Tag: ترکیہ

  • استنبول دھماکا: ترکیہ پولیس نے 50 افراد کو گرفتار کر لیا

    استنبول دھماکا: ترکیہ پولیس نے 50 افراد کو گرفتار کر لیا

    استنبول: ترکی کے مرکزی شہر استنبول میں بم دھماکے کی تحقیقات میں ترکیہ پولیس کی جانب سے گرفتاریاں جاری ہیں، گرفتار افراد کی تعداد 50 ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اتوار کو استنبول شہر کے استقلال ایونیو میں بم دھماکے میں 6 افراد ہلاک اور 81 زخمی ہو گئے تھے، دھماکے کے بعد تحقیقات کے دوران ترکیہ پولیس نے ایک شامی خاتون احلام البشیر کو یونان فرار ہونے سے قبل گرفتار کیا۔

    بم نصب کرنے والی 46 سالہ شامی خاتون نے اعتراف کیا تھا کہ وہ کرد عسکریت پسندوں کے لیے کام کر رہی تھیں۔

    ادھر ترکیہ پولیس نے آج عمار جے اور اس کے بھائی احمد جے کو گرفتار کر لیا ہے، ترک میڈیا کے مطابق احمد جے مبینہ طور پر حملہ آور کو یونان فرار کرنے کا منصوبہ بنا رہا تھا، جب کہ عمار جے پولیس کو مطلوب تھا جو حملہ کرنے والی خاتون کے ساتھ رہتا تھا۔

    ترکیہ کا دہشت گرد حملے کے ذمہ داروں کیخلاف جوابی کارروائی کا اعلان

    ترکی نے استنبول حملے پر امریکی تعزیت بھی سختی کے ساتھ مسترد کر دی ہے، وزیر داخلہ سلیمان سویلو نے کہا کہ امریکی تعزیت ’جائے وقوعہ پر سب سے پہلے قاتل کے پہنچنے‘ جیسی ہے۔

    خیال رہے کہ صدر رجب طیب اردوان نے واشنگٹن پر شمالی شام میں کرد جنگجوؤں کو ہتھیار فراہم کرنے کا متعدد بار الزام لگایا، کرد جنگجوؤں کو انقرہ نے ’دہشت گرد‘ قرار دیا ہے۔

  • پاکستان سے ترکیہ جانے والوں کے لیے اچھی خبر

    پاکستان سے ترکیہ جانے والوں کے لیے اچھی خبر

    کراچی : پی آئی اے کا ترکیہ کے لئے فلائٹ آپریشن  کل سے شروع  ہورہا ہے ، پی آئی اے پاکستان سے ترکی کیلئے ہفتہ وار چھ پروازیں آپریٹ کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے نے کل سے ترکیہ کیلئے فلائٹ آپریشن شروع کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی۔

    پی آئی اے کی پہلی پرواز لاہور ائیرپورٹ سے استنبول کے لئے صبح سات بجے دو سو سے زائد مسافروں کو لیکر روانہ ہو گی۔

    پی آئی اے کے سی ای او اور ترکیہ کے قونصل خانے کا عملہ مسافروں کو رخصت کرے گا، پی آئی اے پاکستان سے ترکی کیلئے ہفتہ وار چھ پروازیں آپریٹ کرے گی۔

    ترجمان پی آئی اے نے بتایا ہے کہ پاکستان سے یورپ،برطانیہ اور امریکا کے مختلف شہروں میں جانیوالے مسافر استنبول سے پی آئی اے ترکش ایئر لائن کوڈشیئرمعاہدے کے تحت سفر کرسکیں گے۔

    مسافر استنبول سے 28شہروں تک رسائی حاصل کرسکیں گے، پہلے مرحلے میں لاہور سے 2 پروازیں استنبول روانہ ہوگی۔

    اسلام آباد سے 4پروازیں استنبول کیلئے آپریٹ ہوں گی ، پی آئی اے ترکی کیلئے اپنے بوئنگ 777طیارے آپریٹ کرے گی۔

