Tag: ترکی

  • ترک ڈرائیور کی ایمانداری، 3 لاکھ یوروز سے بھرا بیگ مالک تک پہنچا دیا

    ترک ڈرائیور کی ایمانداری، 3 لاکھ یوروز سے بھرا بیگ مالک تک پہنچا دیا

    انقرہ: ترکی میں ایک ٹیکسی ڈرائیور نے ایمانداری کی مثال قائم کرتے ہوئے 3 لاکھ یوروز سے بھرا بیگ مسافر کو واپس لوٹا دیا، مسافر اپنا بیگ گاڑی میں بھول گیا تھا۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق ترکی کے شہر استنبول میں ایک ٹیکسی ڈرائیور نے اپنی گاڑی میں ایک مسافر کے بھولے گئے 3 لاکھ یورو مالک کو واپس پہنچا دیے۔

    مذکورہ مسافر غیر ملکی تھا جو استنبول کے ہوائی اڈے سے ٹیکسی میں بیٹھا اور ایک ہوٹل پر اترا۔

    بعد ازاں ٹیکسی ڈرائیور نے گاڑی کی عقبی نشست پر ایک بیگ دیکھا جس میں 3 لاکھ یورو موجود تھے۔

    ٹیکسی ڈرائیور نے فوراً ہوٹل انتظامیہ سے رابطہ کرتے ہوئے پیسوں سے بھرا بیگ اس کے مالک کے حوالے کر دیا۔

  • دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 6 کروڑ سے تجاوز کر گئی

    دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 6 کروڑ سے تجاوز کر گئی

    واشنگٹن / نئی دہلی / برازیلیا / استنبول: دنیا بھر میں کرونا وائرس کی دوسری لہر بے قابو ہوتی جارہی ہے اور کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 6 کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے، ترکی میں ایک دن میں کرونا وائرس کے 28 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 6 کروڑ 7 لاکھ 20 ہزار 993 ہوگئی جبکہ کرونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 14 لاکھ 26 ہزار 841 ہوگئی۔

    دنیا بھر میں کرونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد 1 کروڑ 72 لاکھ 62 ہزار 48 ہے، ان میں سے 1 لاکھ 4 ہزار 519 کیسز تشویشناک ہیں جبکہ دنیا بھر میں اب تک 4 کروڑ 20 لاکھ 32 ہزار 104 کرونا مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

    بین الاقوامی اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں کرونا وائرس کے کلوزڈ کیسز میں سے 97 فیصد مریض وہ ہیں جو صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ہلاک ہونے والوں کی شرح 3 فیصد ہے۔

    اسی طرح فعال کیسز میں سے 99.4 فیصد معمولی بیمار ہیں جبکہ صرف 0.6 فیصد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

    کرونا وائرس کیسز کے لحاظ سے امریکا بدستور بے قابو صورتحال کے ساتھ دنیا بھر میں پہلے نمبر پر ہے۔ امریکا میں ایک روز کے دوران کرونا وائرس کے 23 سو مریض جان کی بازی ہار گئے۔

    امریکا میں رپورٹ ہونے والے کرونا وائرس کیسز کی کل تعداد 1 کروڑ 31 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے اور فعال کیسز کی تعداد 50 لاکھ 64 ہزار 463 ہو چکی ہے۔

    ملک میں ہلاکتوں کی تعداد 2 لاکھ 68 ہزار 219 جبکہ صحت یاب مریضوں کی تعداد 78 لاکھ 5 ہزار 280 ہوچکی ہے، 50 لاکھ سے زائد فعال کیسز میں سے زیر علاج 24 ہزار 150 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

    بھارت کرونا وائرس کیسز کے حوالے سے دوسرے نمبر پر ہے۔ ملک میں ایک روز میں مزید 44 ہزار نئے کیسز رپورٹ کیے گئے۔

    بھارت میں رپورٹ ہونے والے کرونا وائرس کیسز کی مجموعی تعداد 92 لاکھ 66 ہزار سے زائد اور فعال کیسز کی تعداد 4 لاکھ 52 ہزار 306 ہوچکی ہے۔

    ملک میں ہلاکتوں کی تعداد 1 لاکھ 35 ہزار 261 جبکہ صحت یاب مریضوں کی تعداد 86 لاکھ 79 ہزار 138 ہوچکی ہے۔

