Tag: ترسیلات زر

  • اوورسیز پاکستانیوں نے ترسیلات بھیجنے کا نیا ریکارڈ بنادیا

    اوورسیز پاکستانیوں نے ترسیلات بھیجنے کا نیا ریکارڈ بنادیا

    کراچی : رواں مالی سال کے گیارہ ماہ میں اوورسیز پاکستانیوں نے 35 ارب ڈالر کی ریکارڈ ترسیلات زر وطن بھجوا کر نیا ریکارڈ قائم کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق اوورسیز پاکستانیوں نے ترسیلات بھیجنے کا نیا ریکارڈ بنادیا اور رواں مالی سال کے گیارہ ماہ میں پینتیس ارب ڈالر کی ریکارڈ ترسیلات زر وطن بھجوائیں۔

    اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے کہا گیا کہ ترسیلات زر کی آمد میں تقریباً 29 فیصد اضافہ ہوا جبکہ مئی میں اوورسیز پاکستانیوں نے 3 ارب 70 کروڑ ڈالر وطن بھیجے۔

    مئی میں ترسیلات زر میں سالانہ بنیاد پر 16 فیصد اور ماہانہ بنیاد پر 13.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

    https://urdu.arynews.tv/dollar-currency-rate-pakistan-today/

    رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں مقیم پاکستانی مئی میں اکیانوے کروڑ انتالیس لاکھ ڈالرز وطن بھیج کر پہلے نمبر پر رہے جبکہ 75 کروڑ42 لاکھ ڈالر وطن بھیج کر یو اے ای میں مقیم پاکستانی دوسرے نمبر پر آئے۔

    برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں نے انسٹھ کروڑ ڈالرز کا زرمبادلہ بھیج کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔

    اسٹیٹ بینک کے مطابق امریکا میں مقیم پاکستانیوں نے مئی میں ساڑھے اکتیس کروڑ ڈالر کا زرمبادلہ وطن بھیجا۔

  • اوورسیز پاکستانی ترسیلات زر کے ذریعہ پاکستان کی معاشی ترقی میں بڑے معاون

    اوورسیز پاکستانی ترسیلات زر کے ذریعہ پاکستان کی معاشی ترقی میں بڑے معاون

    بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنے وطن کی ایک متحرک قوت ہیں جو ترسیلات زر کے ذریعہ ملکی ترقی اور قوم کی خوشحالی کو یقینی بناتے ہیں۔

    اقوام متحدہ کے محکمہ برائے اقتصادی و سماجی امور کے مطابق، دنیا بھر میں تقریباً 272 ملین بیرونِ ملک مقیم افراد میں سے، پاکستان دنیا کا ساتواں بڑا اوور سیز پاکستانیوں کا حامل ملک ہے۔ یہ افراد ملک کی ساکھ، معیشت اور سفارت کاری پر گہرا اثر ڈالتے ہیں۔

    بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ملک کی معیشت اور ترقی کے لیے ایک اہم ذریعہ آمدن ہیں۔ورلڈ بینک کے مطابق، پاکستان دنیا کے ان 10 ممالک میں شامل ہے جو سب سے زیادہ ترسیلات زر وصول کرتے ہیں، جو اس کے جی ڈی پی کا اہم حصہ ہیں۔

    اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے تازہ ترین اعداد و شمار (2023) کے مطابق، پاکستان کو سب سے زیادہ ترسیلات خلیجی ممالک، امریکہ، برطانیہ اور شمالی آئرلینڈ سے موصول ہوئیں۔ مالی سال 2022-23 کے دوران، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے پاکستان کو 26 ارب ڈالر سے زائد کی ترسیلات بھیجیں۔

