Tag: ترکیب

  • مزیدار قیمے کی کچوریاں تیار کریں

    مزیدار قیمے کی کچوریاں تیار کریں

    کچوریاں ایسی شے ہے جو عموماً سب ہی کو پسند ہوتی ہیں۔ آپ انہیں گھر میں بھی نہایت آسانی سے تیار کرسکتے ہیں اور افطار میں پیش کرسکتے ہیں۔

    اجزا

    قیمہ: آدھا کلو

    نمک: حسب ذائقہ

    ادرک لہسن پسا ہوا: 1 کھانے کا چمچ

    پیاز کٹی ہوئی: 2 عدد درمیانی

    لال مرچ پسی ہوئی: 1 چائے کا چمچ

    ثابت دھنیہ: 1 کھانے کا چمچ

    کالی مرچ پسی ہوئی: آدھا چائے کا چمچ

    سفید زیرہ: 1 چائے کا چمچ

    ہری مرچیں باریک کٹی ہوئی: 3 سے 4 عدد

    ہرا دھنیہ: 1 ایک گٹھی

    لیموں کا رس: 2 کھانے کے چمچ

    میدہ: 1 کلو

    میٹھا سوڈا: 1 چائے کا چمچ

    اجوائن: آدھا چائے کا چمچ

    گھی: حسب ضرورت

    ترکیب

    میدہ میں نمک٬ میٹھا سوڈا٬ اجوائن اور 4 کھانے کے چمچ گھی ڈال کر 8 سے 10 منٹ تک اچھی طرح گوندھیں۔ گوندھنے کے بعد ململ کے گیلے کپڑے میں لپیٹ کر 10 سے 15 منٹ کے لیے رکھ دیں۔

    دیگچی میں ایک کھانے کا چمچ گھی درمیانی آنچ پر 2 سے 3 منٹ تک گرم کریں۔

    قیمہ٬ ادرک لہسن٬ کالی مرچ اور لال مرچ ڈال کر اتنی دیر پکائیں کہ قیمے کا اپنا پانی خشک ہو جائے۔

    اب ثابت دھنیہ اور زیرہ ڈال کر 2 سے 3 منٹ بھون لیں۔

    چولہے سے اتار کر اس میں پیاز٬ ہری مرچیں٬ ہرا دھنیہ اور لیموں کا رس ملا لیں اور ٹھنڈا ہونے کے لیے رکھ دیں۔

    کچوریوں کے لیے آٹے کے پیڑے بنا لیں اور ہاتھ کو گیلا کر کے پیڑے کو ذرا سا پھیلا لیں۔

    ہر پیڑے میں ایک ایک چمچ قیمہ بھر کر پیڑے کو اچھی طرح بند کریں اور 10 سے 15 منٹ کے لیے فریج میں رکھ دیں۔

    کڑاہی میں گھی کو درمیانی آنچ پر 3 سے 5 منٹ گرم کریں۔ دوبارہ ہاتھ کو گیلا کر کے پیڑے کو ہتھیلی پر رکھ کر ہلکا سا دبائیں۔ گرم گھی میں سنہرا ہونے تک ڈیپ فرائی کریں۔

    کچوریوں کو ٹشو پیپر یا خاکی کاغذ پر نکال لیں۔

    چٹنی کے ساتھ گرما گرم پیش کریں۔

  • افطار کے لیے ماش کی دال کے مزیدار میٹھے دہی بڑے بنائیں

    افطار کے لیے ماش کی دال کے مزیدار میٹھے دہی بڑے بنائیں

    افطار میں دہی بڑے پیش کیے جانا تو عام سی بات ہے جو نمکین اور میٹھے دونوں طرح کے بنائے جاسکتے ہیں۔ آج ہم آپ کو ماش کی دال کے میٹھے دہی بڑے بنانے کی ترکیب بتا رہے ہیں۔

    اجزا

    ماش کی دال دھلی ہوئی: ایک پاؤ

    دہی: آدھا کلو

    ادرکـ ذرا سا ٹکڑا

    دہی بڑوں کا مصالحہ

    تیل: فرائی کے لیے حسب ضرورت

    ترکیب

    ماش کی دال رات بھر بھگونے کے بعد اس میں ادرک کا ٹکڑا ڈال کر گرینڈ کرلیں اور گاڑھا پیسٹ تیار کر لیں۔