    برازیل میں بھی کرونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری ہیں۔

    برازیل میں رپورٹ ہونے والے کرونا وائرس کیسز کی مجموعی تعداد 61 لاکھ 66 ہزار سے زائد اور فعال کیسز کی تعداد 4 لاکھ 83 ہزار 252 ہوچکی ہے۔

    ملک میں ہلاکتوں کی تعداد 1 لاکھ 70 ہزار 799 جبکہ صحت یاب مریضوں کی تعداد 55 لاکھ 12 ہزار 847 ہوچکی ہے۔

    فرانس، روس اور اسپین بھی کرونا وائرس کی دوسری لہر سے شدید متاثر ہوئے ہیں، فرانس میں گزشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے 9 ہزار 155 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 1 ہزار سے زائد اموات ہوئیں۔

    فرانسیسی صدر نے تھیٹرز، کیفے اور ریستوران 27 جنوری تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، ان تینوں کے علاوہ دیگر کاروبار کھولنے کی اجازت ہوگی۔

    ترکی میں بھی ایک دن میں کرونا وائرس کے 28 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ کیے گئے۔

    فرانس میں کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 21 لاکھ 70 ہزار اور اموات 50 ہزار، روس میں مجموعی کیسز کی تعداد 21 لاکھ 62 ہزار اور اموات 37 ہزار اور اسپین میں مجموعی کیسز کی تعداد 16 لاکھ 22 ہزار اور اموات 44 ہزار ہوچکی ہیں۔

  • ملک بھر میں حلیمہ سلطان کے زیور کی طلب میں اضافہ

    ملک بھر میں حلیمہ سلطان کے زیور کی طلب میں اضافہ

    پاکستان میں مقبول ترین ترک ڈرامے ارطغرل غازی کے کردار حلیمہ سلطان کا پہنا جانے والا زیور، جسے ماتھا پٹی کہا جاتا ہے، ملک بھر کی خواتین میں بے حد مقبول ہورہا ہے۔

    ارطغرل غازی کے کردار حلیمہ سلطان نے جس زیور کو اپنے سنگھار کا حصہ بنایا ہے، یہ افغانستان اور پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ کا ثقافتی زیور ہے اور مقامی خواتین میں بے حد مقبول رہا ہے۔

    مقامی خواتین اس زیور کو جسے ماتھا پٹی کہا جاتا ہے، شادی بیاہ کے علاوہ دیگر مواقعوں پر بھی استعمال کرتی رہی ہیں۔

    تاہم ڈرامے کے کردار حلیمہ سلطان کے استعمال کے بعد اب اس زیور کی مقبولیت ملک کے طول و عرض میں پھیل گئی ہے۔ اس زیور کو ماتھا پٹی کے نام سے کم، اور حلیمہ سلطان کا زیور کے نام سے زیادہ پکارا جا رہا ہے۔

    صرف خیبر پختونخواہ ہی نہیں بلکہ ملک بھر میں اس کی طلب میں بے حد اضافہ ہورہا ہے اور دکاندار اس کی بڑھتی طلب سے بے حد خوش ہیں۔

    ماتھا پٹی کی بڑھتی طلب کے باعث اس کے ڈیزائن اور بناوٹ میں تنوع بھی پیدا کیا جارہا ہے، علاوہ ازیں اس کی قیمت بھی مختلف رکھی جارہی ہے تاکہ ہر طبقے کی خواتین کی اس تک آسان پہنچ ہو۔

    دکانداروں کا کہنا ہے کہ اب جبکہ ملک بھر میں شادی بیاہ کا موسم عروج پر ہے، تو ماتھا پٹی کی طلب میں بے تحاشہ اضافہ ہوگیا ہے جو ہر عمر کی خواتین استعمال کرنا چاہتی ہیں۔

  • امریکی کرونا ویکسین کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے؟ بڑا انکشاف

    امریکی کرونا ویکسین کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے؟ بڑا انکشاف

    فرینکفرٹ: کرونا وائرس ویکسین کے سلسلے میں گزشتہ روز دنیا نے جو خوش خبری سنی تھی، اس ویکسین کے پیچھے ایک ترک نژاد جوڑے کی کہانی ہے جس نے اپنی پوری زندگی کینسر کے خلاف امیون سسٹم کو بہتر بنانے کے لیے وقف کر رکھی ہے۔

