Tag: ترکیہ

  • رحیم یار خان کے شہریوں کی جانب سے شام اور ترکیہ کے زلزلہ زدگان کے لیے امداد روانہ

    رحیم یار خان کے شہریوں کی جانب سے شام اور ترکیہ کے زلزلہ زدگان کے لیے امداد روانہ

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر رحیم یار خان کے شہریوں نے شام اور ترکیہ کے زلزلہ زدگان کے لیے 2 کروڑ روپے مالیت کا امدادی سامان روانہ کر دیا، امدادی سامان میں خشک راشن، خیمے، گرم بستر اور ضروری سامان شامل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق رحیم یار خان کے ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ رحیم یار خان سے 2 کروڑ مالیت کا امدادی سامان شام اور ترکیہ کے زلزلہ زدگان کے لیے روانہ کر دیا گیا ہے۔

    تاجر برادری اور سماجی تنظیموں کے تعاون سے 2 مال بردار ٹریلر پہلی امدادی کھیپ لے کر روانہ ہوگئے۔

    ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ امدادی سامان میں خشک راشن، خیمے، گرم بستر اور ضروری سامان شامل ہے، دکھ کی گھڑی میں ترک اور شامی بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

  • ترکیہ کی پاکستان سے خیمے، ڈرائی فروٹس اور سرجیکل آلات بھجوانے کی درخواست

    ترکیہ کی پاکستان سے خیمے، ڈرائی فروٹس اور سرجیکل آلات بھجوانے کی درخواست

    اسلام آباد: ترکیہ حکومت نے پاکستان سے میڈیکل ٹیمیں اور ادویات نہ بھجوانے جب کہ سرجیکل آلات ، خیمے، کمبل اور ڈرائی فروٹس بھجوانے کی درخواست کر دی۔

    ذرائع کے مطابق حکومت پاکستان نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر ترک سفیر کے ذریعے ترکیہ حکومت سے رابطے میں ہے، ترکیہ نے پاکستان سے فی الحال میڈیکل ٹیمیں اور ادویات نہ بھجوانے کی اپیل کی ہے۔

    ترکیہ حکومت کا مؤقف ہے کہ دنیا بھر سے میڈیکل ٹیمیں ادویات کے ہمراہ پہنچ رہی ہیں، اس لیے فی الحال شدید سردی کے باعث متاثرین کے یئے فیملی خیمے، کمبل اور خشک خوراک کی ضرورت ہے۔

    ترکیہ حکومت نے پاکستان سے سرجیکل آلات اور میڈیکل ڈیوائسز بھجوانے کی اپیل کی ہے، ترکیہ حکومت کے مطابق زلزلہ متاثرین کو چھوٹی بڑی سرجریز کی ضرورت ہے، سرجریز کی تعداد بڑھنے پر سرجیکل آلات اور میڈیکل ڈیوائسز کی کمی کا سامنا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے سرجیکل آلات اور میڈیکل ڈیوائسز بھجوانے پر رضا مندی ظاہر کر دی ہے، ترکیہ کے لیے سرجیکل آلات اور میڈیکل ڈیوائسز کی پہلی کھیپ رواں ہفتے بھجوانے کا امکان ہے۔

    سرجیکل آلات کی کھیپ بہ ذریعہ ہوائی جہاز بھجوائی جائے گی، ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کے لیے امداد براستہ سڑک بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    این ایل سی کے ذریعے امدادی سامان پر مشتمل 20 ٹرک روزانہ ترکیہ کے لیے روانہ ہوں گے، پاکستانی امدادی سامان کے ٹرک براستہ ایران ترکیہ داخل ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق ٹرکوں کو ترکیہ پہنچنے میں 7 روز لگیں گے۔

  • جرمنی کا ترک اور شامی زلزلہ زدگان کو 3 ماہ کا ویزا دینے کا اعلان

    جرمنی کا ترک اور شامی زلزلہ زدگان کو 3 ماہ کا ویزا دینے کا اعلان

    برلن: جرمنی نے ملک میں مقیم شامی اور ترک افراد کو اجازت دی ہے کہ وہ دونوں تباہ حال ممالک میں موجود اپنے رشتے داروں کو جرمنی بلا سکتے ہیں، ایسے افراد کو 3 ماہ کا ویزا جاری کیا جائے گا۔