  • ترکیہ میں ہولناک ٹریفک حادثہ

    ترکیہ میں ہولناک ٹریفک حادثہ

    انقرہ: ترکیہ میں ایک ہولناک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے جس میں 7 افراد جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ترکیہ کے صوبے أغرے میں ٹرک اور مسافر بس میں تصادم کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق ہو گئے۔

    ترک حکام کے مطابق بس کے ٹرک سے ٹکرانے کے نتیجے میں بس میں خوف ناک آگ بھڑک اٹھی، اس حادثے میں 11 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

    ترکی کے وزیر صحت نے بتایا کہ حادثہ پیر کو توتک میں پیش آیا، جو ایران اور آرمینیا کی سرحدوں کے قریب واقع ہے۔ رپورٹس کے مطابق مسافر بس جس ٹرک سے ٹکرائی تھی اس میں گیسولین کی ترسیل کی جا رہی تھی۔

    سعودی فضائیہ کا ایف 15 طیارہ گر کر تباہ

    بتایا جا رہا ہے کہ ایک ڈھلان اترتے ہوئے بس کے بریک نے کام چھوڑ دیا تھا اور بس بے قابو ہو کر ٹرک سے ٹکرا گئی۔ ترک صدر رجب طیب اردگان نے حادثہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کے لیے دعائے مغفرت کی۔

  • پاکستان سے ترکیہ جانے والے مسافروں کے لئے اچھی خبر

    پاکستان سے ترکیہ جانے والے مسافروں کے لئے اچھی خبر

    کراچی : قومی ایئرلائن (پی آئی اے) 15 نومبر سے ترکیہ کیلئے ہفتہ وار پروازوں کا آغاز کر رہا ہے، جس کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق ترکیہ جانے والے مسافروں کے لئے اچھی خبر آگئی ، پی آئی اے نے ترکی کیلئے فلائٹ آپریشن کے حوالے سے تیاریاں مکمل کرلیں۔

    پی آئی اے 15نومبر سے پاکستان سے ترکی کیلئے ہفتہ وار 6پروازیں آپریٹ کرے گی۔

    پاکستان سے یورپ، برطانیہ اور امریکا جانیوالے مسافر استنبول سے پی آئی اے ترکش ایئر لائن کوڈ شیئرمعاہدے کے تحت سفر کرسکیں گے۔

    معاہدے کی رو سے مسافر استنبول سے 28 شہروں تک رسائی حاصل کرسکیں گے۔

    پہلے مرحلے میں اسلام آباد سے 4 پروازیں استنبول کیلئے آپریٹ ہوں گی جبکہ لاہور سے 2 پروازیں استنبول روانہ ہوں گی، پی آئی اے ترکی کیلئے اپنے بوئنگ 777طیارے آپریٹ کرے گا۔

  • ملا نصرالدّین اور انعام

    ملا نصرالدّین اور انعام

    ملّا نصرالدّین کا نام تاریخ کے اوراق میں ایک حکیم اور دانا کے طور پر محفوظ ہے جو نہایت حاضر جواب، خوش باش اور زندہ دل تھے اور اپنے ظریفانہ انداز میں نصیحت اور سبق آموز واقعات بیان کرنے کے لیے مشہور تھے۔

    انھیں‌ کی زندگی کے حالات اور مختلف ادوار کی حقیقیت تو کسی کو معلوم نہیں۔ البتہ مشہور ہے کہ وہ اپنے علاقے کے ایک بزرگ اور عقل مند شخص تھے۔ یہ بھی ممکن ہے ملّا نصر الدّین کوئی خیالی کردار ہو، مگر ان سے کئی واقعات اور لطائف بھی منسوب ہیں۔ یہ بھی درست ہے کہ ان واقعات کی کوئی سند اور مضبوط حوالہ نہیں‌ ملتا۔ نصر الدّین کا وطن ترکی اور سنہ پیدائش 1208 بتایا جاتا ہے۔

    تاریخ کی اس دل چسپ اور نکتہ سنج شخصیت کا تذکرہ اور ان سے منسوب واقعات ترکی اور برصغیر کے لوک ادب میں‌ ضرور پڑھنے کو ملتے ہیں۔ یہاں ہم اس مشہور کردار سے منسوب ایک دل چسپ واقعہ نقل کررہے ہیں، ملاحظہ کیجیے۔

