Tag: ترکی

  • سگریٹ نوشی، ترک صدر کا پیغام

    سگریٹ نوشی، ترک صدر کا پیغام

    انقرہ: ترک صدر رجب طیب اردوان نے سگریٹ نوشی چھوڑنے سے متعلق خصوصی دن کے موقع پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے چاہنے والوں کو نہیں بلکہ سگریٹ نوشی ترک کریں۔

    تفصیلات کے مطابق صدر اردوان نے نیشنل نو اسموکنگ ڈے کے موقع پر ایک با معنی پیغام جاری کیا ہے، انھوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر جاری پیغام میں کہا آئیے مل کر ایک نیا آغاز کرتے ہیں اور اپنے چاہنے والوں سے نہیں، سگریٹ نوشی سے کنارہ کشی اختیار کرتے ہیں۔

    واضح رہے کہ ترکی میں 9 فروری کو تمباکو نوشی کے خطرات کی طرف توجہ مبذول کرانے کے لیے نو اسموکنگ کا قومی دن منایا جاتا ہے۔ اس موقع پر ترک صدر نے عوام سے سگریٹ نوشی ترک کرنے کی اپیل کی۔

    اردوان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر اپنے پیغام میں گزشتہ ایک برس کے دوران سگریٹ اور تمباکو نوشی سے مرنے والوں کے حوالے سے ایک ویڈیو بھی جاری کی ہے، جو دنیا بھر میں کرونا سے اموات، ٹریفک حادثات، قتل و غارت اور جنگوں میں ہونے والے جانی نقصان کے مقابلے میں سگریٹ نوشی سے ہونے والے جانی نقصان کے زیادہ ہونے کی تشویش ناک عکاسی کرتی ہے۔

    خیال رہے کہ دنیا بھر میں عالمی نو ٹوبیکو ڈے 31 مئی کو منایا جاتا ہے، 2021 میں یہ دن پیر کو آ رہا ہے۔

    ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ تمباکو نوشی سے سالانہ طور پر کرونا وائرس سے بھی تین گنا زیادہ لوگ ہر سال ہلاک ہوتے ہیں۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں اربوں لوگ ایکٹو اسموکرز ہیں، جن میں سے ہر 2 میں سے ایک شدید بیمار ہو کر مرجاتا ہے، یہ کینسر جیسے موذی مرض کا سب سے اہم رسک فیکٹر ہے، اور کینسر سے ہر سال عالمی سطح پر 80 لاکھ لوگ مرتے ہیں۔

  • پُر اسرار دھاتی ستون چار دن بعد غائب ہو گیا (ویڈیو)

    پُر اسرار دھاتی ستون چار دن بعد غائب ہو گیا (ویڈیو)

    انقرہ: ترکی میں چار دن قبل نمودار ہونے والا پُر اسرار دھاتی ستون اچانک غائب ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترکی کے قدیم ترین مقام پر پُر اسرار دھاتی ستون نمودار ہونے کے چار روز بعد غائب ہو گیا ہے، جس نے ماہرین کو پریشان کر دیا۔

    دنیا کے مختلف علاقوں میں نمودار ہونے والے پُر اسرار دھاتی ستونوں کا معمہ تاحال حل نہیں ہو سکا ہے، یہ ایک عالمی پہیلی بن چکی ہے، پر اسرار دھاتی ستون کہاں سے آتے ہیں اور کہاں چلے جاتے ہیں، کچھ معلوم نہیں کیا جا سکا ہے۔

    جمعے کو ترکی کے جنوب مشرقی صوبے سنیلورفا میں قائم دنیا کے قدیم ترین مندر کے قریب بھی پُر اسرار دھاتی ستون نمودار ہوا تھا جس کی لمبائی 10 فٹ کے قریب جب کہ چوڑائی تین فٹ 2 انچ تھی۔

    دھاتی پلر پر گوک ترک کے الفاظ کندہ تھے جس کا مطلب ہے کہ اگر چاند کو دیکھنا ہے تو آسمان کی جانب دیکھنا ہوگا۔

    اطلاع ملنے پر مقامی لوگ بڑی تعداد میں دھاتی پلر کو دیکھنے کے لیے آئے، کئی افراد اسے دیکھ کر خوف زدہ بھی ہوئے، مقامی لوگوں نے سرکاری محکمے سے رابطہ کر کے دھاتی پلر سے متعلق اطلاع دی، جس پر حکام نے وہاں سیکورٹی اہل کار بھی تعینات کیے۔

