Tag: ترکیب

  • ناشتے میں مزیدار فرنچ آملیٹ بنائیں

    ناشتے میں مزیدار فرنچ آملیٹ بنائیں

    ناشتے میں مختلف ورائٹی والی اشیا اہلخانہ کو ایک مزیدار سے ناشتے کی طرف راغب کرتی ہیں جسے روزمرہ کی زندگی اور بھاگ دوڑ میں عموماً نظر انداز کردیا جاتا ہے۔

    تو چھٹی کے دن مزیدار سا فرنچ آملیٹ ان افراد کو بھی جلدی اٹھ کر ناشتہ کرنے پر مجبور کردے گا جو دن کا آدھا حصہ سو کر گزارتے ہیں۔

    اجزا

    مرغی ابلی اور ریشہ کی ہوئی: 250 گرام

    انڈے: 4 عدد

    پیاز چوپ کی ہوئی: 2 کھانے کے چمچ

    ہرا دھنیہ چوپ کیا ہوا: 1 چائے کا چمچ

    ہری مرچیں چوپ کی ہوئی: 1 چائے کا چمچ

    پسی ہوئی لال مرچ: 1 چائے کا چمچ

    چیڈر چیز کدوکش ہوا: 25 گرام

    مشروم باریک کٹے ہوئے: 4 عدد

    نمک: حسب ذائقہ

    تیل: ایک چوتھائی پیالی

    سلاد کے پتے: سجانے کے لیے

    ترکیب

    انڈے کی سفیدی اور زردی الگ الگ کرلیں۔ سفیدیوں کو الیکٹرک بیٹر کی مدد سے جھاگ اوپر آنے تک پھینٹیں۔

    اب اس میں زردیاں، پیاز، ہری مرچیں، ہرا دھنیہ، لال مرچ اور نمک ملا لیں۔

    فرائنگ پین میں آدھا تیل گرم کریں اور اس میں انڈے کا آدھا آمیزہ ڈال کر پھیلائیں۔

    اس کے اوپر آدھی مشروم اور آدھا پنیر پھیلا کر ہلکی آنچ پر پکائیں۔

    فرائنگ پین میں باقی تیل گرم کریں اس پر انڈے کا باقی آمیزہ پھیلا کر سنہری کریں اور اسے پلٹ دیں۔

    اب اس پر مرغی، بقیہ مشروم اور پنیر ڈالیں، دہرا کر کے پکائیں۔

    مزیدار فرنچ آملیٹ تیار ہے۔ گرم گرم پراٹھوں کے ساتھ تناول کریں۔

  • مزیدار حلیم گھر پر تیار کریں

    مزیدار حلیم گھر پر تیار کریں

    محرم الحرام کا مہینہ آتے ہی نذر و نیاز کا سلسلہ بڑھ جاتا ہے اور اس موقع پر حلیم سب سے زیادہ تیار کیا جاتا ہے، چونکہ حلیم کی تیاری میں زیادہ وقت لگتا ہے تو نوجوان اپنے دوستوں اور احباب کے ساتھ مل کر رات میں حلیم تیار کرتے ہیں۔

    غذائی اجزا سے بھرپور حلیم دراصل ایشیا اور مشرق وسطیٰ کی صدیوں پرانی مقبول ڈش ہے، اسے عربی میں ہریس یا ہریسہ اور دیگر زبانوں میں کھچڑا اور دلیم بھی کہا جاتا ہے۔

    آج ہم آپ کو لذیذ اور چٹ پٹی حلیم انتہائی آسان طریقے سے گھر پر تیار کرنے کی ترکیب بتائیں گے۔

