Tag: ترقیاتی بجٹ

  • مشکل معاشی حالات کے باوجود ترقیاتی بجٹ میں 5 ارب کا اضافہ کیا،عثمان بزدار

    مشکل معاشی حالات کے باوجود ترقیاتی بجٹ میں 5 ارب کا اضافہ کیا،عثمان بزدار

    لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود ترقیاتی بجٹ میں 5 ارب کا اضافہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے اٹک، راولپنڈی اور جہلم کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔

    اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود ترقیاتی بجٹ میں 5 ارب کا اضافہ کیا،کرونا کی وجہ سے ترقیاتی عمل کی رفتار کو متاثر نہیں ہونے دیں گے، پنجاب کے ہر شہر تک ترقی کے ثمرات یکساں پہنچیں گے۔

    سردار عثمان بزدار نے کہا کہ زیرتکمیل ترقیاتی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پرمکمل کرایا جائےگا،ترقیاتی منصوبوں کے لیے عوامی نمائندوں کی تجاویز کو اہمیت دی جائےگی۔

    انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز اسپتالوں کو اپ گریڈ کیا جائے گا،ساڑھے 11ارب لاگت سے نئے مدراینڈ چائلڈ اسپتال قائم ہوں گے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ 196بنیادی مراکز صحت میں سہولتوں کی فراہمی کے لیے ایک ارب مختص کیے،32 ارب سے فراہمی ونکاسی آب،واٹرٹریٹمنٹ پلانٹ،دیگر منصوبے مکمل ہوں گے۔

    سابق حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کے عوام کو ترقی کےنام پر دھوکا دیا،عثمان بزدار

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ سابق حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کے عوام کو ترقی کےنام پر دھوکا دیا۔

  • وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا عوام کے لیے ریلیف پیکج کا اعلان

    وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا عوام کے لیے ریلیف پیکج کا اعلان

    پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا کہنا ہے کہ ضرورت ہوئی تو ترقیاتی بجٹ سےکٹ لگا کر عوام پر خرچ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے ریلیف پیکج سے متعلق میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ لاک ڈاؤن سے مشکلات ہیں ہمیں لوگوں کا احساس ہے۔

    انہوں نے کہا کہ صوبے کے وسائل کے مطابق معاشی پیکج کا اعلان کر رہا ہوں، احساس پروگرام میں رجسٹرڈ افراد کو 5 ہزار روپے تک دیں گے، 19 لاکھ خاندانوں کو احساس پروگرام کے تحت 5 ہزار روپے دیں گے،امدادی رقم وفاق اور صوبےکی طرف سے دی جائےگی۔

    محمود خان کا کہنا تھا کہ 11 ارب40 کروڑ روپے صوبائی حکومت کی جانب سے دیے جائیں گے، کاروباری طبقے کو ڈیڑھ ارب روپے کا ریلیف ٹیکسز میں دیں گے، ہیلتھ سیکٹر کے لیے 8 ارب روپےفوری جاری کیے جائیں گے۔

    وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ صوبائی حکومت ٹیکس چھوٹ میں5 ارب روپے دےگی، مجموعی طور پر32 ارب روپے کا پیکج دیا جا رہا ہے، ہیلتھ، ریسکیو ورکز، سیکیورٹی اہلکار فرنٹ لائن پر کام کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ صوبے میں صحت کے شعبے میں 8 ارب روپےخرچ کیے جائیں گے، ضرورت ہوئی تو ترقیاتی بجٹ سے کٹ لگا کر عوام پر خرچ کریں گے۔

    واضح رہے کہ پاکستان میں بھی کورونا وائرس کی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے اور متاثر افراد کی تعداد 1252 تک جا پہنچی ہے، سب سے زیادہ کیسز صوبہ سندھ میں رپورٹ ہوئے جبکہ وائرس سے اب تک 10 افراد جاں بحق اور 23 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

  • وزارت داخلہ کے لیے ساڑھے 21 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ منظور

    وزارت داخلہ کے لیے ساڑھے 21 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ منظور

    اسلام آباد: قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں وزارت داخلہ کے ماتحت اداروں کے لیے 21 ارب 55 کروڑ کے ترقیاتی بجٹ کی سفارشات منظور کرلی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزارت داخلہ کے ماتحت اداروں کے ترقیاتی منصوبوں کی سفارشات منظور کرلی گئیں۔

    قائمہ کمیٹی نے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) 2021 کی بجٹ سفارشات کی منظوری دے دی، وزارت داخلہ کے ماتحت اداروں کے لیے 21 ارب 55 کروڑ کے ترقیاتی بجٹ کی سفارشات منظور کرلی گئیں۔

    بجٹ میں ایف سی بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 3 ارب 69 کروڑ مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ ایف سی پختونخواہ کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 6 ارب 12 کروڑ، پنجاب رینجرز کے لیے 70 کروڑ 42 لاکھ اور سندھ رینجرز کے لیے 1 ارب 2 کروڑ مختص کرنے کی سفارش کی گئی۔

    فرنٹیئر کانسٹیبلری کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 1 ارب 25 کروڑ، گلگت بلتستان اسکاؤٹس کے لیے 1 ارب 4 کروڑ اور سول آرمڈ فورسز کے لیے مجموعی طور پر 14 ارب 20 کروڑ مختص کرنے کی سفارش کی گئی۔

    اسی طرح ایف آئی اے کے لیے 73 کروڑ 77 لاکھ اور وفاقی پولیس کے لیے 29 کروڑ 51 لاکھ مختص کیے گئے ہیں۔