    ترکی میں نمودار ہونے والے اس دھاتی ستون کی تحقیق کے لیے ماہرین نے اس کے نمونے بھی لے لیے تھے، تاہم اب یہ ستون اچانک غائب ہو گیا ہے۔

  • ترکی کے چاند پر جانے کے اعلان نے دنیا کو متاثر کر دیا

    ترکی کے چاند پر جانے کے اعلان نے دنیا کو متاثر کر دیا

    انقرہ: عالمی ذرائع ابلاغ میں ترکی کے خلائی پروگرام کے چرچے ہونے لگے ہیں کہ ترکی چاند پر جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترکی نے 2023 میں چاند پر لینڈنگ پر مبنی خلائی پروگرام کا اعلان کر دیا ہے، ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کے اعلان کردہ ’قومی خلائی پروگرام‘ کو ایسوسی ایٹڈ پریس اور روئٹرز سمیت امریکی و روسی ذرائع ابلاغ میں وسیع جگہ دی گئی ہے۔

    امریکی نیوز ایجنسی اے پی نے سرخی دی کہ ترکی نے 2023 میں چاند پر لینڈنگ پر مبنی خلائی پروگرام کا اعلان کر دیا، خبر میں کہا گیا کہ ترکی کا قومی خلائی پروگرام صدر اردوان کے وژن کا ایک حصہ دکھائی دے رہا ہے۔ واضح رہے کہ اردوان کا وژن ہے کہ ترکی جلد وسیع علاقائی و عالمی کردار ادا کرے گا۔

    2018 میں ترکی نے خلائی ایجنسی قائم کی تھی، اے پی نے کہا کہ قومی خلائی پروگرام سائنس دانوں کے لیے تحقیق کے نئے امکانات پیدا کرے گا، اور ملک سے باصلاحیت افراد کی دیگر ممالک کی طرف نقل مکانی میں کمی آئے گی۔

    برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز نے ترکی کے قومی خلائی پروگرام کا جائزہ لیتے ہوئے سرخی جمائی کہ اردوان نے کہا ہے کہ ترکی 2023 میں چاند پر پہنچنے کا ہدف رکھتا ہے، خبر میں بتایا گیا کہ ترکی نے 8 جنوری کو امریکا کی ریاست فلوریڈا میں واقع کیپ کنیویرال بیس سے ترک سیٹ 5A نامی نئے سیٹلائٹ خلا میں بھیجا تھا۔

    روسی ذرائع ابلاغ نے بھی ترک صدر رجب طیب اردوان کے متعارف کردہ قومی خلائی پروگرام کا جائزہ لیا، ریا نووستی نے سرخی جمائی کہ ترکی 2023 میں چاند پر خلائی گاڑی بھیجنے کا پروگرام رکھتا ہے۔ خبر ایجنسی نے لکھا کہ اردوان نے منصوبے کی تکمیل کے لیے ترک انجینئرز پر اعتماد کا اظہار کیا۔

    تاس نیوز ایجنسی نے لکھا کہ ترکی خلا میں رسائی حاصل کرنے کے لیے ایک خلائی بیس قائم کرنے کا پروگرام رکھتا ہے۔

  • ترکی میں 4 گھنٹوں کے دوران 3 بار زلزلے کے جھٹکے

    ترکی میں 4 گھنٹوں کے دوران 3 بار زلزلے کے جھٹکے

    انقرہ: ترکی کے ساحلی علاقوں میں 4 گھنٹوں کے دوران 3 بار زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، دوسری جانب ماہرین ارضیات نے خبردار کیا ہے کہ استنبول میں کسی بھی وقت 7.2 شدت کا زلزلہ آسکتا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکی کے ساحلی علاقوں میں 4 گھنٹے کے دوران 3 بار زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، ریکٹر اسکیل پر پہلے جھٹکے کی شدت 4.8 محسوس کی گئی جبکہ بعد میں آنے والے دونوں زلزلوں کی شدت 5.1 تھی۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ زلزلے کا مرکز بحیرہ احمر میں یونان کے جزیرے میں 10 میل کی گہرائی میں تھا اور جھٹکے ترکی کے مغربی صوبے ازمیر میں بھی محسوس کیے گئے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ برس 30 اکتوبر کو 7.0 شدت کے زلزلے نے ازمیر اور یونانی جزیرے ساموس کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔ زلزلے سے ازمیر میں خوفناک تباہی ہوئی تھی جہاں زلزلے سے 117 افراد جاں بحق جبکہ 1 ہزار سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

