Tag: ترکیہ

  • رجب طیب اردوان کے انتخابی جلسے میں 17 لاکھ سے زائد افراد کی شرکت

    رجب طیب اردوان کے انتخابی جلسے میں 17 لاکھ سے زائد افراد کی شرکت

    انقرہ: ترک میڈیا نے استنبول میں اتاترک ایئرپورٹ پر صدر رجب طیب اردوان کے انتخابی جلسے کو صدی کا سب سے بڑا سیاسی جلسہ قرار دے دیا، جس میں 17 لاکھ لوگ شریک ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق ترک میڈیا کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز 7 مئی کو استنبول میں ہونے والا انتخابی جلسہ صدی کا بڑا جلسہ تھا، جس میں 1.7 ملین افراد نے شرکت کی، جسے دیکھتے ہوئے نہ صرف اردوان کی مقبولیت کا پتا چلتا ہے بلکہ چند دن بعد ہونے والے انتخابات میں ان کی پوزیشن بھی مستحکم دکھائی دیتی ہے۔

    ترکیے میں 14 مئی کو الیکشن ہوں گے، اگرچہ گزشتہ دنوں ہونے والے عوامی پولز میں بتایا گیا کہ اردوان پر ان کے سیاسی حریف کمال قلیچ دار اوغلو کو تھوڑی سی برتری حاصل ہے، تاہم اردوان کی آق پارٹی کے حالیہ جلسے نے ان کی مقبولیت کا ایک اور ثبوت دے دیا ہے۔

    ترک صدر رجب طیب اردوان نے اس بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب میں عوام سے اپیل کی کہ اپوزیشن اتحاد کو ملک کو تقسیم کرنے کا موقع نہ دیں۔ واضح رہے کہ ری پبلیکنز پیپلز پارٹی کی قیادت میں 6 پارٹیوں پر مشتمل اپوزیشن کی نیشنل الائنس کی جانب سے کمال قلیچ دار اوغلو صدارت کے امیدوار ہیں۔

    یاد رہے کہ 14 مئی کو ترک ووٹرز نئے صدر کے انتخاب کے لیے ووٹ ڈالیں گے، 2023 کے یہ انتخابات ترکیہ کے اہم ترین الیکشنز میں سے ایک ہیں۔ موجودہ صدر رجب طیب اردوان نے 20 سال سے اقتدار پر اپنی گرفت برقرار رکھی ہوئی ہے۔ تاہم، حالیہ مہینوں میں، ملک میں معاشی بدحالی اور ایک مہلک زلزلے کے بعد ان کی انتظامیہ پر سخت تنقید کی جا رہی ہے۔ تازہ ترین پولنگ کے مطابق ترکیہ کی متحدہ اپوزیشن اردوان کی حکمرانی کے لیے ایک بے مثال چیلنج بن چکی ہے۔

    2019 کے میئر کے انتخابات میں پہلی بار حزب اختلاف کے ہاتھوں استنبول کی شکست نے اردوان کی حکومت کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی تھی۔ وہ استنبول جس کے وہ میئر رہے تھے، اور پھر ان کی پارٹی نے پورے ملک کی زمام اقتدار سنبھال لی تھی۔

  • ترکیہ بھی جوہری قوت بن گیا

    ترکیہ بھی جوہری قوت بن گیا

    انقرہ : ترکیہ نے ملک کے پہلے نیوکلیئر پاور پلانٹ کا افتتاح کردیا اور دنیا میں جوہری طاقت رکھنے والے ممالک کی صف میں شامل ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترکیہ بھی جوہری قوت بن گیا، ترکیہ نے روس کے تعاون سے بنائے گئے ملک کے پہلے نیوکلیئر پاور پلانٹ کا افتتاح کردیا۔

    جنوبی صوبے مرسین میں روس کے تعاون سے تعمیر ایکیو جوہری پلانٹ کا افتتاح کرتے ہوئے پہلی بار ورچوئل تقریب سے خطاب میں ترک صدر رجب طیب اردوآن نے کہا کہ قوم سے کیا گیا ایک اور وعدہ پورا کردیا۔

    ترک صدر کا کہنا تھا کہ ترکیے ساٹھ سال کی تاخیر کے بعد دنیا میں جوہری طاقت رکھنے والے ممالک کی صف میں شامل ہوگیا ہے، ایکیو پاور پلانٹ نے ہوا اور سمندر کے ذریعے جوہری ایندھن کی ترسیل کےساتھ اب ایک جوہری پلانٹ کادرجہ حاصل کرلیا۔

