Tag: ترکیہ

  • ملک بھر میں انسٹا گرام  بند کردیا گیا

    ملک بھر میں انسٹا گرام بند کردیا گیا

    انقرہ : ترکیہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام کو بند کردیا، ترک اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ہنیہ کی شہادت پرتعزیتی پوسٹوں کو سنسرکیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترکیہ نے اسماعیل ہنیہ سے متعلق پوسٹ سنسر کرنے پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام کو بند کردیا۔

    ترک کمیونیکیشن اتھارٹی نے اپنی ویب سائٹ پرلکھا انسٹا گرام ڈاٹ کام کو آج سے بند کیا جارہا ہے۔

    تاہم ترکیہ کی جانب سے  سماجی رابطے کی ویب سائٹ  پر پابندی یا التون کے تبصروں پر میٹا کی جانب سے کسی قسم کا کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔

    گزشتہ روزترک ایوان صدرکے کمیونیکیشن ڈائریکٹر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اسماعیل ہنیہ کے قتل پرتعزیتی پوسٹوں کو سنسر کرنے کا الزام لگایا تھا۔

    التون نے سوشل میڈیا پر لکھا ہم ان پلیٹ فارمزکیخلاف اظہار رائے کی آزادی کا دفاع کرتے رہیں گے اور ہرپلیٹ فارم پرفلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔

  • ترکیہ کا امریکہ سے F-16 جنگی طیارے خریدنے کا معاہدہ

    ترکیہ کا امریکہ سے F-16 جنگی طیارے خریدنے کا معاہدہ

    ترکیہ کی وزارتِ دفاع نے کہا ہے کہ ترکی اور امریکہ نے F-16جنگی طیاروں کی فروخت کے معاہدوں پر دستخط کردیئے ہیں، واشنگٹن نے مذاکرات کے بعد 23 بلین ڈالر کے معاہدے کی اجازت دیدی ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ”جنگی جہاز خریدنے کے معاہدے پر دستخط ہو گئے تھے اور دونوں اطراف کے وفود تفصیلات کے لیے مذاکرات کر رہے ہیں۔”

    معاہدے کے تحت ترکیہ کو 40 نئے F-16طیارے دیئے جائیں گے جبکہ اس کے موجودہ بیڑے میں 79 جیٹ طیاروں کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔

    امریکی محکمہ خارجہ نے گذشتہ ہفتے ترکیہ کی جانب سے نئے F-16جنگی طیاروں کی خریداری میں ”ایک اہم پیش رفت” کا خیرمقدم کیا اور انہیں صرف قریبی اتحادیوں اور شراکت داروں کے لیے دستیاب اب تک کے جدید ترین طیارے قرار دیا۔

    یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ جب تک ترکیہ کی طرف سے سویڈن کی نیٹو رکنیت کی توثیق کی دستاویزات واشنگٹن نہیں پہنچ گئیں، امریکہ نے اس سودے کی اجازت نہیں دی۔

    سکھ رہنما کے قتل کی بھارتی سازش، امریکی صدر کا اہم فیصلہ

    ایک سال سے زیادہ تاخیر کے بعد ترکی کی پارلیمنٹ نے سویڈن کی نیٹو رکنیت کی توثیق کی جو یوکرین کے خلاف روس کی جنگ کے باوجود متحد ہونے کے لیے مغربی ممالک کے لیے پریشانی کا باعث بنا۔

  • ترکی میں تیار ہونے والا پی این ایس بابر پاکستان کے لیے روانہ

    ترکی میں تیار ہونے والا پی این ایس بابر پاکستان کے لیے روانہ

    ترکی میں تیار ہونے والا، پاک بحریہ کا پہلا ملجم/بابر کلاس جہاز پی این ایس بابر پاکستان کے لیے روانہ ہو گیا ہے۔

    استنبول سے ترک حکام نے پی این ایس بابر کو پہلے سفر پر روانہ کیا، اس بحری جہاز کی کمیشننگ تقریب گزشتہ برس ستمبر میں ہوئی تھی، ذرائع کا کہنا ہے کہ پی این ایس بابر کی باک بحریہ میں انڈکشن کی تقریب بھی جلد کراچی میں منعقد کی جائے گی۔