    دوسری جانب ترک ماہرین ارضیات نے خبردار کیا ہے کہ استنبول میں کسی بھی وقت 7.2 شدت کا زلزلہ آسکتا ہے۔

    حال ہی میں مقامی میڈیا میں شائع کردہ رپورٹ کے مطابق استنبول کے نیچے زمین میں فالٹ لائن میں غیر معمولی تبدیلیاں آرہی ہیں جو کسی بھی وقت خطرناک زلزلے کا پیش خیمہ ثابت ہوں گی۔

    ماہرین ارضیات کا کہنا ہے کہ استنبول اس وقت دنیا میں زلزلے آنے والے علاقوں میں سب سے زیادہ خطرناک صورتحال کا شکار ہے۔ 1 کروڑ 60 لاکھ آبادی کا شہر استنبول شمالی اناطولیہ کی فالٹ لائن پر کھڑا ہے اور اس خطے میں کسی بھی وقت 7 یا اس سے زائد شدت کا زلزلہ آسکتا ہے۔

    استنبول میونسپل کارپوریشن کی پلاننگ ایجنسی کا کہنا ہے کہ شہر میں 48 ہزار عمارتیں ایسی ہیں جو 7 شدت کے زلزلے میں انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتی ہیں۔

    ماہرین کے مطابق حکومت کو فوری طور پر کام کرنا ہوگا اور خطرناک عمارتوں کو خالی کروا کر نئی عمارتیں تعمیر کرنا ہوں گی۔

  • ترکی: بحری جہاز دو ٹکڑے ہو گیا، 3 ہلاک، ویڈیو سامنے آ گئی

    ترکی: بحری جہاز دو ٹکڑے ہو گیا، 3 ہلاک، ویڈیو سامنے آ گئی

    انقرہ: ترکی میں طاقت ور لہروں نے ایک بحری جہاز کو دو حصوں میں تقسیم کر دیا جس سے 3 سیلرز ہلاک ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ترک میری ٹائم اتھارٹی کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ 16 جنوری کو پیش آیا تھا، جب ترکی کے ساحلی علاقے میں سمندر میں موجود ایک بحری جہاز کو طاقت ور لہروں نے زد پر لے لیا۔

    ترکی کے صوبہ بارتن میں بحر اسود میں رواں ماہ کے اوائل میں پیش آنے والے اس واقعے کی ویڈیو جہاز پر لگے کیمروں میں فلم بند ہوگئی تھی، جسے ترک میری ٹائم اتھارٹی نے جاری کر دیا۔

    جہاز پر عملے کے 13 افراد سوار تھے، جن میں سے تین اس وقت ڈوب کر ہلاک ہو گئے جب خراب موسم کے باعث جہاز ٹوٹ کر غرق ہو گیا، جب کہ باقی کو بچا لیا گیا.

    بارتن کے گورنر نے اتوار کو اپنے بیان میں کہا تھا کہ یہ کارگو جہاز تھا جس کا نام ارون تھا اور جارجیا سے بلغاریہ جا رہا تھا، حادثے میں مرنے والے یوکرینی عملے کے افراد تھے، جہاز نے خراب موسم کے باعث بارتن پورٹ پر پناہ لی ہوئی تھی.

    روسی ذرائع نے کہا کہ بحری جہاز پر صرف 2 افراد روسی شہری تھے، جہاز یوکرینی کمپنی اروِن شپنگ لمیٹڈ کا تھا۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کس طرح طاقت ور لہریں ٹھوکریں مار مار کر جہاز کو دو ٹکڑے کرتا ہے، یہ ویڈیو اس جہاز کے ٹوٹنے کے آخری لمحات پر مبنی ہے۔

  • بحری جنگی بیڑا، ترک صدر کا بڑا اعلان

    بحری جنگی بیڑا، ترک صدر کا بڑا اعلان

    انقرہ: ترک صدر رجب طیب اردوان نے اعلان کیا ہے کہ ترکی خود اپنا بحری جنگی بیڑا تیار کرنے میں خود کفیل ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترکی ان 10 ممالک میں شامل ہو گیا ہے جو جنگی بحری جہاز کی ڈیزائننگ، ان کو تیار کرنے اور ان کی مینٹی ننس کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

