Tag: ترکی

  • ترکی کی جانب سے افغان طلبہ کے لیے بڑا اعلان

    ترکی کی جانب سے افغان طلبہ کے لیے بڑا اعلان

    کابل: ترکی نے کان کنی اور زراعت کے شعبوں میں افغان طلبہ کو وظائف دینے کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان کے وزیر اعظم آفس سیکرٹریٹ کے سربراہ ڈاکٹر ملا عبد الواسع سے ترکی کی نجی مائن کمپنیوں کے عہدیداروں اور استنبول (جراح پاشا) یونیورسٹی کے اساتذہ نے ملاقات کی۔

    اس ملاقات میں کمپنیوں کے عہدیداروں نے کہا کہ افغانستان اور ترکی کے درمیان طویل اور تاریخی تعلقات ہیں، انھوں نے مزید کہا کہ وہ افغانستان میں معدنیات کی تلاش اور اخراج میں سرمایہ کاری کے لیے تیار ہیں۔

    استنبول یونیورسٹی کے پروفیسرز نے کہا کہ وہ افغانستان کی ہائر ایجوکیشن کے ساتھ معاہدے کے دائرہ کار میں افغان طلبہ کو کان کنی، زراعت اور طبی آلات کے استعمال کے شعبوں میں قلیل مدتی اور طویل مدتی وظائف فراہم کرنا چاہتے ہیں۔

    ڈاکٹر ملا عبد الواسع نے ترکی کے سرمایہ کاروں اور اساتذہ کا شکریہ ادا کیا اور انھیں ہر قسم کے تعاون کا یقین دلایا۔

  • ترکی میں امریکی فوجیوں پر حملہ، ایک فوجی کی درگت بنا دی گئی

    ترکی میں امریکی فوجیوں پر حملہ، ایک فوجی کی درگت بنا دی گئی

    انقرہ: ترکی کے شہر ازمیر میں 2 امریکی فوجی اہلکاروں پر حملہ ہوا ہے، یہ حملہ ترکش قوم پرستوں نے کیا، جس میں ایک فوجی کی درگت بنائی گئی۔

    روئٹرز کے مطابق مغربی ترکیہ میں پیر کے روز قوم پرست ترک نوجوانوں کے ایک گروپ نے 2 امریکی فوجیوں پر حملہ کیا، ترکی میں امریکی سفارت خانے اور مقامی گورنر کے دفتر نے اس حوالے سے بتایا کہ اس واقعے پر 15 حملہ آوروں کو حراست میں لے لیا گیا ہے، جب کہ فوجی محفوظ ہیں۔

    گرفتار نوجوانوں کا تعلق ترک یوتھ یونین ہے، جس کے بعض ارکان نے صہیونی رجیم کی حمایت پر واشنگٹن کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے امریکی فوجی کو پکڑ کر اس کے سر پر سفید تھیلا چڑھایا۔

    گورنر ازمیر کے دفتر کے مطابق ترک یوتھ یونین دراصل قوم پرست اپوزیشن جماعت ’وطن پارٹی‘ کی شاخ ہے، جس کے ارکان نے ضلع کوناک میں امریکی فوجیوں پر حملہ کیا جو سادہ کپڑوں میں ملبوس تھے۔

    بیان کے مطابق موقع پر موجود پانچ امریکی فوجی اہلکاروں اور پولیس نے فوری مداخلت کر کے وہاں موجود 15 نوجوانوں کو حراست میں لے لیا، پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

    وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے پیر کو اپنے بیان میں کہا کہ اس حملے سے واشنگٹن کو ’’پریشانی‘‘ لاحق ہو گئی ہے، تاہم یہ قابل تعریف ہے کہ ترک پولیس اس معاملے کو سنجیدگی سے لے رہی ہے اور ذمہ داروں کو جواب دہ ٹھہرا رہی ہے۔

    ترکیہ میں امریکی سفارت خانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر کہا کہ نشانہ بننے والے امریکی فوجی امریکی جنگی بحری بیڑے USS Wasp کے اہلکار ہیں، یہ جہاز اس ہفتے ساحلی شہر ازمیر کے بندرگاہ کے دورے پر ترکیہ آیا ہے۔

