٹ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد یا نئی دلی سے کوئی رابطہ نہیں ہوا،اس حوالے سے مزید وضاحت کے لیے محکمہ خارجہ سے پوچھا جائے۔

  • کوئٹہ میں غیر قانونی طور پر مقیم،350افغانی گرفتار

    کوئٹہ میں غیر قانونی طور پر مقیم،350افغانی گرفتار

    کوئٹہ : بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں سیکورٹی فورسز نے قانونی دستاویزات کے بغیر پاکستان میں مقیم 350 افغان شہریوں کو گرفتار کرلیا.

    تفصیلات کےمطابق فرنٹیئر کور کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایف سی نےکوئٹہ کے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر افغان شہریوں کو حراست میں لیا.

    ترجمان کا کہنا ہے کہ جن افغان شہریوں کوگرفتار کیا گیا وہ کاروبار وغیرہ کے سلسلے میں یہاں کسی قانونی دستاویز کے بغیر مقیم تھے.ان افغان باشندوں کو افغانستان واپس بھیجنے کے لیے ایف آئی اے کے حوالے کردیا گیا ہے.

    درایں اثناء کوئٹہ شہر کے مشرقی بائی پاس کے علاقے میں عبد اللہ بن زبیر کے نام سےمدرسے کو بھی سیل کردیا گیا ہے.

    *چمن سے افغان انٹلی جنس ایجنٹ گرفتار، بھاری اسلحہ برآمد

    سرکاری حکام کے مطابق اس مدرسے کو سیل کرنے کے علاوہ اس سے سو کے قریب افغان شہریوں کو بھی گرفتار کیا گیا تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ مدرسے سے گرفتار ہونے والے لوگ ان ساڑھے تین سو افراد میں شامل ہیں یا نہیں ہیں.

    *کراچی پولیس کی کارروائی،6 افغان باشندوں سمیت 20 ملزمان گرفتار

    ذرائع کےمطابق رواں سال اب تک غیر قانونی طور پر بلوچستان میں مقیم ایک ہزار سے زائد افغان باشندوں کو گرفتار کرکے واپس ان کے ملک بھیجا گیا ہے.

    واضح رہے کہ کوئٹہ شہر اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں افغان شہریوں کے خلاف گذشتہ دو سال سے کارروائیوں میں تیزی آئی ہے لیکن یہ پہلا موقع ہے کہ سرکاری حکام کی جانب سے اتنی بڑی تعداد میں افغان شہریوں کی گرفتاری ظاہر کی گئی.

  • بھارتی میڈیا کا پروپیگنڈا ناکام، بنگلہ دیش کی پاکستان پر الزام تراشی کی تردید

    بھارتی میڈیا کا پروپیگنڈا ناکام، بنگلہ دیش کی پاکستان پر الزام تراشی کی تردید

    اسلام آباد: بنگلہ دیش میں دہشت گردی کے واقعہ میں پاکستان کو ملوث کرنے کی بھارتی میڈیا کی کوشش ناکام ہوگئی۔ بنگلہ دیشی وزیر اعظم کے مشیر نے خود سے منسوب بیان سے لاتعلقی ظاہر کر دی۔

    بھارتی میڈیا کو پھر منہ کی کھانا پڑی۔ بنگلہ دیشی وزیر اعظم کے مشیر پروفیسر گوہر رضوی سے منسوب بیان کے ذریعہ دہشت گردی کے حالیہ واقعہ میں پاکستان کو ذمہ دار ٹہرانے کی کوشش ناکام ہوگئی۔

    بنگلہ دیشی وزیر اعظم کے مشیر گوہر رضوی نے بھارتی میڈیا میں منسوب بیان کی تردید کردی۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق گوہر رضوی نے تصدیق کی کہ انہوں نے کوئی بیان نہیں دیا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ گوہر رضوی نے پاکستانی ہائی کمشنر کو اپنے بیان کے حوالے سے حکومت پاکستان کو وضاحت پہنچانے کے لیے بھی کہا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان کسی قسم کی کوئی غلط فہمی پیدا نہ ہو۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی میڈیا کی رپورٹ کو بروقت جھٹلانے پر پروفیسر گوہر رضوی کے ردعمل کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ڈھاکہ بم دھماکوں کی شدید مذمت کی ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ واقعے پر پاکستان نے بنگلہ دیشی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا تھا۔ اس حملے میں پاکستان کو منسوب کرنا بھارتی میڈیا کی بدنیتی کو ظاہر کرتا ہے۔ بھارتی میڈیا نے غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز رپورٹنگ کی۔

