Tag: ترکی

  • ترکی کا امریکا کو دو ٹوک جواب!

    ترکی کا امریکا کو دو ٹوک جواب!

    انقرہ : طیب اردوآن نے ایک مرتبہ پھر امریکا کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ترکی کے ایس 400 میزائل سسٹم اور ایف 35 طیاروں کے معاملے پر کوئی قدم اٹھانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

    ان خیالات کا اظہار ترکی کے صدر رجب طیب اردوآن نے باکو میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ امریکی صدر جوبائیڈن سے ترکی کے ایس 400 میزائل سسٹم اور ایف 35 طیاروں کے معاملے پر مختلف اقدام اٹھانے کا کوئی سوال پیدا نہیں ہوتا کیوں کہ ایف 35 سے متعلق ہمارے بس میں جو تھا وہ کیا ہے۔

    ترک صدر کا کہنا تھا کہ دہشت گرد تنظیموں کا ساتھ دینا تاریخی غلطی تھی، افغانستان سے امریکی افواج کے انخلاء کے بعد ترکی پر ذمہ داریاں بڑھ گئی ہیں۔

    خیال رہے کہ امریکا کی سابقہ دور حکومت کے وزیر دفاع نے ترکی دباؤ ڈالتے ہوئے کہا تھا کہ ترکی کو روسی ساختہ ایس 400 میزائل اور امریکا کے لڑاکا طیارے ایف 35 میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا، ایس 400 اور ایف 35 ایک ساتھ جمع نہیں ہوسکتے۔

    ٹرمپ انتظامیہ نے خبردار کیا تھا کہ اگر ترکی نے روسی ساختہ ایس-400 میزائل سسٹم کی خریداری کے سمجھوتے پر عملدرآمد جاری رکھا تو انقرہ پر پابندیاں عائد کردی جائیں گی۔

    واضح رہے کہ ترکی نے امریکی دھمکیوں کے باوجود روس سے ایس 400 میزائل سسٹم کی خریداری کو یقینی بنایا تھا۔

  • وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی فورم میں شرکت کے لئے  رواں ہفتے ترکی جائیں گے

    وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی فورم میں شرکت کے لئے رواں ہفتے ترکی جائیں گے

    اسلام آباد : وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی ترک شہر انتالیہ میں منعقدہ فورم میں شرکت کیلئے رواں ہفتےترکی روانہ ہوں گے ، جہاں ان کی ترک صدر سے بھی خصوصی ملاقات متوقع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی رواں ہفتےترکی جائیں گے، شاہ محمودقریشی کادورہ ترکی 3روزہ ہوگا، وزیر خارجہ 18سے 20جون تک ترکی کا دورہ کریں گے۔

    دورے کے دوران وزیرخارجہ ترک شہرانتالیہ میں منعقدہ فورم میں شرکت کریں گے ، فورم کے موقع پر افغان ، ایرانی اور کویتی ہم منصبوں اور دیگر وزرائے خارجہ اور سفارت کاروں سے ملاقات متوقع ہے۔

    ذرائع کے مطابق توقع کی جارہی ہے کہ وزیرخارجہ ترک صدررجب طیب اردگان سے بھی خصوصی ملاقات کریں گے،  شاہ محمودقریشی کایہ ترکی کا گزشتہ3  ماہ میں تیسرادورہ ہوگا۔

    یاد رہے گذشتہ ماہ وزیراعظم عمران خان کو ترک صدررجب طیب اردوان نے ٹیلی فون کیا تھا ، جس ‏میں اسرائیلی بربریت اور جارحیت پر دونوں رہنماؤں نےتبادلہ خیال کیا گیا۔

    دونوں رہنماؤں نےاسرائیلی جارحیت و بربریت کی مذمت کرتے ہوئے اتفاق کیا تھا کہ مسلم ممالک کو مل ‏کر اسرائیل کے ظالمانہ اقدامات کے خلاف آواز اٹھانی چاہیے۔