    اردو نیوز کے مطابق ترکیہ اور شام میں آنے والے تباہ کن زلزلے میں اب تک 25 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جرمنی نے ترک اور شامی زلزلہ متاثرین کو 3 ماہ کے ویزے جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    متاثرہ علاقوں میں شدید سردی کی وجہ سے نہ صرف امدادی سرگرمیوں میں خلل پڑ رہا ہے بلکہ لاکھوں افراد بھی متاثر ہو رہے ہیں جنہیں امداد کی فوری ضرورت ہے۔

    بین الاقوامی امداد دونوں ممالک کے ان علاقوں میں پہنچ رہی ہے جہاں امدادی ٹیمیں ملبے کے نیچے سے بچوں کو نکالنے کی کوشش کر رہی ہیں۔

    دوسری جانب جرمنی نے ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین اور ان کے خاندانوں کے لیے 3 ماہ کے ویزے جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    جرمن وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ یہ ایمرجنسی مدد ہے، ہم جرمنی میں موجود ترک اور شامی خاندانوں کو یہ اجازت دیں گے کہ وہ دونوں تباہ حال ممالک سے اپنے قریبی رشتہ داروں کو اپنے گھروں میں بلا سکیں۔

    انہوں نے کہا کہ جو افراد ریگولر ویزا کے اہل ہیں انہیں 3 ماہ کے ویزے فوری طور پر دیے جائیں گے۔

    خیال رہے کہ جرمنی میں 29 لاکھ کے لگ بھگ ترک افراد رہتے ہیں جن میں سے نصف کے پاس ترکی کی شہریت بھی ہے، جرمنی میں شام سے تعلق رکھنے والے افراد کی بھی تعداد 9 لاکھ 24 ہزار ہے۔

  • سعودی عرب: زمینی راستے سے پہلا امدادی قافلہ شام پہنچ گیا

    سعودی عرب: زمینی راستے سے پہلا امدادی قافلہ شام پہنچ گیا

    ریاض: سعودی عرب نے زمینی راستے سے پہلا امدادی قافلہ شام کے لیے روانہ کردیا، امدادی قافلہ 11 ٹرکوں پر مشتمل ہے جس میں کمبل، خیمے، دوائیں اور روز مرہ ضرورت کی اشیا شامل ہیں۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب کا پہلا امدادی قافلہ زمینی راستے سے شام پہنچ گیا، ٹرکوں کے ذریعے بھیجے جانے والے امدادی سامان میں کمبل، خیمے، دوائیں اور روز مرہ ضرورت کی اشیا شامل ہیں۔

    شام اور ترکیہ میں آنے والے تباہ کن زلزلے میں ہزاروں خاندان متاثر ہوئے ہیں، سعودی عرب کی جانب سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امدادی مہم کے تحت شام میں بھیجی جانے والی امداد 11 ٹرکوں پر مشتمل ہے۔

    امدادی قافلے میں شامل عبد اللہ الرویس کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر سعودی عرب کی جانب سے شمالی شام میں بھیجا جانے والا پہلا امدادی قافلہ پہلا ہے جو شام پہنچا ہے۔

    عبد اللہ الرویس کے مطابق امدادی سامان سعودی عرب کی جانب سے عالمی ریسکیو ایسوسی ایشن کے حوالے کیا جائے گا اور اسے زلزلے سے متاثرہ 20 علاقوں میں تقسیم کیا جائے گا۔

    شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد کی ہدایت پر ساہم پورٹل کے ذریعے عوامی عطیات مہم بھی شروع کی ہے۔

    اب تک شام اور ترکیہ کے زلزلہ زدگان کی مدد کے لیے 238 ملین ریال سے زیادہ کے عطیات جمع کروائے جا چکے ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے شام اور ترکیہ میں تباہ کن زلزلے سے اب تک 25 ہزار سے زائد افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جبکہ ملبے تلے دبے افراد کی تلاش ہنوز جاری ہے۔

  • ترکیہ میں  تباہ کن زلزلے کے5 روز  بعد 100 افراد کو زندہ نکال لیا گیا

    ترکیہ میں تباہ کن زلزلے کے5 روز بعد 100 افراد کو زندہ نکال لیا گیا

    انقرہ : ترکیہ کے صوبے قہرمن مراعش میں پانچ روز بعد سرچ آپریشن میں سو افراد کو زندہ نکال لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق شام اور ترکیہ میں زلزلے سے تاریخ کی بدترین تباہی کے بعد متاثرہ علاقوں میں دنیا کا سب سے بڑا ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