    صدر اردوان نے استنبول میں ایک ورکشاپ میں خطاب کے دوران کہا کہ اب ترکی کو اپنی بحری فوج کے لیے کسی دوسرے ملک کے ہتھیاروں یا جنگی بحری بیڑے پر انحصار نہیں کرنا پڑے گا۔

    اس موقع پر انھوں نے استنبول F-515 اور پاکستان کے لیے تیار کیے جانے والے تیسرے ملجیم کورویٹ جنگی بحری جہاز کی ویلڈنگ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔

    انھوں نے کہا کہ ترکی اپنی بحری فوج کے ہتھیاروں کی تیاری میں نہ صرف خود کفیل ہو گیا ہے بلکہ اپنے دوست اور برادر ملکوں کی بحری افواج کو بھی جنگی بحری جہاز فراہم کرنے کی پوزیشن میں ہے۔

    ترک صدر نے کہا اب ترکی کو کوئی بھی ملک پابندیوں سے نہیں ڈرا سکتا کیوں کہ ترکی نے اپنی دفاعی صنعت کو اس قابل بنا لیا ہے کہ وہ مقامی ضروریات کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ اس کو برآمد بھی کر سکتا ہے۔

    اردوان کا کہنا تھا کہ استنبول فریگیٹ کی ترک بحریہ میں شمولیت سے اس کی طاقت مزید بڑھ گئی ہے اور اب بحریہ کو اپنے سمندروں کی حفاظت کے لیے کسی دوسرے ملک پر انحصار نہیں کرنا پڑے گا۔

  • ترک صدر اردوان کا جوبائیڈن انتظامیہ سے اہم مطالبہ سامنے آ گیا

    ترک صدر اردوان کا جوبائیڈن انتظامیہ سے اہم مطالبہ سامنے آ گیا

    انقرہ: ترک صدر رجب طیب اردوان نے نومنتخب امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ سے ایف 35 طیارے ترکی کے حوالے کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترک صدر اردوان نے نئی امریکی انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ وہ ٹرمپ حکومت کی طرف سے ترکی کو ایف 35 لڑاکا طیاروں کی فراہمی پر عائد پابندی ختم کرے۔

    ترک صدر نے مطالبہ کیا کہ نئی امریکی انتظامیہ انقرہ کو طیارے فراہم کرنے کے لیے اقدامات کرے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ترکی نے ایف 35 لڑاکا طیاروں کے لیے بہت بڑی رقم ادا کی تھی مگر ہمیں یہ جنگی جہاز نہیں دیے گئے، امریکا روسی میزائل دفاعی نظام وجہ سے روکے گئے طیارے ترکی کے حوالے کرے۔

    واضح رہے کہ واشنگٹن نے روسی ساختہ ایئر ڈیفنس سسٹم S-400 کی خریداری کی وجہ سے 14 دسمبر کو ترکی پر پابندیاں عائد کی تھیں، جس کی وجہ سے ترکی کو دفاعی صنعت میں مشکلات کا سامنا ہے۔

    امریکا نے ترکی کی مرکزی دفاعی آلات تیار کرنے والی کمپنی کے ڈائریکٹر اسماعیل دیمر پر بھی پابندی عائد کر رکھی ہے اور ان کے اثاثے منجمد کر دیے تھے۔

  • ترک وزیر خارجہ مشہور ڈراما سیریل کے اداکاروں کے ہمراہ پاکستان پہنچ گئے

    ترک وزیر خارجہ مشہور ڈراما سیریل کے اداکاروں کے ہمراہ پاکستان پہنچ گئے

    اسلام آباد: ترک وزیر خارجہ  میولت چاؤش اوغلو وفد کے ہمراہ 3 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ترک وزیر خارجہ پاکستان کے دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں، ان کے ہمراہ 20 رکنی وفد بھی پاکستان پہنچا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وفد میں وزارت تعلیم اور تجارت سمیت دیگر محکموں کے اعلیٰ حکام شامل ہیں، ترک وفد میں ڈراما سیریل دیریلش ارطغرل کے اداکار بھی شامل ہیں۔