    رہنماؤں نے اس نکتے پر بھی اتفاق کیا تھا کہ دونوں ممالک کے وزرائےخارجہ فلسطین کے مسئلےکو ‏عالمی سطح پر اٹھائیں گے۔

    وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مسئلہ فلسطین کیلئے ترکی کےکردار کو سراہتےہیں جب کہ افغان امن عمل، فوجوں کےانخلاپرترکی کی کوششوں کےمعترف ہیں۔

  • اپنے ڈرونز میدان جنگ میں نکالیں گے تو دنیا امریکی ایف 35 کو بھول جائے گی: ترکی وزیر

    اپنے ڈرونز میدان جنگ میں نکالیں گے تو دنیا امریکی ایف 35 کو بھول جائے گی: ترکی وزیر

    انقرہ: ترکی وزیر صنعت مصطفیٰ وارنک نے کہا ہے کہ جب ہم اپنے ڈرونز میدان جنگ میں نکالیں گے تو دنیا امریکی لڑاکا طیاروں ایف 35 کی بجائے ترکی ڈرونز کا ذکر کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق آج سے ترکی کے شہر انقرہ میں شروع ہونے والی پیداواری استعداد و ٹیکنالوجی نمائش 2021 کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیر صنعت وارنک نے کہا کہ عنقریب دنیا بھر میں ترک مسلح ڈرونز کا چرچا ہوگا۔

    وزیر صنعت و ٹیکنالوجی کا کہنا تھا کہ ترکی ڈرونز کی تیاری میں وسیع پیمانے کی سرمایہ کاری کرنے والے چند ممالک میں سے ایک ہے، جب ہم اپنے ڈرونز عالمی سطح پر میدان جنگ میں نکالیں گے تو یقین کریں پوری دنیا ایف۔35 لڑاکا طیاروں کی بجائے ٹرکش ڈرونز کا ذکر کرے گی۔

    ترکی وزیر صنعت و ٹیکنالوجی مصطفیٰ وارنک

    مصطفیٰ وارنک نے کہا جدید ٹیکنالوجی میں رہنما ملک کی حیثیت حاصل کرنے کے لیے ہم نے ہر شعبے میں پیش رفت کی ہے، آج ترک انجنیئرز کے مرہون ِمنت مسلح ڈرونز یورپی آسمانوں پر پرواز کرنے کے لیے دن گن رہے ہیں۔

    عصر حاضر میں ترکی کی اس جدید ٹیکنالوجی کا چرچا ہونے کی توضیح کرتے ہوئے وزیر وارنک کا کہنا تھا کہ ان سے مسلسل ایف۔35 کے بارے میں دریافت کیا جاتا ہے، یہ ایک کامیاب طیارہ ہے لیکن ہم ترک جنگی طیاروں کے منصوبے پر بھی عمل پیرا ہیں۔

    انھوں نے کہا ہم نے ڈرونز کی تیاری پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے، اور ہم عنقریب دنیا بھر میں اس شعبے میں لیڈر ہوں گے۔

  • ترکی: جدید ترین ہتھیاروں سے متعلق دشمن کی نیندیں اڑا دینے والی خبریں سامنے آ گئیں

    ترکی: جدید ترین ہتھیاروں سے متعلق دشمن کی نیندیں اڑا دینے والی خبریں سامنے آ گئیں

    انقرہ: ترکی نے مقامی طور پر تیار کردہ مسلح ڈرون واٹر بوٹ سے پہلا کامیاب فائر کر کے دشمن کو بتا دیا ہے کہ اس کے دفاعی سسٹم کو کمزور سمجھنے کی غلطی بھاری پڑ سکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترکی کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ بحیرہ ایجئین اور مشرقی بحیرہ روم میں جاری دینیز کُردُو 2021 فوجی مشقوں میں قومی وسائل سے تیار کی گئی SIDA پہلے فائر میں اپنے ہدف کو نشانہ بنانے میں کامیاب رہی ہے۔