    تیل گرم کر کے ہاتھ سے یا چمچے سے چھوٹی چھوٹی بوندیاں بنا لیں اورفرائی کر کے انہیں پانی میں ڈالتے رہیں۔

    دو سے تین منٹ بعد بوندیوں کو نکالتے رہیں کہ ان کا پانی نکل جائے۔

    ماش کی دال کے ساتھ کشمش کی چٹنی

    اجزا

    کشمش: 50 گرام

    املی: 5 سے 6 دانے

    کالی مرچ کٹی ہوئی: آدھا چمچ

    چینی: کھانے کے تین چمچ

    نمک: حسب ذائقہ

    ترکیب

    کشمش کی چٹنی کے لیے ایک کپ پانی لیں۔ اس میں کشمش، املی کے دانے، کالی مرچ اور چینی ملا کر اچھی طرح گرینڈ کرلیں۔

    آخر میں معمولی سا نمک ڈال لیں۔

    اب دہی میں 6 سے 7 کھانے کے چمچ چینی ڈال کر اچھی طرح پھینٹ لیں اور اس میں تیار کی گئیں بوندیوں کو ملا لیں۔

    اس کے بعد اوپر سے کشمش کی چٹنی ڈالیں اور دہی بڑوں کے مصالحے کے ساتھ افطار میں پیش کریں۔

  • گرمیوں میں افطار کو پینا کولاڈا سے فرحت بخش بنائیں

    گرمیوں میں افطار کو پینا کولاڈا سے فرحت بخش بنائیں

    پینا کولاڈا مختلف اشیا کو بلینڈ کر کے بنایا جانے والا مشروب ہے جو گرمیوں میں نہایت فرحت بخشتا ہے۔ آئیں آج اس کے بنانے کی ترکیب جانتے ہیں۔

    اجزا

    دودھ: 50 ملی لیٹر

    انناس کا رس: 35 ملی لیٹر

    انناس سلائس: 40 گرام

    چینی: 7 کھانے کے چمچ

    کریم: 4 کھانے کے چمچ

    کھوپرا: 4 کھانے کے چمچ

    لیموں کا رس: ڈھائی کھانے کے چمچ

    سپرائٹ: 40 ملی لیٹر

    آئسکریم: 4 کھانے کے چمچ

    برف: حسب ضرورت

    ترکیب

    دودھ، انناس کا رس، چینی، انناس سلائس، کھوپرا اور کریم کو بلینڈر میں ڈال کر بلینڈ کر لیں۔

    اب اس میں آئسکریم ڈال کر بلینڈ کریں۔

    لیموں کا رس، سپرائٹ اور برف کے ٹکڑے ڈال کر دوبارہ بلینڈ کر لیں۔

    مزیدار پینا کولاڈا تیار ہے۔

  • آج افطار کا دستر خوان مزیدار چپلی کباب سے سجائیں

    آج افطار کا دستر خوان مزیدار چپلی کباب سے سجائیں

    پشاور کے چپلی کباب پاکستان بھر کے علاوہ دنیا بھر میں بھی اپنی لذت اور ذائقہ کے لیے مشہور ہیں۔ چپلی کبابوں کے بننے کی خوشبو نہ صرف مقامی افراد بلکہ باہر سے آنے والوں کو بھی اپنی طرف کھینچتی ہے۔

    چپلی کباب خاص طور پر گائے کے گوشت سے بنائے جاتے ہیں مگر یہ بکرے، بھیڑ اور مرغی کے گوشت سے بھی بن سکتے ہیں۔ چپلی کباب پشتو کے لفظ چپرخ سے نکلا ہے، جس کا معنی ہے گول، یا چپٹا۔

    آج ہم آپ کو مزیدار چپلی کباب بنانے کی ترکیب بتا رہے ہیں جنہیں افطار میں پیش کر کے آپ گھر والوں کی داد وصول کرسکتے ہیں۔

