Tag: ترکی

  • ترک وزیر خارجہ کا ایرانی ہم منصب جواد ظریف کو ٹیلی فون

    ترک وزیر خارجہ کا ایرانی ہم منصب جواد ظریف کو ٹیلی فون

    انقرہ: ترک وزیر خارجہ مولود چاؤش اوغلو نے اپنے ایرانی ہم منصب جواد ظریف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور خطے کی موجودہ صورتحال اور ایران کے حالیہ حملوں پر تبادلہ خیال کیا۔

    غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ایران کی جانب سے امریکی فوجی اڈوں پر حملے اور خطے میں کشیدگی کے پیش نظر ترک وزیر خارجہ مولود چاؤش اوغلو نے ایرانی ہم منصب جواد ظریف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔

    دونوں وزرائے خارجہ نے موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

    خیال رہے کہ ایران نے گزشتہ رات عراق میں امریکی فوجی اڈوں پر بیلسٹک میزائلوں سے حملے کیے ہیں۔

    ایرانی پاسداران انقلاب نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ انہوں نے درجنوں میزائلوں سے امریکی اڈے کو نشانہ بنایا، اڈوں پر زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائل داغے گئے، امریکا کے خلاف انتقامی کارروائیوں کا آغاز ہو چکا۔

    پینٹاگون نے تصدیق کی ہے کہ عراق میں 2 فوجی اڈے ایرانی حملوں کا نشانہ بنے۔ امریکی اور اتحادی افواج پر درجن سے زائد بیلسٹک میزائل فائر کیے گئے، ایرانی میزائلوں کا ہدف الاسد اور اربیل میں واقع فوجی اڈے تھے۔

    بعد ازاں ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے بیان دیا کہ حملے میں 80 ہلاکتیں ہوئیں، حملے سے متعلق اعداد و شمار فوجی حکام بتائیں گے۔

    حملے کے فوری بعد جواد ظریف نے اپنے ٹویٹ میں کہا تھا کہ ایران نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اپنے دفاع میں مناسب اقدام اٹھایا ہے۔ ہم جنگ نہیں چاہتے لیکن اپنے خلاف ہونے والی جارحیت کا دفاع کریں گے۔

  • ترکی میں کشتی غرقابی کا واقعہ، پاکستانیوں کی موت کا نوٹس

    ترکی میں کشتی غرقابی کا واقعہ، پاکستانیوں کی موت کا نوٹس

    اسلام آباد: ترکی میں غیر قانونی تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے کے واقعے میں دو پاکستانیوں کی موت کا نوٹس لے لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق غیرقانونی طور پر یورپ جانے کی خواہش میں دو پاکستانی بھی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، چیئرمین سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے کشتی حادثے میں پاکستانیوں کی موت کا نوٹس لے لیا۔

    چیئرمین کمیٹی نے پاکستانی سفیر اور ڈی جی ایف آئی اے ودیگر سے واقعے کی تفصیلات طلب کرلیں۔

    چیئرمین کمیٹی کا کہنا ہے کہ ترکی میں کشتی ڈوبنے سے 2پاکستانی جاں بحق اور 11 زخمی ہوئے، کشتی میں 71افراد سوار تھے، 23پاکستانی بھی تھے جو پریشان کن بات ہے، وزارت خارجہ پھنسے پاکستانیوں کی بحفاظت واپسی کا بندوبست کرے۔

    ترکی: کشتی ڈوبنے سے دو پاکستانی بھی جاں بحق ہوئے، دفتر خارجہ کی تصدیق

    خیال رہے کہ دو روز قبل دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی نے ترکی میں کشتی ڈوبنے کے نتیجے میں دو پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی تھی۔

    دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ ترکی کے صوبے بیتلیس میں مہاجرین کی کشتی کو گزشتہ روز حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں دو پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ترک حکام سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق کشتی پر مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 71 افراد سوار تھے، جن میں سے مقتولین کو ملا کر 25 پاکستانی بھی تھے۔