    ملک کی سطح پر، سعودی عرب ترسیلات زر کا سب سے بڑا ذریعہ رہا، جہاں سے تقریباً 4.4 ارب امریکی ڈالر (کل ترسیلات کا 24 فیصد) پاکستان بھیجے گئے۔ متحدہ عرب امارات اور برطانیہ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے، جن سے جولائی تا فروری مالی سال 2024 کے دوران 3.1 ارب (17٪) اور 2.7 ارب (15٪) ڈالر پاکستان آئے۔

    ترسیلات زر کا سب سے فوری فائدہ غربت میں کمی ہے۔ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس جیسے پروگراموں کے ذریعے بیرونِ ملک مقیم پاکستانی پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ، حکومتی بانڈز اور ریئل اسٹیٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں، جو ملک میں غیر ملکی سرمایہ لانے میں مدد دے رہا ہے۔

    پیو ریسرچ سینٹر کے ایک سروے کے مطابق، بیرون ملک مقیم 53 فیصد پاکستانیوں کا ماننا ہے کہ ان کی موجودگی میزبان ممالک میں پاکستان کی شبیہہ کو مثبت انداز میں پیش کرتی ہے۔

    اوور سیز پاکستانیوں کی جانب سے میزبان ممالک میں کی جانے والی سیاسی و سفارتی سرگرمیاں پاکستان کی خارجہ پالیسی پر اہم اثر ڈال سکتی ہیں۔

    امریکا میں مقیم پاکستانی امریکی کمیونٹی نے مختلف سطحوں پر امریکی کانگریس سے رابطے کیے، جن میں پاک-امریکا تعلقات، مسئلہ کشمیر، اور انسانی حقوق جیسے موضوعات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے بھی ایسے اقدامات کیے، جن سے برطانیہ اور پاکستان کے تعلقات بہتر بنانے کی کوشش کی گئی۔ آسٹریلیا میں مقیم پاکستانیوں نے پاکستانی طلبہ کے لیے تعلیمی مواقع کے حصول کے لیے سرگرم مہمات چلائیں۔

    سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات جیسے ممالک، جہاں پاکستانی بیرونِ ملک مقیم افراد کی بڑی تعداد موجود ہے، وہاں یہ کمیونٹی دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

  • معیشت کا پہیہ جام کرنے کا نعرہ لگانے والوں کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، وزیراعظم

    معیشت کا پہیہ جام کرنے کا نعرہ لگانے والوں کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، وزیراعظم

    اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ معیشت کا پہیہ جام کرنے کا نعرہ لگانے والوں کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، پاکستان معاشی استحکام کے بعد معاشی ترقی کے راہ پر گامزن ہو چکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافے پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دسمبر 2023 سے دسمبر 2024 تک ترسیلات زر میں 29.3 فیصد کا اضافہ ہوا ہے، دسمبر 2024 تک 3.1 بلین ڈالر ترسیلات زر وصول ہوئیں ، جو نومبر 2024 کے مقابلے میں 5.6 فیصد زیادہ ہے۔

    ،وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ریکارڈ ترسیلات زر پاکستانیوں کے ملک وقوم کی ترقی میں کردار ادا کرنے کے آہنی عزم کی سند ہے، معیشت کا پہیہ جام کرنے کا نعرہ لگانے والوں کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں۔

    پاکستان معاشی استحکام کے بعد معاشی ترقی کے راہ پر گامزن ہو چکا ہے اور حکومت پاکستان ملکی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے پر عزم ہے۔

    خیال رہے پاکستان کی ترسیلات زر میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ دسمبر دو ہزارچوبیس میں ترسیلات زر کی مد میں تین ارب دس کروڑ ڈالر موصول ہوئے۔ جو دسمبر دو ہزار تئیس کے مقابلے میں انتیس فیصد جبکہ نومبر دو ہزار چوبیس کے مقابلے میں چھ فیصد زائد ہیں۔

    رواں مالی سال جولائی تا دسمبر تینتیس فیصد اضافے سے سترہ ارب چوراسی کروڑ ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں، دسمبر 2024 میں سعودی عرب سے سب سے زیادہ ستتر کروڑ چھ لاکھ ڈالر کی ترسیلاتِ زر موصول ہوئیں۔

