Tag: ترکیہ

  • ترکیہ نے عالمی عدالت انصاف میں اسرائیل کیخلاف مزید ثبوت پیش کردیئے

    ترکیہ نے عالمی عدالت انصاف میں اسرائیل کیخلاف مزید ثبوت پیش کردیئے

    ترکیہ کی جانب سے اسرائیل کے خلاف نسل کشی کے مقدمے کے ثبوت عالمی عدالت انصاف کے روبرو پیش کر دیے گئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ فلسطینی شہریوں کے خلاف نسل کشی کے ارتکاب کے الزام میں اقوامِ متحدہ کی بین الاقوامی عدالت انصاف میں اسرائیل کے خلاف جنوبی افریقا کی طرف سے دائر مقدمے کے لیے دستاویزات جمع کرائے ہیں۔

    ترک صدر نے استنبول میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ غزہ پر اسرائیلی حملوں کے بارے میں دستاویزات میں زیادہ تر تصاویر فراہم کرتا رہے گا۔

    ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ عالمی عدالت میں اسرائیل کو سزا سنائی جائے گی، ہم بین الاقوامی عدالت انصاف کے انصاف پر یقین رکھتے ہیں۔

    اُنہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ ترکیہ کی طرف سے جمع کرائے گئے دستاویزات سے جنوبی افریقا کے کیس کو تقویت ملے گی۔

    اسرائیلی فوج کی غزہ پر بمباری، مزید 151 فلسطینی شہید

    یاد رہے کہ عالمی عدالت انصاف میں رواں ہفتے فلسطینیوں کے قتلِ عام پر اسرائیل کے خلاف جنوبی افریقا کی درخواست پر سماعت منعقد کی گئی تھی۔

  • بیوی نے شوہر کو بالکونی سے نیچے پھینک دیا

    بیوی نے شوہر کو بالکونی سے نیچے پھینک دیا

    استنبول : ترکیہ میں خاتون نے اپنے شوہر کو غیر ازدواجی تعلقات رکھنے پر بالکونی سے نیچے پھینک دیا۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ ترکیہ کی ریاست بورصہ میں پیش آیا جہاں خاتون نے اپنے شوہر کو غیر ازدواجی تعلقات رکھنے پر پہلے بالکونی سے نیچے پھینکا اور پھر چھری کے وار کرکے قتل کرنے کی کوشش کی۔

    رپورٹ کے مطابق بالکونی سے نیچے گرنے کی وجہ سے اس شخص کے سر، پاؤں اور ہاتھوں پر گہرے زخم آئے ہیں جس کے بعد اہل محلہ نے نہایت زخمی حالت میں خاتون کے شوہر کو اسپتال منتقل کیا۔

    تاہم متاثرہ شخص کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے، اہل محلہ نے بتایا کہ پہلے ان کے فلیٹ سے ہمیں جھگڑنے کی آوازیں آرہی تھیں اور پھر کسی کے گرنے کے زور دار آواز آئی، باہر دیکھا تو ایک شخص نیچے زمین پر گرا ہوا تھا۔

    اس پورے واقعے کی ویڈیو ایک پڑوسی نے اپنے کیمرے میں قید کرلی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بیوی چھری لے کر اپنے شوہر کے پاس موجود ہے اور اسے مارنے کی کوشش کرتی ہے تاہم اس وقت تک وہاں پہنچنے والے ہمسائیوں نے بچالیا۔

    پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی لیکن کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی، دوسری جانب زیر گردش ویڈیو نے سوشل میڈیا پر ایک بحث چھیڑ دی ہے، جس میں بہت سے لوگوں نے اس واقعے پر صدمے اور غصے کا اظہار کیا ہے۔

