Tag: ترکی

  • پاکستان اور ترکی کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں،وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار

    پاکستان اور ترکی کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں،وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار

    لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ترکی کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، پاکستان کےعوام ترک قوم کی طرح پاکستان کو عظیم ملک بنائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ترکی کےقومی دن کی مناسبت سے ترک عوام اور حکومت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا پاکستان اور ترکی میں باہمی احترام کا مضبوط رشتہ موجودہے، پاکستان اور ترکی کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ہر گزرتے لمحے پاکستان اور ترکی کی دوستی مضبوط تر ہو رہی ہے، ترک صدر نے محنت کےساتھ اپنے عوام کی بے لوث خدمت کی ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان کے عوام ترک قوم کی طرح پاکستان کو عظیم ملک بنائیں گے، ترکی کی حکومت اور عوام نےعالمی سطح پر پاکستان کے موقف کی تائید کی ہے۔

    یاد رہے پاکستان کے سربراہ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ترکی کے یوم جمہوریہ کے موقع پر ترک صدر طیب اردوگان اور عوام کو مبارک باد کے پیغام میں ترکی سے اظہار یکجہتی کیا۔

    مزید پڑھیں : ترکی کا یوم جمہوریہ، صدر اور وزیر اعظم کی ترک عوام کو مبارک باد

    صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ ترکی کا بھائی اور گہرے دوست کی مانند احترام کرتے ہیں، آج کا پر وقار دن ترکی اور ترک عوام کی ترقی اور خوشحالی پر گامزن ہونے کا دن ہے۔

    دوسری جانب پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے بھی ترکی کے یوم جمہوریہ پر ترک عوام و طیب اردوگان کو ہدیہ تبریک پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان اور ترکی کی دوستی بے مثال اور کامیاب رہی۔

    وزیر اعظم پاکستان نے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ ترک قوم بھی ہر مشکل اور چیلنج میں ہمارے شانہ بشانہ رہے، باہمی تعاون کی میراث تاریخی، مذہبی اور ثقافتی اعتبار سے گہری ہے، پاکستان اور ترکی نے مشترکا طور پر کئی محاذوں پر اکٹھے کام کیا ہے

  • صدر پاکستان نےاسرائیلی طیارے کی پاکستان آمد کی خبر کو بےبنیاد قرار دے دیا

    صدر پاکستان نےاسرائیلی طیارے کی پاکستان آمد کی خبر کو بےبنیاد قرار دے دیا

    اسلام آباد : صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی کا کہنا ہے کہ اسرائیلی طیارے کی پاکستان آمد کی خبربے بنیاد ہے، اسرائیل کے ساتھ کسی قسم کے تعلقات استوارنہیں کیے جا رہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترکی روانگی سے قبل صدرمملکت نے اسلام آباد ایئرپورٹ پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کمرشل فلائٹ سے ترکی جا رہا ہوں۔

    ڈاکٹرعارف علوی نے کہا کہ ترکی نے کشمیرسمیت ہرمعاملے میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا، دنیا کی سازشوں کے باوجود ترکی میں جمہوریت قائم ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مالی بحران میں ساتھ دینے پر سعودی عرب کے شکرگزارہیں، سعودی عرب نے ہمیشہ کی طرح پاکستان کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھایا۔

    صدرمملکت نے کہا کہ پچھلے ادوارمیں پیدا شدہ مالی بحران سے نمٹنے میں کچھ وقت لگے گا، مالی بحران میں کم سے کم سانس لینے کی کیفیت پیدا ہوئی، حکومت کوکریڈٹ جاتا ہے۔

    ڈاکٹرعارف علوی نے کہا کہ اسرائیلی طیارے کی پاکستان آمد کی خبربے بنیاد ہے، اسرائیل سے تعلقات سے متعلق کوئی بات زیرغورنہیں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان نے تاریخی اعتبارسے ہمیشہ فلسطینیوں کا ساتھ دیا، پاکستان کشمیر اور فلسطین میں مظالم دنیا کے سامنے لایا۔

    صدر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نومبرکے پہلے ہفتے میں چین جائیں گے، وزیراعظم کے دورہ چین میں سرمایہ کاری پربات ہوگی۔