    اس سلسلے میں ترکی کی وزارت دفاع نے سرکاری ٹویٹر پیج پر ویڈیو بھی جاری کی، جس میں ڈرون واٹر بوٹ اپنے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنا رہی ہے۔

    ادھر ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے قومی اسمبلی میں پارلیمانی پارٹی گروپ سے خطاب میں کہا کہ ترکی کے مقامی طور پر تیار کردہ بغیر پائلٹ جنگی طیارے 2023 میں آسمانوں پر پرواز کریں گے۔

    انھوں نے بتایا کہ ترکی نے پولینڈ کو مسلح ڈرونز فروخت کرنے کا معاہدہ بھی کیا ہے جو کہ اپنی نوعیت کا پہلا معاہدہ ہے، اور اس وقت ترکی سمیت چار مختلف ممالک میں 180 عدد ترک بائراکتار ڈرونز خدمات فراہم کر رہے ہیں۔

    ترکی کا حیران کن کارنامہ، دشمن کی نیندیں اڑ گئیں

    ترک صدر نے یہ بھی کہا بحیرہ اسود میں 405 ارب کیوبک میٹر گیس کی دریافت کے بعد خشکی کے علاقے میں بھی ایک ماہ کے دوران تیل کے تین نئے کنویں دریافت ہوئے ہیں۔

  • شاہ محمود قریشی ترک اور فلسطینی وزرائے خارجہ کے ہمراہ اقوام متحدہ جائیں گے

    شاہ محمود قریشی ترک اور فلسطینی وزرائے خارجہ کے ہمراہ اقوام متحدہ جائیں گے

    اسلام آباد: فلسطین کی صورتحال پر عالمی برادری کی توجہ مبذول کروانے کے لیے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ترکی پہنچ گئے، وہ آج ترک اور فلسطینی وزرائے خارجہ کے ہمراہ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کے لیے روانہ ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق فلسطین کی صورتحال پر عالمی برادری کی توجہ مبذول کروانے کا مشن لیے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر ترکی پہنچ گئے۔

    شاہ محمود قریشی ترک ہم منصب کے ساتھ کل نیویارک روانہ ہوں گے، اس موقع پر سوڈان اور فلسطین کے وزرائے خارجہ بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔ وزیر خارجہ نیویارک میں مختلف اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔

    اپنے دورے کے دوران وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فلسطینیوں پر مظالم کے خلاف آواز اٹھائیں گے، وہ مقامی و بین الاقوامی میڈیا نمائندگان سے گفتگو بھی کریں گے اور فلسطین کی صورتحال پر پاکستان کا نقطہ نظر پیش کریں گے۔

    ترکی پہنچنے کے بعد اے آر وائی نیوز سے خصوصی ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ ترک وزیر خارجہ کے ساتھ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس کے لیے روانہ ہونا تھا، فلسطین کے وزیر خارجہ کی راہ میں رکاوٹیں ڈالی جارہی ہیں۔ چاہتے ہیں کہ فلسطینی وزیر خارجہ بھی جنرل اسمبلی میں ساتھ چلیں۔

    انہوں نے کہا کہ فلسطینی وزیر خارجہ کو جنرل اسمبلی نہ آنے دیا تو بڑی ناانصافی ہوگی، ہم آج کے بجائے کل روانہ ہوں گے اور فلسطینی وزیر خارجہ کا انتظار کریں گے۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ میری امید اور خواہش ہے کہ فلسطینی وزیر خارجہ پہنچ جائیں۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ سعودی عرب کے وزیر خارجہ نے او آئی سی اجلاس کی سربراہی کی، امت مسلمہ نے فلسطین کی صورتحال پر متفقہ قرارداد منظور کی۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ فلسطین کی صورتحال پر دنیا میں عوامی ردعمل بہت حوصلہ افزا ہے، فلسطین کےعوام نے بھی کہا کہ ہم متفق ہو کر اپنے حقوق کے لیے اکٹھے ہوں گے، یورپی ممالک میں 65 ملین مسلمان مل کر سول سوسائٹی اور ارکان پارلیمنٹ سے رجوع کریں، یورپی ممالک میں مقیم مسلمان فلسطین پر ظلم رکوانے کے لیے دباؤ ڈالیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین میں بمباری سے بجلی منقطع ہوچکی ہے اور پانی اور اشیائے خور و نوش کی سپلائی متاثر ہے، عالمی برادری فلسطین کی صورتحال پر خاموش رہے تو یہ بہت افسوسناک ہوگا۔