  • ترکیہ نے بھی اسرائیل سے سفیر واپس بلا لیا

    ترکیہ نے بھی اسرائیل سے سفیر واپس بلا لیا

    غزہ میں اسرائیلی فوج کی جاری بربریت کیخلاف دنیا کے متعدد ممالک کی جانب سے احتجاجاً اسرائیلی سے اپنے سفیر واپس بلوالیے جس کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اردن، بولیویا، بحرین اور دیگر ممالک کے بعد اب ترکیہ نے بھی اسرائیل سے سفیر واپس بلوالیا۔

    اس حوالے سے ترک صدر کا کہنا ہے کہ انسانی بحران اور غزہ میں مسلسل اسرائیلی حملوں کی وجہ سے سفیر کو واپس بلایا، اب ایسی صورتحال نہیں رہی کہ ہم اسرائیل سے بات کرسکیں۔

    یاد رہے کہ ترکی میں تعینات اسرائیل کے ایلچی ترکیہ میں فلسطینیوں کی حمایت میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے بعد گزشتہ ماہ ملک چھوڑ گئے تھے۔

    جس کے بعد اسرائیل نے مؤقف اختیار کیا کہ اس نے دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لینے کے لیے اپنے سفیروں کو واپس بلا لیا ہے۔

  • فلسطین سے اظہار یکجہتی کیلئے ترکیہ کا سوگ کا اعلان

    فلسطین سے اظہار یکجہتی کیلئے ترکیہ کا سوگ کا اعلان

    استنبول: فلسطین سے اظہار یکجہتی کیلئے ترکیہ نے ملک بھر میں 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ترکی جنگ زدہ غزہ میں اسپتال پر مہلک حملے پر تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے ، فلسطین کے حامی ترک صدر رجب طیب اردگان نے دنیا پر زور دیا ہے کہ وہ غزہ میں ہونے والے المیے کو روکے۔

    ترک صدر نے کہا کہ فلسطینی بھائیوں کو پہنچنے والے شدید درد کو دلوں میں محسوس کرتے ہیں، احترام  کے طور پر ہمارے ملک میں 3 روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ہے۔

    ترک صدر نے  کہا کہ اسرائیل فلسطین کشیدگی میں مغرب آگ پر تیل چھڑکنے کے سوا کچھ نہیں کررہا، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اپنی ذمہ داری نبھانے میں ناکام رہی۔

  • سرمایہ کاری میں عوام کی شمولیت ہماری اولین ترجیح ہے، اردوان

    سرمایہ کاری میں عوام کی شمولیت ہماری اولین ترجیح ہے، اردوان

    استنبول : ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ ہم سرمایہ کاری کے فروغ میں عوامی شمولیت کو اہمیت اور اوّلیت دیں گے۔

    یہ بات انہوں نے ساتویں ترکیہ مالیاتی منڈیوں کی کانفرنس کے موقع پر بھیجے گئے پیغام میں کہی، ان کا کہنا تھا کہ ہم جمہوریہ ترکیہ کے قیام کے سوویں سال میں ملک کو زیادہ مضبوط، زیادہ پُراعتماد اور زیادہ خوشحال راستے پر گامزن کرنے کے لئے دَم لئے اور رُکے بغیر کام کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہم نے اقتصادی فروغ اور تجارت سے لے کر قیمتوں میں استحکام اور پبلک فنانسنگ سے کاروباری و سرمایہ کاری ماحول تک تمام بنیادی پہلوں پر ایسے اہداف کا تعین کیا ہے جو حقیقت پسندانہ ہوں اور قابل عمل بھی۔

    انہوں نے کہا ہے کہ "ہم استنبول فنانس مرکز کے ساتھ ترکیہ کو مالیات کے شعبے میں ایک مرکز کی حیثیت دینا چاہتے ہیں۔ حالیہ 21 سالوں میں ترکیہ نے کُل 225 بلین ڈالر بین الاقوامی سرمایہ کاری حاصل کی ہے۔ آنے والے دور میں سرمائے کی منڈیوں کو مزید گہرا کرنا اور عوامی سطح پر پھیلانا ہماری اوّلین ترجیح ہوگا۔