    اس کے علاوہ یواے ای سے تریسٹھ کروڑ پندرہ لاکھ ڈالر، برطانیہ پینتالیس کروڑ انسٹھ لاکھ اور امریکا سے اٹھائیس کروڑ تینتالیس لاکھ ڈالر موصول ہوئی۔

  • بیرون ملک میں مقیم پاکستانیوں نے ستمبر میں  کتنے ارب ڈالر پاکستان بھیجے؟

    بیرون ملک میں مقیم پاکستانیوں نے ستمبر میں کتنے ارب ڈالر پاکستان بھیجے؟

    کراچی: بیرون ملک میں مقیم پاکستانیوں نے ستمبر میں ترسیلات زر کی مد میں 2.8ارب ڈالر بھیجے، گذشتہ سال کی نسبت انتیس فیصد اضافہ ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ستمبر میں موصول ہونے والی ترسیلات زر کی تفصیلات جاری کردیں۔

    جس میں بتایا گیا کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ترسیلات زر 8 ارب 80 کروڑ ڈالر رہیں، جو گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے مقابلے میں اڑتیس اعشاریہ آٹھ فیصد زائد ہے۔

    اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے ستمبرمیں دو ارب چوراسی کروڑ اکانوے لاکھ ڈالرموصول ہوئے جبکہ اگست میں دوارب چورانوے کروڑ اٹھائیس لاکھ کی ترسیلاتِ زر موصول ہوئی تھیں۔

    ستمبر 2023 میں دو ارب بیس کروڑ اکیاسی لاکھ ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئی تھیں، اس طرح ستمبر 2023 کی نسبت ستمبر 2024 میں ترسیلاتِ زرمیں انتیس فیصد اضافہ ہوا۔

    ستمبر 2024 میں سب سے زیادہ سعودی عرب سے اڑسٹھ کروڑ تیرہ لاکھ ڈالر ، متحدہ عرب امارات سے چھپن کروڑ تین لاکھ ڈالر، برطانیہ بیالیس کروڑ چھتیس لاکھ ڈالراورامریکا سے ستائیس کروڑ انچاس لاکھ ڈالر کی ترسیلات زرموصول ہوئیں۔

    https://urdu.arynews.tv/dollar-currency-rate-pakistan-today/

  • عرب ملکوں سے ترسیلات زر بھیجنے والے پاکستانیوں کے لئے اہم خبر

    عرب ملکوں سے ترسیلات زر بھیجنے والے پاکستانیوں کے لئے اہم خبر

    کراچی : ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک سلیم اللہ کا کہنا ہے کہ آئندہ ایک سال میں راست کے زریعے عرب ملکوں سے ترسیلات براہ راست بینک اکاوٴنٹس میں منتقل ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈیجیٹل سپلائی چین فنانسنگ کے حوالے سے کانفرنس سے خطاب میں ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک سلیم اللہ نے کہا کہ ترسیلات زر کے حوالے ادائیگیوں کے نظام راست کو عرب مانیٹری فنڈ سے منسلک کرنے کا کام جاری ہے اور امید ہے کہ ایک سال کے دوران خلیجی ملکوں میں کام کرنے والے 60 لاکھ پاکستانی ترسیلات براہ راست بینیفشری اکاوٴنٹ میں بھیج سکیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک اور کمرشل بینکس ایس ایم ای فنانسنگ کو فروغ دینے میں ناکام رہے ہیں ، ڈیجٹل فنانسنگ کے زریعے یہ سہولت کم لاگت پر فراہم کی جاسکتی ہے۔

    انہوں نے بینکوں سے کہا کہ بلند شرح سود زیادہ برقرار نہیں رہے گی بینکس اپنے کاروبار کو ہمہ جہت بنائیں۔

    پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کے چیئرمین ظفر مسعود کا کہنا تھا کہ ڈیجٹل فنانسنگ کو فروغ دینے کے لئے ڈیجٹل ایکس چینج بنانے کی ضرورت ہے۔ نادرا، ٹیلی کام کمپنیوں پاور یوٹیلیٹیز اور دیگر اداروں کے پاس موجود ڈیٹا کو ایک جگہ جمع کیا جائے جس سے فنانسنگ سستی ہوسکتی ہے۔

  • بیرون ملک مقیم افراد نے اپریل میں کتنے ارب ڈالرز پاکستان بھیجے؟

    بیرون ملک مقیم افراد نے اپریل میں کتنے ارب ڈالرز پاکستان بھیجے؟

    ترسیلات زر کی مد میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے ماہ اپریل میں کتنے ارب ڈالرز بھیجے اس کی تفصیلات سامنے آگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ اپریل 2024 میں ترسیلات زرکی مد میں بیرون ملک مقیم افراد کی جانب سے 2.8 ارب ڈالرز کی رقم پاکستان بھیجی گئی۔

    اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بتایا کہ اپریل 2024 کے دوران ترسیلات زر میں سال بہ سال کی بنیاد پر 27.9 فیصد کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔

    مالی سال کے پہلے 10 ماہ کے دوران مجموعی طور پر ترسیلات زر کی مد میں 23.8 ارب ڈالرز کی رقم آئی۔

    اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ اگر تقابلی جائزہ لیا جائے تو یہ رقم پچھلے سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 3.5 فیصد زیادہ ہے۔

  • ترسیلات زر میں مسلسل کمی، آئی ایم ایف نے خدشہ ظاہر کر دیا

    ترسیلات زر میں مسلسل کمی، آئی ایم ایف نے خدشہ ظاہر کر دیا

    اسلام آباد: آئی ایم ایف نے رواں مالی سال کا ترسیلات زر کا مقررہ ہدف حاصل نہ ہونے کا خدشہ ظاہر کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف نے آئندہ سال بھی ترسیلات زر مالی سال 2021-22 کے مقابلے کم رہنے کا تخمینہ ظاہر کیا ہے، اور اگلے مالی سال کے لیے 31 ارب 17 کروڑ ڈالرز ترسیلات زر کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

    آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ مالی سال 2021-22 میں ترسیلات زر 31 ارب 28 کروڑ ڈالرز تھیں، جب کہ مالی سال 2022-23 میں ترسیلات زر 27 ارب 33 کروڑ ڈالرز تھیں۔

    آئی ایم ایف کے مطابق رواں مالی سال کے لیے ترسیلات زر کا تخمینہ 29 ارب 47 کروڑ ڈالرز لگایا گیا ہے، اور جاری مالی سال کے لیے ترسیلات زر کا ہدف 30 ارب 53 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز مقرر ہے۔

    واضح رہے کہ پی ٹی آئی حکومت کے آخری مالی سال ترسیلات زر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر تھیں، جب کہ اتحادی حکومت کے ایک مالی سال میں ترسیلات زر میں تقریبا 4 ارب ڈالرز کمی ہوئی۔

  • چھ ماہ کے دوران ترسیلات زر 6 فیصد گر گئیں

    چھ ماہ کے دوران ترسیلات زر 6 فیصد گر گئیں

    اسٹیٹ بینک نے دسمبر 2023 کی ترسیلات زر کی تفصیلات جاری کردیں، رواں مالی سال کے 6 ماہ کے دوران ترسیلاتِ زر میں 6 اعشاریہ 8 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

    اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال کے چھ ماہ کے دوران ترسیلات زر میں 6 اعشاریہ 8 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی، پاکستان کو ترسیلات زرکی مد میں 13 ارب 43 کروڑ 48 لاکھ ڈالر موصول ہوئے۔