    سندھ میں گورنر راج کی خبروں سے متعلق صدر عارف علوی نے کہا کہ سندھ میں گورنرراج کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، سندھ کی ترقی کے لیے صوبائی حکومت سے تعاون کریں گے۔

    وزیر خارجہ نے اسرائیلی طیارے کی پاکستان آمد کی خبر کو بے بنیاد قرار دے دیا

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اسرائیلی طیارے سے متعلق خبر بے بنیاد ہے جس کی تردید بھی آچکی ہے۔

  • ترکی کے مشہور شیش کباب بنانے کی ترکیب

    ترکی کے مشہور شیش کباب بنانے کی ترکیب

    شیش کباب ترکی کی مشہور ڈش ہے جو نہایت ذوق و شوق سے کھائے جاتے ہیں۔ انہیں آپ باآسانی اپنے گھر میں بھی بنا سکتے ہیں۔

    اجزا

    مٹن یا بیف، انڈر کٹ، کیوب: 1 کلو

    پیاز: 1 عدد

    لیموں کا رس: 2 چائے کے چمچ

    ٹماٹر، کیوب کی شکل میں کاٹ لیں: 2 عدد

    شملہ مرچ، کیوب: 2 عدد

    زیتون کا تیل: ایک تہائی کپ

    کالی مرچ کٹی ہوئی: 1 چائے کا چمچ

    نمک: حسب ذائقہ

    ابلے ہوئے چاول: حسب ضرورت

    سیخیں: 6 سے 7 عدد

    ترکیب

    چاولوں کو اورنج فوڈ کلر کے ساتھ ابال لیں۔

    مکسنگ باؤل میں گوشت، نمک، کالی مرچ، لیموں کا رس اور زیتون کا تیل ڈال کے مکس کریں اور گوشت کو 3 سے 4 گھنٹے میری نیٹ کریں۔

    گرل اوون کو پری ہیٹ کرلیں۔

    سیخوں پر گوشت کی بوٹیاں، ٹماٹر، شملہ مرچ یکے بعد دیگرے پروئیں اور اوون میں 8 سے 10 منٹ گرل کریں پھر سائڈ بدل کے 8 سے 10 منٹ دوبارہ گرل کریں۔ خیال رکھیں کہ یہ ٹھیک طرح سے گل جائے۔

    سرو کرتے وقت سیخوں سے اتار کے چاولوں پر رکھ دیں۔

    میری نیٹ کرتے ہوئے اس میں پپیتا یا گوشت گلانے والا پاؤڈر بھی ڈال سکتے ہیں تاکہ ٹھیک طرح سے گلے۔ آپ اس کو کوئلے کی انگیٹھی یا توے پر بھی بنا سکتے ہیں۔

    اگر آپ کے پاس سیخیں نہیں ہیں تو شاشلک اسٹک پر پرو لیں اور اسٹکس اسی طرح چاولوں پر رکھ کے پیش کریں جو زیادہ اچھا تاثر دیں گی۔

  • پتہ چلایا جائے جمال خاشقجی کی موت کن حالات میں واقع ہوئی‘ سیکریٹری جنرل

    پتہ چلایا جائے جمال خاشقجی کی موت کن حالات میں واقع ہوئی‘ سیکریٹری جنرل

    نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیوگوتریز نے سعودی صحافی جمال خاشقجی کی موت پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیوگوتریز کا کہنا ہے کہ جمال خاشقجی کی موت سے متعلق فوری، شفاف اورجامع تحقیقات کی جائیں۔

    سیکریٹری جنرل سعودی صحافی کی موت پرگہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پتہ چلایا جائے جمال خاشقجی کی موت کن حالات میں واقع ہوئی۔

    انتونیوگوتریز نے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث تمام افراد کوکٹہرے میں لایا جائے۔

    سعودی عرب نے صحافی جمال خاشقجی کی موت کی تصدیق کردی

    دوسری جانب سعودی عرب نے صحافی جمال خاشقجی کی قونصلیٹ میں موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ استنبول کے قونصل خانے میں جمال خاشقجی اور وہاں موجود افراد میں جھگڑا ہوا جس کے باعث ان کی موت واقع ہوئی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روزامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب کو خبردار کیا تھا کہ گمشدہ سعودی صحافی کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی تو نتائج سنگین ہوں گے۔