    ایک دن ملّا نصر الدّین نہانے کے لیے گرم حمام میں پہنچا۔ انھوں نے معمولی کپڑے زیبِ تن کیے ہوئے تھے۔ حمام میں خدمت گاروں نے انھیں‌ معزز نہ سمجھا اور ان کی طرف کوئی خاص توجہ نہ دی۔ نصر الدّین کو کپڑے دھونے اور نہانے کا سامان دے کر ایسے غسل خانے میں بھیج دیا گیا جہاں کچھ معقول انتظام نہ تھا۔

    ملّا جی نہا دھو کر باہر نکلے اور وہاں‌ موجود دو خدمت گاروں کو ایک ایک اشرفی انعام کے طور پر دے کر آگے بڑھ گئے۔ وہ دونوں دل ہی دل میں افسوس کرنے لگے کہ ہم نے اس انسان کو پہچاننے میں بڑی غلطی کی اور اس کی خدمت کو آگے نہ بڑھے ورنہ وہ خوش ہوتا اور ہمیں زیادہ انعام دیتا۔ ہفتے بھر بعد ملّا جی دوبارہ وہاں‌ پہنچ گئے اور اس بار ان دونوں آدمیوں نے ان کی بڑی خدمت کی، انھیں‌ خوشبو دار صابن، تولیہ وغیرہ دے کر اس غسل خانے تک پہنچایا جو نفاست پسند اور امیر لوگوں کے لیے مخصوص تھا۔

    جب ملّا جی نہا دھو کر باہر نکلے تو ان دونوں‌ آدمیوں‌ کو بیتابی سے اپنا منتظر پایا۔ اس مرتبہ ملّا نصر الدّین نے ان دونوں کی ہتھیلی پر ایک ایک پیسہ رکھ دیا۔ وہ یہ دیکھ کر بہت حیران ہوئے اور ملاّ سے کہا: "حضور، اس روز جب ہم نے کوئی خدمت نہ کی تو ہمیں ایک ایک اشرفی ملی، اور آج ہمارا یہ محنتانہ؟”

    اس پر ملّا نے مسکراتے ہوئے جواب دیا: "اس دن تم نے میری طرف کوئی توجہ نہیں دی تھی، جس کا معاوضہ تمہیں آج دیا ہے، اور آج تم نے بڑی خدمت کی تو اس کا معاوضہ میں‌ تم دونوں ایک ایک اشرفی کی صورت میں‌ پیشگی دے گیا تھا۔”

  • چھالیہ اور سپاری نے ترکیہ میں پاکستانی سیاح کو جیل پہنچا دیا

    چھالیہ اور سپاری نے ترکیہ میں پاکستانی سیاح کو جیل پہنچا دیا

    اسلام آباد : چھالیہ اور سپاری نے ترکیہ میں پاکستانی سیاح کو جیل پہنچا دیا، نوجوان کے اہل خانہ نے وزیراعظم سے مدد کی اپیل کردی۔

    تفصیلات کے مطابق چھالیہ لے جانے والے پاکستانی نوجوان کو ترکیہ میں گرفتار کرلیا گیا۔

    اویس کو گزشتہ ماہ کمپنی نے اچھی کارکردگی دکھانے پر ترکیہ کی سیر کے لیے بھیجا، اویس نے چھالیہ کے دو پیکٹ بطور  تحفہ اس ٹور آپریٹر کے لیے رکھے، جس نے اسے ترکیہ میں خدمات فراہم کرنا تھیں۔

    اویس کے والد کا کہنا ہے اویس کو معلوم نہیں تھا کہ چھالیہ یا سپاری ترکیہ میں منشیات کا درجہ رکھتی ہے۔

    والد نے مزید کہا کہ اویس دل کا مریض ہے، ہم اب تک اس کیس پر چودہ پندرہ لاکھ روپے خرچ کر چکے ہیں۔۔ ہمیں بتایا گیا کہ چھالیہ کو لیبارٹری بھیجا جائے گا، رپورٹ آنے میں چھ ماہ لگیں گے تب کوئی فیصلہ ہوگا۔