  • مقتول صحافی جمال خاشقجی کی منگیتر کو کس بات کا افسوس ہے؟

    مقتول صحافی جمال خاشقجی کی منگیتر کو کس بات کا افسوس ہے؟

    مقتول سعودی صحافی جمال خاشقجی کی منگیتر نے کہا ہے کہ انہیں اطالوی سپر کپ کے سعودی عرب میں انعقاد سے دلی افسوس ہوا ہے۔

    روم میں اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے خاشقجی کی منگیتر ہیٹس کینگز کا کہنا تھا کہ یہ نہایت افسوسناک ہے کہ ایک ایسا ملک جس پر ایک ریاستی قتل کا الزام ہے، اور اس کے قاتل تاحال آزاد ہیں، اسے یہ تحفہ دیا گیا کہ اطالوی ان کی سرزمین پر فٹبال کھیلیں۔

    انہوں نے کہا کہ میں اس کے معاشی پہلوؤں سے واقف ہوں اور اس کا بائیکاٹ کرنا ممکن نہیں ہوگا، لیکن کیا اس کے سیاسی اثرات نہیں ہوں گے؟

    واضح رہے کہ واشنگٹن پوسٹ کے لیے خدمات انجام دینے والے سعودی صحافی جمال خاشقجی کو گزشتہ سال 2 اکتوبر کو استنبول میں واقع سعودی سفارت خانے میں قتل کر دیا گیا تھا۔

    ان کے قتل پر سعودی حکومت پر خاصی تنقید کی گئی۔ ترک صدر رجب طیب اردگان نے بھی سعودی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے صحافی کے قتل کی ترکی میں شفاف تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

    سعودی صحافی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور ان کی پالیسیوں اور وژن 2030 کے سخت ناقد تھے جس کی وجہ سے انہیں اپنے ملک میں جان کا خطرہ لاحق تھا اور وہ کئی برسوں سے امریکا میں خود ساختہ جلا وطنی کی زندگی گزار رہے تھے۔

    بعد ازاں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے اس قتل کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اخلاقی طور پر خود کو اس قتل کا ذمہ دار سمجھتے ہیں۔

  • وزیر خارجہ ترکی کے 2 روزہ سرکاری دورے پر روانہ

    وزیر خارجہ ترکی کے 2 روزہ سرکاری دورے پر روانہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ترکی کے 2 روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود دو روزہ سرکاری دورے پر ترکی روانہ ہو گئے ہیں، وزیر خارجہ استنبول میں نویں ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

    دورے کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود افغان امن عمل کے حوالے سے شرکا کو آگاہ کریں گے، خطے میں اٹھائے گئے اقدامات سے بھی کانفرنس کے شرکا کو آگاہی فراہم کریں گے۔

    شاہ محمود قریشی ترکی میں مقامی اور بین الاقوامی نمایندوں سے ملاقاتیں کریں گے اور مختلف علاقائی اور بین الاقوامی امور پر پاکستانی مؤقف سامنے رکھیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیر خارجہ ایک روزہ سرکاری دورے پر قطر پہنچ گئے

    اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود نے سری لنکا اور قطر کے بھی سرکاری دورے کیے تھے، یکم دسمبر کو سری لنکا پہنچنے کے بعد انھوں نے کولمبو ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں وزیر اعظم عمران خان اور صدر ڈاکٹر عارف علوی کا خصوصی پیغام لے کر سری لنکا آیا ہوں، سری لنکا کے نو منتخب صدر اور وزیر اعظم سے ہماری گہری شناسائی ہے، اور وہ پاکستان کے دوست ہیں۔

    بعد ازاں، شاہ محمود 3 دسمبر کو قطر کے ایک روزہ دورے پر دوحہ پہنچے تھے جہاں انھوں نے دوسرے کوالالمپور سمٹ وزارتی اجلاس میں شرکت کی۔