    پی این ایس بابر کی تعمیر کا آغاز 4 جون 2020 کو ہوا تھا، اسے 15 اگست 2021 کو لانچ کیا گیا جب کہ کمیشننگ 23 ستمبر 2023 کو ہوئی، ورٹیکل لانچنگ سسٹم سے لیس بابر کلاس کے 4 جہاز پاک بحریہ میں شامل کیے جا رہے ہیں، پاک ترک معاہدے کے تحت 2 جہاز استنبول اور 2 کراچی میں تیار کیے جا رہے ہیں۔

    بابر کلاس کے 3 دیگر جہاز پی این ایس بدر، طارق اور خیبر اس وقت تیاری کے مختلف مراحل میں ہیں، بابر کلاس جہاز بہ یک وقت سطح آب، زیر آب اور فضا میں جنگ لڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے، 2888 ٹن بابر کلاس جہاز پر فضائی خطرات سے نمٹنے کے لیے ورٹیکل لانچ سسٹم کے ذریعے ہدف کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔

  • ترکیہ جانے کے خواہشمند پاکستانیوں کیلیے اہم معلومات

    ترکیہ جانے کے خواہشمند پاکستانیوں کیلیے اہم معلومات

    پاکستان سمیت دنیا بھر سے لوگوں کی بڑی تعداد ترکیہ کی جانب سفر کرتی ہے، جن میں طلباء و طالبات تاجر اور سیاح شامل ہیں۔

    وہاں کے تاریخی اور سیاحتی مقامات اور تفریح کے منفرد ذرائع دنیا بھر سے سیاحوں کو تیزی سے ترکی کی طرف راغب کر رہے ہیں۔

    پاکستان سے ترکیہ جانے والے خواہشمند افراد اس مضمون سے ترکیہ کے سفر میں پیش آنے والی ضروریات اور اہم معلومات سے متعلق استفادہ لے سکتے ہیں۔

    وزٹ ویزا

    پاکستان میں اناطولیہ ویزا ایپلی کیشن سینٹرز ترکی کے وزٹ ویزا کیلیے درخواستیں قبول کرتے ہیں۔ ترکی کے وزٹ ویزا کی درخواست کے ساتھ بینک اسٹیٹمنٹ، ہیلتھ انشورنس، ایئر ٹکٹ کی تفصیلات، تصویر، فنگر پرنٹس،ہوٹل ریزرویشن اور دیگر تفصیلات بھی جمع کرنا ضروری ہیں۔

    فیس کی وصولی 

    اناطولیہ ویزا ایپلیکیشن سینٹر عام درخواست کے لیے 65 امریکی ڈالر اور وی آئی پی درخواست کے لیے 80 امریکی ڈالر کی سروس فیس وصول کرتا ہے۔

    پاکستان سے سفر کرنے والے پاکستانیوں اور غیر ملکیوں کو ایکسچینج ریٹ کے مطابق ویزا فیس پاکستانی کرنسی میں ادا کرنا ہوگی۔

    ملٹی پَل اور سنگل انٹری فیس کتنی ہے؟

    مذکورہ ویزا فیس ناقابل واپسی ہے، ترکی میں ایک داخلے کے لیے سفارت خانے کی فیس امریکی ڈالر 60 اور متعدد داخلوں کے لیے امریکی ڈالر 190 ہے۔ 19 اپریل کے ایکسچینج ریٹ کے مطابق ایک امریکی ڈالر 280 پاکستانی روپے کے برابر ہے، اس لیے سنگل انٹری ویزا فیس 16 ہزار 800 روپے اور ملٹی پل انٹری فیس 53 ہزار 200 روپے ہے۔

    ہیلتھ انشورنس

    اس کے علاوہ یہ جاننا بھی ضروری ہے کہ صرف اناطولیہ ویزا درخواست مراکز سے دستیاب سفری ہیلتھ انشورنس قبول کی جائے گی، ٹریول ہیلتھ انشورنس کی میعاد بھی اس تاریخ سے شروع ہوگی جس تاریخ کو ویزا کی درخواست جمع کروائی گئی ہے۔

    ترکی کا دورہ کرنے کے خواہشمند افراد کو ترکی کے سفارت خانے یا قونصل خانے کی ہدایات کے مطابق 3، 6 یا 12 ماہ کی بنیاد پر ترکی آنے والی ٹریول ہیلتھ انشورنس بھی حاصل کرنی چاہیے۔

    تین ماہ کا سفری ہیلتھ انشورنس امریکی ڈالر55، 6 ماہ کا سفری ہیلتھ انشورنس امریکی ڈالر75 اور ایک سال کا سفری ہیلتھ انشورنس امریکی ڈالر95 ہوگا۔

