اسلام آباد : سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) نے 71.8 ارب روپے کے سات ترقیاتی منصوبوں کی منظوری اور سفارش کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پلاننگ کمیشن کے ڈپٹی چیئرمین ڈاکٹر جہانزیب خان کی زیر صدارت سی ڈی ڈبلیو پی کا اجلاس ہوا جس میں 11.7 ارب روپے کی لاگت سے 5 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی۔
اعلامیہ کے مطابق اس کلے علاوہ فورم نے قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کو 60 ارب روپے کے دو منصوبوں کی سفارش بھی کی۔
اجلاس میں سیکرٹری پلاننگ، ممبران پلاننگ کمیشن اور مختلف وزارتوں اور ڈویژنوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
منظور شدہ منصوبوں میں موسمیاتی تبدیلی، صحت، تعلیم، توانائی اور سڑک کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی سمیت مختلف شعبوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔
اجلاس میں وزارت ماحولیات کی تکنیکی استعداد میں اضافے کے لئے 31کروڑ 67لاکھ روپے مالیت کے منصوبے، مذہبی تعلیم کے ڈائریکٹوریٹ جنرل کے قیام کے لئے ایک ارب 25کروڑ روپے مالیت کے چوتھے نظر ثانی شدہ منصوبے کی منظوری دی گئی۔
خیبرپختونخوا میں مہاجرین اور مہمان کمیونٹیز کی تعلیم کے لئے انسانی کیپٹیل سے متعلق سرمایہ کاری پراجیکٹ کیلئے 33ارب روپے مالیت کے منصوبے کی منظوری دی گئی۔
این ٹی ڈی سی پاور نیٹ ورک کیلئے مانیٹرنگ سسٹم کی تنصیب کے پائلٹ پراجیکٹ کے لئے ایک ارب 35کروڑ روپے، سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کے لئے ایک ارب 60کروڑ روپے مالیت کے منصوبے، پشاور ناردرن بائی پاس منصوبے کیلئے 27ارب روپے کی منظوری دی گئی۔