    انھوں نے کہا کہ نیوکلیئر پلانٹ کے تین ری ایکٹرز سے تین ہزارچھ سومیگاواٹ بجلی حاصل ہوگی ، جو ترکیے کی دس فیصد بجلی کی طلب کو پورا کرے گا۔

    خیال رہے اکویو جوہری پلانٹ کے لیے ترکی اور روس کے درمیان ایک بین الحکومتی معاہدے پر مئی 2010 میں دستخط کیے گئے تھے اور پلانٹ کے سنگ بنیاد کی تقریب 3 اپریل 2018 کو منعقد ہوئی تھی۔ جس کے بعد پہلے یونٹ پر تعمیر شروع ہوئی تھی۔

  • اردوان نے پاکستان آرمی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم کو خصوصی ایوارڈ سے نواز دیا

    اردوان نے پاکستان آرمی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم کو خصوصی ایوارڈ سے نواز دیا

    انقرہ: ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان آرمی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم کو خصوصی ایوارڈ سے نوازا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں منعقد ایوارڈز دینے کی خصوصی تقریب میں صدر اردوان نے پاکستان اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم کو خصوصی ایوارڈ سے نوازا۔

    یہ خصوصی ایوارڈ ترکیہ میں زلزلے میں پیشہ ورانہ خدمات کے اعتراف میں دیا گیا، جسے پاکستان آرمی کی سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم کے لیڈر نے وصول کیا۔

    ترکیہ میں تباہ کن زلزلے کے پیش نظر33 رکنی پاک آرمی ٹیم 7 فروری کو ترکیہ گئی تھی، یہ ٹیم 22 فروری 2023 تک ترکیہ کے متاثرہ علاقے میں موجود رہی، اور اس دوران ریسکیو ٹیم نے 91 سائٹس کو سرچ کیا۔

    پاک فوج کی ٹیم نے 8 افراد کو زندہ، 7 کی شناخت، 138 میتوں کو ملبے تلے نکال کر ورثا کے حوالے کیا تھا، کامیاب سرچ اینڈ ریسکیو مشن کے بعد پاکستان آرمی کی ٹیم 24،23 فروری کو پاکستان واپس پہنچی تھی۔

    استنبول ایئرپورٹ پر ٹیم کی رخصتی کے وقت ترکیہ کے اعلیٰ فوجی و سول حکام بھی موجود تھے، وطن واپسی پر بھی پاک آرمی کی ٹیم کا والہانہ استقبال کیا گیا تھا۔

  • ترکیہ کے زلزلہ زدہ علاقوں میں سیلاب، کئی افراد جاں بحق

    ترکیہ کے زلزلہ زدہ علاقوں میں سیلاب، کئی افراد جاں بحق

    زلزلے سے متاثرہ ترکیہ اب سیلاب کی تباہیوں سے دوچار ہے، شدید بارشوں کے باعث سیلاب سے 10افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ترکیہ میں گزشتہ ماہ آنے والے ہولناک زلزلے کے بعد سیلاب نے تباہی مچا دی ہے، شانلی عرفا اور ادیامان میں آنے والے سیلاب سے دس افراد لقمہ اجل بن گئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ترکیہ کے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں طوفانی بارشوں نے مزید تباہی مچا دی ہے، سرکاری محکمے کی جاری اطلاع میں کہا گیا ہے کہ ضلع توت میں جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 136 ملی میٹر فی مربع میٹر بارش ہوئی ہے، سیلاب کے نتیجے میں ایک شہری جان کی بازی ہار گیا جبکہ 3 لاپتہ شہریوں کی تلاش اور ریسکیو کی کوششیں جاری ہیں۔

    گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شانلی عرفا میں 111 ملی میٹر بارش ہوئی۔ سیلاب کے باعث 9 افراد جان کی بازی ہار گئے، بتایا گیا ہے کہ لاپتہ ہونے والے 2 افراد کی تلاش جاری ہیں، جبکہ امدادی رضاکار بھی لوگوں کو محفوظ مقامات تک پہنچا رہے ہیں۔

    General view shows a flooded street in Sanliurfa

    ترکیہ کے صوبے سینلیئورفا کے گورنر صالح ایہان نے ایک ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے متعدد افراد کی ہلاکتوں کے ساتھ ساتھ دو فائر فائٹرز کے لاپتہ ہونے کی بھی اطلاع ہے۔