    سیف اللہ کا کہنا تھاکہ ہم وزیراعظم کے محلے دار ہیں، متعدد بار ماڈل ٹاؤن ان کی رہائش گاہ گئے لیکن وہاں کوئی شنوائی نہیں ہورہی۔

    والد سیف اللہ نے مزید کہا کہ وکیلوں کی فیس ادانہیں کر سکتے،وزیر خارجہ ترکیہ حکومت سے معاملہ اٹھائے، کئی اور لوگ بھی اسی الزام میں ترکیہ کی جیل میں بند ہیں۔

    نوجوان کے والد نے وزیراعظم سے اپیل کی کہ غریب لوگ ہیں، بیٹے کو فوری رہا کرایا جائے۔

    وزیراعظم کے ہمسائے میں رہائش پذیر 26 سالہ اویس15ستمبرسےگرفتارہے ، پاکستانی سفارتخانہ نے نوجوان کے ورثا کو ایک لیٹر دے کر جان چھڑا لی۔

    سفارتخانے کو چھالیہ یا گٹکا پر پابندی کا علم ہونے کے باوجود پبلک نوٹس جاری نہ کیا گیا ، نوجوان کی گرفتاری کے بعد سفارت خانے کو بپلک نوٹس یاد آیا۔

  • ترکیہ میں المناک حادثہ، کوئلے کی کان میں دھماکے سے 28 افراد ہلاک

    ترکیہ میں المناک حادثہ، کوئلے کی کان میں دھماکے سے 28 افراد ہلاک

    انقرہ: ترکیہ میں المناک حادثہ پیش آیا ہے، کوئلے کی ایک کان میں دھماکے سے 28 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ترکی کے شمالی صوبے بارٹن میں کوئلے کی کان میں دھماکے سے کم از کم اٹھائیس افراد ہلاک اور درجنوں زیر زمین پھنسے ہوئے ہیں۔

    ترکیہ کی وزارتِ داخلہ کے مطابق دھماکا ساحلی صوبے بارٹن کے قصبے اماسرا کی کان میں ہوا، وزیر صحت نے بتایا کہ دھماکے کے بعد تاحال 50 سے زائد افراد زیرِ مین ہائی رسک زون میں دبے ہوئے ہیں، جب کہ 11 افراد کو ریسکیو کر لیا گیا ہے۔

    وزارت داخلہ کے مطابق جمعے کو کان میں دھماکے کے وقت 110 افراد موجود تھے، جن میں سے تقریباً نصف 300 میٹر گہرائی میں تھے، کان میں دھماکا گیس کی اخراج کی وجہ سے ہوا ہے۔

  • ترکیہ روس سے پاکستان کو گیس کی فراہمی کے منصوبے پر کام کرنے پر رضامند

    ترکیہ روس سے پاکستان کو گیس کی فراہمی کے منصوبے پر کام کرنے پر رضامند

    سمر قند : ترکیہ نے روس سے پاکستان کو گیس کی فراہمی کے منصوبے پر کام کرنے پر رضامندی ظاہر کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سمرقند میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کے اجلاس کے موقع پر ترک صدر رجب طیب ایردوان سے ملاقات کی۔

    میٹنگ کے دوران روس سے پائپ لائن کے ذریعے پاکستان کو گیس کی فراہمی کے منصوبے پر کام کرنے پر ترکیہ اور پاکستان کے درمیان اتفاق ہوا۔

    ترکیہ کے صدر نے وزیراعظم شہباز شریف سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ روس، قزاقستان اور ازبکستان میں کسی حد تک گیس پائپ لائن کے لیے بنیادی ڈھانچہ پہلے سے ہی موجود ہے۔

    ملاقات میں اس سلسلے میں دوطرفہ تجارت کے فروغ، گیس کی فراہمی سمیت لارج اسکیل منصوبوں کے امکانات اور عملدرآمد پر اتفاق رائے کیا گیا۔

    ترک صدر کا کہنا تھا کہ ہم جنوب مشرقی ایشیا اور مجموعی طور پر ایشیا میں پاکستان کو اپنا ترجیحی شراکت دار تصور کرتے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان نہایت مثبت انداز میں تعلقات فروغ پا رہے ہیں جس پر ہمیں بے حد خوشی ہے۔