  • اہم سربراہان کی ملاقات، خاتون سربراہ کو بیٹھنے کے لیے کرسی نہ دی گئی

    اہم سربراہان کی ملاقات، خاتون سربراہ کو بیٹھنے کے لیے کرسی نہ دی گئی

    انقرہ: یورپی یونین کے قانون سازوں کی ترک صدر سے ملاقات کے دوران اس وقت عجیب صورتحال پیش آئی جب ترک صدر اور یورپی کونسل کے صدر کرسیوں پر براجمان ہوگئے لیکن خاتون رکن کرسی نہ ہونے کے سبب کھڑی رہ گئیں۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق یورپی یونین کے قانون سازوں کا وفد ترکی پہنچا تھا اور منگل کے روز انہوں نے ترک صدر رجب طیب اردگان سے ملاقات کی۔

    ملاقات کے دوران یورپی کونسل کے صدر چارلس مشیل اور ترک صدر خود بھی اپنی نشستوں پر براجمان ہوگئے لیکن وہاں تیسری کرسی موجود نہیں تھی جس کی وجہ سے یورپی کمیشن کی سربراہ ارسلا وون ڈر لیئن تذبذب کے عالم میں کھڑی رہ گئیں۔

    بعد ازاں مجبوراً خاتون سربراہ کو وہاں رکھے دیگر افراد کے لیے مخصوص صوفے پر بیٹھنا پڑا۔

    اس واقعے پر سوشل میڈیا پر بے حد تنقید کی جارہی ہے اور اسے صوفہ گیٹ اسکینڈل کا نام دیا جارہا ہے، یورپی یونین کے اداروں نے اسے صنفی امتیاز کا مظہر قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ترکی کی جانب سے جان بوجھ کر یہ حرکت کی گئی۔

    نشست پر بیٹھنے والے یورپی کونسل کے صدر چارلس مشیل کو بھی اپنی ساتھی کی حمایت میں نہ بولنے اور واحد دستیاب نشست قبول کرنے پر برسلز میں جواب دہی کا سامنا ہے۔

    تاہم ترک وزیر خارجہ میولود چاؤش اوغلو نے بعد ازاں ایک پریس کانفرنس میں سختی سے ان الزمات کی تردید کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ یہ یقیناً پروٹوکول کی غلطی ہے لیکن ملاقات کے دوران بیٹھنے کے انتظامات یورپی یونین کے مشورے کے مطابق کیے گئے تھے۔

  • ترک صدر کا بڑا قدم، ایک اور اہم عہدے دار فارغ

    ترک صدر کا بڑا قدم، ایک اور اہم عہدے دار فارغ

    انقرہ: ترک صدر رجب طیب اردوان نے محض 10 دس بعد مرکزی بینک کے ڈپٹی گورنر کو بھی عہدے سے فارغ کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق 20 مارچ کو ترک صدر نے مرکزی بینک کے سربراہ ناصی اگبل کو اچانک عہدے سے برطرف کر دیا تھا، آج انھوں نے نائب گورنر مراٹ جینتاکایا کو بھی ہٹا دیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ نائب گورنر کو منگل کو آدھی رات کے بعد ملازمت سے برخاست کیا گیا۔

    مراٹ جینتاکایا استنبول اسٹاک ایکس چینج میں تجربہ کار بینکر تھے، جنھوں نے مرکزی بینک میں 2019 میں ملازمت کا آغاز کیا تھا، ان کی جگہ مصطفیٰ دمن کو مرکزی بینک کا نائب گورنر مقرر کیا گیا ہے۔