    ترک یوتھ یونین نے بھی سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں احتجاجاً کہا کہ امریکی فوج کے ہاتھ ہمارے فوجیوں اور ہزاروں فلسطینیوں کے خون سے رنگے ہیں، وہ ہمارے ملک کو گندا نہیں کر سکتے، جب بھی تم اس سرزمین پر قدم رکھو گے، ہم تم سے اسی طرح ملیں گے۔

  • نیتن یاہو کا انجام بھی ہٹلر جیسا ہوگا: ترکی

    نیتن یاہو کا انجام بھی ہٹلر جیسا ہوگا: ترکی

    انقرہ: اسرائیل اور ترکی کے درمیان لفظی جنگ مزید تیز ہو گئی ہے، کشیدگی بڑھنے پر ترکی نے نیتن یاہو کا ہٹلر سے موازنہ کر دیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ترک وزارت خارجہ نے اسرائیل کے تبصرے کے بعد کہا ہے کہ ’’نسل کشی نیتن یاہو‘‘ کا انجام ایڈولف ہٹلر کی طرح ہی ہوگا۔

    سرکاری انادولو ایجنسی کے مطابق ترک وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ ’’جس طرح نسل کشی کرنے والے ہٹلر کا خاتمہ ہوا تھا، اسی طرح نسل کشی کرنے والے نیتن یاہو کا بھی خاتمہ ہوگا۔‘‘

    تازہ ترین کشیدگی اس وقت پیدا ہوئی ہے، جب رجب طیب اردوان نے کہا کہ ترکیہ فلسطینیوں کی مدد کے لیے اسرائیل میں داخل ہو سکتا ہے۔ اس پر اسرائیلی وزیر خارجہ کاٹز نے بیان جاری کیا کہ ’’اردوان صدام حسین کے نقش قدم پر چل رہے ہیں، بس یہ یاد کریں کہ وہاں کیا ہوا اور کیسے ختم ہوا۔‘‘

    ترک صدر نے اسرائیل پر حملے کی دھمکی دے دی

    اسرائیلی ٹینکوں کی جنوبی خان یونس میں بھی پیش قدمی، 36 فلسطینی شہید، 120 زخمی

    اس پر وزارت خارجہ ترکیہ نے بیان میں کہا کہ جس طرح نسل کشی کرنے والے نازیوں کو جواب دہ ٹھہرایا گیا تھا، اسی طرح فلسطینیوں کو تباہ کرنے کی کوشش کرنے والوں کا بھی احتساب کیا جائے گا۔ انسانیت فلسطینیوں کے ساتھ کھڑی رہے گی،تم فلسطینیوں کو تباہ نہیں کر سکو گے۔

  • رمضان المبارک کی آمد، اردوان نے اسرائیل کو خبردار کر دیا

    رمضان المبارک کی آمد، اردوان نے اسرائیل کو خبردار کر دیا

    انقرہ: ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ مسلمانوں کے قبلہ اول میں داخلے پر پابندی کے خوف ناک نتائج نکلیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں ترک صدر اردوان کی فلسطینی ہم منصب محمود عباس سے ملاقات ہوئی، جس میں دو طرفہ امور اور فلسطین کی موجودہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا، ترک صدر نے کہا کہ فلسطین میں یہودیوں کی غیر قانونی آباد کاری خطے میں امن کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے۔

    رجب طیب اردوان نے کہا مسائل ختم کرنے کے لیے رمضان المبارک میں فلسطینی مسلمانوں کو مسجد اقصیٰ میں عبادت کی اجازت دی جائے، قبلہ اول میں داخلے پر پابندی کے خوف ناک نتائج نکلیں گے۔

    او آئی سی اجلاس، اسرائیلی مظالم کی شدید مذمت

    دوسری جانب سعودی وزیر خارجہ نے بھی اسرائیل کو عسکری جارحیت سے باز رہنے کی تنبیہ کر دی ہے، شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ کوئی طاقت فلسطینیوں کو ان کی سرزمین سے محروم نہیں کر سکتی، اسرائیل اقوام متحدہ کے انسانی بنیادوں پر امدادی کاموں میں رکاوٹ نہ بنے، اب فلسطین کو ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کا وقت آ گیا ہے۔

  • اردوان نے یوکرینی صدر کے 10 نکاتی فارمولے کی حمایت کر دی

    اردوان نے یوکرینی صدر کے 10 نکاتی فارمولے کی حمایت کر دی

    انقرہ: رجب طیب اردوان نے یوکرینی صدر کے 10 نکاتی امن فارمولے کی حمایت کر دی ہے، ترک صدر نے بدھ کو کہا کہ ترکی روس اور یوکرین کے درمیان دوبارہ امن مذاکرات کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔

    ترک میڈیا رپورٹس کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوان نے روس یوکرین میں امن مذاکرات کے لیے ثالثی کی ایک بار پھر پیشکش کر دی، انھوں نے کہا کہ ترکی روس اور یوکرین کے درمیان امن مذاکرات کے لیے ثالث کے طور پر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔

    ترک صدر نے کہا کہ روس اور یوکرین کو ایک دوسرے کے قریب لانے اور پرامن مذاکرات کی کوششیں ناکافی ہیں، اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے ہر ممکنہ راستے سے اعلیٰ ترین سطح پر سفارتی ذرائع کا استعمال کرنا ہوگا۔

    یوکرین-جنوب مشرقی یورپ سمٹ کے لیے بھیجے گئے ایک ویڈیو پیغام میں انھوں نے مزید کہا کہ وہ یوکرین کے صدر ولودمیر زیلنسکی کے 10 نکاتی امن فارمولے کی اصولی طور پر حمایت کرتے ہیں۔ اردوان نے کہا یوکرین کی آزادی، خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے لیے ترکی کی حمایت سب کو معلوم ہے۔ ’’ہم اپنے کریمیائی تاتار ہم وطنوں کے حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے بھی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔‘‘

    دوسری طرف روس اور یوکرین کے درمیان تنازع ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا، روس نے یوکرین میں گولہ بارود کے ڈپو کو نشانہ بنایا، جب کہ یوکرین نے دعویٰ کیا ہے کہ انھوں نے روس کا لڑاکا طیارہ مار گرایا ہے۔

  • جنگ کے بعد غزہ میں کس ملک کا کردار اہم ہوگا؟ انٹونی بلنکن نے بتا دیا

    جنگ کے بعد غزہ میں کس ملک کا کردار اہم ہوگا؟ انٹونی بلنکن نے بتا دیا

    استنبول: امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ جنگ کے بعد غزہ میں ترکی کا کردار نہایت اہم ہوگا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہفتے کے روز ترک صدر رجب طیب اردوان کے ساتھ ملاقات کے بعد امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا کہ ترکی غزہ میں جنگ کے بعد ’’مثبت اور نتیجہ خیز‘‘ کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

    انھوں نے کہا کہ اسرائیل اور حماس کی جنگ کو ایک بڑا علاقائی تنازعہ بننے سے روکنے کے لیے ترکی اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے گا۔

    بلنکن کا کہنا تھا کہ غزہ کے سلسلے میں انھوں نے جو 8 دنوں پر مشتمل طوفانی دورہ شروع کر دیا ہے، اس میں ہونے والی ملاقاتوں میں زیادہ تر اس نکتے پر توجہ مرکوز ہے کہ خطے کے ممالک اس جنگ کو پھیلنے سے روکنے کے لیے اپنا اثر و رسوخ کس طرح استعمال کر سکتے ہیں۔

    جنوبی لبنان پر اسرائیلی سفید فاسفورس بم داغے جانے کا بھیانک نتیجہ

    واضح رہے کہ اسرائیل پر 7 اکتوبر کے حماس حملے کے بعد سے جس طرح صہیونی فورسز نے فلسطین کی شہری آبادیوں کو پوری طرح تباہ و برباد کرنے اور فلسطینیوں کی نسل کشی کے لیے وحشیانہ بمباری کا سلسلہ شروع کیا، اس کے نتیجے کے طور پر یہ شدید خطرہ پیدا ہو گیا ہے کہ یہ جنگ اب غزہ کی پٹی سے باہر نکل کر دیگر ممالک کو بھی لپیٹ میں لینے لگا ہے۔

    حزب اللہ اور القدس بریگیڈ نے اسرائیل پر اچانک راکٹوں کی بارش کر کے ہوش اڑا دیے

    چناں چہ لبنان کی حزب اللہ نے گزشتہ روز اسرائیلی اڈے پر 60 سے زیادہ راکٹ فائر کیے، اور اس حملے کو گزشتہ ہفتے بیروت میں حماس کے نائب سربراہ صالح العاروری کی شہادت کا ’ابتدائی ردعمل‘ قرار دیا گیا۔