    صدر رجب طیب ایردوان نے پیغام میں مزید کہا کہ ترکیہ پر اعتماد کرنے والے یہاں سرمایہ کاری کے خواہش مند اور ترک اقتصادیات کے روشن مستقبل پر بھروسہ کرنے والے تمام سرمایہ کاروں کے لئے ہمارے دِل اور دروازے دونوں کھُلے ہیں”۔

    واضح رہے ترکیہ دنیا کے نقشے پر ایک ايسى كڑى ہے جو مغرب کو مشرق سے ملاتی ہے کیونکہ اس کا کچھ حصہ یورپ اور کچھ حصہ ایشیا میں شامل ہے۔ ترکیہ نہ صرف تجارتی نقطہ نظر کے لحاط سے مضبوط پوزیشن پر ہے بلکہ مشرق وسطیٰ میں بھی اچھا اثرو رسوخ رکھنے والا ملک ہے۔

  • ویڈیو: ایلون مسک اپنے بیٹے ایکس کے ساتھ اردوان سے ملاقات کے لیے پہنچ گئے

    ویڈیو: ایلون مسک اپنے بیٹے ایکس کے ساتھ اردوان سے ملاقات کے لیے پہنچ گئے

    نیویارک: ایلون مسک اپنے بیٹے ایکس کے ساتھ ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کے لیے پہنچ گئے، اردوان نے مسک کے صاحب زادے کے ساتھ کھیلنے کی بھی کوشش کی۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جب رجب طیب اردوان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے لیے نیویارک کے دورے پر گئے تو ایلون مسک اور ان کے بیٹے ایکس نے ان کے ساتھ ملاقات کی، اور اس دوران ان میں دل چسپ گفتگو ہوئی۔

    جب دونوں شخصیات ترکی میں ٹیسلا کے مستقبل کے بارے میں تبادلہ خیال کر رہے تھے تو چھوٹا X اردوان کے تحفے سے متاثر ہوتا نظر نہیں آیا۔

    ترک صدر اردوان نے نیویارک سٹی میں ایلون مسک سے ملاقات میں ان کے بیٹے سے کھیلنے کی کوشش کی، اور فٹ بال تحفے میں دی اور کہا پلیز لے لو، لیکن مسک کا بیٹا باپ کی گود میں چڑھا رہا اور فٹبال پکڑنے کی بالکل کوشش نہیں کی۔

    ترک صدر نے ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک کو ترکیےآنے کی دعوت بھی دی، اور کہا ترکیے میں ٹیسلا فیکٹری لگائیں، صدر اردوان نے ایلون مسک کو ترکیے کی تکنیکی پیش رفتوں کے ساتھ ساتھ ’’ڈیجیٹل ترکیے‘‘ کے وژن اور قومی مصنوعی ذہانت کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

    واضح رہے کہ X (سابقہ ٹویٹر) کی سخت دفتری میٹنگیں ہوں، یا خصوصی اعلیٰ سطح کی تقریبات، ایلون مسک اپنے ننھے بیٹے کو لانے سے نہیں شرماتے، اس چھوٹے بچے کا نام والدین نے ’X AE A-12‘ رکھا تھا۔

    ترک صدر کے ساتھ ملاقات کی کئی ویڈیوز سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں، ان وائرل ویڈیوز میں ایک میں اردوان نے ایلون مسک کی بیوی گِرم کے بارے میں پوچھا تو انھوں نے جواب میں کہا وہ سان فرانسسکو میں ہے، اب ہم الگ ہو چکے ہیں، اسی لیے میں اپنے بیٹے کا خیال رکھتا ہوں۔

  • ترکیہ میں تاریخ کا سب سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ

    ترکیہ میں تاریخ کا سب سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ

    انقرہ: ترکیہ میں تاریخ کا سب سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے، درجہ حرارت 49.5 سینٹی گریڈ رہا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ماہرین نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ بحیرہ روم کے طاس میں گرمی کی شدت تقریباً دو دہائیوں تک برقرار رہے گی۔

