Tag: ترکیہ

  • ترکیہ کی بڑی کامیابی، فضائی دفاعی نظام اسٹیل ڈوم تیار کرلیا

    ترکیہ کی بڑی کامیابی، فضائی دفاعی نظام اسٹیل ڈوم تیار کرلیا

    ترکیہ نے اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے مقامی ساختہ فضائی دفاعی نظام اسٹیل ڈوم تیار کر لیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فضائی دفاعی نظام کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں ترک صدر اردوان نے کہا کہ اسٹیل ڈوم ترکیے کی طاقت کا مظہر ہے۔

    ترکیہ کے صدر اردوان کا کہنا تھا کہ اسٹیل ڈوم ترک مسلح افواج کی طاقت بڑھانے اور ملکی دفاعی صنعت کی بلندی کی طرف قدم ہے۔

    ترک صدر کا کہنا تھا کہ جس ملک کے پاس اپنا ریڈار، فضائی دفاع اور الیکٹرانک وارفیئر سسٹم نہ ہو، وہ مستقبل میں اپنے وجود کو محفوظ نہیں رکھ پائے گا۔

    انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کے پہلے مرحلے میں 47 گاڑیاں شامل ہیں جن کی مالیت 460 ملین ڈالر ہے، جو ترکیے کے دوستوں کے لیے اعتماد اور دشمنوں کے لیے خوف کا سبب ہیں۔

    عالمی توانائی ایجنسی کے معائنہ کار ایران واپس آگئے

    واضح رہے کہ ترک صدر اردوان کی حکومت نے گزشتہ سال اگست میں اسٹیل ڈوم کے منصوبے کا اعلان کیا تھا، جس کا مقصد سمندری اور زمینی فضائی دفاعی پلیٹ فارمز اور سینسرز کو ایک نیٹ ورک میں ضم کرکے ترکیے کے فضائی حدود کا تحفظ کیا جاسکے۔

    ترکیے نے روس سے 2019 میں ایس400 میزائل سسٹم حاصل کیا تھا، جس کے نتیجے میں اسے امریکی ایف-35 جیٹ پروگرام سے نکال دیا گیا تھا۔

  • ترکیہ: آیا صوفیہ مسجد کو آگ لگانے کی کوشش، ویڈیو سامنے آگئی

    ترکیہ: آیا صوفیہ مسجد کو آگ لگانے کی کوشش، ویڈیو سامنے آگئی

    ترکیہ میں تاریخی اہمیت کی حامل آیا صوفیہ مسجد میں پیش امام کی بروقت کارروائی کے باعث آگ لگانے کی کوشش ناکام ہوگئی۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق پولیس نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ مذکورہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے۔

    ترک میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ 11 جولائی کی رات پیش آیا، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک مشتبہ فرد نماز کے اختتام پر آیا صوفیہ مسجد میں داخل ہوا اور منبر کے بجائے مسجد کے ستونوں کے پیچھے چلا گیا، جہاں اس نے کاغذات رکھ کر ان پر آگ لگا دی۔

    اس دوران ایک خاتون نے دھواں اُٹھتا ہوا دیکھ کر امام کو مطلع کیا، جنہوں نے جلتا ہوا قالین فوراً ہٹا دیا جس سے 1500 سال پرانی تاریخی مسجد کو بڑے نقصان سے بچا لیا گیا۔

    رپورٹس کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم کے قبضے سے آتش گیر مواد بھی برآمد ہوا ہے، ملزم کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے اور تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

    آیا صوفیہ: ڈیڑھ صدی پرانی چند تصاویر

    مذکورہ معاملہ سامے آنے کے بعد مسجد کی سیکیورٹی میں مزید اضافہ کردیا گیا ہے، تاکہ مستقبل میں ایسے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے محفوظ رہا جاسکے۔