    بجٹ میں آئی سی ٹی کے لیے 3 ارب 6 کروڑ، اسلام آباد لوکل گورنمنٹ کے لیے 1 ارب 63 کروڑ اور سی ڈی اے کے لیے 76 کروڑ روپے ترقیاتی بجٹ مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

    اجلاس میں بتایا گیا کہ وزارت داخلہ نے آئندہ مالی سال 112 نئے منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزارت داخلہ نے جاری ترقیاتی منصوبوں کے لیے 10 ارب 40 کروڑ اور نئے 112 منصوبوں کے لیے 11 ارب 15 کروڑ مختص کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

  • پی ٹی آئی حکومت اپنا پہلا بجٹ آج پیش کرے گی، ترقیاتی بجٹ کا حجم 18 سو ارب روپے سے زائد متوقع

    پی ٹی آئی حکومت اپنا پہلا بجٹ آج پیش کرے گی، ترقیاتی بجٹ کا حجم 18 سو ارب روپے سے زائد متوقع

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اپنا پہلا بجٹ آج قومی اسمبلی میں پیش کرے گی، ترقیاتی بجٹ کا حجم 18 سو ارب روپے سے زائد متوقع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت آج مالی سال 20-2019 کا بجٹ پیش کرنے جا رہی ہے، ترقیاتی بجٹ کا حجم 18 سو ارب روپے سے زائد متوقع ہے، جب کہ اس سال دفاعی بجٹ میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔

    وزیر اعظم عمران خان نے بجٹ تجاویز کی منظوری کے لیے وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس بھی آج طلب کر لیا ہے، پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بھی آج طلب کیا گیا ہے۔

    قومی اسمبلی کے اجلاس میں بجٹ وزیر اعظم عمران خان کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ پیش کریں گے۔

    وفاقی بجٹ کا کُل حجم 6 ہزار 800 ارب روپے ہے، 34.6 فی صد شرح سے اضافے کے ساتھ پانچ ہزار 550 ارب روپے کے ٹیکس محصولات کا مشکل ہدف حاصل کرنے کے لیے متعدد نئے ٹیکس عاید کرنے اور 750 ارب روپے کے اضافی ٹیکس لگا نے کی بھی تجویز ہے۔

    ذرایع کے مطابق بجٹ میں دی گئی رعایتیں اور سبسڈی ختم کرنے اور برآمدی شعبے کے لیے زیرو ٹیکس ریٹ کے خاتمے کی بھی تجویز ہے۔

    جی ڈی پی میں ٹیکسوں کا حصہ 3 فی صد سے زیادہ بڑھائے جانے کا امکان ہے، ٹیکس بیس بڑھا کر 550 ارب روپے جب کہ اثاثہ جات ظاہر کرنے کی اسکیم سے ایک سو ارب روپے ملنے کا امکان ہے۔

    رواں مالی سال میں مختلف شعبوں کی ترقی کی شرح کیا رہی؟ اس سلسلے میں حفیظ شیخ نے کہا کہ معاشی شرح نمو 3.3 فی صد رہی، دو سال میں زر مبادلہ ذخائر میں نمایاں کمی ہوئی، گزشتہ حکومتوں نے آمدن سے زائد اخراجات کیے۔

    انھوں نے کہا کہ سفید ہاتھیوں کو دھکا لگا کر چلانے کے لیے قوم کا پیسا لگایا گیا، معاشی شعبوں کے لیے حقیقت پسندانہ اہداف مقرر کر دیے ہیں، آیندہ مالی سال کے لیے معاشی شرح نمو کا ہدف 4 فی صد مقرر کیا گیا ہے۔

  • آئندہ مالی سال میں ترقیاتی بجٹ میں 20 فیصد کٹوتی کا خدشہ

    آئندہ مالی سال میں ترقیاتی بجٹ میں 20 فیصد کٹوتی کا خدشہ

    اسلام آباد : بجٹ کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، آئندہ مالی سال میں ترقیاتی بجٹ میں بیس فیصدکٹوتی کا خدشہ ہے جبکہ کٹوتی کا اشارہ مشیر خزانہ نے بھی دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بجٹ2019 -2018 کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہے، وزارت خزانہ زرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ مالی سال کیلئے آٹھ سو ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ تجویز کیا گیا ہے، مجوزہ بجٹ رواں سال کے بجٹ سے بیس فیصد کم ہے۔

    رواں مالی سال کا بجٹ 1001 ارب روپے تھا یعنی ترقیاتی بجٹ میں دو سو ایک ارب روپے کی کمی متوقع ہے۔

    مشیرخزانہ مفتاح اسماعیل کی جانب سے ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی کا اشارہ دیا گیا تھا، اس وقت مجموعی طور پر ایک ہزار بائیس منصوبے جاری ہیں، جن کی کل مالیت پانچ ہزار چھ سو ارب ہے۔

    یاد رہے کہ وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ امور مفتاح اسماعیل نے آئندہ مالی سال کا بجٹ 27 اپریل کو پیش کرنے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ حکومت کی مدت 31 مئی کو ختم ہو جائے گی ، اس لئے حکومت کی کوشش ہے کہ وفاقی بجٹ جلد پیش کرکے اپنی ہی دور حکومت میں منظور کروالیا جائے۔

    خیال رہے کہ یہ ن لیگ حکومت کا آخری بجٹ ہے ، اس لئے امید کی جارہی ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