    واضح رہے کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی دو اکتوبر کو اپنی طلاق کے کاغذات کی تصدیق کے لیے ترکی کے شہر استنبول میں واقع سعودی قونصل خانے گئے تھے لیکن اس کے بعد سے ان کا کچھ پتا نہیں تھا، تاہم اب ان کی موت کی تصدیق ہوگئی۔

  • سعودی صحافی کے قتل کی آڈیو حاصل کرلی،ترک حکام کا دعوی

    سعودی صحافی کے قتل کی آڈیو حاصل کرلی،ترک حکام کا دعوی

    انقرہ : سعودی صحافی کی گمشدگی سے متعلق ترک تحقیقاتی ٹیم نے دعوی کیا ہے کہ سعودی صحافی کے قتل کی آڈیو حاصل کرلی ہے، جمال خاشقجی کو وحشیانہ طریقے سے قتل کیا گیا اور لاش کے ٹکڑے کر کے تیزاب میں ڈالے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی صحافی کی گمشدگی کا معمہ حل نہ ہوسکا لیکن ترک حکام کے سنسنی خیز انکشافات سامنے آگئے، ترک تحقیقاتی ٹیم نے دعوی کیا ہے کہ سعودی صحافی کے قتل کی آڈیو حاصل کرلی گئی ہے۔

    ترکی نے دعوی کیا ہے کہ آڈیو کے مطابق جمال خاشقجی کوسعودی قونصل خانے میں وحشیانہ طریقے سے قتل کیا گیا اور لاش کے ٹکڑے کرکے تیزاب میں ڈال دیئے گئے۔

    حکام نے دعوی کیا ہے جمال خاشقجی کو قتل کرنے کیلئے پندرہ افراد ریاض سے استنبول پہنچے، جنہوں نے انوسٹیگشن کے نام پر سعودی صحافی کو قتل کیا۔

    دوسری جانب سعودی حکام نے سعودی صحافی کے قتل کے الزام کو مسترد کردیا۔

    امریکی صدر کا کہنا ہے ترکی کے پاس قتل کے ثبوت ہیں تو ہمیں فراہم کئے جائیں، آڈیومیں کیا ہے ہمیں بتایا جائے۔

    مزید پڑھیں : سعودی ولی عہد کے قریبی افسر کی نگرانی میں جمال خاشقجی کا مبینہ قتل ہوا، مغربی میڈیا

    گزشتہ روز امریکی سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو نے ترکی کے صدر اردوان سے ملاقات کی اور معاملے پر بات چیت کی تھی۔

    مغربی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ استنبول میں سعودی سفارت خانے سے لاپتا ہونے والے صحافی جمال خاشقجی کا مبینہ قتل سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے قریبی افسر کی موجودگی میں ہوا ہے، ایسا ممکن نہیں کہ صحافی کے قتل سے سعودی ولی عہد لاعلم ہوں۔

    اس سے قبل امریکی اخبار نے دعویٰ کیا تھا کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی کو استنبول میں سعودی قونصل خانے میں قتل کرکے لاش کے ٹکڑے کردئیے گئے، قتل میں سعودی خفیہ ایجنسی کے اعلیٰ افسران ملوث ہیں۔

    خیال رہے جمال خاشقجی کو دو اکتوبر کو سعودی عرب کے قونصل خانے کی عمارت کے اندر جاتے دیکھا گیا، جس کے بعد سے وہ لاپتہ ہیں، وہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان پر شدید تنقید کرتے رہے تھے اور یمن میں جنگ کے بعد ان کی تنقید مزید شدید ہوگئی تھی۔

  • ترک عدالت نےامریکی پادری کو رہا کردیا

    ترک عدالت نےامریکی پادری کو رہا کردیا

    انقرہ : ترکی کی عدالت نے دہشت گردوں سے تعلقات کے الزام میں گرفتار امریکی پادری کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترکی کی عدالت نے امریکی پادری اینڈریو براؤنسن کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

    عدالت نے امریکی پادری پرعائد نظربندی اورسفری پابندی کے احکامات ختم کردیے جس کے بعد وہ ترکی چھوڑ کر اپنے ملک واپس جاسکتے ہیں۔

    اینڈریو براؤنسن نے عدالتی فیصلے پرخوشی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ اب وہ بہت جلد امریکا جا سکیں گے۔