    ریسکیو آپریشن میں تباہ کن زلزلے کے پانچ روز بعد بھی ملبے میں زندگی کی تلاش کی جارہی ہے۔

    ترکیہ کے صوبے قہرمن مراعش میں پانچ روز بعد سرچ آپریشن میں سو افراد کو زندہ نکال لیا گیا۔

    ملا طیہ میں ماہر کتے کی نشاندہی پرملبےسے بارہ افراد کی زندگیاں بچا لیں گئیں جبکہ ایک سو پندرہ گھنٹے بعد شہر غازی اینتپ میں حملہ کو بچالیا گیا۔

    قہرمان مرعاش میں پانچ روز بعد چونتیس سالہ شخص کو باہر نکالا گیا جبکہ چینی رضاکاروں نے سو گھنٹے بعد تین میٹر ملبے میں پھنسی خاتون کو اور اسپین کے ریسکیو اہلکاروں نے ماں سمیت دو بچوں کو بچالیا۔

    واضح رہے ترکیہ اور شام میں زلزلے سے اموات کی تعداد25 ہزار سے تجاوزکرگئیں اور مزید اضافے کا خدشہ ہے جبکہ 80 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔

    ترک میڈیا کے مطابق ترکیہ میں مرنیوالوں کی تعداد بیس ہزار دو سو تیرہ اور زخمی ستتر ہزار سے زائد ہیں جبکہ شام میں تین ہزار پانچ سو افراد جان سے گئے اور زخمیوں کی تعداد باون ہزار سے زائد ہوگئی۔

  • منفی8 ڈگری کے باوجود  ترکیہ میں  پاک فوج کا ریسکیو آپریشن جاری

    منفی8 ڈگری کے باوجود ترکیہ میں پاک فوج کا ریسکیو آپریشن جاری

    انقرہ : ترکیہ میں منفی 8 ڈگری کے باوجود پاک فوج کا ریسکیو آپریشن جاری ہے، ریسکیو ٹیموں نے مزید17لاشیں نکال کر لواحقین کے حوالے کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کی ترکیہ میں زلزلہ متاثرین کیلئے امدادی سر گرمیاں جاری ہے۔

    پاک آرمی اربن سرچ اینڈریسکیو ٹیمز نے 24گھنٹے میں مزید17لاشیں نکال لیں اور جاں بحق افراد کی میتیں لواحقین کےحوالے کیں۔

    پاک فوج کی امدادی ٹیموں نے ملبے تلے دبےزندہ افراد کاتین مقامات پر تعین کر لیا ہے اور ملبے تلے دبے افراد کوریسکیو کرنے کیلئےملبہ ہٹانے کا کام کیا جارہا ہے۔

    امدادی ٹیمیں ترکیہ کے صوبہ ادیامان میں ریسکیو کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

    شدید سرد موسم کے باوجود پاک فوج کی امدادی کارروائیاں شب وروز جاری ہے، گزشتہ شب ادیامان میں منفی8ڈگری کے باوجود پاک فوج نے امدادی کارروائیاں جاری رکھیں۔

    ترک عوام اور ورثا بھی پاک فوج کی خدمات کے معترف ہیں۔

  • ترکیہ میں ملبے تلے دبی مردہ بیٹی کا ہاتھ تھامے بے بس باپ کی تصویر نے دلوں کو لرزہ دیا

    ترکیہ میں ملبے تلے دبی مردہ بیٹی کا ہاتھ تھامے بے بس باپ کی تصویر نے دلوں کو لرزہ دیا

    ترکیہ میں ملبے تلے دبی مردہ بیٹی کا ہاتھ تھامے بے بس باپ تصویر نے ہر دیکھنے والی آنکھ کو اشکبار اور دلوں کو لرزہ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترکیہ میں سات اعشاریہ سات شدت کے ہولناک زلزلے کے نتیجے میں شر شہر قیامت خیزمناظرہیں، ہر طرف تباہی ہی تباہی ہے۔

    زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ کے ساتھ ساتھ ترکی اور شام سے دل دہلا دینے والی تصاویر سامنے آ رہی ہیں۔

    ترکیہ کے شہر کہرمن مرعش میں زلزلے کے بعد ایک دل دہلا دینے والا منظر دیکھنے کو ملا۔