    اجزا

    باریک قیمہ: 500 گرام

    پیاز: 1 سے 2 عدد، باریک کٹی ہوئی

    ٹماٹر: درمیانہ سائز کے 2 عدد چھوٹے ٹکڑوں میں کٹے ہوئے

    ہری مرچ: 2 سے 4 عدد، باریک کٹی ہوئی

    ہرا دھنیہ اور پودینہ: حسب ذوق

    انڈا: 1 عدد، پھینٹا ہوا

    تیل: آدھا کپ

    چپلی کباب مصالحہ: ایک پیکٹ

    ترکیب

    قیمے میں چپلی کباب کا مصالحہ ملالیں۔

    ٹماٹر، پیاز، ہری مرچ، ہرا دھنیہ، پودینہ اور انڈا شامل کر کے اچھی طرح مکس کرلیں۔

    اس کے بعد آدھے گھنٹے کے لیے قیمہ رکھ دیں۔

    اب حسب ضرورت بڑے اور باریک کباب بنا لیں۔

    تیل میں کباب تل لیں۔ سلاد اور پودینے کی چٹنی کے ساتھ گرما گرم چپلی کباب پیش کریں۔

  • آج افطار میں مزیدار چکن کروسانٹ تیار کریں

    آج افطار میں مزیدار چکن کروسانٹ تیار کریں

    کروسانٹ پیسٹری کی ایک قسم ہے جو میٹھے یا نمکین ذائقوں میں تیار کی جاتی ہے۔ آج ہم آپ کو مزیدار چکن کروسانٹ بنانے کی ترکیب بتا رہے ہیں۔

    اجزا

    ڈو کے لیے

    آٹا: 2 کپ

    نمک: آدھا چائے کا چمچ

    چینی: 1 کھانے کا چمچ

    خمیر: 1 چائے کا چمچ

    تیل: 4 کھانے کے چمچ

    گرم دودھ: آٹے کی مقدار کے مطابق

    گرم پانی: ایک چوتھائی کپ خمیر کے لیے

    چکن فلنگ کے لیے

    چکن بون لیس: آدھا کلو

    سویا سوس: 2 کھانے کے چمچ

    لیموں کا رس: 1 کھانے کا چمچ

    چلی سوس: 2 کھانے کے چمچ

    زیرہ: آدھا کھانے کا چمچ

    گرم مصالحہ پاؤڈر: ایک چوتھائی چائے کا چمچ

    پیاز: 1 عدد کٹی ہوئی

    لہسن پیسٹ: 1 چائے کا چمچ

    تیل: 3 کھانے کے چمچ

    ترکیب

    سب سے پہلے ایک چوتھائی کپ گرم پانی میں خشک خمیر اور چینی مکس کرکے ایک طرف رکھ دیں۔

    آٹے کو چھان کر اس میں نمک، تیل اور خمیر والا مکسچر شامل کردیں۔

    اب اس مکسچر کو گرم دودھ سے گوندھ کر ڈو بنالیں۔

    ڈو کے پیڑے بنالیں اور اس پر تھوڑا سا تیل چھڑک کر ململ کے کپڑے سے ڈھانپ دیں۔

    اب اسے ایک گھنٹے کے لیے چھوڑ دیں۔

    اب ہموار سطح پر گول دائرے کی طرح بنالیں۔

    پیزا کٹر یا چھری کی مدد سے دائرے کو آئل کے ساتھ برش کریں اور اسے 8 تکون کی شکل میں بنالیں۔

    ایک عدد تکون میں چکن مکسچر شامل کردیں اور ڈیزائن کے لئے تکون پر ایک چھوٹا سا کٹ لگائیں۔

    اب اسے اسپرنگ رول کی طرح رول کریں، کنارے تھوڑے سے کھلے رہیں۔

    اب کناروں کو دبا کر انہیں بند کردیں اور کروسانٹ کی شکل میں تبدیل کرلیں۔

    اب انہیں 15 منٹ کے لیے 180 ڈگری سینٹی گریڈ پر بیک کریں۔

    چکن فلنگ کے لیے

    ایک پین میں آئل گرم کریں اور پیاز شامل کرکے نرم ہونے تک فرائی کریں۔

    پھر اس میں لہسن کا پیسٹ اور چکن شامل کر کے فرائی کریں۔

    اب اس میں سویا سوس، چلی سوس، مصالحے اور لیموں کا رس شامل کریں۔

    جب چکن پک کر تیار ہوجائے تو اسے آنچ سے ہٹا لیں اور تکون کی شکل میں بنی ڈو میں بھر دیں۔