    امریکی پادری کی رہائی، واشنگٹن اور ترکی میں معاہدہ طے پاگیا

    یاد رہے کہ سنہ 2016 میں حکومت مخالف تنظیموں سے تعلقات کے شبے میں اینڈریو براؤنسن کو گرفتارکیا تھا، جس کے بعد ترکی اور امریکا کے درمیان شدید کشیدگی پیدا ہوگئی تھی۔

    ترک عدالت نے اکتوبر2016 میں امریکی پادری کو دہشت گردی کے الزام میں تین سال قید کی سزا سنائی تھی اور اگست میں انہیں ایک گھر میں نظربند کردیا تھا۔

    واضح رہے کہ 26 جولائی 2018 کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا تھا کہ اگر ترکی نے امریکی پادری کو رہا نہ کیا تو اسے سخت پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    بعدازاں 10 اگست 2018 کو امریکی صدر نے اعلان کیا تھا کہ وہ ترکی سے امریکا میں دھاتوں اور دھاتی مصنوعات کی درآمدات پرعائد کردہ محصولات کو دوگنا کر رہے ہیں، جس کے بعد ترک کرنسی لیرا کی قدر میں ریکارڈ کمی واقع ہوئی تھی۔

  • امریکی پادری کی رہائی، واشنگٹن اور ترکی میں معاہدہ طے پاگیا، امریکا میڈیا

    امریکی پادری کی رہائی، واشنگٹن اور ترکی میں معاہدہ طے پاگیا، امریکا میڈیا

    انقرہ/واشنگٹن :امریکی میڈیا نے امید ظاہر کی ہے کہ ترک عدالت آج امریکی پادری کو رہا کردے گی، نامعلوم ذرائع سے اطلاع موصول ہوئی ہے کہ امریکا اور ترکی کے درمیان پادری کی رہارئی سے متعلق معاہدہ طے ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی خبر رساں و نشریاتی اداروں کی جانب سے ترکی میں گرفتار امریکی پادری اینڈریو براؤنسن کی جمعے کے روز عدالت میں سماعت کے بعد رہائی کی امید ظاہر کی جارہی ہے۔

    امریکا کے نائب صدر مائیک پینس کا کہنا ہے کہ پادری کی رہائی کے حوالے سے ’ہم بہت پُر امید ہیں‘ ترک عدالت آج پادری کو رہا کردے گی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ترک حکام نے امریکی پادری کو جیل سے رہا ہونے کے بعد گھر میں نذر بند کیا ہوا تھا، اگر آج کورٹ میں پادری پر دہشت گرد تنظیموں سے تعلق کا الزام ظابت ہوگیا تو انہیں 35 برس قید کی سزا سنائی جائے گی۔

    خیال رہے کہ سنہ 2016 میں حکومت مخالف تنظیموں سے تعلقات کے شبے میں اینڈریو براؤنسن کو گرفتار کیا تھا، جس کے بعد ترکی اور امریکا کے درمیان شدید کشیدگی پیدا ہوگئی تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ کشدگی کے باعث دونوں ملکوں نے ایک دوسرے پر پابندیاں عائد کی اور نتیجے میں ترک کرنسی لیرا کی قدر میں ہوشربا کمی واقع ہوئی۔

    برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق جمعرات کے روز امریکی خبر رساں ادارے دی واشنگٹن پوسٹ اور این بی سی نے کہا تھا کہ نامعلوم ذرائع سے موصول ہوئیں ہیں کہ امریکا اور ترکی کے درمیان پادری اینڈریو براؤنسن کو رہا کرنے کے لیے معاہدے پر دستخط ہوئے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ امریکا کہ نائب صدر مائیک پینس نے صحافی سے گفتگو کے دوران معاہدے کے متعلق تصدیق نہیں کی۔

    خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 10 اگست کو یہ اعلان کیا تھا کہ وہ ترکی سے امریکا میں دھاتوں اور دھاتی مصنوعات کی درآمدات پر عائد کردہ محصولات کو دوگنا کر رہے ہیں، جس کے بعد ترک کرنسی لیرا کی قدر میں ریکارڈ کمی واقع ہوئی تھی۔