    تصویر میں دکھایا گیا ہے کہ ملبے تلے دبے بستر پر لڑکی مردہ پڑی ہے اور بے بس باپ پندرہ سالہ مردہ بیٹی کا ہاتھ تھامے بیٹھا ہے۔

    تصویر میں اس دکھ کو دکھایا گیا ہے جو ان ہزاروں خاندانوں کو محسوس ہوگا جنہوں نے پیر کے زلزلے میں اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے۔

    اس تصویر نے ہر دیکھنے والی آنکھ کو اشکبار اور دلوں کو لرزہ کر رکھ دیا۔

    واضح رہے ترکیے میں ہولناک زلزے میں اموات کی تعداد بارہ ہزار سے بڑھ گئی اور چالیس ہزار سے زیادہ زخمی ہیں۔

  • ترکیہ میں تباہ کن زلزلہ:70 گھنٹے بعد ملبے سے نکلنے والی 8سالہ بچی نے ریسکیو ورکرز سے کیا سوال کیا؟

    ترکیہ میں تباہ کن زلزلہ:70 گھنٹے بعد ملبے سے نکلنے والی 8سالہ بچی نے ریسکیو ورکرز سے کیا سوال کیا؟

    انقرہ : ترکیہ میں  ریسکیو ورکرز نے 70 گھنٹے بعد ملبے سے  8 سالہ بچی نیسا کو  نکال لیا، ملبے سے نکلنے کے بعد معصوم بچی نے ریسکیو ورکرز سے سوال کیا کہ”کیا میں اب اپنی آنکھیں کھول سکتی ہوں ؟”

    تفصیلات کے مطابق ترکیہ خوفناک زلزلے کے بعد دنیا کا سب سے بڑا ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

    ترکیے میں زلزلے کے چار روز بعد بھی ملبے تلے زندگی کے آثار موجود ہیں، ریسکیو آپریشن میں زندہ افراد کا نکالنا کسی معجزے سے کم نہیں،

    ریسکیو آپریشن میں رات گئے متعدد افراد کو زندہ نکال لیا گیا، ستر گھنٹے بعد ملبے سے نکالنے والی آٹھ سالہ نیسا نے ریسکیو ورکرز سے سوال کیا کہ کیا میں اب اپنی آنکھیں کھول سکتی ہوں ؟

    تہتر گھنٹے بعد پانچ سال کے بچے سمیت خاندان کو نکالنے پر اہل علاقہ خوش ہوگئے، متاثرہ خاتون نے ریسکیو ورکرز کا شکریہ ادا کیا۔

    شہر دیار باقر میں بہتر گھنٹے بعد رہائشی عمارت کے ملبےسے خاتون کو نکالا گیا، اسی طرح قہرمان مرعش میں ستر گھنٹے بعد حملہ خاتون کو بچایاگیا۔

    ادانہ میں موبائل فون پر رابطے کے بعد ماں اور بیٹے کو باہر نکلا گیا ، ساڑھے تین سالہ عارف کو دیکھ کر ریسکیو ورکرز حیران ہوگئے، جس کی آنکھیں امید سے چمک رہی تھیں ۔

    غازی اینتپ میں آٹھ سالہ بچے کو بچالیا گیا اور صوبے ہاطےمیں سرسٹھ گھنٹے بعد بچے اور خاندان کے چار افراد کو زندہ نکالا گیا۔

    متاثرہ علاقوں سے زخمی بچے اور خواتین کو صدارتی محل کے طیارے میں انقرہ منتقل کیا گیا، خاتون اول ننھے بچوں کی عیادت کیلئے اسپتال پہنچیں۔

    دوسری جانب ترک صدر قہرمان مرعش میں ٹینٹ سٹی پہنچے تو متاثرین گلے لگ کے رو پڑے، متاثرین نے ترک صدر کو مشکلات کے بارے میں بتایا۔

    ترک حکام کے مطابق اب تک ایک ہزار سے زیادہ آفٹرشاکس آچکے ہیں ، جس سے لوگ خوفزدہ ہیں۔