    رپورٹ کے مطابق ترکیہ کے وزیر ماحولیات نے بتایا کہ وسطی اناطولیہ کے ایسکی گورنری میں ریکارڈ درجہ حرارت 49.5 سینٹی گریڈ رہا اس سے قبل سب سے زیادہ درجہ حرارت 2021 میں 49.1 ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا۔

    ترکیہ کی محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ گرمی کی لہر معمول کے موسمی درجہ حرارت سے 11 ڈگری تک بڑھے گی، استنبول ٹیکنیکل یونیورسٹی میں موسمیات کے پروفیسر باریش اونول نے کہا کہ درجہ حرارت بڑھنے کی بنیادی وجہ موسمیاتی تبدیلی ہے۔

    پروفیسر باریش اونول نے مزید کہا کہ ترکیہ کو اگلے 30 سے 40 سالوں کے دوران بہت زیادہ درجہ حرارت کا سامنا کرنا پڑے گا، بحیرہ روم کے باقی علاقوں میں بھی ایسا ہی ہوگا۔

    پروفیسر باریش اونول نے پیش گوئی کی ہے کہ بحیرہ روم کے علاقے میں سیاحت کے لیے سب سے موزوں موسم ستمبر اور اکتوبر 2040 میں ہوگا۔

     انہوں نے آنے والے برسوں میں گرمیوں کے مہینوں میں خشک سالی کی بھی پیش گوئی کی ہے۔

  • اردوان زیلنسکی ملاقات، روس کا رد عمل

    اردوان زیلنسکی ملاقات، روس کا رد عمل

    ماسکو: کریملن نے اردوان اور زیلنسکی ملاقات پر کہا ہے کہ اسے بہ غور دیکھا جا رہا ہے، ادھر ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے نیٹو ممبر شپ کے لیے یوکرین کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترک صدر طیب اردوان کی استنبول میں یوکرینی ہم منصب ولودیمیر زیلنسکی سے ملاقات ہوئی ہے، جس میں انھوں نے نیٹو ممبر شپ کے لیے یوکرین کی حمایت کی۔

    روس کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ زیلنسکی اور ترکی کے اردوان کے درمیان ملاقات کا بہ غور جائزہ لیا جا رہا ہے، نیز روس اس ملاقات کو اہم سمجھتا ہے۔ کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے صحافیوں کو بتایا کہ  مذاکرات کے نتائج پر گہری نظر رکھی جائے گی۔

    دوسری طرف اردوان زیلنسکی ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال ہوا، بعد ازاں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران ترک صدر نے اپنے یوکرینی ہم منصب ولودیمیر زیلنسکی کو اپنی حمایت کا یقین دلایا۔

    صدر اردوان نے کہا کہ یوکرین نیٹو میں شمولیت کا حق دار ہے، یوکرین اور روس کو امن مذاکرات کرنا چاہیے، انھوں نے مزید کہا کہ ترکیہ روس اور یوکرین میں جنگ ختم کرانے کے لیے کو ششیں جاری رکھے گا۔

  • ترک سفارت خانے میں ہفتہ پکوان کا آغاز

    ترک سفارت خانے میں ہفتہ پکوان کا آغاز

    اسلام آباد میں ترکیہ سفارت خانے میں 7 روز ’ہفتہ پکوان‘ کا آغاز کر دیا گیا جو 27 مئی تک جاری رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ترک سفارت خانے میں سفیر مہمت پاچاجی نے ہفتہ پکوان کا افتتاح کر دیا، انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا یہ ہفتہ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی منایا جا رہا ہے۔

    ترکیہ سفیر مہمت پاچاجی کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی سطح پر صوبہ ہاتائے میں انطاکیہ شہر 650 سے زیادہ پکوانوں کے باعث مشہور ہے۔