  • ترکی سے مزید 56 پاکستانی بے دخل، سعودی عرب سے بھی 9 پاکستانی ڈی پورٹ

    ترکی سے مزید 56 پاکستانی بے دخل، سعودی عرب سے بھی 9 پاکستانی ڈی پورٹ

    اسلام آباد: ترکی میں غیر قانونی طور پر مقیم پاکستانیوں کے خلاف آپریشن جاری ہے، مزید 56 غیر قانونی مقیم پاکستانی ترکی سے بے دخل کر دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ترکی سے مزید 56 پاکستانی بے دخل کر دیے گئے ہیں، ڈی پورٹ ہونے والے پاکستانی ترکش ائیر لائن سے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پہنچ گئے، جہاں ایف آئی اے امیگریشن نے بے دخل کیے گئے پاکستانیوں کو حراست میں لے لیا۔

    ایف آئی اے ذرایع کے مطابق بے دخل پاکستانیوں سے ایف آئی اے امیگریشن نے پوچھ گچھ کی اور مزید تفتیش کے لیے انھیں پاسپورٹ سیل منتقل کر دیا۔

    ادھر سعودی عرب سے بھی غیر قانونی مقیم 9 پاکستانی شہریوں کو ڈی پورٹ کر دیا گیا ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے نے تمام افراد کو گرفتار کر کے پاسپورٹ سیل منتقل کر دیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  ترکی نے غیر قانونی مقیم مزید 24 پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کر دیا

    یاد رہے کہ 23 نومبر سے اب تک 162 پاکستانیوں کو ترکی سے بے دخل کیا جا چکا ہے، یہ تمام افراد پاکستان پہنچائے جا چکے ہیں، جو کہ ترکی میں غیر قانونی طور پر مقیم تھے۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق 23 نومبر 2019 کو ترکی سے 42 پاکستانیوں کو، 29 نومبر کو 40 پاکستانیوں کو جب کہ 30 نومبر کو 24 پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کر دیا گیا تھا۔

    واضح رہے کہ رواں سال فروری میں ترکی نے غیر قانونی طور پر مقیم 50 ہزار پاکستانیوں کو ملک بدر کرنے کا فیصلہ کیا تھا، ترکی کابینہ کا کہنا تھا کہ 50 ہزار پاکستانیوں کو داخلی استحکام کے لیے خطرہ قرار دے کر ملک بدر کر دیا جائے۔

  • ترکی نے غیر قانونی مقیم مزید 24 پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کر دیا

    ترکی نے غیر قانونی مقیم مزید 24 پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کر دیا

    اسلام آباد: ترکی سے پاکستانیوں کی بے دخلی کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے، ترک حکام نے مزید 24 پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کر دیا ہے جو ترکی میں غیر قانونی طور پر مقیم تھے۔

    تفصیلات کے مطابق ترکی نے غیر قانونی مقیم 24 پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کر دیا ہے، بے دخل افراد پرواز ٹی کے 711 سے اسلام آباد ایئر پورٹ پہنچ گئے، جہاں ایف آئی اے نے ان کو انسانی اسمگلنگ سیل منتقل کر دیا۔

    گزشتہ روز بھی ترکی سے غیر قانونی طور پر مقیم 40 پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کیا گیا تھا، اس سے قبل 23 نومبر کو 42 پاکستانیوں کو ترک حکام نے پکڑ کر ملک بدر کر دیا تھا جو وہاں غیر قانونی طور پر مقیم تھے۔

    بتایا گیا تھا کہ ملک بدر کیے جانے والے پاکستانی ملازمتوں کی تلاش میں غیر قانونی طور پر ترکی گئے تھے، پکڑ میں آنے کے بعد انھیں اسلام آباد پہنچا کر انسانی اسمگلنگ سیل منتقل کیا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  ترکی سے غیر قانونی طور پر مقیم مزید 40 پاکستانی ڈی پورٹ

    واضح رہے کہ رواں برس فروری میں ترک حکومت نے پاکستان سے مطالبہ کیا تھا کہ ترکی میں غیر قانونی طور پر مقیم 50 ہزار پاکستانیوں کی واپسی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں، اس سلسلے میں پاکستانی سیکریٹری خارجہ نے وزارت خارجہ کو خط بھی لکھا تھا۔

    رواں ماہ سعودی عرب میں بھی غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو ریلیف دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پاکستانی سفارت خانے نے بھی ہم وطنوں کو رابطہ کرنے کی ہدایت کی تھی تاکہ انھیں وطن واپس لایا جا سکے۔