    ،صدراردوان نے کہا کہ آپ سے مل کر بڑی خوشی ہو رہی ہے، آپ کے بڑے بھائی کے ساتھ امور کار انجام دینے کی اچھی یادیں وابستہ ہیں۔

    دوسری جانب روسی ایوان صدر کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران مسٹر پوتن نے پاکستان روس اسٹریم گیس پائپ لائن منصوبے کو فعال کرنے کے امکان پر تبادلہ خیال کیا، جو پاکستان کو ایل این جی کی ترسیل کے لیے درکار بنیادی ڈھانچہ فراہم کر سکتا ہے۔

    خیال رہے یہ منصوبہ 2020 میں شروع ہونا تھا، اس وقت تاخیر کا شکار ہوا جب روس کو ابتدائی شراکت دار کو تبدیل کرنا پڑا، جو مغربی پابندیوں کی زد میں تھا۔

  • ترکیہ سے امدادی سامان کے 2 مزید طیارے پہنچ گئے، تعداد 8 ہو گئی

    ترکیہ سے امدادی سامان کے 2 مزید طیارے پہنچ گئے، تعداد 8 ہو گئی

    کراچی: ترکیہ سے امدادی سامان کے 2 مزید طیارے پہنچ گئے، امدادی سامان کے طیاروں کی تعداد 8 ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ترکیہ کی حکومت کی جانب سے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی امداد کا سلسلہ جاری ہے، آج مزید 2 خصوصی طیارے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان لے کر کراچی ایئر پورٹ پہنچ گئے۔

    سامان میں خیمے، کمبل اور کھانے پینے کی اشیا شامل ہیں، ترکیہ سے اب تک مجموعی طور 8 جہاز سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان لے کر پہنچے ہیں۔

    مزید جہاز بھی ترکیہ سے امداد لے کر کراچی پہنچیں گے، اب تک مجموعی طور 90 ٹن امدادی سامان سیلاب متاثرین کے لیے ترکیہ سے کراچی لایا جا چکا ہے۔

  • ترکیہ کے شام میں فضائی حملے، 25 ہلاک

    ترکیہ کے شام میں فضائی حملے، 25 ہلاک

    انقرہ: ترکیہ نے شام میں فضائی حملے کیے ہیں، جن کے نتیجے میں شامی فوجیوں سمیت 25 افراد ہلاک ہو گئے۔

    اے آروائی نیوز براہِ راست دیکھیں live.arynews.tv پر

    عرب نیوز کے مطابق ترکیہ کے جنگی طیاروں نے منگل کو صوبہ حلب کے مشرق میں واقع عین العرب کے مغربی دیہی علاقوں میں شدید راکٹ باری کی، جس کے نتیجے میں ایک بچہ سمیت پچیس افراد ہلاک ہو گئے۔

    ترک جنگی طیاروں نے علاقے کے دیگر مقامات پر بھی بمباری کی، جس میں ترکیہ کی فضائیہ نے عسکریت پسندوں کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔

    شامی فورسز نے بھی ترکیہ کے فوجی ٹھکانوں پر جوابی حملے کا دعویٰ کیا ہے۔ شامی ڈیموکریٹک فورسز کی کرد ملیشیا نے صوبہ سانلیئورفا میں ترک فوجی سرحدی چوکی پر مارٹر حملے کا جواب دیا جس میں ایک فوجی ہلاک اور چار زخمی ہوئے۔

    مارٹر حملے کے بعد ترک فورسز نے عین العرب کے علاقے میں اہداف پر جوابی فائرنگ کی، انقرہ میں وزارت دفاع کے مطابق اس حملے میں 13 دہشت گرد مارے گئے۔

    واضع رہے ترک صدر رجب طیب اردوان نے شمالی شام میں 30 کلو میٹرطویل محفوظ علاقہ بنانے کا اعلان کر رکھا ہے، جس کے تحت کرد اکثریتی شہر عین العرب اور امریکا کی حمایت یافتہ شامی جمہوری فورسز کے زیر قبضہ دیگر قصبوں میں کارروائی کی جائے گی۔