Tag: ترقی یافتہ

  • ہم پاکستان کو مضبوط اور ترقی یافتہ بنائیں گے، صدر مملکت

    ہم پاکستان کو مضبوط اور ترقی یافتہ بنائیں گے، صدر مملکت

    صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کا مقصد مضبوط اور جدید اسلامی فلاحی مملکت ہے ہم ملک کو ترقی یافتہ بنائیں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے ایوان صدر اسلام آباد میں پوم پاکستان پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کا دن لاکھوں مسلمانوں کی قربانیوں کی یاد تازہ کرتا ہے، ہم وطن کے شہدا اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

    صدر مملکت نے کہا کہ ہمیں لاکھوں قربانیاں دے کر حاصل کی گئی آزادی کی حفاظت کرنی ہے اور عہد کرتے ہیں کہ مادر وطن کے تحفظ اور آزادی کی حفاظت کیلیے کسی قربانی سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

    آصف زرداری کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان کوہمیشہ میلی آنکھ سے دیکھتا ہے۔ پاکستان کو بہت سے جیو پولیٹیکل مسائل کا سامنا ہے۔ ہم نے بیرونی اور اندرونی دہشتگردی کا منہ توڑ مقابلہ کیا۔ دہشتگرد تنظیموں کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان کے عوام اور افواج ساتھ ساتھ ہیں۔ فتنہ الخوارج سمیت دیگر دہشتگرد تنظیموں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائیں گے۔ اندرونی اور بیرونی سازشوں کے باوجود پاکستان کی تعمیر کرتے رہیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارے ملک کا سرمایہ ہیں۔ نوجوان نسل میں نفرت اور مایوسی پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے، جس کو کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ ہم اپنے نوجوانوں کو تعلیم، تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی سے آشنا کریں گے۔

    صدر مملکت نے کہا قائد اعظم کی قیادت اور اقبال کے خواب نے پاکستان کے قیام کو یقینی بنایا۔ ہمیں ایک ایسا پاکستان بنانا ہے جو طاقتور اور ترقی یافتہ ہو۔ ہم مشکلات سے نہیں گھبراتے بلکہ ہم میں مشکلات پر قابو پانے کی صلاحیت موجود ہے۔ ہمارے سامنے سفر آسان نہیں لیکن ناممکن بھی نہیں۔ سب سے اپیل کرتا ہوں تمام تر توانائیاں ملکی ترقی کیلیے وقف کریں اور اختلاف سے بالاتر ہو کر ایک خوشحال اور پرامن پاکستان کیلیے کام کریں

    صدر زرداری نے کہا کہ ہماری خارجی پالیسی امن واستحکام پر مبنی ہے۔ ہم اپنے ہمسایہ ممالک اور عالمی برادری سے مضبوط تعلق رکھنے کے خواہشمند ہیں۔

    صدر مملکت نے یوم پاکستان کے موقع پر مقبوضہ کمشیر اور مقبوضہ فلسطین کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دن ہم کشمیری بھائیوں کو بھی نہیں بھولے، جو طویل عرصے سے بھارتی مظالم کا شکارہیں۔ ہم دنیا کے ہر فورم پر کشمیریوں کیلیے آواز اٹھائیں گے۔

     

    ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے ہاتھوں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور دہشتگردی کی مذمت کرتے ہیں۔ کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینا ہوگا۔

    صدر پاکستان نے غزہ کے نہتے مسلمانوں پر مظالم کی مذمت کرتے ہوئے فلسطین کے ساتھ بھی اظہار یکجہتی کیا اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطین میں نسل کشی روکنے کیلیے فوری اقدامات کرے۔

    https://urdu.arynews.tv/pakistan-day-is-being-celebrated-with-national-enthusiasm-today/

  • جاپان کو ترقی یافتہ بنانے والے 10 حقائق

    جاپان کو ترقی یافتہ بنانے والے 10 حقائق

    جاپان دنیا کی عالمی طاقتوں میں سے ایک ملک ہے۔ ایک زمانے میں جاپانی دنیا بھر کی تجارت پر اس طرح چھا گئے تھے کہ کہا جاتا تھا کہ امریکی صدر کے الارم کلاک کے نیچے بھی ’میڈ ان جاپان‘ کی مہر لگی تھی۔