    گزشتہ روز فارما کمپنی فائزر نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے کرونا ویکسین کے فیز تھری کا کامیاب تجربہ کیا ہے جس کے 90 فی صد مؤثر نتائج سامنے آئے ہیں۔

    جرمنی کی بائیو این ٹیک اور امریکی شراکت دار فائزر کی کو وِڈ 19 ویکسین کے ان مثبت اعداد و شمار کے پیچھے ایک ترک نژاد میاں بیوی کی کہانی ہے، یہ جوڑا ہے ڈاکٹر اوگر شاہین اور ان کی اہلیہ ڈاکٹر اوزلم تورجی۔

    روئیٹرز کے مطابق اس ترک نژاد جوڑے کا تعلق ایک کم آمدن والے طبقے سے تھا، بائیو این ٹیک کے 55 برس کے سربراہ ڈاکٹر اوگر شاہین جرمنی کے شہر کولون میں فورڈ کمپنی میں ایک ترک تارکِ وطن کے طور پر مزدور تھے، جب کہ ڈاکٹر تورجی ایک ترک نژاد ڈاکٹر کی بیٹی ہے جو خود ترکی سے ایک تارک وطن کی حیثیت سے جرمنی آئے تھے۔

    ترک نژاد ڈاکٹر جوڑی: ڈاکٹر اوگر شاہین اور ان کی اہلیہ اوزلم تورجی

    اب ڈاکٹر شاہین اور ان کی 53 برس کی بیوی ڈاکٹر اوزلم تورجی کا شمار جرمنی کے 100 ارب پتیوں میں ہوتا ہے، اس وقت ڈاکٹر شاہین اور ڈاکٹر تورجی کی کمپنی کی قیمت 21 ارب ڈالر سے زیادہ ہو چکی ہے، گزشتہ جمعے تک اس کی قیمت 4.6 ارب ڈالر تھی۔

    تاریخی دن : امریکی کورونا ویکسین کے مثبت نتائج آنا شروع

    ڈاکٹر اوگر شاہین شام کے شہر حلب کی سرحد کے قریب ترکی کے شہر اسکندرون میں پیدا ہوئے، وہ والد کے ساتھ جرمنی منتقل ہوئے تھے، بہت سادہ مزاج ہیں، بڑے سے بڑے اجلاس میں بھی دفتر جینز میں اپنی بائیسیکل پر ہیلمٹ پہن کر آتے ہیں۔

    ڈاکٹر شاہین کو بچپن سے طبی تعلیم کا شوق تھا، انھوں نے تعلیم کے بعد کولون اور ہومبُرگ کے مختلف تدریسی استالوں میں کام کیا، ہومبرگ ہی میں ان کی ملاقات ڈاکٹر تورجی سے ہوئی، دونوں کی میڈیکل ریسرچ اور علمِ سرطان (اونکولوجی) میں گہری دل چسپی تھی۔ ایک جریدے کے مطابق دونوں کو کام سے اتنا لگاؤ تھا کہ شادی کے روز بھی اپنی لیبارٹری میں کام کر رہے تھے، اور وہیں سے گھر پہنچ کر تیار ہوئے۔

    دونوں نے تحقیق کے دوران جسم میں کینسر کے خلاف لڑائی میں مددگار امیون سسٹم کا سراغ لگایا، 2001 میں انھوں نے گینیمڈ فارماسیوٹیکلز کا آغاز کیا، اور کینسر سے لڑنے والے اینٹی باڈیز تیار کیے۔ اس کام کی وجہ سے انھیں دو سرمایہ کار کمپنیوں کی طرف سے سرمایہ ملا۔ یہ کمپنی انھوں نے 2016 میں جاپانی کمپنی اسٹیلاز کو تقریباً ڈیڑھ ارب ڈالرز میں بیچ دی۔

    تاہم، گینیمڈ کے پیچھے کام کرنے والی ٹیم پہلے ہی بائیو این ٹیک (BioNTech) پر کام شروع کر چکی تھی (یہ کمپنی 2008 میں بن گئی تھی) اور کینسر کی امیونوتھراپی طریقوں کی ایک وسیع رینج کے حصول کے لیے کوشاں تھی، جس میں میسنجر آر این اے (mRNA) بھی شامل تھا، جو کہ ایک ہمہ گیر پیغام رساں مادہ ہے، جو خلیات میں جینیاتی ہدایات بھیجتا ہے۔