  • ترکی سے غیر قانونی طور پر مقیم مزید 40 پاکستانی ڈی پورٹ

    ترکی سے غیر قانونی طور پر مقیم مزید 40 پاکستانی ڈی پورٹ

    کراچی: ترکی میں غیر قانونی طور پر مقیم مزید 40 پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترکی سے مزید چالیس پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کر دیا گیا ہے، جو ترکی میں غیر قانونی طور پر مقیم تھے، ذرایع کا کہنا ہے کہ غیر قانونی مقیم افراد کو غیر ملکی ایئر لائن کے ذریعےاسلام آباد پہنچا دیا گیا ہے۔

    ذرایع کے مطابق ایف آئی اے نے ڈی پورٹ 40 افراد کو پاکستان پہنچنے پر انسانی اسمگلنگ سیل منتقل کر دیا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی ترکی میں غیر قانونی طور پر مقیم 42 پاکستانیوں کو ترک حکام نے پکڑ کر ملک بدر کر دیا تھا، پاکستانیوں کو ترک ایئر لائن ٹی کے 710 سے اسلام آباد پہنچایا گیا تھا۔ بتایا گیا تھا کہ ملک بدر کیے جانے والے پاکستانی ملازمتوں کی تلاش میں غیر قانونی طور پر ترکی گئے تھے، پکڑ میں آنے کے بعد انھیں اسلام آباد پہنچا کر انسانی اسمگلنگ سیل منتقل کیا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  غیر قانونی طور پر ترکی جانے والے ہوشیار !

    واضح رہے کہ رواں برس فروری میں ترک حکومت نے پاکستان سے مطالبہ کیا تھا کہ ترکی میں غیر قانونی طور پر مقیم 50 ہزار پاکستانیوں کی واپسی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں، اس سلسلے میں پاکستانی سیکریٹری خارجہ نے وزارت خارجہ کو خط بھی لکھا تھا۔

    رواں ماہ سعودی عرب میں بھی غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو ریلیف دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پاکستانی سفارت خانے نے بھی ہم وطنوں کو رابطہ کرنے کی ہدایت کی تھی تاکہ انھیں وطن واپس لایا جا سکے۔

  • ترکی میں سینئر افسران سمیت 168 افراد گرفتار

    ترکی میں سینئر افسران سمیت 168 افراد گرفتار

    انقرہ: ترکی میں سیاسی مخالفین کی گرفتاریوں کی نئی لہر اٹھی ہے، سینئر افسران سمیت 168 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترک حکومت نے خدمت تحریک کے رہنما فتح اللہ گولن کے نیٹ ورک سے رابطے کے شبہے میں سینئر فوجی افسران سمیت مزید 168 افراد گرفتار کر لیے ہیں۔

    یاد رہے کہ منگل کے روز ترک حکام نے جلا وطن مذہبی رہنما کی جماعت کے ساتھ رابطے کے شبہے میں حاضر سروس افسران کو گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا، تین سال قبل ترکی میں صدر طیب اردوان کی حکومت کا تختہ الٹنے کی ناکام کوشش کے بعد سے گرفتاریوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  فتح اللہ گولن سے تعلق کا شبہ، 128 ترک فوجیوں کی گرفتاری کے احکامات جاری

    میڈیا رپورٹس کے مطابق حالیہ گرفتاریوں میں چند افراد ایسے بھی ہیں جو ‘بائی لاک’ ٹیکسٹ میسجنگ ایپلی کیشن استعمال کر رہے تھے، یہ اپیلی کیشن فتح اللہ گولن نیٹ ورک سے منسلک افراد ایک دوسرے کے ساتھ رابطے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

    خیال رہے کہ ترک حکام نے فتح اللہ گولن پر صدر رجب طیب اردوان کے خلاف 15 جولائی 2016 کو بغاوت کی کوشش کی منصوبہ بندی میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا تھا۔ تین سال سے جاری کریک ڈاؤن میں اب تک ہزاروں افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق 77 ہزار افراد کے خلاف مقدمے کی کارروائی جلد شروع کی جائے گی، جن پر تختہ الٹنے کی منصوبہ بندی میں حصہ لینے کا الزام ہے۔

  • غیر قانونی طور پر ترکی جانے والے ہوشیار !