  • ترکیہ میں تباہ کن زلزلہ : اب بھی 1لاکھ سے زائد لوگوں کے دبے ہونے کا خدشہ

    ترکیہ میں تباہ کن زلزلہ : اب بھی 1لاکھ سے زائد لوگوں کے دبے ہونے کا خدشہ

    اسلام آباد : نمائندہ خصوصی ٹی آرٹی علی مصطفیٰ کا کہنا ہے کہ ترکیہ میں زلزلے سے شہر کے شہر ملیا میٹ ہوگئے ہیں اور اندازے کے مطابق اب بھی 1لاکھ سے زائد لوگوں کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نمائندہ خصوصی ٹی آرٹی علی مصطفیٰ نے اے آر وائی نیوز کے پوگرام ‘سوال یہ ہے’ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترکی اور شامل میں زلزلے کے بعد ہرگھنٹے100،150 کے حساب سے نمبرز تبدیل ہو رہے ہیں، روڈنیٹ ورکس تباہ ہوچکے ہیں، بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے۔

    علی مصطفیٰ نے بتایا کہ ورلڈہیلتھ آرگنائزیشن کی رپورٹ کے مطابق اموات 20 ہزار سے تجاوزکریں گی، شہرکےشہرملیامیٹ ہوگئے ہیں، افراتفری کاماحول ہے۔

    نمائندہ خصوصی ٹی آرٹی کا کہنا تھا کہ جوعمارتیں بچ گئی ہیں ان کا بھی کچھ پتہ نہیں کس وقت گر جائیں تاہم ترکی میں 3 ماہ کے لیے ایمرجنسی کا اعلان کردیا گیا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ترکیہ کے ہمدرد ممالک بھرپور امداد کر رہے ہیں، پاکستان کی جانب سے بھی جہاز بھیجے گئے ہیں، ریسکیو عملہ بھی آیا ہے۔

    علی مصطفیٰ نے مزید بتایا کہ فیلڈ اسپتال قائم کیے جارہے ہیں،ریسکیو اینڈسرچ آپریشن جاری ہے۔

    نمائندہ خصوصی ٹی آرٹی نے کہا کہ ترکیہ نے اس قسم کی تباہی ماضی میں کبھی نہیں دیکھی، اندازے کے مطابق اب بھی 1 لاکھ سے زائد لوگوں کے دبنے کا خدشہ ہے۔

  • شاہ سلمان کا ترکیہ اور شام کے لیے ہنگامی امداد کا حکم

    شاہ سلمان کا ترکیہ اور شام کے لیے ہنگامی امداد کا حکم

    ریاض: خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے ترکیہ اور شام کے لیے ہنگامی امداد اور فضائی پل قائم کرنے کا حکم دیا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے ترکیہ اور شام کے لیے ہنگامی امداد کا حکم جاری کیا ہے۔

    دونوں ممالک کے لیے دوائیں، طبی سامان اور انسانی ضروریات کی اشیا فضائی راستے سے ہنگامی بنیادوں پر بھیجی جائیں گی جبکہ امدادی ٹیمیں بھی روانہ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

    شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد نے ترکیہ، شام اور دونوں ملکوں کے برادر عوام سے رنج و ملال اور دکھ کا اظہار بھی کیا ہے۔

    سعودی عرب نے انسانی المیے سے نمٹنے کے لیے دونوں برادر ممالک کو بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب، اس کے قائدین اور عوام آزمائش کی اس گھڑی میں ترکیہ اور شامی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

    علاوہ ازیں شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد نے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کو شام اور ترکیہ کے زلزلہ زدگان کی مدد کے لیے فضائی پل قائم کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ فضائی پل کے ذریعے دوائیں، طبی ساز و سامان، خیمے، کھانے پینے کی اشیا اور لاجسٹک مدد ہنگامی بنیادوں پر روانہ کی جائیں۔

    شام اور ترکیہ میں زلزلہ زدگان کی مدد کے لیے ساہم پورٹل کے ذریعے عوامی امدادی مہم بھی شروع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    شاہ سلمان مرکز کے سربراہ ڈاکٹر عبد اللہ الربیعہ نے بتایا کہ فضائی پل قائم کرنے کا حکم سعودی قیادت نے شام اور ترکیہ کے زلزلہ زدگان کی مدد کے جذبے سے جاری کیا ہے۔

    سعودی قائدین چاہتے ہیں کہ شام اور ترکیہ میں ہولناک جانی و مالی نقصانات کے اثرات کم کرنے میں حصہ لیا جائے، تباہ کن زلزلے سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔

    شاہ سلمان مرکز کے سربراہ کا کہنا تھا کہ سعودی قیادت کی ہدایت کے مطابق متاثرین کی مدد کے لیے کھانے پینے کی اشیا، طبی سامان اور خیمے وغیرہ بھیجے جارہے ہیں۔