  • پاک بحریہ کے سربراہ کو ترکیہ کی مسلح افواج کے اعلیٰ ترین اعزاز سے نواز دیا گیا

    پاک بحریہ کے سربراہ کو ترکیہ کی مسلح افواج کے اعلیٰ ترین اعزاز سے نواز دیا گیا

    اسلام آباد : پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف کوترکیہ میں اعلیٰ عسکری اعزاز "لیجن آف میرٹ آف دی ترک آرمڈ فورسز” سے نواز دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف کو ترکیہ کی مسلح افواج کے اعلیٰ ترین اعزاز "لیجن آف میرٹ آف دی ترک آرمڈ فورسز” سے نوازا گیا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ یہ اعزاز ترک افواج کے ساتھ بحری تعاون، دفاعی شراکت داری اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں ان کی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا، یہ اعزاز ترکیہ میں ایک پروقار تقریب کے دوران دیا گیا۔

    ترجمان نے کہا کہ ترک نیول فورسز کے ہیڈکوارٹرز آمد پر ایڈمرل نوید اشرف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

    اس موقع پر انہوں نے ترک نیول فورسز کے کمانڈر سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ بحری تعاون، دفاعی اشتراک، مشترکہ مشقوں اور خطے میں میری ٹائم سیکیورٹی سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    دورہ ترکیہ کے دوران سربراہ پاک بحریہ نے ترک وزیر دفاع، چیف آف جنرل اسٹاف اور کمانڈر ترک نیوی فلیٹ سے بھی اہم ملاقاتیں کیں جن میں باہمی دلچسپی کے مختلف دفاعی پہلوؤں پر بات چیت ہوئی۔

    ایڈمرل نوید اشرف نے استنبول نیول شپ یارڈ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاک بحریہ کے تحت چلنے والے ملجم پروجیکٹ کا جائزہ لیا۔ انہوں نے گولچک نیول بیس پر ترک آبدوزوں کی تعمیراتی صلاحیتوں کا مشاہدہ بھی کیا۔

    نیول چیف نے اپنے دورے کے دوران ترک بحری جہاز سمیت متعدد نیول تنصیبات کا معائنہ کیا اور ترکیہ کے بانی مصطفیٰ کمال اتاترک کے مزار پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق سربراہ پاک بحریہ کا یہ دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان بحری تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا اور علاقائی امن و سلامتی کے فروغ میں مددگار ہوگا۔

  • ترکیہ کے جدید ترین جنگی روبوٹ کتے نے دنیا کو حیران کر دیا

    ترکیہ کے جدید ترین جنگی روبوٹ کتے نے دنیا کو حیران کر دیا

    انقرہ (02 اگست 2025): ترکیہ نے لیزر گائیڈڈ میزائلوں سے لیس ایک جدید خود کار روبو ڈاگ متعارف کروا دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترک دفاعی کمپنی راکٹسان نے جدید آٹونومس روبو ڈاگ ’کوز‘ (Koz) متعارف کرایا ہے جو منی میزائلوں سے لیس ہے، اور یہ روبوٹ نہ صرف ریموٹ کنٹرول کے ذریعے چلایا جا سکتا ہے بلکہ خودکار طور پر بھی کام کر سکتا ہے۔

    بتایا جا رہا ہے کہ یہ دنیا کا پہلا روبوٹک کتا ہے جو گائیڈڈ میزائل لانچ کرنے کی صلاحیت کا حامل ہے، جسے ترکی کی معروف دفاعی صنعت کار Roketsan نے تیار کیا ہے۔ استنبول میں حال ہی میں ہونے والے ایک بین الاقوامی دفاعی نمائش میں اسے پیش کیا گیا تھا۔

    روبو ڈاگ کو خاص طور پر مشکل اور ناہموار علاقوں میں مؤثر انداز میں کام کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ کوز میں راکٹسان کے تیار کردہ 4 عدد لیزر گائیڈڈ میٹے میزائل نصب ہیں، جب کہ اس پر ایک الیکٹرو آپٹیکل نظام بھی موجود ہے، جو اسے جاسوسی اور حملے، دونوں قسم کے مشنز کے لیے مؤثر بناتا ہے۔