  • ترکیہ: سحری میں جگانے والی خواتین دوبارہ گلیوں میں نکل پڑیں

    ترکیہ: سحری میں جگانے والی خواتین دوبارہ گلیوں میں نکل پڑیں

    ترکیہ میں سحری میں جگانے والی خواتین دوبارہ گلیوں میں نکل پڑیں اور ڈھول بجا کر لوگوں کو سحری کے لئے اُٹھایا، جہاں خواتین کے گروپ سے کچھ لوگ خوش ہوئے جبکہ بعض نے ناراضگی کا اظہار بھی کیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق خواتین کے ایک گروپ نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے دوسرے دن کی سحری کے وقت ترک ریاست مارسین کے ساحلی علاقے میں ڈھول بجا کر اور نغمے گا کر رہائشیوں کو جگایا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق سحری میں جگانے والا خواتین کا یہ گروپ کئی سالوں سے لوگوں کو ڈھول بجا کر سحری کے لیے جگا رہا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس گروپ میں صرف خواتین شامل ہیں، یہ خواتین ریاست مارسین میں اپنے رہائشی علاقے میں سحری کے وقت مل کر گانے گاتی ہیں اور لوگوں کو سحری میں جگاتی ہیں۔

    سعودی عرب: رمضان کے حوالے سے اہم ہدایات جاری

    سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی خواتین کی تصاویر اور ویڈیوز کے بعد صارفین کی طرف سے اس پر ملا جلے رد عمل کا اظہار کیا جارہا ہے۔

  • کیا بلدیاتی انتخابات اردوان کا آخری الیکشن ہے؟

    کیا بلدیاتی انتخابات اردوان کا آخری الیکشن ہے؟

    انقرہ: ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے بلدیاتی انتخابات کو اپنا آخری الیکشن قرار دے دیا ہے۔

    ترک سرکاری خبر رساں ایجنسی انادولو کے مطابق جمعہ کو ترک صدر رجب طیب اردوان نے بلدیاتی الیکشن کو اپنا آخری الیکشن قرار دیتے ہوئے کہا کہ 31 مارچ کو ہونے والے بلادیاتی انتخابات ان کا آخری الیکشن ہوگا۔

    رجب طیب اردوان جدید ترکی کے سب سے کامیاب سیاست دان ہیں جنھوں نے گزشتہ دو دہائیوں سے زیادہ عرصے تک ملک کی قیادت کی، 2002 کے بعد سے ایک درجن سے زیادہ انتخابات میں فاتح قرار پائے۔

    اردوان مئی 2023 میں ہونے والے انتخابات کے دوران 5 سال کی مدت کے لیے دوبارہ منتخب ہوئے، اردوان نے کہا کہ قانون کے ذریعے دیے گئے مینڈیٹ کے تحت یہ میرا آخری الیکشن ہے، جو بھی نتیجہ نکلے گا وہ میرے بعد آنے والے بہن بھائیوں کو میراث کی منتقلی ہوگا۔

  • کیا آپ جانتے ہیں کہ دنیا کی سب سے خطرناک سڑک کونسی ہے؟

    کیا آپ جانتے ہیں کہ دنیا کی سب سے خطرناک سڑک کونسی ہے؟

    ویسے تو دنیا بھر میں کئی خطرناک سڑکیں موجود ہیں تاہم کچھ راستے ایسے ہیں جن پر سفر کرنا انسان کو موت کی یاد دلا دیتا ہے۔

    ترکیہ کے شمال مشرقی صوبے بائی برٹ میں واقع D915 نامی سڑک کو دنیا کی سب سے خطرناک سڑک کے طور پرجانا جاتا ہے۔ اچھے اچھے ڈرائیور اسے دنیا کی انتہائی خطرناک اور مشکل ترین سڑک سمجھتے ہیں۔

    یہ سڑک اف نامی شہر سے بائی برٹ صوبے کے صدر مقام تک 65 میل (105 کلومیٹر) پر محیط ہے جبکہ اس سڑک پر سفر کرنا بھی ہر کسی کے بس کی بات نہیں۔

    یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ کئی سالوں تک براعظم جنوبی امریکا کے ملک بولیویا کے یانگاس روڈ المعروف ڈیتھ روڈ نے دنیا کے خطرناک ترین سڑک کا غیر سرکاری اعزاز حاصل کررکھا تھا۔