    مصطفیٰ دمن امریکی ملٹی نیشنل انویسٹمنٹ بینکنگ کمپنی کے سابق رکن رہ چکے ہیں۔

    بینک سربراہ کی برطرفی : ترک کرنسی کی قدر میں نمایاں کمی

    خیال رہے کہ مرکزی بینک کے اصلاح پسند گورنر ناصی اگبل کو برطرف کرنے پر عالمی منڈی میں حیرت کی لہر دوڑ گئی تھی، اور ترک کرنسی لیرا کی قدر میں 15 فی صد گراوٹ بھی دیکھی گئی، تاہم ترک صدر نے انھیں افراط زر کی شرح 16 تک پہنچنے پر ان کے عہدے سے ہٹایا تھا۔

    واضح رہے کہ ترک صدر نے سال 2019 کے وسط سے لے کر اب تک مرکزی بینک کے 3 سربراہان کو ان کے عہدوں سے اچانک برطرف کیا ہے۔

  • ماں کی تڑپ: بلی بیمار بچوں کو علاج کے لیے خود اسپتال لے آئی (ویڈیو دیکھیں)

    ماں کی تڑپ: بلی بیمار بچوں کو علاج کے لیے خود اسپتال لے آئی (ویڈیو دیکھیں)

    ازمیر: ترکی کے شہر ازمیر میں ایک بلی ممتا کی تڑپ لیے اپنے بیمار بچوں کو خود اسپتال لے آئی، اور ڈاکٹرز سے مدد طلب کرنے لگی۔

    تفصیلات کے مطابق ازمیر کے ضلع کارابگلر کے ایک اسپتال میں علاج کے لیے آنے والی ایک بلی نے لوگوں کے دلوں کو پگھلا دیا، بلی نے منہ میں اپنا بچہ پکڑا ہوا تھا اور ڈاکٹرز سے مدد طلب کر رہی تھی۔

    اسپتال کے کیمرے سے لی گئی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بلی اپنے بچے کو منہ میں اٹھا کر اسپتال کے دروازے سے اندر آتی ہے، اور دروازے پر کھڑے لوگ بلی کو راستہ دینے کے لیے ایک طرف ہو جاتے ہیں جب کہ کچھ لوگ دوسروں کو بلی کے لیے راستہ بنانے کا کہتے ہیں۔

    جب بلی کےبچوں کا معائنہ کیا گیا تو معلوم ہوا کہ ان کی آنکھوں میں انفیکشن ہو گیا ہے، جس پر جانوروں کے ڈاکٹر سے علاج کے لیے مدد طلب کی گئی۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نرس بلی کے بچوں کی آنکھوں میں دوا کے قطرے ڈال رہی ہے۔ ایک منظر میں بلی کے دونوں بچوں سے ڈاکٹر باتیں کر رہے ہیں۔

    مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے اسپتال کے اسٹاف نے بتایا کہ وہ اکثر اس بلی کو کھانا اور دودھ دیتے رہتے تھے، جو پاس ہی سڑک پر کہیں رہتی ہے۔

    اسٹاف کا کہنا تھا کہ وہ صبح کے وقت مریض دیکھ رہے تھے جب یہ بلی اپنے بچے کو منہ میں دبائے آ گئی، اور وہ دیر تک میاؤں میاؤں کرتے ہوئے مدد مانگتی رہی، جسے دیکھ کر ہم دنگ رہ گئے، جب ہم نے احتیاط سے معائنہ کیا تو معلوم ہوا کہ انفیکشن کی وجہ سے بلونگڑا آنکھیں نہیں کھول پا رہا تھا۔

    بلی بیمار بچے کو لے کر اسپتال پہنچ گئی، تصاویر وائرل ہوگئیں

    آئی ڈراپس ڈالنے کے بعد جب بلونگڑوں نے آنکھیں کھولیں تو ہم سب بہت خوش ہوئے۔ بعد ازاں ہم نے بلی کو اس کے بچوں سمیت مزید علاج کے لیے دوسرے شہر بھیج دیا۔