    مزیدار چکن کروسانٹس تیار ہیں۔

  • آج افطار میں کریم والے جاپانی کباب تیار کریں

    آج افطار میں کریم والے جاپانی کباب تیار کریں

    کریم کوروکے جسے کریمی کرو کیٹس یعنی کریم والے کباب بھی کہا جاتا ہے جاپان میں کھائی جانے والی ایک عام اور پسندیدہ ڈش ہے۔

    کرو کیٹس یعنی کباب جنہیں جاپان میں کوروکے کے نام سے جانا جاتا ہے انیسویں صدی کے آخر میں فرانس سے یہاں متعارف کروائے گئے۔

    جاپانیوں نے کریم کروکیٹس اور دیگر اقسام سمیت ان میں اپنی جانب سے تبدیلیاں کیں۔ آج جاپان میں کروکیٹس ہر موقع کا لازمی جز ہے۔ جاپان میں کباب آلو کے علاوہ کدو، شکر قندی اور ابلے ہوئے چاولوں سے بھی تیار کیے جاتے ہیں۔

    کرو کیٹس کی کچھ ایسی اقسام بھی ہیں جو بہت انوکھی ہیں جیسا کہ کری کروکیٹس، جن میں مسلے ہوئے آلو یا شکر قندی کی فلنگ میں کری پاؤڈر کا اضافہ کیا جاتا ہے۔

    تو آج آپ گھر بیٹھے جاپان کی روایتی ڈش سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔

    اجزا

    جھینگے: 100 گرام

    پیاز: 80 گرام

    بٹن مشروم: 4 عدد

    مکھن: 30 گرام

    میدہ: 40 گرام

    دودھ: 300 ملی لیٹر

    انڈا: 1 عدد

    میدہ: حسب ضرورت

    ڈبل روٹی کا چورا: حسب ضرورت

    نمک: حسب ضرورت

    کالی مرچ: حسب ضرورت

    تیل: حسب ضرورت

    ترکیب

    ایک سوس پین میں مکھن ڈالیں اور اس میں باریک کٹی ہوئی پیاز کو نیم شفاف ہونے تک بھونیں۔

    بٹن مشروم کے ڈنٹھلوں کے سخت سرے ہٹانے کے بعد انہیں باریک کاٹ لیں اور پیاز میں شامل کر کے نرم ہونے تک تلیں۔

    سوس پین کو آنچ سے ہٹا دیں اور میدہ ڈال کر اچھی طرح ملائیں۔

    اب اس میں دودھ کا ایک تہائی حصہ شامل کریں اور پین کو دوبارہ چولہے پر رکھ دیں۔ آہستہ آہستہ بقیہ دودھ شامل کریں۔

    آمیزے کو جلنے سے بچانے کے لیے لکڑی کے چمچ سے مسلسل ہلاتے رہیں اور پین کی سطح کو کھرچتے رہیں۔

    چار سے 5 منٹ تک دھیمی آنچ پراتنا پکائیں کہ چمچ سے واپس پین میں گراتے وقت وائٹ سوس کا گاڑھا پن محسوس ہونے لگے۔

    نمک اور کالی مرچ کا اضافہ کر کے چولہے سے اتار لیں۔

    جھینگا مچھلی کی اندرونی رگ صاف کر لیں، چھلکا اتار لیں اور دم والا حصہ ہٹا دیں۔ انہیں ایک سینٹی میٹر لمبائی میں کاٹ کر نمک اور کالی مرچ لگائیں۔

    تیل میں جھینگا مچھلی کے ٹکڑوں کو اتنا تلیں کہ ان کی رنگت دودھیا ہو جائے۔ اس کے بعد انہیں وائٹ سوس میں ڈال دیں۔