    واضح رہے کہ 2 دن قبل بنگلہ دیشی دارالحکومت ڈھاکہ میں شدت پسندوں نے ایک کیفے پر حملہ کرکے اندر موجود غیر ملکیوں اور کیفے کے عملہ کو یرغمال بنا لیا تھا۔ شدت پسندوں نے 20 غیر ملکیوں کو قتل کردیا تھا۔ حملہ کی ذمہ داری داعش نے قبول کرلی تھی۔

  • محمد انور نے اسکاٹ لینڈ یارڈ کے سامنے خاموش رہنے کاحق استعمال کیا

    محمد انور نے اسکاٹ لینڈ یارڈ کے سامنے خاموش رہنے کاحق استعمال کیا

    لندن: منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت پررہا ایم کیو ایم کے رہنما محمد انورنے اسکاٹ لینڈ یارڈ کے سامنے خاموش رہنے کاحق استعمال کیا۔

    ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم رہنما پولیس کے آگے بالکل خاموش رہے، محمد انور کو اب لندن پولیس کے جج کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

     اسکاٹ لینڈ یارڈ پولیس نےمنی لانڈرنگ کیس میں گرفتار ایم کیوایم کےمحمدانور سے دس گھنٹے تفتیش کی تھی جس کے بعد انہیں ضمانت پررہاکردیا گیا تھا۔

     محمد انورکوجولائی کے وسط تک ضمانت پرچھوڑاگیا ہےاس دوران ایم کیوایم رہنما پربرطانیہ سےباہرجانے پرپابندی ہوگی اور کسی بھی وقت پوچھ گچھ کیلئے انھیں طلب کیاجاسکتا ہے۔

  • الطاف حسین کے قریبی ساتھی محمد انور 7 گھنٹے بعد رہا

    الطاف حسین کے قریبی ساتھی محمد انور 7 گھنٹے بعد رہا

    لندن: ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن محمد انور کو سات گھنٹے کی تفتیش کے بعد ضمانت پر رہا کر دیا۔

    اسکاٹ لینڈ یارڈ پولیس نے محمد انور کوجولائی کے وسط تک ضمانت پر رہا کر دیا۔ لیکن انہیں کسی بھی وقت تفتیش کیلئے طلب کیا جا سکتا ہے ۔

    اسکاٹ لینڈ یارڈ کے مطابق محمد انور کے برطانیہ سے باہر جانے پر پابندی ہے، اسکاٹ لینڈ یار ڈ پولیس نے گزشتہ روز محمد انور کے گھر کی تیرہ گھنٹے تک تلاشی لی تھی،اسے وہاں سے کیا ثبوت ملے ابھی اس کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا ۔

    پولیس نے زیر حراست محمد انور سے سات گھنٹے تک پوچھ گچھ بھی کی ۔ اور محمد انور کو وکیل فراہم کرنے کے ایک گھنٹے بعد ہی انہیں ضمانت پر رہا کر دیا گیا ۔

    محمد انور کے گھر کی تلاشی کے دوران برطانوی پولیس نے فرانزک ماہرین سے مدد بھی لی تھی ۔

  • ایم کیوایم نےمنی لانڈرنگ میں ملوث ہونےکی سختی سےتردید کردی

    ایم کیوایم نےمنی لانڈرنگ میں ملوث ہونےکی سختی سےتردید کردی

    کراچی : ایم کیو ایم ترجمان نےکہاہے کہ ایم کیوایم کی کی رابطہ کمیٹی کے رکن محمد انور کو شمالی لندن میں ان کے گھر سے آج صبح گرفتار کیا گیا ۔

    انہیں اس وقت لندن کے ایک مرکزی پولیس اسٹیشن میں انٹر ویو کیا جارہا ہے ۔ یہ منی لانڈرنگ کے الزامات میں میٹروپولیٹن پولیس کی جاری تفتیش کا حصہ ہے ۔

    تر جمان نے کہا کہ ایم کیو ایم سختی سے منی لانڈرنگ میں ملوث ہونے کے امکان کی تردید کرتی ہے ۔ ایم کیوایم لندن پولیس کے ساتھ تعاون کرتی رہےگی اور اس معاملے کی بر وقت اختتام پذیر ہونے کی امید جاری رکھیں گے ۔

  • پی ٹی آئی ترجمان عمر چیمہ عہدے سے بر طرف

    پی ٹی آئی ترجمان عمر چیمہ عہدے سے بر طرف

    اسلام آباد : چئیرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان  نے پی ٹی آئی کے ترجمان عمر چیمہ کو ان کےعہدے سے برطرف کردیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق عمران خان کے ترجمان عمر چیمہ کو پارٹی کے اندرونی معاملات کو عام کرنے کے معاملے پران کے عہدے سے برطرف کردیا گیا ہے.

    چئیرمین تحریک انصاف کی جانب سے عمر چیمہ کو اس سلسلہ میں خط بھی جا ری کردیا گیا ہے، خط میں عمر چیمہ سے معاملے پر وضاحت طلب کی گئی ہے۔