    پہاڑی علاقوں کے ماؤنٹین رینج سے 4650 میٹر بلندی پر واقع یانگاس روڈ بولیویا میں آنیوالے سیاحوں میں بہت مقبول ہے اور ہر سال یہاں پر 25 ہزار سے زیادہ سیاح آتے ہیں۔

    تاہم اب چند مہم جو افراد کے مطابق بولیویا کے ڈیتھ روڈ کو بھی شمال مشرقی ترکیہ کی D915 نامی اس سڑک نے پیچیدگی اور مشکل میں پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ اس سڑک پر جن لوگوں نے ڈرائیونگ کی ہے وہ اسے کافی مشکل قرار دیتے ہیں۔

    یہ سڑک ترکیہ کے شمال مشرقی صوبہ اناطولیہ کو بحیرہ اسود (بلیک سی) سے ملاتی ہے، یہ پہاڑی سڑک بے پناہ موڑ، پیچ و خم اور اتار چڑھاؤ پر مشتمل ہے۔

    ڈی 915 نامی روڈ نہ صرف دشوار گزار و تنگ راستوں پر مبنی ہے بلکہ بہت ماہر ڈرائیور بھی اس خطرناک سڑک پر گاڑی چلاتے ہوئے خود کو چوکناں رکھتے ہیں۔

  • ویڈیو: مٹی کے خوفناک دریا نے سونے کی کان میں 9 کان کن دفن کر دیے

    ویڈیو: مٹی کے خوفناک دریا نے سونے کی کان میں 9 کان کن دفن کر دیے

    انقرہ: ترکیہ میں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے مٹی کے خوفناک دریا نے سونے کی کان میں 9 کان کنوں کو دفن کر دیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مشرقی ترکیہ میں لینڈ سلائیڈنگ سے 9 کان کن لاپتا ہو گئے ہیں، مٹی کے ایک خوف ناک دریا نے صوبہ ارزنجان میں سونے کی کان ڈھانپ دی، واقعے کی ایک ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جس میں خوف ناک انداز میں مٹی کا دریا بہتا نظر آتا ہے۔

    لاپتا افراد کی تلاش کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے، وزارت توانائی کے حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، یہ واضح نہیں ہوا ہے کہ آیا لاپتا ہونے والے زیر زمین کام کرنے والے کان کن تھے، یا وہ لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ علاقے کی سطح پر کام کر رہے تھے، کیوں کہا جا رہا ہے کہ اگر وہ زیر زمین کام کر رہے تھے تو پھر ان کے بچنے کے امکانات معدوم ہیں۔

    لینڈ سلائیڈنگ گزشتہ روز دوپہر ڈھائی بجے کے قریب ہوئی، یہ واقعہ ترکی کے پہاڑی صوبہ ارزنجان میں واقع ’کوپلر کان‘ میں پیش آیا، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مٹی راستے میں آنے والی ہر چیز کو لپیٹ میں لے رہی ہے۔ وزیر داخلہ علی یرلیکایا نے کارکنوں کے لاپتا ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ 400 سرچ اینڈ ریسکیو اہلکاروں پر مبنی ٹیمیں تلاش اور بچاؤ کی کوششیں کر رہی ہیں۔

    اسے ایک بڑا لینڈ سلائیڈ مانا جا رہا ہے، کوپلر مائن کے حصص کی آدھی قیمت لینڈ سلائیڈنگ کے بعد گر گئی ہے، حکام کا کہنا ہے کہ لینڈ سلائیڈنگ کے محرک کا کوئی پتا نہیں چلا ہے۔ ماہرین نے یہ تشویش بھی ظاہر کی ہے کہ کان کا فضلہ سائینائیڈ سے آلودہ ہے، جس کے اب نکاسی آب کے نظام میں جانے کا امکان ہے، جو ایک ممکنہ ماحولیاتی آفت ہے۔

  • ترکیہ زلزلے کو سال مکمل ہونے پر لاپتا افراد جاں بحق تصور، سال میں ایک لاکھ گھر تعمیر

    ترکیہ زلزلے کو سال مکمل ہونے پر لاپتا افراد جاں بحق تصور، سال میں ایک لاکھ گھر تعمیر

    انقرہ: جنوبی ترکی اور شمالی شام میں 7.8 شدت کے زلزلے کو ایک سال مکمل ہو گیا ہے، صدمے سے بچ جانے والے افراد آج بھی اپنے ٹوٹے وجود اور ٹوٹے گھروں کی تعمیر کے لیے پریشان پھر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ سال 6 فروری کو ترکیہ میں تباہ کن زلزلے میں زلزلے میں 50 ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بنے اور سینکڑوں لاپتا اور لاکھوں میں بے گھر ہو گئے تھے، حکام نے کہا ہے کہ جو لوگ نہیں مل سکے، وہ اب جاں بحق تصور کیے جائیں گے۔