    اب اسے فوراً ہی انڈے کی زردی میں ملائیں اور سوس کو ایک ٹرے میں پھیلا دیں۔

    سوس کو 10 سینٹی میٹر چوڑے اور 20 سینٹی میٹر لمبے ایک مستطیل کی شکل دیں۔

    سوس کو خشک ہونے سے بچانے کے لیے ٹرے کو پلاسٹک سے ڈھانپ دیں۔ کچھ دیر ٹھنڈا ہونے دیں اور پھر سخت کرنے کے لیے 2 گھنٹے تک فریج میں رکھیں۔

    وائٹ سوس کے اس آمیزے کو 12 ٹکڑوں میں تقسیم کر دیں۔ ان ٹکڑوں کو 5 سینٹی میٹر لمبے اور 2 سینٹی میٹر قطر کے رول کی شکل دے دیں۔

    رولز کو اچھی طرح میدہ لگائیں اور زائد میدہ ہاتھ سے تھپتھپا کر اتار دیں۔

    اب رولز کو انڈے کی پھینٹی ہوئی سفیدی میں ڈبو کر ان پر ڈبل روٹی کا چورا لگا دیں۔

    تیل کو 175 سینٹی گریڈ پر گرم کریں اور ایک وقت میں کئی کروکیٹس کباب گہرے تیل میں 30 سیکنڈ تک تلیں۔

    ان سب کو ایک ساتھ نہ تلیں ورنہ تیل کا درجہ حرارت کم ہو جائے گا۔

    مزیدار کریمی کرو کیٹس تیار ہیں۔

  • ماہ رمضان میں افطار کا لازمی جز ۔ گرما گرم مزیدار پکوڑے

    ماہ رمضان میں افطار کا لازمی جز ۔ گرما گرم مزیدار پکوڑے

    ماہ رمضان کا آغاز ہونے والا ہے اور افطار پکوڑوں کے بغیر ادھورا سمجھا جاتا ہے۔ آج ہم آپ کو مختلف اقسام کے پکوڑوں کی ترکیب بتارہے ہیں جنہیں کھا کر اہل خانہ آپ کے گن گانے پر مجبور ہوجائیں گے۔


    شاہی پکوڑے

    اجزا

    بریڈ یا نان

    بیسن: 2 کپ

    پیاز: کپ (باریک کٹی ہوئی)

    سبز مرچیں: 3 سے 4 عدد

    سبز دھنیہ: آدھا کپ

    انار دانہ: حسب ضرورت

    ترکیب

    گھر کے افراد کے حساب سے حسب ضرورت بریڈ کے پیس لے لیں اور پھر ایک سلائس کے 2 یا 4 پیس کاٹ لیں۔

    اب چاہیں تو بیسن کا سادہ آمیزہ نمک، مرچ، مصالحے ڈال کر بنا لیں ورنہ دوسری صورت یمں بیسن میں باریک کٹی پیاز، سبز مرچیں، نمک، سرخ مرچیں، تازہ سبز دھنیہ اور انار دانہ حسب ضرورت ڈال کر آمیزہ تیار کرلیں۔

    آمیزہ تیار کرنے کے بعد اس میں کٹی ہوئی بریڈ سلائس کو ڈبو کر ڈیپ فرائی کرلیں۔

    مزیدار شاہی پکوڑے تیار ہیں۔ چٹنی اور کیچپ کے ساتھ افطار پر پیش کریں اور خوب داد وصول کریں۔

    بریڈ موجود نہ ہونے کی صورت میں نان کے پیس لے کراس سے بھی شاہی پکوڑے بنائے جا سکتے ہیں۔


    چائینیز پکوڑے

    اجزا

    بینگن: 2 عدد

    پھول گوبھی: 1 پھول چھوٹا

    آلو: 2 عدد

    پیاز 2 عدد

    شملہ مرچ: 3 عدد

    میدہ: 2 کپ

    لال مرچ: 1 چائے کا چمچ

    زیرہ پاوڈر: 1 چائے کا چمچ

    نمک: حسب ذائقہ

    لیموں کا جوس: 2 کھانے کے چمچ

    پانی: 1 کپ

    تیل: حسب ضرورت

    اجینو موتو (چائینیز سالٹ): 1 چائے کا چمچ

    ترکیب

    ایک پیالے میں میدہ، سفید زیرہ، نمک، لال مرچ، لیموں کا جوس اور پانی ملا کر پیسٹ بنالیں۔