    گورنر صالح ایہان نے کہا متعدد لوگوں کو سیلاب میں گھرے کیمپ سے نکالا گیا ہے جہاں زلزلہ زدگان نے خیموں میں پناہ لے رکھی تھی۔

    گورنر صالح ایہان نے مزید کہا کہ سیلاب کے باعث ایک اسپتال بھی زیر آب آ گیا ہے، وہاں سے مریضوں کو نکال لیا گیا ہے۔

    میڈیا رپورٹس بتایا گیا ہے ہلاک شدگان میں سے 5 شامی شہری شامل تھے جو اپارٹمنٹ کی عمارت کے تہہ خانے میں ایک فلیٹ میں مقیم تھے۔ موسلا دھار بارش کے باعث صوبے بھر کے تمام اسکولوں میں تعلیمی سرگرمیاں معطل ہیں۔

  • وزیر اعظم آزاد کشمیر کا ترک زلزلہ متاثرین کے لیے 48 کروڑ روپے کا عطیہ

    وزیر اعظم آزاد کشمیر کا ترک زلزلہ متاثرین کے لیے 48 کروڑ روپے کا عطیہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے ترک سفیر کو زلزلہ متاثرین کے لیے 48 کروڑ روپے کا امدادی چیک پیش کیا، ان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام اور ترکیہ یک جان دو قالب ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے ترکیہ کے سفارت خانے کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ترک سفیر کو زلزلہ متاثرین کے لیے 48 کروڑ روپے کا امدادی چیک پیش کیا۔

    حکومت آزاد کشمیر کی جانب سے 47 کروڑ روپے ترک زلزلہ متاثرین کے لیے دیے گئے ہیں جبکہ 1 کروڑ روپے تنویر الیاس نے اپنی طرف سے عطیہ کیے۔

    تر ک سفیر نے وزیر اعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ترک سفارت خانے میں شہدائے زلزلہ کے لیے دعا بھی کروائی گئی۔

    وزیر اعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام اور ترکیہ یک جان دو قالب ہیں، مشکل کی گھڑی میں کشمیری عوام اپنے ترک بہن بھائیوں کے ساتھ ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ 2005 کے زلزلے میں ترکیہ نے فراخدلی سے کشمیری عوام کی مدد کی تھی، حالات بہت مشکل ہیں لیکن ترک قوم کا عزم مضبوط ہے۔

  • ترک صدر نے ملک میں انتخابات کی تاریخ کا اعلان کر دیا

    ترک صدر نے ملک میں انتخابات کی تاریخ کا اعلان کر دیا

    انقرہ: ترک صدر رجب طیب اردوان نے ملک میں انتخابات کی تاریخ کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترکیہ میں تاریخ کے بد ترین زلزلے سے نمٹنے میں مصروف حکومت کے سربراہ نے ملک میں نئے انتخابات کی تاریخ کا بروقت اعلان کر دیا۔

    ترک صدر نے بتایا کہ ترکیہ میں قانون ساز اسمبلی اور صدارتی انتخابات 14 مئی کو منعقد ہوں گے۔

    انھوں نے کہا کہ ترکیہ میں ہولناک زلزلے سے اموات کی تعداد 45 ہزارسے تجاوز کر گئی ہے، زلزلے کی تباہی سے نمٹنے کے لیے 90 ممالک نے امداد بھیجی ہے۔

    واضح رہے کہ چھ فروری کو ترکی کے دس جنوبی صوبوں میں آنے والا زلزلہ جدید تاریخ میں ترکیہ کی بدترین انسانی تباہی کی طرف نشان دہی کرتا ہے، جب ہلچل سے بھرپور شہر زمیں بوس ہو گئے، قدیم قلعے گر گئے، اور ہزاروں رہائشی اور تجارتی عمارتیں منہدم ہو گئیں۔

    ایسے میں صدر طیب اردوان نے بدھ کے روز عندیہ دیا کہ انتخابات 14 مئی ہی کو ہوں گے، یہ وہ تاریخ ہے جو ووٹنگ کے لیے پہلے ہی طے کی گئی تھی۔ اردوان نے پارلیمنٹ میں اپنی حکمران اے کے پارٹی کے قانون سازوں سے خطاب میں کہا کہ ’’یہ قوم 14 مئی کو جو ضروری ہے وہ کرے گی، ان شاء اللہ۔‘‘