    چین کے روبوٹ باکسروں نے دنیا کو حیران کر دیا، ویڈیو دیکھیں


    مشکل راستوں پر بہ آسانی چلنے کی صلاحیت، خودکار اور ریموٹ کنٹرول موڈ کے درمیان تبدیلی کی سہولت اور جدید ہتھیاروں سے لیس ہونے کی وجہ سے ’کوز‘ کو جدید جنگی ٹیکنالوجی میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

    ترکی کی یہ دفاعی اختراع جدید جنگ کے معیارات میں ایک انقلابی تبدیلی کا اشارہ کر رہی ہے، جو بغیر پائلٹ چلتی ہے اور انسانی جانیں بچانے کے لیے ہدف پر بالکل درست حملے کرتی ہے۔

    استنبول کی توپ کاپی یونیورسٹی میں ایسوسی ایٹ پروفیسر ریٹائرڈ ریئر ایڈمرل Cihat Yayci نے کوز کو جدید جنگی کارروائیوں کے لیے ’’گیم چینجر‘‘ قرار دیا، اور کہا یہ ٹیکنالوجی کی وجہ سے انقلابی ایجاد نہیں ہے بلکہ اس لیے ہے کہ اس سے انسانی زندگی پر بڑا اثر پڑے گا۔

    انھوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا روبوٹس کا مقصد خطرناک کاموں میں انسانوں کی جگہ لینا ہے، اور کوز کی وجہ سے ہم کسی ایک فوجی کی بھی جان کو خطرے میں ڈالے بغیر غاروں، عمارتوں اور اسنائپر سے متاثرہ شہری علاقوں کو صاف کر سکتے ہیں۔

  • ترکیہ میں روس یوکرین مذاکرات کے تیسرے دور میں معمولی پیش رفت ہی ہو سکی

    ترکیہ میں روس یوکرین مذاکرات کے تیسرے دور میں معمولی پیش رفت ہی ہو سکی

    استنبول: ترکیہ میں روس یوکرین مذاکرات کا تیسرا دور مکمل ہو گیا، دونوں ممالک نے مزید قیدیوں کے تبادلے پر اتفاق کیا۔

    روئٹرز کے مطابق روس اور یوکرین نے بدھ کے روز استنبول میں امن مذاکرات کے ایک مختصر اجلاس میں قیدیوں کے مزید تبادلے پر تبادلہ خیال کیا، تاہم فریقین جنگ بندی کی شرائط اور اپنے رہنماؤں کی ممکنہ ملاقات سے بہت دور رہے۔

    یوکرین کے چیف مندوب رستم عمروف نے صرف 40 منٹ تک جاری رہنے والی بات چیت کے بعد کہا کہ ’’ہم نے انسانی بنیادوں پر پیش رفت کی ہے، دشمنی کے خاتمے پر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔‘‘

    واضح رہے کہ ترکیہ میں روس یوکرین مذاکرات کا تیسرا دور مکمل ہو گیا ہے، وفود کی سطح پر بات چیت سے پہلے روسی یوکرینی وفود کے سربراہان نے ون آن ون ملاقات کی، دونوں ممالک کے درمیان مزید قیدیوں کے تبادلے پر اتفاق ہوا، اور وہ عام شہریوں اور فوجیوں کا تبادلہ کریں گے۔


    ٹرمپ نے جوہری توانائی کاروبار کے لیے کھولنے کا اعلان کر دیا


    روس نے زخمیوں کو نکالنے، لاشوں کی واپسی اور جنگ بندی کی تجویز بھی دی، دونوں ممالک نے گفتگو میں روسی اور یوکرینی صدور کی ملاقات کو ترجیح قرار دیا، یوکرینی وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ امن کے لیے روس کو تعمیری رویہ اختیار کرنا ہوگا۔

    ملاقات کے بعد یوکرینی مندوب رستم عمروف نے کہا کہ کیف نے اگست کے اختتام سے قبل ولودیمیر زیلنسکی اور ولادیمیر پیوٹن کے درمیان ملاقات کی تجویز پیش کی تھی، اس تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے روس کے پاس موقع ہے کہ وہ اپنا تعمیری انداز واضح کر سکے۔‘‘