    غیر قانونی طور پر ترکی جانے والے ہوشیار !

    اسلام آباد: ترکی میں غیر قانونی طور پر مقیم 42 پاکستانیوں کو ترک حکام نے پکڑ کر ملک بدر کر دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ترکی میں غیر قانونی طور پر مقیم 42 پاکستانی ملک بدر کر دیے گئے ہیں، پاکستانیوں کو ترک ایئر لائن ٹی کے 710 سے اسلام آباد پہنچا دیا گیا ہے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ ملک بدر کیے جانے والے پاکستانی ملازمتوں کی تلاش میں غیر قانونی طور پر ترکی گئے تھے، پکڑ میں آنے کے بعد انھیں اسلام آباد پہنچا کر سیل منتقل کر دیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ رواں برس فروری میں ترک حکومت نے پاکستان سے مطالبہ کیا تھا کہ ترکی میں غیر قانونی طور پر مقیم 50 ہزار پاکستانیوں کی واپسی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں، اس سلسلے میں پاکستانی سیکریٹری خارجہ نے وزارت خارجہ کو خط بھی لکھا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں:  سعودی عرب کا غیر قانونی مقیم پاکستانیوں کیلئے بڑا فیصلہ

    خیال رہے کہ گزشتہ چند برسوں سے پاکستان ترکی میں غیر قانونی تارکین کا سب سے بڑا مرکز بن چکا ہے، ترک اداروں کے مطابق ترکی میں پچاس ہزار سے زائد پاکستانی شہری غیر قانونی طور پر موجود ہیں۔

    واضح رہے کہ رواں ماہ سعودی عرب میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو ریلیف دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پاکستانی سفارت خانے نے بھی ہم وطنوں کو رابطہ کرنے کی ہدایت کی تھی تاکہ انھیں وطن واپس لایا جا سکے۔

    ویلفئیر اتاشی محمود لطیف نے کہا تھا کہ اسکیم کے تحت وطن جانے والے افراد پھر سعودی عرب نہیں جا سکیں گے۔

  • ترک مسلح افواج کے کمانڈر کی پاک بحریہ و فضائیہ کے سربراہان سے ملاقاتیں

    ترک مسلح افواج کے کمانڈر کی پاک بحریہ و فضائیہ کے سربراہان سے ملاقاتیں

    اسلام آباد: ترکی کے مسلح افواج کے کمانڈر جنرل یاسر گلر پاکستان کے دورے پر ہیں، یہاں انہوں نے پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور سربراہان سے ملاقاتیں کیں۔

    تفصیلات کے مطابق ترک مسلح افواج کے کمانڈر جنرل یاسر گلر نے نیول ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق قائم مقام نیول چیف وائس ایڈمرل فیاض جیلانی نے ترک کمانڈر کا استقبال کیا۔

    ترک مسلح افواج کے کمانڈر کی آمد پر انہیں روایتی گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، معزز مہمان نے نیول ہیڈ کوارٹرز میں یادگار شہدا پر پھول چڑھائے۔ معزز مہمان کا پرنسپل اسٹاف آفیسرز سے بھی تعارف کروایا گیا۔

    ترجمان کے مطابق ترک کمانڈر نے وائس ایڈمرل فیاض جیلانی سے خصوصی ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی اور دفاعی امور پر بات چیت کی گئی۔ ترک کمانڈر کو کشمیر پر پاکستان کے اصولی مؤقف سے بھی آگاہ کیا گیا۔

    بعد ازاں ترک کمانڈر ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد پہنچے۔ پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو سلامی پیش کی۔

    ترجمان فضائیہ کے مطابق ایئر چیف مارشل مجاہد انور سے ترک کمانڈر کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں جنرل یاسر گلر نے پاک فضائیہ کے افراد کی پیشہ وارانہ مہارت کی تعریف کی۔

    ایئر چیف نے پاکستان اور ترکی میں موجودہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