    ترکیہ کی حکومت نے زلزلے کے بعد سے گزشتہ ایک سال میں ایک لاکھ گھر تعمیر کر لیے ہیں، ترک صدر رجب طیب اردوان نے ایک تقریب میں لوگوں کو گھروں کی چابیاں حوالے کیں۔ واضح رہے کہ زلزلے میں تقریباً 40 لاکھ گھروں کو نقصان پہنچا تھا۔

    ترکیہ کے ہاتے صوبے میں کنٹینر سٹی کا ایک منظر

    متاثرہ علاقوں میں آج بھی لوگ بچی کچی اشیا اور دھاتی اسکریپ جمع کر کے بیچ کر گزارا کرنے پر مجبور ہیں، کئی علاقوں کی معیشت بری طرح تباہ ہو چکی ہے، اور دکانیں، بینک، بیکریاں اور ریسٹورنٹس کنٹینرز میں منتقل ہو چکے ہیں، جو مرکزی سڑکوں کے اطراف میں دکھائی دیتے ہیں، لوگ بھی خیموں یا کنٹینرز میں رہنے پر مجبور ہیں۔ زلزلے اور آفٹر شاکس کے باعث ہزاروں لوگوں کی دماغی صحت آج بھی شدید متاثر ہے، جن کی بحالی کے لیے متاثرہ علاقوں میں رضاکارانہ معالجین اور دماغی صحت کے این جی او ورکرز کے گروپ تعینات کیے گئے ہیں۔

  • ترکیہ میں اسرائیلی فٹبالر میچ کے دوران شرمناک حرکت پر گرفتار، نیتن یاہو کا رد عمل آ گیا

    ترکیہ میں اسرائیلی فٹبالر میچ کے دوران شرمناک حرکت پر گرفتار، نیتن یاہو کا رد عمل آ گیا

    استنبول: ترکیہ میں ایک اسرائیلی فٹبالر کو میچ کے دوران غزہ نسل کشی پر جشن منانے پر گرفتار کر لیا گیا ہے، دوسری جانب اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو اور وزارت خارجہ اس کی رہائی کے لیے متحرک ہو گئے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ترک فٹبال لیگ کے دوران 28 سالہ اسرائیلی فٹبالر Sagiv Jehezkel نے گول کرنے کے بعد ہاتھ پر بندھی پٹی پر لکھے ایک پیغام کی طرف اشارہ کیا، جس پر ’’100 دن 7/10‘‘ لکھا تھا، فٹبالر نے بازو پر موجود ’ستارہ داؤدی‘ کی طرف بھی اشارہ کیا۔

    انطالیہ کے پبلک پراسیکیوٹر کے دفتر نے فٹبالر کے خلاف غزہ میں اسرائیلی قتل عام کے حق میں نفرت انگیز جشن منانے اور عوام کو نفرت پر اکسانے کے لیے عدالتی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

    اسرائیلی فٹبالر ترک سوپر لیگ کلب انطالیہ سپور کے لیے کھیل رہا تھا، جس نے اس کے ساتھ معاہد ختم کر دیا ہے، یہ واقعہ ترک کپ کے 5 ویں راؤنڈ میں ترابزونسپور کے خلاف 68 ویں منٹ میں گول کرنے کے بعد پیش آیا، جس پر اسے گرفتار کر لیا گیا۔

    ادھر اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو اور وزارت خارجہ نے فٹبالر کی رہائی اور وطن واپسی کے لیے اقدامات شروع کر دیے ہیں، اسرائیلی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ حکومت فٹبالر کی رہائی کے لیے سفارتی ذرائع سے کام لے رہی ہے۔ رپورٹس کے مطابق فٹبالر کو جلد ہی جج کے سامنے پیش کیا جائے گا، اسرائیلی حکام مزید کارروائی کرنے سے قبل جج کے فیصلے کا انتظار کر رہے ہیں۔

    فٹبالر کی گرفتاری نے ادھر اسرائیل میں غم و غصے کی لہر دوڑا دی ہے، اسرائیل کے سابق وزیر اعظم نفتالی بینیٹ نے X پر لکھا ’’ترک حکومت کو شرم آنی چاہیے۔‘‘