    دوسری طرف روس کے چیف مندوب ولادیمیر میڈنسکی نے کہا کہ رہنماؤں کی ملاقات کا مقصد ایک معاہدے پر دستخط کرنا ہونا چاہیے، نہ کہ ہر چیز پر شروع سے بات کرنا۔ انھوں نے ماسکو کی طرف سے 24-48 گھنٹے کی مختصر جنگ بندی کے مطالبے کی تجدید کی تاکہ لاشوں کی بازیافت کو ممکن بنایا جا سکے۔ جب کہ یوکرین کا کہنا ہے کہ وہ فوری اور طویل جنگ بندی چاہتا ہے۔

  • ترکیے میں گستاخانہ خاکہ شائع کرنے پر صدر اردوان کا سخت مؤقف آ گیا

    ترکیے میں گستاخانہ خاکہ شائع کرنے پر صدر اردوان کا سخت مؤقف آ گیا

    انقرہ: ترکی میں گستاخانہ خاکہ شائع کرنے پر صدر رجب طیب اردوان نے سخت مؤقف اختیار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترکیے کے ایک ہفت روزہ میگزین میں گستاخانہ خاکہ شائع ہونے پر منگل کو ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ جو افراد حضرت محمد ﷺ اور دیگر انبیائے کرام کی شان میں گستاخی کریں گے، ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    گزشتہ روز وزیر داخلہ علی یرلی قایا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں گستاخانہ کارٹون بنانے والے کارٹونسٹ کو حراست میں لیا جا رہا ہے، انھوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ گستاخانہ خاکہ بنانے والے شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق گرفتار کیے جانے والوں میں کارٹونسٹ کے علاوہ میگزین کے دو ایڈیٹر ان چیف اور ایک منیجنگ ایڈیٹر بھی شامل ہیں۔


    ترکیہ، گستاخانہ خاکہ شائع کرنے پر کارٹونسٹ اور میگزین ایڈیٹر گرفتار


    روئٹرز کے مطابق ترکی کے صدر نے طنزیہ میگزین کے کارٹون کو ’’گھناؤنی اشتعال انگیزی‘‘ قرار دیا، اور اس کی سخت مذمت کی۔ روئٹرز کے مطابق یہ کارٹون اسرائیل اور ایران کے درمیان 12 روزہ جنگ کے خاتمے کے چند دن بعد شائع کیا گیا۔ اردوان کی حکمران پارٹی نے اسے ’’اسلاموفوبک نفرت انگیز جرم‘‘ قرار دیا۔

    خاکہ شائع کرنے والے میگزین لیمن نے اپنے قارئین سے معذرت کی ہے کہ ان کا توہین کا کوئی ارادہ نہیں تھا وہ اسرائیلی حملوں میں مارے گئے مسلمانوں کی تکلیف کو ظاہر کرنا چاہتے تھے، اردوان نے ٹی وی نشر ہونے بیان میں کہا ’’ہم کسی کو بھی اپنی مقدس اقدار کے خلاف بات کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، ہمارے نبی اور دیگر انبیا کی توہین کرنے والوں کو قانون کے سامنے جواب دہ بنایا جائے گا۔

  • ترکیہ، گستاخانہ خاکہ شائع کرنے پر کارٹونسٹ اور میگزین ایڈیٹر گرفتار

    ترکیہ، گستاخانہ خاکہ شائع کرنے پر کارٹونسٹ اور میگزین ایڈیٹر گرفتار

    ترکیہ میں ایک ہفت روزہ میگزین میں خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور حضرت موسٰی علیہ السلام کا گستاخانہ خاکہ شائع کرنے پرکارٹونسٹ اور ایڈیٹرز کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ گستاخانہ خاکہ خاتم النبیین حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے منسوب تھا، خاکے کی اشاعت پرمذہبی حلقوں کی جانب سے شدید ردعمل کا اظہار کیا جارہا ہے۔