    گزشتہ ماہ کے زلزلے کے بعد سے صدارتی اور پارلیمانی انتخابات کے ممکنہ وقت کے بارے میں متضاد اشارے مل رہے تھے، کچھ لوگوں کا خیال تھا کہ انھیں سال کے آخر تک ملتوی کیا جا سکتا ہے۔

  • ترکیہ: زلزلہ زدگان کے لیے گھروں کی تعمیر کا کام شروع

    ترکیہ: زلزلہ زدگان کے لیے گھروں کی تعمیر کا کام شروع

    انقرہ: ترکیہ میں زلزلے میں بے گھر ہونے والے افراد کے لیے گھروں کی تعمیر نو کا کام شروع کردیا گیا، 2 لاکھ اپارٹمنٹس اور دیہات میں 70 ہزار گھر تعمیر کیے جائیں گے۔

    اردو نیوز کے مطابق ترکیہ نے رواں ماہ کے تباہ کن زلزلے کے بعد گھروں کی تعمیر نو کا کام شروع کر دیا ہے، دوسری جانب ترکیہ اور شام میں زلزلے سے ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 50 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

    ترکیہ میں ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی نے اعلان کیا کہ جمعے کی رات تک ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 44 ہزار 218 ہوگئی جبکہ شام کے تازہ ترین اعلان کردہ اعداد وشمار کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد 5 ہزار 914 ہے۔

    ترک صدر رجب طیب اردوگان نے ایک سال کے اندر متاثرین کے لیے گھروں کی تعمیر نو کا وعدہ کیا ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ حکام کو تعمیرات میں حفاظتی معیار کو رفتار سے پہلے رکھنا چاہیئے۔

    ترکیہ حکومت کے ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ کئی پراجیکٹس کے لیے ٹینڈرز اور کنٹریکٹس کیے گئے ہیں، یہ عمل بہت تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اور حفاظتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ بے گھر افراد کے لیے اضافی خیمے بھیجے گئے ہیں، لیکن متاثرین نے شکایت کی ہے کہ ان کو ٹینٹس کی کمی کا سامنا ہے۔

    ہاسا قصبے میں ایک اسکول کے باہر امداد حاصل کرنے کے لیے قطار میں کھڑے 67 برس کے میلک نے بتایا کہ ان کے 8 بچے ہیں اور وہ ایک خیمے میں رہ رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ بارشیں بھی جاری ہیں اور زمین بھی نم ہوچکی ہے۔

    ترکیہ حکومت کے ابتدائی منصوبے کے مطابق 2 لاکھ اپارٹمنٹس اور دیہات میں 70 ہزار مکانات تعمیر کیے جانے ہیں جن پر 15 ارب ڈالر کی لاگت آئے گی۔

    امریکا کے جے پی مورگن بینک کے تخمینے کے مطابق ترکیہ میں زلزلہ متاثرین کی رہائش گاہوں اور انفراسٹرکچر کی تعمیرِ نو کے لیے 25 ارب ڈالر درکار ہوں گے۔

  • ترکیہ کے زلزلہ زدگان کے لیے پاکستان سے مزید 21 ٹرک روانہ

    ترکیہ کے زلزلہ زدگان کے لیے پاکستان سے مزید 21 ٹرک روانہ

    اسلام آباد / انقرہ: ترکیہ کے زلزلہ زدگان کے لیے پاکستان سے 21 ٹرکوں پر مشتمل قافلہ امدادی سامان لے کر سب سے متاثرہ شہر پہنچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ ترک زلزلہ متاثرین کے لیے ٹرکوں کا قافلہ امدادی سامان لے کر ملاتیا پہنچ گیا، قافلہ 21 ٹرکوں پر مشتمل ہے جس میں 275 ٹن امدادی سامان موجود ہے۔

    پاکستانی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ ملاتیا زلزلے سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے شہروں میں سے ایک ہے، پاکستانی امدادی سامانِ ایران کے راستے ترکی پہنچا۔

    اب تک 20 پروازیں امدادی سامان ترکی لے کر پہنچی ہیں، دونوں ممالک ایک دوسرے کا ساتھ دینے کی شاندار تاریخ رکھتے ہیں۔