    بائیو این ٹیک کی اس کہانی میں نیا موڑ اس وقت آیا جب ڈاکٹر شاہین کی نظر سے ایک تحقیقی مقالہ گزرا جو چین کے شہر ووہان میں کرونا وائرس پر مبنی تھا، انھیں فوراً یہ خیال آیا کہ دافع کینسر mRNA دوا اور mRNA پر مبنی وائرل ویکسینز کے درمیان فرق بہت ہی کم ہے۔ اس پر انھوں نے کمپنی میں 500 عملے کے ارکان کو متعدد ممکنہ مرکبات کی تیاری پر لگا دیا۔

    بعد ازاں، مارچ میں امریکی کمپنی فائزر اور چینی کمپنی فوسن نے بھی ان کے ساتھ پارٹنر شپ کر لی۔اور آج اس پارٹنر شپ کا ثمر دنیا کے سامنے ایک مؤثر کرونا وائرس ویکسین کی صورت میں آ گیا ہے۔

  • ملبے سے 4 روز بعد برآمد ننھی عائدہ کے لیے ترک صدر کا نیک خواہشات کا اظہار

    ملبے سے 4 روز بعد برآمد ننھی عائدہ کے لیے ترک صدر کا نیک خواہشات کا اظہار

    انقرہ: ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے زلزلے میں منہدم شدہ عمارت سے 4 روز بعد برآمد ہونے والی 4 سالہ عائدہ کے لیے دعاؤں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اسے معجزہ قرار دیا۔

    ترک صدر رجب طیب اردگان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر 4 سالہ بچی عائدہ کی تصویر اور ویڈیو ٹویٹ کی۔ یہ بچی ترک شہر ازمیر میں زلزلے سے منہدم عمارت کے ملبے سے 91 گھنٹوں بعد زندہ سلامت نکالی گئی۔

    اردگان نے عائدہ کی تصویر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ معجزے کا نام عائدہ ہے، اللہ نے 91 گھنٹوں کے بعد تمہاری ان مسکراتی آنکھوں کے ساتھ ہمیں ایک نئی خوشی عطا کی ہے۔

    انہوں نے لکھا کہ اس نعمت پر خدا کا بیش بہا شکر ہو، اللہ تمہیں اپنی حفظ و امان میں رکھے میری پیاری بچی۔

    صدر اردگان نے عائدہ کی ویڈیو بھی ٹویٹ کی جس میں معصوم بچی ہاتھ ہلاتی نظر آرہی ہے۔

    عائدہ کو گزشتہ روز زلزلے کے لگ بھگ 4 روز امدادی رضا کاروں نے ریسکیو کیا، رضا کاروں نے آواز کا تعین کر کے اس جگہ کو ڈرل کیا جہاں پر ملبے میں عائدہ زندہ سلامت موجود تھی۔

    رضا کاروں نے بڑے پتھر اور ملبہ ہٹا کر اس میں پھنسی ہوئی عائدہ کو باہر نکالا۔ ڈاکٹرز نے مطابق عائدہ کی گردن اور ریڑھ کی ہڈی متاثر ضرور ہوئی مگر اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

    ترکی کے شہر ازمیر میں آنے والے قیامت خیز زلزلے میں اب تک 100 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

  • ترکی میں زلزلہ: صدر مملکت کا جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس

    ترکی میں زلزلہ: صدر مملکت کا جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ترکی میں زلزلے سے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے ترکی میں زلزلے سے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔

    اپنے ٹویٹ میں صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ازمیر میں زلزلے کی خبر سن کر نہایت افسوس ہوا، برادر طیب اردگان متاثرہ افراد کے اہلخانہ کو پاکستان کا اظہار تعزیت پہنچائیں۔

    انہوں نے متاثرہ افراد سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زلزلے میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز ترکی کے مختلف شہروں میں 6.6 شدت کا زلزلہ آیا، ترک میڈیا کے مطابق زلزلہ ترکی کے مغربی صوبے ازمیر کے ساحل سے 17 کلو میٹر دور آیا جس نے یونان کے جزیرے سیموس کو بھی متاثر کیا۔