    اسرائیلی فوجی سربراہ کا غزہ میں ناکامیوں کے باوجود جنگ جاری رکھنے کا اعلان

    اسرائیلی حکام کے مطابق جنوبی اسرائیل میں 7 اکتوبر کو حماس کی قیادت میں ہونے والے حملوں میں 1,139 افراد ہلاک ہوئے، جب کہ حماس کے زیر انتظام محصور غزہ میں وزارت صحت کے مطابق غزہ کی پٹی پر اسرائیل کے حملوں میں کم از کم 22,722 افراد شہید اور 58,166 زخمی ہو چکے ہیں۔

  • متحدہ عرب امارات نے ترکی میں سب سے بڑے فیلڈ اسپتال کا افتتاح کردیا

    متحدہ عرب امارات نے ترکی میں سب سے بڑے فیلڈ اسپتال کا افتتاح کردیا

    انقرہ: متحدہ عرب امارات نے ترکی میں سب سے بڑے فیلڈ اسپتال کا افتتاح کردیا جہاں زلزلے میں زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد دی جارہی ہے۔

    ترکی کے علاقے غازیانتپ میں قائم ہونے والے اماراتی ریلیف فیلڈ اسپتال نے طبی، تکنیکی اور انتظامی ٹیموں کی آمد کے فوراً بعد ہی زلزلہ متاثرین کی دیکھ بھال شروع کردی ہے۔

    یہ اسپتال 40 ہزار مربع میٹر کے علاقے پر واقع ہے اور اس میں 50 بستر اور 4 آئی سی یو بستر ہیں۔

    یہ ترکی کا پہلا لیول 3 فیلڈ ہسپتال ہے جو مقامی لوگوں کو طبی امداد کی فراہمی میں کردار ادا کررہا ہے۔

    ترکی میں متحدہ عرب امارات کے سفیر سعید ثانی الظہری نے کئی ترک حکام کے ہمراہ اسپتال کے افتتاح میں شرکت کی، یہ اقدام گیلنٹ نائٹ 2 مہم کے تحت اٹھایا گیا ہے۔

    سعید ثانی الظہری نے کہا کہ فیلڈ اسپتال متحدہ عرب امارات کی قیادت کی ہدایت پر قائم کیا گیا ہے اور یہ 50 کے اصولوں کے نویں اصول کے تحت متحدہ عرب امارات کے انسانی ہمدردی کے نقطہ نظر کی عکاسی کرتا ہے۔

    فیلڈ اسپتال کی انچارج اماراتی ٹیم نے متاثرین کی بنیادی اور فوری ضروریات کی نشاندہی کرنے کے لیے ترکی میں سرکاری حکام کے ساتھ رابطہ کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اس نے ریکارڈ وقت میں اسپتال کے قیام اور طبی عملے کو تعینات کرنے کے لیے کافی کوششیں کی ہیں، انہوں نے ترک حکام کا فیلڈ اسپتال کی ٹیم کو ضروری مدد فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

    ایمریٹس ریلیف فیلڈ اسپتال کے کمانڈر اسٹاف بریگیڈیئر ڈاکٹر عبد اللہ خادم الغیثی نے بتایا کہ اسپتال میں ریسپشن، اسکریننگ، ایمرجنسی، سرجری، انتہائی نگہداشت، دندان سازی، ایکسرے، لیبارٹری، فارمیسی اور آؤٹ پیشنٹ سیکشن سمیت مختلف شعبے شامل ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اسپتال کے طبی عملے میں ماہرین نفسیات بھی شامل ہیں جو ملک میں آنے والی آفت کی وجہ سے بے چینی، ڈپریشن اور پوسٹ ٹرامیٹک ڈس آرڈر کے عوارض میں مبتلا افراد کی مدد کر رہے ہیں۔

  • کئی دہائیوں کے بعد سبی اور ہرنائی میں ٹرین چلے گی: خواجہ سعد رفیق

    کئی دہائیوں کے بعد سبی اور ہرنائی میں ٹرین چلے گی: خواجہ سعد رفیق

    لاہور: وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ کئی دہائیوں کے بعد سبی اور ہرنائی میں ٹرین چلے گی، گوادر میں ریلوے کی کافی جگہ موجود ہے، گوادرمیں ریلوے کا دفتر کھول دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ پاکستان ریلوے کا مسافروں کی سہولت کے لیے معاہدہ ہوا ہے، معاہدے کے ذریعے جہاں رکاوٹیں تھیں وہ ختم کردیں۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اسمارٹ فون ایپ کے ذریعے ٹرین کی ٹکٹ، ہوٹل اور کھانے پینے کی سہولت میسر ہوگی، ایپ کے ذریعے پارسل کی بکنگ اور ٹریکنگ بھی ہو سکے گی، رابطہ ایپ کے ذریعے شہری اپنا سفر آسان بنا سکے گا۔