    یاد رہے کہ رہے کہ امریکی پادری اینڈریو براؤنسن کی گرفتاری میں اہم کردار ادا کرنے والے ترک وزیر قانون و انصاف عبدالحمید گل اور وزیر داخلہ سلیمان سویلو پر امریکا نے پابندیاں عائد کردی ہیں۔

  • انقرہ: ترک فورسز پر کرد باغیوں کا بم حملہ، 7 اہلکار ہلاک، 3 زخمی

    انقرہ: ترک فورسز پر کرد باغیوں کا بم حملہ، 7 اہلکار ہلاک، 3 زخمی

    انقرہ : ترکی کے کرد اکثریتی صوبے میں سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے سات فوجی ہلاک جبکہ تین زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترکی کے کرد اکثریتی جنوب مشرقی صوبے میں سڑک کنارے نصب بم اچانک پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 7 ترک فوج کے اہلکار ہلاک جبکہ تین زخمی ہوگئے بم دھماکے میں زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیےاسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے ترک فورسز پر گرکس ٹاؤن میں حملہ ہوا تھا جو کرد اکثریتی صوبے بطمان کا علاقہ ہے۔

    حکمران پارٹی کے ڈپٹی چیئرمین نعمان کرتولمس کا کہنا ہے کہ متاثرہ فوجی ملٹری گاڑی کے اندر موجود کو علاقے کے تعمیراتی حصّے کی حفاظت کے لیے جارہے تھے۔

    غیر ملکی خبر رساں ایجنسی انادولو کا کہنا ہے کہ ترک فورسز باغی کرد گروپ کے خلاف آپریشن کرنے کے لیے جارہی تھی۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ بم دھماکے کے نتیجے میں 4 فوجی موقع پر ہی ہلاک ہوگئے تھے جبکہ تین اہلکار اسپتال میں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوئے ہیں جبکہ تین زخمی ہیں، ترک حکام حالیہ حملے کو کرد باغیوں کی کارروائی قرار دے رہے ہیں۔

    غیر ملکی نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز ترک فضائیہ کے ہمراہ بم دھماکے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر بڑے پہمانے پر سرچ آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ کالعدم ’کردستان ورکر پارٹی‘ گذشتہ تین دہائیوں سے ترکی کے جنوب مشرقی علاقے میں اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے، سنہ 1984 سے شروع ہونے والے تنازعے میں اب تک دسیوں ہزار افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

    ترک حکام کا کہنا ہے کہ دو روز قبل فورسز کی جانب سے کرد باغیوں کے ٹھکانوں پر کارروائی کی گئی تھی جس کے نتیجے میں 13 کرد باغی ہلاک ہوئے ہیں۔

  • محمد بن سلمان کی پالیسی پر تنقید، سعودی صحافی ترکی میں لاپتہ

    محمد بن سلمان کی پالیسی پر تنقید، سعودی صحافی ترکی میں لاپتہ

    استنبول/ریاض : سعودی حکومت اور ولی عہد محمد بن سلمان کی پالیسیوں کو ہدف تنقید بنانے والے سعودی صحافی جمال خاشقجی ترکی میں واقع سعودی سفارت خانے سے مبینہ طور پر لاپتہ ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی حکومتی پالیسیوں، باالخصوص ولی عہد محمد بن سلمان کی پالیسیوں کو ہدف تنقید بنانے کے جرم میں سعودیہ کے معروف صحافی جمال خاشقجی کو سعودی حکام نے مبینہ طور پر ترکی میں گرفتار کرلیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ محمد بن سلمان کی پالیسیوں ہدف تنقید بنانے والے معروف صحافی جمال خاشقجی ترکی کے دارالحکومت استنبول میں واقع سفارت خانے کے دورے پر گئے اور لاپتہ ہوگئے۔