  • ترکیہ زلزلہ: تعمیرات میں بدعنوانی کا شبہ، بڑے پیمانے پر گرفتاریاں جاری

    ترکیہ زلزلہ: تعمیرات میں بدعنوانی کا شبہ، بڑے پیمانے پر گرفتاریاں جاری

    انقرہ: ترکیہ میں ہولناک زلزلے میں ہزاروں عمارتیں گرنے کے بعد، تعمیرات کے دوران مشتبہ بدعنوانی کی تحقیقات کے بعد بڑے پیمانے پر گرفتاریاں جاری ہیں۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق ترکیہ کی وزارت انصاف نے ملک کے جنوب مشرق میں آنے والے زلزلے میں ہزاروں عمارتوں کے منہدم ہونے کے بعد تعمیرات کے دوران مشتبہ بدعنوانی کی تحقیقات کے بعد 171 افراد کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ ترکیہ نے تباہ کن زلزلے کے بعد حفاظتی معیارات کی خلاف ورزی کرنے کے شبہے میں عمارتوں کے ٹھیکیداروں کے خلاف تحقیقات کو وسیع کر دیا ہے۔

    اب تک 564 مشتبہ افراد کی شناخت ہو چکی ہے، جن میں سے 160 افراد کو باضابطہ طور پر گرفتار کیا گیا ہے اور بہت سے لوگ ابھی بھی زیر تفتیش ہیں۔

    زلزلے کے بعد ترکیہ نے بدھ کے روز ایک عارضی اجرت کی امدادی اسکیم کا آغاز کیا ہے، اور 10 شہروں میں ملازمین اور کاروباری اداروں کو ملک کے جنوب میں آنے والے بڑے زلزلے کے مالی اثرات سے بچانے کے لیے برطرفیوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔

    صدر اردگان کا کہنا ہے کہ تقریباً 8 لاکھ 65 ہزار لوگ خیموں میں اور 23 ہزار 500 کنٹینر ہومز میں رہ رہے ہیں، جبکہ 3 لاکھ 76 ہزار افراد کو طالب علموں کے ہاسٹلز اور زلزلہ زدہ علاقوں سے باہر پبلک گیسٹ ہاؤسز میں رکھا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ 6 فروری کو شام اور ترکی کے کچھ حصوں میں آنے والے طاقتور زلزلے میں ہزاروں مکانات منہدم ہوگئے اور لاکھوں لوگ بے گھر ہو گئے تھے۔

    اس کے بعد آنے والے جھٹکے ترکیہ کے 10 صوبوں اور پڑوسی ممالک میں بھی محسوس کیے گئے تھے، ترکیہ میں زلزلے سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 43 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

    اس ہفتے کے شروع میں بھی اس علاقے میں کئی نئے زلزلے آئے جس سے تباہی میں اضافہ ہوا۔

  • پاکستان سے ترکیہ کو امداد کی ترسیل تیزی سے جاری

    پاکستان سے ترکیہ کو امداد کی ترسیل تیزی سے جاری

    اسلام آباد: پاکستان میں ترکیہ کے سفیر کا کہنا ہے کہ پاکستان ترکیہ کے زلزلہ زدگان کو خیموں کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، پاکستان کے شہری اور امدادی ٹیمیں پہلے زلزلہ زدہ علاقوں میں پہنچیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں ترکیہ کے سفیر کا کہنا ہے کہ پاکستان سے ترکیہ کو امداد کی ترسیل تیزی سے جاری ہے، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے اب تک 4 ہزار خیمے اور 8 ہزار کمبل فضائی راستے سے جبکہ 3 ہزار خیمے اور 25 ہزار کمبل براستہ سڑک ترکیہ بھجوائے ہیں۔

    سفیر کا کہنا ہے کہ پاکستان ریل، فضا، سمندر اور سڑک سے بھرپور امداد ترکیہ بھیج رہا ہے، آئندہ ہفتے مزید 4 ہزار کمبل لے کر خصوصی کارگو جہاز پاکستان سے ترکیہ پہنچے گا۔

    انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ کا جہاز جلد ہی کراچی سے 3 ہزار 500 خیمے لے کر ترکیہ روانہ ہوگا۔

    سفیر کے مطابق پاکستان دنیا میں خیمے بنانے والا بڑا ملک ہے اور ترکیہ کو خیموں کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، پاکستان کے شہری اور امدادی ٹیمیں پہلے زلزلہ زدہ علاقوں میں پہنچیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی ریسکیو ٹیموں نے 28 قیمتی جانیں بچائیں، ایک ٹیم نے 137 گھنٹے بعد ایک 10 سالہ بچے کو زندہ نکالا۔