    اجزا

    گائے کا گوشت بون لیس: 1 کلو

    گیہوں: 250 گرام

    جو: 125 گرام

    گندم: 125 گرام

    چنے کی دال: 1 کپ

    مونگ کی دال: 1 چوتھائی کپ

    مسور کی دال: 1 چوتھائی کپ

    ماش کی دال: 1 چوتھائی کپ

    گھی: 2 کھانے کے چمچ

    ادرک لہسن کا پیسٹ: 2 کھانے کے چمچ

    پیاز تلی ہوئی: آدھا کپ

    نمک: 2 کھانے کے چمچ

    لال مرچ پسی ہوئی: 3 کھانے کے چمچ

    ہلدی: 1 ایک کھانے کا چمچ

    دھنیہ پسا ہوا: 1 ایک کھانے کا چمچ

    دہی: 1 کپ

    تیل: 2 کھانے کے چمچ

    گرم مصالحہ پسا ہوا: کھانے کا چمچ

    سرو کرنے کے لیے

    پیاز تلی ہوئی: حسب ضرورت

    ہرا دھنیہ: حسب ضرورت

    ہری مرچ: حسب ضرورت

    ادرک: حسب ضرورت

    لیموں کے سلائس: حسب ضرورت

    ترکیب

    سب سے پہلے گیہوں اور جو کو رات بھر کے لیے کسی کھلے برتن میں پانی میں بھگو کر رکھیں اور صبح ابال لیں، پھر اسے بلینڈ کرلیں۔

    اب چنے کی دال، مونگ کی دال، مسور کی دال اور ارہر کی دال کو چار سے پانچ گلاس پانی کے ساتھ پکائیں، یہاں تک کہ دالیں گل جائیں۔ انہیں بھی ٹھنڈا کر کے بلینڈ کر لیں۔

    دیگچی میں ایک کپ تیل گرم کر کے اس میں پیاز ڈال کر کچا پکا کرلیں پھر اس میں ادرک لہسن کا پیسٹ ڈال کر دو منٹ پکائیں اور گوشت ڈال کر بھونیں۔

    اب نمک، پسی لال مرچ، ہلدی، پسا دھنیہ اور دہی ڈال کر اچھی طرح مکس کرکے آٹھ سے دس گلاس پانی ڈالیں اور ڈھک کر پکائیں، یہاں تک کہ گوشت گل جائے۔

    جب گوشت گل جائے تو ہاون دستہ میں گوشت اچھی طرح کچل لیں اور اس میں بلینڈ کی ہوئی دالوں کو ڈال کر مکس کریں اور ہلکی آنچ پر پکنے کے لیے رکھ دیں۔

    چمچ چلاتے رہیں تاکہ گوشت اور دالیں ایک ساتھ اچھی طرح مکس ہو، جب حلیم گاڑھی ہوجائے تو چولہا بند کردیں۔

    آخر میں اس میں پسا گرم مصالحہ شامل کر کے چمچ چلائیں، مزیدار حلیم تیار ہے۔

    اسے تلی پیاز، ہرا دھنیہ، پودینہ، ہری مرچ، ادرک، لیموں کے سلائس اور دو کھانے کے چمچ گھی کے ساتھ سرو کریں۔

  • لذیذ مصالحہ دار چھولے بنانے کی ترکیب

    لذیذ مصالحہ دار چھولے بنانے کی ترکیب

    شام کی چائے کے ساتھ کچھ ہلکا پھلکا کھانے کی عادت عموماً سب ہی افراد کو ہوتی ہے۔ آج کی شام کو مزیدار بنانے کے لیے ہم آپ کو نہایت لذیذ مصالحہ دار چھولے بنانے کی ترکیب بتا رہے ہیں۔

    اجزا

    سفید چنے (ابلے ہوئے) : 300 گرام

    لال مسور کی دال: 4 کھانے کے چمچ

    مرغی کی یخنی: 1 پیالی

    پیاز: 1 عدد

    ٹماٹر: 2 عدد

    ہری مرچ: 4 عدد

    ہرا دھنیہ: ایک چوتھائی گڈی

    ہلدی: 1 کھانے کا چمچ

    کالی مرچ: 1 کھانے کا چمچ

    لال مرچ: 1 کھانے کا چمچ

    املی کا گودا: 3 کھانے کے چمچ

    نمک: حسب ذائقہ

    تیل: 1 پیالی

    ترکیب

    سب سے پہلے بلینڈر میں پیاز، ٹماٹر اور ہری مرچ کو تھوڑے سے پانی کے ساتھ پیس لیں۔

    دیگچی میں تیل گرم کر کے پیاز کے آمیزے کو پانچ منٹ تک بھونیں۔

    اب اس میں ہلدی، کالی مرچ، لال مرچ اور نمک ڈال کر بھونیں۔

    پھر اس میں املی کا گودا، چنے، مسور کی دال اور مرغی کی یخنی بھی شامل کر دیں۔

    جب مسور کی دال گل جائے تو اسے تیز آنچ پر بھونیں اور یکجان ہونے تک بھون کر چولہا بند کر دیں۔