    بینگن کو چھلکوں سمیت چھوٹے کیوبز کی طرح کاٹ لیں۔

    گوبھی کے پھول الگ کرلیں۔

    پیاز اور شملہ مرچ کو بھی باریک کاٹ لیں۔

    اب ان سب کٹی ہوئی سبزیوں پر تھوڑا میدہ چھڑک دیں۔

    ایک پین میں تیل گرم کریں پھر سبزیوں کو پیسٹ میں مکس کر کے تیل میں ڈال کر فرائی کریں۔

    سبزیاں تھوڑی تھوڑی کر کے فرائی کریں اور جب یہ پکوڑوں کی طرح فرائی ہوجائیں تو نکال لیں۔


    پران پکوڑے

    اجزا

    پران: 12 سے 15 عدد

    ہری مرچیں: 3 عدد

    ادرک: 1 چائے کا چمچ

    لہسن: 1 چائے کا چمچ

    لال مرچ: 1 چائے کا چمچ

    ہلدی: 1 چوتھائی چائے کا چمچ

    نمک: 1 چائے کا چمچ

    اجینو موتو: 1 چائے کا چمچ

    شملہ مرچ: 3 کھانے کے چمچ

    پیاز: 2 کھانے کے چمچ

    سویا ساس: 2 کھانے کے چمچ

    ہری پیاز: 3 کھانے کے چمچ

    کالی مرچ: 1 چوتھائی چائے کا چمچ

    گھی: ڈیڑھ کپ

    ترکیب

    سب سے پہلے الگ سے پران کو گھی میں فرائی کر کے نکال لیں۔

    پھر لہسن٬ ادرک٬ ہری مرچیں٬ پیاز٬ شملہ مرچ٬ ہری پیاز کو فرائی کر کے اس میں نمک٬ اجینو موتو٬ ہلدی٬ لال مرچ٬ سویا سوس ڈال کر آخر میں فرائی شدہ پران شامل کرلیں۔

    مزے دار پران پکوڑے کھانے کے لیے تیار ہیں۔


    چکن قیمہ پکوڑے

    اجزا

    باریک کٹی چکن: 250 گرام

    پھینٹے ہوئے انڈے: 2 عدد

    بیسن: 4 کھانے کے چمچے

    پسی ہوئی لال مرچ: 1 چائے کا چمچہ

    کٹی ہوئی ہری مرچ: 2 عدد

    ہلدی: 1 چوتھائی چائے کا چمچ

    بیکنگ پاؤڈر: آدھا چائے کا چمچ

    نمک: ایک چائے کا چمچ

    کٹا ہرا دھنیہ: حسب ضرورت

    چاٹ مصالحہ: آدھا کھانے کا چمچ

    باریک کٹی ہری پیاز: آدھا کپ

    ترکیب

    تمام اجزا یعنی بیسن، بیکنگ پاؤڈر، پسی ہوئی لال مرچ، ہلدی، نمک، پانی، باریک کٹی چکن، کٹی ہری مرچ اور کٹا ہرا دھنیہ ڈال کر ایک پیالے میں مکس کر کے 30 منٹ کے لیے رکھ دیں۔

    اب پین میں تیل گرم کر کے اس کو پکوڑے کی شکل میں خستہ اور گولڈن ہونے تک فرائی کرلیں۔


    چنے کی دال کے پکوڑے

    اجزا

    چنے کی دال: 1 پاؤ

    پسی ہوئی سرخ مرچ: 1 چائے کا چمچ

    پسا ہوا زیرہ: 2 چائے کے چمچ

    باریک کتری ہوئی پیاز: 1 پاؤ

    نمک: حسب ذائقہ

    ہلدی: آدھا چائے کا چمچ

    کھانے کا سوڈا: آدھا چائے کا چمچ

    ہری مرچیں: 8 عدد، باریک کتر لیں

    ہرا دھنیہ: حسب ضرورت

    تیل: تلنے کے لیے

    ترکیب

    چنے کی دال کو پانی میں بھگو دیں۔

    جب پکوڑے بنانے ہوں تو دال کا پانی نکالیں اور دال کو اچھی طرح پیس لیں۔

    اب اس میں نمک، پسی ہوئی سرخ مرچ، ہلدی، پسا ہوا زیرہ، کھانے کا سوڈا، پیاز، ہرا دھنیہ اور ہری مرچیں شامل کر کے اچھی طرح ملالیں۔