    ڈرامے میں بمسی بیرک کا کردار ادا کرنے والے نورتین سومیز بھی وفد کا حصہ ہیں، ارطغرل میں ارتب بے کا کردار نبھانے والے ایبرک پیکان بھی پاکستان آئے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈراما سیریل دیریلش ارطغرل کے پروڈیوسر اوزکان ایما بھی وفد کاحصہ ہیں، یہ اداکار پاکستان دورے کے دوران مختلف سرگرمیوں کا حصہ ہوں گے۔

    واضح رہے کہ پاکستان، ترکی اور آذربائیجان کے وزرائے خارجہ کا دوسرا پاک ترکی آذربائیجان سہ فریقی اجلاس آج بدھ کو اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس کے دوران تینوں فریق عالمی اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کریں گے، جس میں علاقائی امن و سلامتی کے لیے نئے اور ابھرتے ہوئے خطرات سمیت کو وِڈ 19 وبائی مرض، ماحولیات اور ماحولیاتی تبدیلی کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے اور معاشی ترقی کے اہداف کے حصول سے متعلق امور زیر بحث آئیں گے۔

    تینوں وزرائے خارجہ امن و سلامتی، تجارت، سرمایہ کاری، سائنس و ٹیکنالوجی، تعلیم اور ثقافتی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں سہ فریقی تعاون کو بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیں گے۔

  • ترک وزیر خارجہ اگلے ہفتے پاکستان پہنچیں گے

    ترک وزیر خارجہ اگلے ہفتے پاکستان پہنچیں گے

    اسلام آباد: ترکی اور آذر بائیجان کے وزرائے خارجہ اگلے ہفتے پاکستان پہنچیں گے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت تینوں وزرائے خارجہ سہ فریقی اجلاس منعقد کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ترکی کے وزیر خارجہ میولت چاؤش اوغلو آئندہ ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ترک وزیر خارجہ کی آمد کے دوران آذر بائیجان کے وزیر خارجہ بھی پہنچیں گے، آذر بائیجان کے وزیر خارجہ کے ہمراہ ایک وفد بھی ہوگا۔

    ذرائع کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ سہ فریقی وزرائے خارجہ اجلاس کا انعقاد کریں گے، ترک وزیر خارجہ وزیر اعظم عمران خان اور دیگر اعلیٰ سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔

    اس سے قبل ترک وزیر خارجہ کو گزشتہ برس اکتوبر میں پاکستان کا دورہ کرنا تھا تاہم وہ ملتوی ہوگیا تھا۔

    ذرائع کے مطابق ترک وزیر خارجہ کا 2 روزہ دورہ پاکستان، فرانس، یونان اور کارا باخ تنازعات کے باعث ملتوی کیا گیا تھا، اب ان کا دورہ اگلے ہفتے ہوگا۔

  • روس اور ترکی کا امریکی پابندیوں کے خلاف مشترکہ فیصلہ

    روس اور ترکی کا امریکی پابندیوں کے خلاف مشترکہ فیصلہ

    ماسکو: روس اور ترکی نے امریکی پابندیوں کے خلاف مشترکہ فیصلہ کرتے ہوئے دو طرفہ تعاون جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

    روسی میڈیا کے مطابق روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف کا کہنا ہے کہ ترکی پر امریکا کی پابندیوں کے باوجود ماسکو اور انقرہ کے درمیان دو طرفہ فوجی تعاون پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

    امریکا نے اسی ماہ ترکی کے خلاف روس سے میزائل دفاعی نظام ایس 400 خریدنے پر اقتصادی پابندیاں عائد کی ہیں۔

    سرگئی لاروف نے منگل کے روز ماسکو میں ترک وزیر خارجہ مولود چاؤش اوغلو سے بات چیت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے امریکا کے غیر قانونی دباؤ کے باوجود ترکی کے ساتھ فوجی تعلقات قائم کرنے کے لیے باہمی عزم و ارادے کی تصدیق کی ہے۔

    اس موقع پر ترک وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ترکی کووِڈ 19 کے علاج کے لیے روسی ساختہ ویکسین سپٹنک وی کو اپنے ہاں تیار کرنا چاہتا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ ترکی نے روس سے اس ویکسین سے متعلق مزید معلومات فراہم کرنے کی درخواست کی ہے اور وزیر صحت فخر الدین کوکا نے سوموار کو صدارتی کابینہ کو بتایا تھا کہ اس ضمن میں تمام معاملات درست سمت میں جارہے ہیں۔