    ہرا دھنیہ چھڑک کر مصالحہ دار چھولے پیش کریں۔

  • مزیدار پف پیسٹری جنہیں دیکھ کر منہ میں پانی آجائے

    مزیدار پف پیسٹری جنہیں دیکھ کر منہ میں پانی آجائے

    پف پیسٹری عام پیسٹری کے برعکس نہایت مزیدار ہوتی ہے اور باآسانی تیار ہوجاتی ہے۔

    آج ہم آپ کو پف پیسٹری تیار کرنے کے مختلف آئیڈیاز بتارہے ہیں، اس کے ساتھ ہی پف پیسٹری بنانے کی ترکیب بھی ذیل میں دی گئی ہے۔

    اجزا

    میدہ: 500 گرام

    نمک: 1 چائے کا چمچ

    چینی: 1 چائے کا چمچ

    تیل: آدھا کپ

    مکھن: 1 پاؤ یا 250 گرام

    ٹھنڈا پانی: حسب ضرورت

    ترکیب

    سب سے پہلے میدہ، چینی اور نمک ایک پیالے میں شامل کریں اور اچھی طرح ملائیں۔

    اب اس میں تیل شامل کر کے میدے کا آٹا گوندھ لیں اور فریج میں ٹھنڈا ہونے کے لیے رکھ دیں۔

    اب تھوڑی دیر بعد اس میں ٹھنڈا پانی شامل کر کے ہموار سطح پر آٹا گوندھ لیں اور پچیس سے تیس منٹ کے لیے ایک طرف رکھ دیں۔

    اب مکھن کی ٹکیہ کو پلاسٹک ریپ میں بیلن کی مدد سے بیل لیں یہاں تک کہ باریک مستطیل کی شکل میں تبدیل ہو جائے۔

    اسی طرح بیلن کی مدد سے ڈو کو بیل لیں اور چوکور کناروں میں باریک تہہ بنالیں۔

    اب مکھن کی ٹکیہ کو ڈو کے درمیان رکھ دیں اور ڈو کے چاروں کنارے اچھی طرح لپیٹ کر بند کر دیں۔

    لپیٹی ہوئی ڈو کو اچھی طرح سے ہاتھوں کی مدد سے دبائیں۔

    دوبارہ سے اسی طرح میدے کی مدد سے ڈو کو بیلن سے مستطیل شکل میں بیل لیں۔

    فولڈ کی ہوئی ڈو کو پلاسٹک ریپ میں لپیٹیں اور اسے بیک کرلیں۔

    اب نیچے آپ اس ویڈیو میں دیکھ سکتے ہیں کہ پیسٹری کو مختلف مزیدار طریقوں سے تیار کیا جاسکتا ہے۔

  • دلی کی خاص نہاری گھر پر تیار کریں

    دلی کی خاص نہاری گھر پر تیار کریں

    دنیا بھر میں ہر جگہ کا کوئی خاص پکوان شہرت رکھتا ہے۔ کراچی اور لاہور کے بھی کچھ پکوان نہایت مشہور ہیں، ایسے ہی دلی کی نہاری بھی ایشیائی ممالک میں بے حد مقبول ہے۔