    اس کے بعد تیل گرم کر کے دال کا آمیزہ تھوڑا تھوڑا کر کے پکوڑے کی شکل میں کڑھائی میں ڈالیں اور اچھی طرح تل لیں۔


    آلو کے پکوڑے

    اجزا

    آلو: 2 سے 3

    نمک، مرچ: حسب ذائقہ

    دھنیہ پاؤڈر: 1 کھانے کا چمچ

    ہلدی: چوتھائی چمچ

    زیرہ پاؤڈر: حسب پسند

    انار دانہ: حسب ضرورت

    ترکیب

    بیسن میں تمام مصالحے ڈال دیں اور مکس کریں۔

    پھر پانی بہت تھوڑا تھوڑا ڈال کر مکس کرتی جائیں، پھر اس آمیزے میں آلو کے قتلے ڈال کر فرائی کرلیں۔

    مزیدار آلو کے پکوڑے تیار ہیں۔


    پالک کے پکوڑے

    اجزا

    پالک: آدھی گڈی

    بیسن: 1 کپ

    پیاز: 2 عدد درمیانہ سائز کی، کٹی ہوئی

    ہری مرچ: 2 باریک کٹی ہوئی

    ہرا دھنیہ: آدھا کپ

    سفید زیرہ: آدھا چائے کا چمچ

    ہلدی: چوتھائی چائے کا چمچ

    لال مرچ کٹی ہوئی: آدھا چائے کا چمچ

    بیکنگ پاؤڈر: آدھا چائے چمچ

    تیل: حسب ضرورت

    نمک: حسب ذائقہ

    ترکیب

    بیسن چھان لیں اور پالک باریک کاٹ لیں۔

    پالک دھو کر بیسن میں شامل کر دیں۔

    بیسن میں ہی تیل کے علاوہ سب کچھ ڈال دیں اور مکس کر کے 15 منٹ رکھ دیں۔

    پھر تیل گرم کریں اور ڈیپ فرائی کرلیں۔

  • آج کھانے میں مزیدار اسٹو گارلک چکن تیار کریں

    آج کھانے میں مزیدار اسٹو گارلک چکن تیار کریں

    ادرک اور لہسن کھانے کے ذائقے میں اضافہ کردیتے ہیں یہی وجہ ہے کہ انہیں کھانوں کا ہم جزو سمجھا جاتا ہے، آج ہم آپ کو مزیدار اسٹو گارلک چکن بنانے کی ترکیب بتا رہے ہیں۔

    اجزا

    چکن لیگ پیس: حسب ضرورت

    سویا سوس: 1 کھانے کا چمچ

    تیل: 1 کھانے کا چمچ

    لہسن: 2 جوئے

    سفید سرکہ: 1 کھانے کا چمچ

    چھوٹی پیاز: 2 پیالی

    یخنی: 2 پیالی

    سویا بین پیسٹ: 2 کھانے کے چمچ

    نمک: 1 چائے کا چمچ

    چینی: 1 چائے کا چمچ

    ترکیب

    چکن لیگ پیس پر سویا سوس لگائیں اور 10 منٹ کے لیے رکھ دیں۔

    تیل گرم کر کے لہسن تلیں۔

    اب چکن اور سرکہ ملا دیں اور خوب اچھی طرح مکس کریں۔

    اس کے بعد پیاز ملا کر پکائیں، ادھ گلا ہو جائے تو باقی اجزا ملا دیں اور ہلکی آنچ پر 20منٹ دم پر رکھیں۔

    20 منٹ بعد نکال کر گرما گرم اسٹو گارلک چکن سرو کریں۔

  • مزیدار سنگا پورین رائس بنانے کی ترکیب

    مزیدار سنگا پورین رائس بنانے کی ترکیب

    سنگا پورین رائس کا تعلق سنگا پور سے ہرگز نہیں البتہ اسے پاکستان میں نہایت ذوق و شوق سے کھایا جاتا ہے، آئیں آج اسے بنانے کی ترکیب جانتے ہیں۔