    انہوں نے کہا کہ ریونیو شیئرنگ کی بنیاد پر یہ سروس ریلوے میں دستیاب ہوگی، یہ ایپ ریلوے کے آپریشنل معاملات کو بہتر بنانے میں اہم قدم ہے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سبی ہرنائی ٹریک اور چیک پوسٹ کو جلد مکمل کیا جائے گا، کئی دہائیوں کے بعد سبی اور ہرنائی میں ٹرین چلے گی، گوادر میں ریلوے کی کافی جگہ موجود ہے، گوادرمیں ریلوے کا دفتر کھول دیا گیا ہے، حالیہ سیلاب سے ریلوے کو بہت نقصان پہنچا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ تنخواہوں کے معاملے میں وزارت خزانہ سے بات چیت کی ہے انشا اللہ کوئی حل نکلے گا، ہمیں توقع ہے قسطوں میں ہی صحیح تنخواہوں کے لیے پیسہ ملے گا۔

  • سوتے ہوئے پیرا گلائیڈنگ، ہوش اڑا دینے والی ویڈیو

    پیرا گلائیڈنگ ایک دلچسپ ایڈونچر ہے جو اکثر افراد کو بہت پسند ہوتا ہے، تاہم ترکی کے ایک شہری نے انوکھے اور نئے انداز سے پیرا گلائیڈنگ کر کے اسے مزید پرجوش بنایا۔

    ترک شہری حسن کاول نے بستر پر سوتے ہوئے پیرا گلائیڈنگ کی۔

    حسن کی ویڈیو جو سوشل میڈیا پر بے حد وائرل ہورہی ہے، میں انہیں بستر پر لیٹ کر پیرا گلائیڈ کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ 4 افراد ان کے بستر کو ایڈجسٹ کر رہے ہیں، بستر پر آرام دہ تکیے اور چادر بھی موجود ہے، اور صرف یہی نہیں اس کے ساتھ 2 سائیڈ ٹیبلز بھی موجود ہیں جن میں سے ایک پر الارم کلاک بھی رکھا ہے۔

    ٹیک آف کرنے کے کچھ دیر بعد حسن آئی ماسک لگا کر، چادر اوڑھ کر سو جاتے ہیں، تھوڑی دیر بعد الارم بج اٹھتا ہے جس کے بعد حسن اٹھ جاتے ہیں اور لینڈنگ کی تیاری کرتے ہیں۔

    حسن اس سے پہلے کاؤچ پر بھی پیرا گلائیڈنگ کر چکے ہیں۔ ان کی مہم جوئی کی ویڈیوز کو بے حد پسند کیا جاتا ہے۔

  • ترکی کے آسمان پر اڑن طشتری جیسا بادل

    انقرہ: ترکی کے آسمان پر عجیب و غریب بادل نے لوگوں کو حیران پریشان کردیا، بادل کی شکل اڑن طشتری جیسی تھی۔

    سرخ اور نارنجی رنگ کا گھنا بادل بظاہر دکھنے میں ویسا ہی اڑن طشتری جیسا تھا جیسی سائنس فکشن فلم میں دکھائی جاتی ہے۔

    یہ حیرت انگیز بادل ترکی کے شہر برسا میں دکھائی دیا، ماہرین کا کہنا ہے کہ اس انوکھے بادل سے گھبرانے کی کوئی بات نہیں۔

    ماہرین کے مطابق ان بادلوں کو لینٹیکولر کلاؤڈ کہا جاتا ہےم یہ کھردرے اور موٹے بادل، کرینوں کے اوپر نیچے حرکت کرنے اور تیز ہواؤں کے نتیجے میں بنتے ہیں۔

    لینٹیکولر بادل ایسے علاقوں میں اکثر نظر آتے ہیں جہاں تیز اور طوفانی ہوائیں چلتی ہوں۔