    اسٹیٹ بینک کے مطابق گزشتہ مالی سال کے 6 ماہ میں ترسیلات زر کی مد میں 14 ارب 41 کروڑ 80 لاکھ ڈالر موصول ہوئے تھے، دسمبر 2023 میں ترسیلات زر کی مد میں 2 ارب 38 کروڑ 15 لاکھ ڈالر موصول ہوئے۔

    اسٹیٹ بینک کا بتانا ہے کہ دسمبر 2022 میں ترسیلات زر 2 ارب 9 کروڑ 89 لاکھ ڈالر پر تھیں، سعودی عرب سے سب سے زیادہ 57 کروڑ 76 لاکھ ڈالر، یو اے ای سے 41 کروڑ 92 لاکھ، یو کے سے 36کروڑ 80 لاکھ ڈالر اور امریکہ سے 26 کروڑ 39 لاکھ ڈالر موصول ہوئے۔

  • نومبر 2023 میں ترسیلات زر کی شرح کیا رہی؟

    نومبر 2023 میں ترسیلات زر کی شرح کیا رہی؟

    نومبر 2023 میں کارکنوں کی ترسیلات زر کی مد میں 2.3 ارب ڈالر کی رقم آئی۔

    اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق نمو کے لحاظ سے نومبر 2023 کے دوران ترسیلات زر میں ماہ با ماہ بنیاد پر 8.6 فی صد کمی واقع ہوئی ہے تاہم سال بہ سال بنیاد پر 3.6 فی صد اضافہ ہوا۔

    مالی سال 24 کے پہلے پانچ مہینوں کے دوران کارکنوں کی ترسیلاتِ زر کی مد میں 11 ارب ڈالر کی رقم آئی۔

    نومبر 2023 کے دوران سعودی عرب سے 540.3 ملین ڈالر، متحدہ عرب امارات سے 409.4 ملین ڈالر، برطانیہ سے 341.7 ملین ڈالر، اور ریاست ہائے متحدہ امریکا سے 261.5 ملین ڈالر کی ترسیلات موصول ہوئیں۔

  • اوورسیز پاکستانیوں نے یورپی ممالک سے کتنا زرمبادلہ بھیجا؟

    اوورسیز پاکستانیوں نے یورپی ممالک سے کتنا زرمبادلہ بھیجا؟

    اسلام آباد : پاکستان سے یورپی ممالک میں روزگار کیلیے جانے والے اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی گئی ترسیلات زر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یونین میں شامل ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں جاری مالی سال کے پہلے چار ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 7 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔

    اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ (جولائی تا اکتوبر) تک کی مدت میں جرمنی، فرانس، نیدر لینڈ، اسپین، اٹلی، یونان، سویڈن، ڈنمارک ، آئرلینڈ اور بلیجیم میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 1.141 ارب ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا جو گزشتہ مالی سال کے اسی مدت کے مقابلے میں 7 فیصد زیادہ ہے۔

    گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں یورپی یونین کے ممالک میں کام کرنے والے اوورسیز پاکستانیوں نے 1.070 ارب ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔

    اکتوبر میں یورپی یونین کے ممالک سے ترسیلات زر کا حجم 298 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال اکتوبر کے مقابلے میں 28 فیصد زیادہ ہے۔

    گزشتہ سال اکتوبر میں یورپی یونین میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 232 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔

    ستمبر کے مقابلے میں اکتوبر میں یورپی یونین سے ترسیلات زر میں ماہانہ بنیادوں پر 10 فیصد کی نمو ہوئی، ستمبر میں یورپی یونین سے ترسیلات زر کا حجم 270 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا جو اکتوبر میں بڑھ کر 298 ملین ڈالر ہوگیا۔

    واضح رہے کہ جاری مالی سال کے پہلے چار مہینوں میں اوورسیز پاکستانیوں پاکستانیوں نے مجموعی طور پر 8.795 ارب ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا ہے۔