    استنبول کے چیف پبلک پراسیکیوٹر کے مطابق 26 جون 2025 کے شمارے میں شائع ہونے والے ایسے کارٹون کے حوالے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے جو کھلے عام مذہبی اقدار کی توہین کرتا ہے، خاکے کی اشاعت میں ملوث افراد کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جا چکے ہیں۔

    خبررساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ مذکورہ معاملہ سامنے آتے ہی استنبول کے وسطی علاقے میں واقع ایک بار جہاں اکثر میگزین کے عملے کے افراد موجود ہوتے ہیں، پر مشتعل مظاہرین نے دھاوا بول دیا جہاں مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔

    رپورٹس کے مطابق ترکیہ کے وزیر داخلہ علی یرلی قایا نے بعد ازاں ایکس پر ویڈیو شیئر کی جس میں متنازع کارٹون بنانے والے کارٹونسٹ کو گرفتار کرتے ہوئے دکھایا گیا۔

    انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ جس شخص نے یہ گستاخانہ خاکہ بنایا اسے حراست میں لے لیا گیا ہے۔

    قرآن پاک کی توہین گستاخانہ اور ناقابل قبول عمل ہے، پوپ فرانسس

    کارٹونسٹ کے علاوہ میگزین سے وابستہ دیگر 3 افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جن میں دو ایڈیٹر ان چیف اور منیجنگ ایڈیٹر شامل بھی ہیں۔

    ترک صدر رجب طیب اردوان نے مذکورہ معاملے پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ جو لوگ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور دیگر انبیا کی شان میں گستاخی کریں گے، ان سے قانون کے مطابق بازپرس کی جائے گی۔

  • ترک صدر کا امریکا کے ساتھ دو طرفہ دفاعی تعاون بڑھانے کا اعلان، ٹرمپ سے ملاقات

    ترک صدر کا امریکا کے ساتھ دو طرفہ دفاعی تعاون بڑھانے کا اعلان، ٹرمپ سے ملاقات

    دی ہیگ: ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ وہ امریکا کے ساتھ دو طرفہ دفاعی تعاون بڑھا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ترک صدر طیب اردوان کی ملاقات ہوئی ہے، ترک صدارتی دفتر نے بتایا کہ دونوں رہنماؤں کی ملاقات نیٹو سربراہی اجلاس کے دوران ہوئی، جس میں دو طرفہ تعلقات اور علاقائی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ترک صدر رجب طیب اردوان نے امریکی کوششوں سے ایران اسرائیل جنگ بندی کا خیر مقدم کیا، اور غزہ بحران کے خاتمے اور یوکرین مسئلے پر مکالمے پر زور دیا، انھوں نے کہا امریکا کے ساتھ تجارتی حجم کو بڑھانے کے لیے دفاعی تعاون بڑھا رہے ہیں۔

    اردوان کا کہنا تھا توانائی، سرمایہ کاری اور ڈیفنس کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے مواقع موجود ہیں، دفاعی صنعت میں تعاون بڑھانے سے دو طرفہ تجارت کا حجم 100 ارب ڈالر تک پہنچانے میں مدد ملے گی۔

    ادھر برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے فرانس کے صدر اور جرمن چانسلر سے دی ہیگ میں ملاقات کی ہے، تینوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا، برطانوی وزیر اعظم آفس سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ سفارت کاری کا وقت ہے، اور تینوں رہنماؤں میں اس بات پر اتفاق ہوا ہے۔

  • وزیرِاعظم شہباز شریف کا دورہ ترکیہ، ترک صدر کا اہم بیان

    وزیرِاعظم شہباز شریف کا دورہ ترکیہ، ترک صدر کا اہم بیان

    ترک صدر رجب طیب اردوان کا وزیرِاعظم پاکستان شہباز شریف اور وفد کے دورہ ترکیہ سے متعلق اہم بیان سامنے آیا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ترک صدر نے کہا میزبانی کر کے خوشی ہوئی، وزیرِاعظم پاکستان کے ساتھ کئی اہم امور پر تبادلہ خیال کیا، شہباز شریف اور ان کے وفد کے ساتھ معیشت، تجارت اور سلامتی پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