    آج ہم آپ کو اسے گھر پر تیار کرنے کی ترکیب بتا رہے ہیں۔

    اجزا

    بیف: 750 گرام

    نمک: حسب ذوق

    لال مرچ پاؤڈر: 1 کھانے کا چمچ

    کشمیری مرچ پاؤڈر: آدھا چائے کا چمچ

    تیل: ڈیڑھ کپ

    لال آٹا: حسب ضرورت

    ادرک (پانی میں بھگو لیں): 1 چائے کا چمچ

    لہسن: 1 پوتھی

    گارنش کے لیے

    ادرک: ڈیڑھ انچ کا ٹکڑا، سلائس میں کاٹ لیں

    دھنیہ کٹا ہوا: 2 کھانے کے چمچ

    ہری مرچ کٹی ہوئی: 3 سے 4 عدد

    لیموں: 2 عدد

    نہاری مصالحہ کے لیے

    سونٹھ: 3 ٹکڑے

    ململ کا کپڑا: حسب ضرورت

    سونف: ڈیڑھ کھانے کا چمچ

    شاہ زیرہ: 2 کھانے کے چمچ

    کالی الائچی: 4 عدد

    لونگ: 10 عدد

    پیاز: 5 عدد

    ادرک لہسن پیسٹ: 1 کھانے کا چمچ

    ہلدی: 1 چائے کا چمچ

    گھی: پکانے کے لیے

    کالی مرچ: آدھا چائے کا چمچ

    ترکیب

    سب سے پہلے بیف لے لیں اور اس میں ادرک لہسن کا پیسٹ اور ہلدی ڈال کر اسے ابالیں تاکہ گوشت کی بساند ختم ہو جائے اور گوشت گل جائے، ساتھ ہی اس کا پانی بھی تیار ہو جائے۔

    اب پین میں گھی گرم کریں اور پیاز کو ادرک اور لہسن کے پانی سے فرائی کریں۔

    پھر اس میں لال مرچ پاؤڈر، کشمیری مرچ پاؤڈر، نمک اور بیف گوشت کا پانی شامل کریں اور بھونتی جائیں۔

    تھوڑی دیر بعد گوشت بھی شامل کردیں۔

    پھر ململ کے کپڑے میں سونف، شاہ زیرہ، کالی مرچ، کالی الائچی، سونٹھ، لونگ اور ہری الائچی ڈال کر اسے باندھ کر شامل کر دیں۔

    اب لال آٹا 4 کھانے کے چمچ کے برابر لے کر پانی میں گھول لیں اور نہاری میں شامل کردیں۔

    اب آنچ ہلکی کر دیں اور اسے مزید پکائیں۔

    پھر ململ کے کپڑے کی تھیلی نکال لیں اور نہاری کو دم پر رکھ دیں۔

    آخر میں دھنیہ چھڑک کر گارنشنگ کر لیں اور ساتھ ہی پلیٹ میں ادرک، ہری مرچیں اور لیموں سجا کر پیش کریں۔

    دلی کی خاص نہاری تیار ہے۔

  • مزیدار کڑاہی پسندے بنانے کی ترکیب

    مزیدار کڑاہی پسندے بنانے کی ترکیب

    عید قرباں اپنے اختتام کو پہنچی اور آج کل گھروں میں گوشت کی فراوانی ہے جسے استعمال میں لانے کے لیے خاتون خانہ مزے مزے کے کھانوں کی تراکیب تلاش کرتی نظر آرہی ہیں۔

    ایسی ہی ایک مزیدار سی ڈش کی ترکیب ہم بھی آپ کو بتانے جارہے ہیں، یہ ڈش کڑاہی پسندے ہے۔


    اجزا

    پسندے: 1 کلو

    پپیتا: 1 کھانے کا چمچ

    لونگ پسی ہوئی: 8 عدد

    ادرک کا پیسٹ: 1 کھانے کا چمچ

    بھنا ہوا دھنیہ: 1 کھانے کا چمچ

    کالی مرچپسی ہوئی: آدھا چائے کا چمچ

    دہی: 1 پاؤ

    پیاز: 3 عدد

    مرچ: حسب ضرورت

    نمک: حسب ذائقہ


    ترکیب

    گوشت کے پسندے پر ادرک، پپیتا اور نمک لگا کر دو تین گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔

    اس کے بعد تمام مصالحے پیس کر اس میں شامل کریں اور گوشت پر لگا دیں۔

    پیاز بھی کتر کر گوشت پر لگا دیں۔

    کڑاہی میں تھوڑا سا گھی ڈال کر پسندوں کو ایک ایک کر کے تلتی جائیں۔

    جب دونوں طرف سے سنہری ہوجائیں تو اتار کر گرم گرم تناول فرمائیں۔

  • گوشت کھا کر اکتا گئے؟ آج کھانے میں مزیدار بھنڈی مصالحہ بنائیں

    گوشت کھا کر اکتا گئے؟ آج کھانے میں مزیدار بھنڈی مصالحہ بنائیں

    عید الاضحٰی اپنے اختتام کو پہنچی تاہم عید کی دعوتیں ابھی بھی جاری ہیں۔

    3 دن تک بہت سے لوگ گوشت کی مختلف ڈشز کھا کر یقیناً اکتا گئے ہوں گے تو ایسے میں ہم آپ کو مزیدار بھنڈی مصالحہ بنانے کی ترکیب بتا رہے ہیں۔


    اجزا

    بھنڈی: آدھا کلو

    تیل: آدھا کپ

    لہسن: 1 چائے کا چمچ

    نمک: 1 چائے کا چمچ

    ہلدی: آدھا چائے کا چمچ

    کلونجی: آدھا چائے کا چمچ

    لال مرچ پسی ہوئی: 1 چائے کا چمچ

    ٹماٹر باریک کٹے ہوئے: 3 عدد

    پیاز تلی ہوئی : 1 عدد

    ہری مرچ: 4 عدد


    ترکیب

    سب سے پہلے تیل میں بھنڈیاں فرائی کر لیں یہاں تک کہ وہ براؤن ہو جائیں۔ پھر انہیں نکال کر ایک طرف رکھ دیں۔

    اب اسی تیل میں لہسن، نمک، پسی لال مرچ، کلونجی اور ہلدی فرائی کریں اور تھوڑا سا پانی شامل کر دیں۔

    پھر اس میں ٹماٹر ڈال کر ہلکی آنچ پر پکائیں۔

    آخر میں فرائی کی ہوئی بھنڈیاں، ہری مرچ اور تلی پیاز شامل کر کے دس منٹ کے لیے دم پر چھوڑ دیں۔

    مزیدار بھنڈی مصالحہ تیار ہے۔

  • مزیدار مینگو رس ملائی بنائیں

    مزیدار مینگو رس ملائی بنائیں

    موسم گرما کی سوغات آم بے شمار طریقوں سے کھایا جاتا ہے جبکہ اس سے کئی اقسام کے میٹھے بھی بنائے جاتے ہیں۔ آج ہم آپ ک مینگو رس ملائی بنانے کی ترکیب بتا رہے ہیں۔


    اجزا

    خشک دودھ: 1 کپ

    مینگو پیوری: 1 کپ

    میدہ: ڈیڑھ چائے کا چمچ

    دودھ: 1 لیٹر

    بیکنگ پاؤڈر: 1 چائے کا چمچ

    تیل یا گھی: 1 کھانے کا چمچ

    کنڈینسڈ ملک: 1 تہائی ٹن

    انڈا: 1 عدد

    ہری الائچی: 4 عدد

    بادام اور پستہ: حسب ضرورت


    ترکیب

    ایک ساس پین میں دودھ کو ابال لیں اور الائچی اور کنڈینسڈ ملک ڈال کر مزید پکائیں۔

    خشک دودھ، میدے اور بیکنگ پاؤڈر کو چھان کر اس میں تیل شامل کردیں۔

    انڈے کو پھینٹ لیں اور پاؤڈر ملک میں ڈال کر ڈو گوندھ لیں۔

    اب چھوٹے سائز کی بالز بنا لیں۔

    اب ان بالز کو ابلتے ہوئے دودھ میں ڈال کر کبھی آنچ کو تیز اور کبھی کم کردیں۔

    آنچ تیز اور کم کرنے والے طریقہ کار کو کچھ دیر تک دہرائیں۔

    پھر چولہے سے ہٹا کر اس میں مینگو پیوری احتیاط سے شامل کریں تاکہ رس ملائی ٹوٹ نہ جائے۔