    اجزا

    ایگ نوڈلز: آدھا پیکٹ

    چکن (پتلے اور لمبے کٹے ہوئے ٹکڑے): 1 پاؤ

    چاول: 2 کپ

    شملہ مرچ (کیوبز کی شکل میں کاٹ لیں): 1 عدد

    گاجر (کیوبز میں کٹے ہوئے): 1 عدد

    بند گوبھی: ایک چوتھائی

    ہری پیاز: 1 عدد

    ہری مرچ: 4 عدد

    لہسن (کچلے ہوئے): 4 جوئے

    مایونیز: آدھا کپ

    کٹی لال مرچ: 1 کھانے کا چمچ

    وائٹ پیپر: آدھا چائے کا چمچ

    بلیک پیپر: آدھا چائے کا چمچ

    نمک: حسب ذائقہ

    اوسٹر سوس: 1 کھانے کا چمچ

    واچسٹر سوس: 2 کھانے کے چمچ

    کیچپ: 2 کھانے کے چمچ

    چلی گارلک سوس: 2 کھانے کے چمچ

    کارن فلور: حسب ضرورت

    ترکیب

    ایگ نوڈلز کو ہلدی ڈال کر ابال لیں اور پھر ڈیپ فرائی کر لیں۔

    پانی میں نمک، ایک چائے کا چمچ زیرہ اور تیل ڈال کر چاول ڈال دیں اور پلاؤ کی طرح دم دیں۔

    لہسن اور ہری مرچ کو فرائی کر کے نکال لیں۔

    تیل میں ادرک لہسن پیسٹ ڈال کر فرائی کریں، پھر چکن ڈال دیں۔ پھر ساری سبزیاں ڈال کر فرائی کریں۔

    اب وائٹ پیپر، بلیک پیپر اور نمک ڈال دیں۔

    اس کے بعد اوسٹر سوس، واچسٹر سوس، کیچپ، چلی گارلک سوس ڈال دیں۔

    اب آدھا کپ پانی ڈالیں اور کارن فلور ڈال دیں۔

    مایونیز میں کٹی لال مرچ اور دو کھانے کے چمچ پانی ڈال کر اچھی طرح مکس کریں۔

    ڈش میں پہلے ابالے ہوئے چاول ڈالیں، پھر چکن اور سبزیاں ڈالیں۔ اسی طرح دوسری تہہ لگائیں۔ پھر اوپر سے نوڈلز ڈالیں۔ مایونیز ڈالیں اور لہسن، ہری مرچ جو فرائی کی تھی ڈال دیں۔

    مزیدار سنگا پورین رائس تیار ہیں گرما گرم سرو کریں۔

  • مزیدار بادامی قلفی گھر پر تیار کریں

    مزیدار بادامی قلفی گھر پر تیار کریں

    موسم گرما میں ٹھنڈی اشیا اور ٹھنڈے مشروبات جسم و جاں کو فرحت پہنچاتے ہیں، اسی لیے آج ہم آپ کو مزیدار بادامی قلفی گھر میں بنانے کی ترکیب بتا رہے ہیں۔

    اجزا

    دودھ: 1 کلو

    زردہ رنگ: 1 چٹکی

    چینی: ایک تہائی کپ

    چاول کا آٹا: 2 کھانے کے چمچ

    میدہ: 2 کھانے کے چمچ

    بادام آدھا کپ: کرش کیے ہوئے

    ترکیب

    سب سے پہلے دودھ کو ابالنے کے لیے رکھیں، جب گرم ہوجائے تو آدھا کپ نکال کر اس میں میدہ، زردہ رنگ اور چاول کا آٹا گھول کر رکھ لیں۔

    جب دودھ ابلنے لگے تو الگ سے نکلا ہوا دودھ اس میں ڈال دیں، ساتھ ہی چینی بھی ڈال دیں۔

    جب گاڑھا ہو جائے تو بادام ڈال کر ٹھنڈا کریں اور سانچے میں ڈال کر جمالیں۔

    مزیدار بادامی قلفی تیار ہے۔