    اُنہوں نے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان کے درمیان تعلقات کو ہر شعبے میں مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔

    رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعظم پاکستان شہباز شریف کے ذریعے پاکستانی بھائیوں کو محبت کا پیغام دیتا ہوں، شہباز شریف اور ان کے وفد کا ترکیہ کے دورے کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

    رجب طیب اردوان کا مزید کہنا تھا کہ اللّٰہ تعالیٰ ہماری یکجہتی اور بھائی چارے کو قائم رکھے۔

    دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے دورہ ترکیہ کے دوران ترک صدارتی محل میں صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کی اور تعاون پر شکریہ اداکیا۔

    ترک میڈیا نے بتایا کہ پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور رجب طیب اردوان کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں پاک ترک تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا، شہباز شریف نے ترکیہ کی مسلسل حمایت اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

    ترک میڈیا نے بتایا کہ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا ہے، علاقائی امن اور دہشت گردی کیخلاف مشترکہ کوششوں پر بھی زور دیا گیا۔

    وزیراعظم اور ترک صدر نے وفود کی سطح پر بھی ملاقات کی، وفد میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔

    بھارتی خواتین نے مودی کے جنگی بیانیے کی دھجیاں اڑا دیں

    ترک میڈیا نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے وفد میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیراطلاعات عطاتارڑ اور طارق فاطمی بھی شامل تھے۔

  • اردوان سے ملاقات کے بعد شہباز شریف کی ایکس پر پوسٹ

    اردوان سے ملاقات کے بعد شہباز شریف کی ایکس پر پوسٹ

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پوسٹ میں صدر ترکیہ کے لیے ’’پیارے بھائی‘‘ کے الفاظ لکھ کر ان کا شکریہ ادا کیا۔

    پاکستان کے وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے ایکس پر لکھا ’’استنبول میں پیارے بھائی صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کا اعزاز حاصل ہوا، جس میں حالیہ پاکستان بھارت تنازعہ میں پاکستان کی غیر متزلزل حمایت پر صدر اردوان کا شکریہ ادا کیا، جس کے نتیجے میں پاکستان نے شان دار فتح حاصل کی۔‘‘

    وزیر اعظم نے لکھا ملاقات میں پاکستانی عوام کی طرف سے ترک بھائیوں اور بہنوں کے لیے شکریہ کے جذبات کا اظہار کیا، انھوں نے بتایا کہ ملاقات میں کثیر جہتی دو طرفہ تعلقات، خصوصاً تجارت اور سرمایہ کاری میں جاری پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ انھوں نے ملاقات میں ناقابل تسخیر برادرانہ تعلقات اور تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے لیے مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

    واضح رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی ترک صدر رجب طیب اردوان سے اہم ملاقات ہوئی ہے، ملاقات کے اعلامیے کے مطابق پاک ترکیہ تعلقات کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا، دو طرفہ دیرینہ، تاریخی اور ثقافتی تعلقات پر گفتگو ہوئی، وزیر اعظم نے پاک بھارت کشیدگی میں حمایت پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا اور کہا ترکیہ کی حمایت دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی، لازوال رشتے کی عکاس تھی۔


    وزیراعظم کی ترک صدارتی محل آمد، ترکیہ کی مسلسل حمایت، تعاون پر شکریہ اداکیا


    وزیر اعظم نے ترکیہ کے اصولی مؤقف کو سراہا، ترکیے کی حمایت کو پاکستان کے لیے حوصلے اور عزم کا ذریعہ قرار دیا، وزیر اعظم نے دو طرفہ سرمایہ کاری، باہمی معاشی اشتراک میں اضافے پر بھی زور دیا، اور قابل تجدید توانائی، آئی ٹی، تعمیراتی شعبے، زراعت میں سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کیا، اس اہم ملاقات میں باہمی تجارت کو سالانہ 5 ارب ڈالرز تک لے جانے کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