    برطانوی میڈیا کا کہنا ہے جمال خاشقجی منگل کے روز استنبول میں واقع سعودی سفارت خانے کی عمارت میں داخل ہوئے جس کے بعد سے لاپتہ ہیں، صحافی کے اہل خانہ کا خیال ہے ولی عہد پر تنقید کرنے کے جرم میں سعودی حکام نے ہی جمال خاشقجی کو گرفتار کیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ولی عہد محمد بن سلمان اور حکومتی پالیسیوں پر تنقید کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع ہونے کے بعد جمال خاشقجی خود ساختہ جلا وطن ہوکر امریکا منتقل ہوگئے تھے۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ سعودی شہری حالیہ دنوں معروف امریکی اخبار ’دی واشنگٹن پوسٹ‘ سے وابستہ تھے، جس نے جمال خاشقجی کے لاپتہ ہونے کی تصدیق کردی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی صحافی جمال خاشقجی کی منگیتر کا کہنا ہے کہ منگل کی دوپہر جمال خاشقجی اور میں اہم دستاویزات کے سلسلے میں سعودی سفارت خانے میں داخل ہوئے لیکن مجھے جمال خاشقجی کے ہمراہ اندر داخل ہونے نہیں گیا اور جمال خاشقجی کا موبائل بھی باہر ہی لے رکھ لیا تھا۔

    جمال خاشقجی کی منگیتر کا کہنا ہے کہ جب سے جمال خاشقجی سفارت خانے کی عمارت میں داخل ہوئے ہیں اس کے بعد سے انہیں نہیں دیکھا گیا۔

    دوسری جانب سے سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ استنبول میں واقع سعودی سفارت خانہ جمال خاشقجی کی گمشدگی کے حوالے حقائق جاننے کے لیے کام کررہا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ جمال خاشقجی کے بارے میں بدھ کے روز کنفیوژن اضافہ ہوا جب واشنگٹن میں موجود ایک سعودی اہلکار نے ان کی گمشدگی کے بارے میں سامنے آنے والی اطلاعات جھوٹی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ استنبول میں سعودی سفارت خانے سے کچھ دیر بعد واپس چلے گئے تھے۔

    ترک حکام کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق جمال خاشقجی تاحال سفارت خانے کے اندر موجود ہیں، حالات کو جاننے کے لیے ترک حکام سعودی سفارت خانے سے رابطہ کررہے ہیں۔

    امریکا کے اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ جمال خاشقجی کی صحافی کی حیثیت سے حقائق آشکار کرنے پر گرفتاری اشتعال انگیز عمل ہے۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ صحافی جمال خاشقجی ماضی میں سعودی عرب کے شاہی خاندان کے مشیر کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں تاہم وہ ولی عہد محمد بن سلمان پالیسیوں کے سخت مخالف ہیں۔

  • داعش کے خلاف لڑنے والے برطانوی فوجی کو ترکی میں سزا

    داعش کے خلاف لڑنے والے برطانوی فوجی کو ترکی میں سزا

    انقرہ : برطانوی فوجی کو داعش کے خلاف برسرپیکار کردش فورسز میں شمولیت کے الزام پر ترکی کی عدالت نے 7 برس قید کی سزا سنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق ترکی کی عدالت نے شام کی دہشت گرد تنظیم داعش کے خلاف لڑنے والی کرد فورسز کا رکن بننے کے الزام پر 25 سالہ برطانوی فوجی رابنسن کو قید کی سزا دی۔

    برطانوی فوجی کی والدہ نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ میرے بیٹے رابنسن کو سنہ 2017 میں کردش فورسز کے مسلح گروپ وائے پی جی میں شمولیت اختیار کرنے پر گرفتار کیا گیا تھا۔

    خیال رہے کہ کردش فورسز کے وائے پی جی گروپ کو ترکی میں کالعدم و دہشت گرد تنظیم قرار دیا گیا ہے۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ترکی کی عدالت نے جوئے رابنسن کو 7 برس قید کی سزا سنائی تاہم وہ ضمانت پر ہیں اور روبنسن نے عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    برطانوی فوجی کی والدہ کا کہنا ہے کہ روبنسن کی گرفتاری کی تصدیق برطانیہ کے دفتر خارجہ کی تھی، ’یہ انتہائی افسوسناک صورت حال ہے جو میری سمجھ سے بالاتر ہے‘۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ برطانوی فوجی نیٹو فورسز کے ہمراہ کچھ وقت افغانستان جنگ میں بھی گزار چکا ہے، رابنسن کو حراست میں لیے جانے کے بعد 4 ماہ تک جیل میں قید رکھا گیا تھا، جنہوں نے نومبر میں ضمانت پر رہائی پائی تھی۔

    برطانوی خبر رساں ادارے مطابق ضمانت پر رہائی پانے والی برطانوی فوجی کو ترکی چھوڑنے کی اجازت نہیں ہے۔