  • ترکی نے ایک بار پھر اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں مسئلہ کشمیراٹھا دیا، بھارت سے بڑا مطالبہ

    ترکی نے ایک بار پھر اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں مسئلہ کشمیراٹھا دیا، بھارت سے بڑا مطالبہ

    نیویارک : ترکی نے ایک بار پھر اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں مسئلہ کشمیراٹھا دیا اور بھارت سے مقبوضہ کشمیر میں پابندیاں ہٹانے کا مطالبہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کیخلاف عالمی سطح پر آوازیں اٹھنے لگیں، ترک وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کےانسانی حقوق کونسل کے اجلاس میں کشمیرکا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا مسئلہ کشمیر کا حل اقوم متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہئیے۔

    ترک وزیر خارجہ نے مطالبہ کیا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں پابندیوں میں نرمی کرے۔

    دوسری جانب سابق وزیراعلی مقبوضہ کشمیرفاروق عبد اللہ نے بھارت سے پاکستان کیساتھ مذاکرات کرنےکامطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ لداخ کی طرح کشمیر سے بھی فوج ہٹانے کی ضرورت ہے۔

    مزید پڑھیں : مسئلہ کشمیر پر ترک وزیر خارجہ کا دو ٹوک مؤقف

    یاد رہے رواں سال جنوری میں کراچی میں ترکی کے نئے قونصل خانے کی عمارت کے افتتاح کے موقع پر ترک کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہکشمیر کاز پر ہمارا وہی مؤقف ہے جو پاکستان کا ہے اور پاکستان سے ہمارے تعلقات کسی تعارف کے محتاج نہیں۔

    خیال رہے مقبوضہ وادی میں بھارتی فورسزکی درندگی عروج پرہے، ’’کنان‘‘ اور ’’پوشپورہ‘‘ گاوں میں تیس سال پہلے آج ہی کے دن قابض بھارتی فوج نے سو سے زیادہ خواتین کو زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔

  • امریکی پابندیاں: ترکی کا بڑا اعلان

    امریکی پابندیاں: ترکی کا بڑا اعلان

    انقرہ: ترکی نے امریکی پابندیوں کے باجود روس سے میزائل کی خریداری جاری رکھنے کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترکی نے امریکی دباؤ اور پابندیوں کے باجود روس سے میزائلز کی خریداری جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

    صدر طیب اردگان کے ترجمان ابراہیم قالن کا کہنا ہے کہ ترکی روس کے ساتھ ایس 400 دفاعی نظام کے حصول کا معاہدہ برقرار رکھے گا۔

    ترکی نے اس معاملے کو امریکا کے ساتھ گفت و شنید سے حل کرنے کا بھی عندیہ دیا، بتایا گیا ہے کہ بات چیت سے اس معاملے کو حل کرنے کی کوشش جاری رکھی جائے گی۔

    واضح رہے کہ امریکا نے روس سے ایس 400 میزائل خریدنے پر گزشتہ برس دسمبر میں ترکی پر پابندیاں عائد کر دی تھیں۔

    ترکی کا حیران کن کارنامہ

    خیال رہے کہ آج ترکی نے دفاعی صنعت میں نیا کارنامہ انجام دیتے ہوئے بغیر کپتان کے مسلح کشتی تیار کر لی ہے، حیرت انگیز صلاحیتوں کی حامل اس مسلح بوٹ کو ادلاق کا نام دیا گیا ہے جو اس وقت سمندر میں اپنے سفر کا ‏آغاز کر چکی ہے۔

    یہ مسلح بوٹ ڈے اینڈ نائٹ وژن کی اہلیت رکھنے کے ساتھ ساتھ کیموفلاج کی بھی صلاحیت رکھتی ہے، جس کا مشن ‏نگرانی، انٹیلی جنس، فوج کا تحفظ اور اسٹریٹیجک سہولتوں کی حفاظت کرنا ہے۔