    پاچاجی نے افتتاح کے موقع پر کہا کہ انھوں نے کہا ہفتہ پکوان میں ترک صوبہ ہاتائے خصوصاً انطاکیہ شہر کے انواع و اقسام کے پکوان متعارف کرائے گئے ہیں جو کہ عربی تہذیب و تمدن کے عکاس ہیں۔

    انھوں نے کہا ترکیہ کے بعض علاقوں کے پکوان، پاکستانی کھانوں سے مشابہ ہیں، بالخصوص خیبر پختون خواہ اور شمالی علاقہ جات اور ترک کھانوں میں خاصی مماثلت ہے۔

    ترکیہ سفیر مہمت پاچاجی نے کہا کہ یہ وہی ہاتائے صوبہ ہے جو کہ حالیہ زلزلے میں شدید متاثر ہوا ہے، ہم زلزلے سے متاثرہ علاقوں کی بحالی و تعمیر نو کا کام کر رہے ہیں، انھوں نے کہا ترک کھانے پاکستان سمیت دنیا بھر میں ترکیہ کی روایات اور ثقافت سے آگہی کا ذریعہ ہیں۔

    مہمت پاچاجی کا کہنا تھا کہ پکوانوں میں صوبہ ہاتائے کا خاصا کالی مرچ کے نان، موتابال، ہومس، کیسیر، ترے کباب، کاپسا چاول توجہ کا مرکز ہیں۔

  • ترک صدر رجب طیب اردوان نے اپنی جیت کا اعلان کر دیا

    ترک صدر رجب طیب اردوان نے اپنی جیت کا اعلان کر دیا

    انقرہ: ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے عام انتخابات میں‌اپنی جیت کا اعلان کر دیا۔

    ترک میڈیا کے مطابق ترکیہ صدارتی الیکشن میں ووٹوں کی گنتی مکمل ہو گئی ہے، رجب طیب اردوان 49.49 فی صد ووٹ لے کر آگے ہیں، جب کہ اپوزیشن رہنما کمال قلیچ دار اوغلو 44.79 فی صد ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر آئے ہیں۔

    ترک میڈیا کا کہنا ہے کہ صدارتی اور پارلیمانی الیکشن میں ووٹوں کا ٹرن آؤٹ 88 فی صد سے زائد رہا ہے۔

    گزشتہ دو دہائیوں سے حکمرانی برقرار رکھنے والے رہنما رجب طیب اردوان نے نتائج سامنے آنے کے بعد اپنی جیت کا اعلان کیا، انھوں نے کہا ’’ترکیہ کے عوام نے ہمیں منتخب کر لیا ہے، ترکیہ اور اس کے عوام الیکشن جیت گئے، ترک عوام کو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔‘‘

    رجب طیب اردوان نے کہا کہ قوم کا فیصلہ سرکاری نتائج کے ساتھ ہی سامنے آ جائے گا، جس میں میں 50 فی صد سے زائد ووٹ لے کر انتخابات جیت جاؤں گا، ہم قومی رائے عامہ کا احترام کرتے رہیں گے۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ترک صدر کے حامیوں نے انقرہ میں آق پارٹی کے صدر دفتر کے باہر ایک پرجوش ریلی نکالی، اور وہ جیت کا جشن منا رہے ہیں۔ تاہم جس طرح ترکیہ میں دہائیوں بعد اتنے سخت مقابلے والے انتخابات لڑے گئے ہیں، صدر رجب طیب اردوان اور ان کے اہم حریف کے درمیان ’رن آف‘ کا امکان بڑھتا جا رہا ہے، یعنی دونوں کے درمیان اگر واضح فیصلہ نہ ہو سکا تو ایک بار پھر مقابلہ ہوگا۔

    واضح رہے کہ اگر دونوں میں سے کوئی بھی امیدوار 50 فی صد ووٹ حاصل نہیں کر پاتا تو دو ہفتوں کے اندر دوسری رائے شماری ہوگی۔