    لیکن جاپانیوں کو ترقی یافتہ ان کی کچھ عادات نے بنایا۔ جاپانی اقوام عالم میں سرفہرست کیسے بنے یہ 10 حقائق آپ کو وجہ بتائیں گے۔

    جاپان میں پہلی جماعت سے چھٹی جماعت تک بچوں کو اخلاقیات کا مضمون پڑھایا جاتا ہے جس میں انہیں روزمرہ کے معاملات اور لوگوں کے ساتھ برتاؤ کی اخلاقیات کے بارے میں سمجھایا اور بتایا جاتا ہے۔ وہاں پہلی سے تیسری جماعت تک بچوں کو فیل کرنے کا کوئی تصور نہیں ہے۔ جاپان میں تصور یہ کیا جاتا ہے کہ ان چھوٹے بچوں کی تعلیم کا مقصد ان کی تربیت اور ان کی شخصیت کی تعمیر ہے، ان کو تلقین کرنا اور روایتی تعلیم دینا نہیں۔

    جاپانی دنیا کی امیر ترین قوموں میں شمار ہوتے ہیں مگر ان کے گھر میں کام کاج کے لیے نوکروں کا کوئی تصور نہیں پایا جاتا۔ گھر میں رہنے والے تمام افراد گھر کے ذمہ دار ہوتے ہیں۔

    جاپانی بچے روزانہ اپنے اساتذہ کے ساتھ مل کر اپنے اسکول کی جھاڑ پونچھ اور صفائی ستھرائی کرتے ہیں۔ اس مشق کا مقصد انہیں اخلاقی اور عملی طور پر صفائی پسند بنانا ہوتا ہے۔

    جاپان میں ہر بچہ اپنا دانت صاف کرنے والا برش بھی اسکول ساتھ لے کر جاتا ہے۔ اسکول میں کھانے پینے کے بعد ان سے دانت صاف کروائے جاتے ہیں تاکہ وہ بچپن ہی سے اپنی صحت کا خیال رکھنے والا بنیں۔ یہی نہیں دیگر ممالک میں صرف باتھ رومز میں ہاتھ دھونے کے بیسن کے برعکس جاپان کے اسکولوں میں جگہ جگہ واش بیسن لگے ہوتے ہیں تاکہ بچے کھیلنے کے بعد اپنے آپ کو فوراً صاف کرسکیں۔

    japan-2

    اسکولوں میں اساتذہ اور منتظمین کھانے کا معیار جانچنے اور بچوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے طلبا سے آدھا گھنٹہ پہلے کھانا کھاتے ہیں۔

    جاپان میں صفائی کا کام کرنے والے کو ایک خاص نام سے پکارا جاتا ہے جس کا مطلب ہیلتھ انجینیئر بنتا ہے۔ اس کی تنخواہ امریکی ڈالر میں 5000 سے 8000 کے درمیان ہوتی ہے۔ اس ملازمت کے لیے امیدوار باقاعدہ زبانی اور تحریری امتحان پاس کرتے ہیں۔

    جاپان میں گاڑیوں، ریستوران اور بند مقامات پر موبائل استعمال نہیں کیا جاتا۔ جاپان میں سائلنٹ موڈ پر لگے موبائل کو ایک خاص نام دیا جاتا ہے جس کا مطلب تمیز پر لگا ہونا (مینر موڈ) ہے۔ اگر ٹرین میں سفر کے دوران آپ کا موبائل فون بج اٹھا تو عین ممکن ہے کہ آپ کو اپنا فون ’مینر موڈ‘ پر رکھنے کا مشورہ دیا جائے۔

    japan-1

    جاپان میں اگر آپ کسی کھلی دعوت یا بوفے پر جائیں تو وہاں پر بھی یہی دیکھیں گے کہ لوگ اپنی پلیٹوں میں ضرورت کے مطابق کھانا ڈالتے ہیں۔ پلیٹوں میں کھانا بچا چھوڑنا جاپانیوں کی عادت نہیں ہے۔

    جاپان میں سال بھر گاڑیوں کی اوسط تاخیر 7 سیکنڈ تک ہوتی ہے۔ جاپانی وقت کے قدر دان لوگ ہیں اور منٹوں سیکنڈوں کی بھی قیمت جانتے ہیں۔

    جاپان میں کسی ٹرین یا بس میں سفر کے دوران کوئی معذور، بوڑھا یا حاملہ خاتون ٹرین میں داخل ہو تو ان کے لیے فوراً جگہ چھوڑ دی جاتی ہے۔