    تیار ہونے کے بعد فریج میں ٹھنڈا کرلیں، بادام اور پستہ سے گارنش کر کے سرو کریں۔


     

  • آج کھانے میں مزیدار نمکین گوشت تیار کریں

    آج کھانے میں مزیدار نمکین گوشت تیار کریں

    آج اپنے دستر خوان پر مزیدار نمکین گوشت پیش کر کے اس کی رونق دوبالا کردیں۔

    گوشت میں معمول کی مقدار سے ذرا سا زیادہ نمک شامل کر کے تیار کی جانے والی یہ ڈش صوبہ خیبر پختونخواہ، افغانستان، اور وسطی ایشیا میں نہایت شوق سے کھائی جاتی ہے۔


    اجزا

    بکرے کا گوشت (چربی والا): 1 کلو

    نمک: حسب ذائقہ

    ادرک: 1 چائے کا چمچ

    ہری مرچ: 4 سے 5 عدد

    ٹماٹر: 2 عدد

    گھی: آدھا کپ


    ترکیب

    گوشت اور چربی کے چھوٹے ٹکڑے کرلیں۔

    کڑاہی میں گوشت، نمک اور ایک کپ پانی ڈالیں۔ ہلکی آنچ پر 20 سے 25 منٹ تک پکائیں۔

    درمیان میں تین چار مرتبہ چمچ چلائیں۔

    اس کے بعد گھی، ادرک اور ہری مرچ شامل کر کے تین سے چار منٹ تک فرائی کریں۔

    اب اس میں ٹماٹر باریک کاٹ کر شامل کریں اور دس منٹ پکانے کے بعد آنچ تیز کر کے فرائی کرلیں۔

    مزیدار نمکین گوشت تیار ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • مزیدار ادرک مٹن تیار کرنے کی آسان ترکیب

    مزیدار ادرک مٹن تیار کرنے کی آسان ترکیب

    گائے یا بڑے جانور کا گوشت بہت سی بیماریاں پیدا کرنے کا سبب بن سکتا ہے لہٰذا ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ بڑے گوشت کا استعمال کم سے کم کیاجائے۔

    اس کے برعکس چھوٹا گوشت یا مٹن غذائیت سے بھرپور ہوتا ہے۔

    اسی لیے آج ہم آپ کو ادرک مٹن تیار کرنے کی آسان ترکیب بتا رہے ہیں۔


    اجزا

    مٹن: آدھا کلو

    دہی: آدھا پاﺅ

    پیاز: 1 عدد

    ہری مرچ: 4 عدد

    ادرک: 1 درمیانہ ٹکڑا

    ہرا دھنیہ: چوتھائی گٹھی

    پانی: آدھا کپ

    پسا گرم مصالحہ: آدھا چائے کا چمچ

    ہلدی: آدھا چائے کا چمچ

    ادرک لہسن کا پیسٹ: 2 کھانے کے چمچ

    تیل: 2 سے 3 کھانے کے چمچ

    نمک: حسب ذائقہ


    ترکیب

    پہلے پین میں تیل گرم کر کے 2 کھانے کے چمچ ادرک لہسن کا پیسٹ ڈال کر پکائیں۔

    اب آدھ کلو مٹن کو چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ لیں اور اسکو بھی پین میں شامل کریں اور اتنا بھونیں کہ رنگ تبدیل ہوجائے، پھر اسے نکال لیں۔

    اب پیاز، مرچ، ادرک، ہرا دھنیہ، پسا گرم مصالحہ، ہلدی اور نمک شامل کر کے 6 سے 8 منٹ تک بھونیں اور دہی شامل کردیں۔

    تین سے چار منٹ تک مزید پکانے کے بعد اس میں مٹن شامل کردیں اور آدھا کپ پانی بھی ڈال دیں۔

    اب اسے ڈھک کر 10 سے 15 منٹ تک دم پر پکنے کے لیے چھوڑ دیں۔

    مٹن گل جانے کی صورت میں آنچ تیز کر کے بھونیں۔

    مزیدار ادرک مٹن تیار ہے۔ ڈش میں نکال کر گرم گرم سرو کریں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