    زلزلے کے بعد ازمیر اور سیموس میں چھوٹے درجے کا سونامی بھی آیا، زلزلے سے ازمیر میں متعدد عمارتیں منہدم ہوچکی ہیں، شہر میں بڑے پیمانے پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے زلزلہ زدگان کی بحالی کے لیے ترکی میں ٹیمیں اور فیلڈ اسپتال بھجوانے کی پیشکش کی جس پر ترک وزیر خارجہ نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سر دست ہمیں کسی مالی معاونت کی ضرورت نہیں۔

    ترک وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ضرورت محسوس ہوئی تو پاکستان کی پیشکش کو سب سے پہلے قبول کریں گے۔

  • ترکی میں زلزلہ: پاکستان کی مدد کی پیشکش، ترک وزیر داخلہ کا اظہار تشکر

    ترکی میں زلزلہ: پاکستان کی مدد کی پیشکش، ترک وزیر داخلہ کا اظہار تشکر

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ترکی میں آنے والے زلزلے پر ٹیمیں اور فیلڈ اسپتال بھجوانے کی پیشکش کی جس پر ترک وزیر خارجہ نے ان کی پیشکش اور نیک تمناؤں پر شکریہ ادا کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ترک ہم منصب مولود چاؤش اوغلو سے فون پر رابطہ کیا، وزرائے خارجہ نے ترک شہر ازمیر میں زلزلے اور امدادی کارروائیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

    ترک وزیر خارجہ مولود چاؤش اوغلو نے بتایا کہ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 6.6 تھی، زلزلے سے 24 افراد جاں بحق ہوئے، 804 افراد زخمی اور 17 سے زائد عمارت کے گرنے کی اطلاعات ہیں۔

    شاہ محمود قریشی نے زلزلے سے جانی و مالی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جبکہ جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لوگ سنہ 2005 کے زلزلے کے بعد ترکی کی فراہم کردہ امداد نہیں بھولے، پاکستان کی حکومت اور قوم مشکل وقت میں ترک بھائیوں کے ساتھ ہے۔

    وزیر خارجہ نے زلزلہ زدگان کی بحالی کے لیے ٹیمیں اور فیلڈ اسپتال بھجوانے کی پیشکش کی، ترک وزیر خارجہ نے ان کی پیشکش اور نیک تمناؤں پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سر دست ہمیں کسی مالی معاونت کی ضرورت نہیں۔

    ترک وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ضرورت محسوس ہوئی تو پاکستان کی پیشکش کو سب سے پہلے قبول کریں گے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز ترکی کے مختلف شہروں میں شدید نوعیت کا زلزلہ آیا، ترک میڈیا کے مطابق زلزلہ ترکی کے مغربی صوبے ازمیر کے ساحل سے 17 کلو میٹر دور آیا جس نے یونان کے جزیرے سیموس کو بھی متاثر کیا۔

    زلزلے کے بعد ازمیر اور سیموس میں چھوٹے درجے کا سونامی بھی آیا، زلزلے سے ازمیر میں متعدد عمارتیں منہدم ہوچکی ہیں، شہر میں بڑے پیمانے پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

  • دنیا بھر میں مقبول ترک شیف کی پاکستان آمد

    دنیا بھر میں مقبول ترک شیف کی پاکستان آمد

    لاہور: دنیا بھر میں مشہور ترک شیف براک اوزدامیر پاکستان پہنچ گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق مقبول ترک شیف براک اوزدامیر پاکستان کے دورے پر لاہور پہنچ گئے ہیں، وہ 4 روز پاکستان میں قیام کریں گے۔

    ترک شیف پاکستانی سیاحتی مقامات کا دورہ کریں گے، اور اس دوران پاکستان کی ثقافت اور یہاں کی مہمان نوازی سے لطف اندوز ہوں گے۔

    واضح رہے کہ ترک شیف براک اوزدامیر کے سوشل میڈیا پر ساڑھے 4 کروڑ سے زائد فالوورز ہیں، ان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ترکی کی ثقافت میں ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔

    پاکستان پہنچنے پر ایک سیلفی

    چند دن قبل براک اوزدامیر نے ایک ویڈیو پیغام میں پاکستان آنے کا اعلان کیا تھا، انھوں نے یہ پیغام اردو زبان میں ریکارڈ کیا تھا، اوزدامیر نے کہا ’میں پاکستان آ رہا ہوں ان شاء اللہ، جیوے جیوے پاکستان جیوے جیوے ترکی‘۔

    ترک شیف جس طرح کھانا پکاتے ہیں اس انداز کو سوشل میڈیا پر لوگوں نے بہت پسند کیا، وہ ہنستے مسکراتے اپنا کام کرتے ہیں اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقبول ہیں، سوشل میڈیا پر وہ اکثر اوقات اپنی دل چسپ ویڈیوز شیئر کرتے ہیں، جس کی وجہ سے وہ سوشل میڈیا اسٹار بھی بن چکے ہیں۔

    پاکستان پہنچنے پر براک اوزدامیر نے کہا کہ وہ پاکستان کو اپنی آنکھوں سے دیکھنا چاہتے ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں، اور عوام بھی ایک دوسرے کو پسند کرتے ہیں۔

    پاکستان میں ترکی ڈرامے بہت شوق سے دیکھے جاتے ہیں جب کہ اب خلافت عثمانیہ پر بنائی گئی ٹی وی سیریز ارطغرل غازی نے تو پاکستان میں مقبولیت کے ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔

  • پی آئی اے سربراہ کا یورپ کے لیے فلائٹ آپریشن بحال کرنے کے لیے اہم قدم

    پی آئی اے سربراہ کا یورپ کے لیے فلائٹ آپریشن بحال کرنے کے لیے اہم قدم

    کراچی: قومی ایئر لائن کے سی ای او ارشد ملک نے یورپ کے لیے متبادل ذرایع سے فلائٹ آپریشن کی بحالی کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے ترکی کا ایک روزہ دورہ کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سی ای او پی آئی اے ایئر مارشل ارشد ملک نے ترکی کا ایک روزہ دورہ کیا ہے، یہ دورہ متبادل ذرایع سے یورپ کا فلائٹ آپریشن بحال کرانے کے لیے ہے۔

    سی ای او پی آئی اے نے دورے کے دوران ٹرکش ایئر لائن کے سی ای او بلال اکشی اور چیرمین الکر آئچی سے ملاقاتیں کیں، جن میں ‎پی آئی اے اور ٹرکش ایئر لائن کے مابین جاری کوڈ شیئرنگ معاہدے کو وسعت دینے پر اصولی اتفاق کیا گیا۔

    ملاقاتوں میں ‎ٹرکش ایئر لائن کی جانب سے پی آئی اے کے ساتھ کارگو اشتراک کے لیے بھی درخواست کی گئی۔

    ‎سی ای او ارشد ملک نے نئے استنبول ایئر پورٹ کا بھی دورہ کیا اور ایئر پورٹ انتظامیہ سے بات چیت کی، اس موقع پر بڑی اسکرینوں پر پی آئی اے سربراہ کو پاکستان اور ترکی کے پرچموں کے ساتھ خوش آمدید کہا گیا۔

    ایئرپورٹ انتظامیہ کے ساتھ بات چیت میں ارشد ملک نے ‎پی آئی اے کے استنبول کے لیے فضائی آپریشن شروع کرنے اور دیگر انتظامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

  • ہم اپنے فیصلے خود کریں گے، امریکا کی رائے کی کوئی ضرورت نہیں: ترک صدر

    ہم اپنے فیصلے خود کریں گے، امریکا کی رائے کی کوئی ضرورت نہیں: ترک صدر

    انقرہ: ترک صدر رجب طیب اردگان کا کہنا ہے کہ ترکی کے دفاعی نظام کی خریداری اور تجربات کے حوالے سے امریکا کی رائے کوئی اہمیت نہیں رکھتی، یہ ہمارا معاملہ ہے اور ہم خود ہی اس حوالے سے فیصلہ کریں گے۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردگان نے مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روس سے خریدے ایس 400 دفاعی نظام کا تجربہ کیا ہے اور مزید کیے جارہے ہیں۔

    ترک صدر کا کہنا تھا کہ دفاعی نظام کے حوالے سے امریکا کا اعتراض کوئی اہمیت نہیں رکھتا، ہم اپنے فیصلے خود کرنے کے مجاز ہیں، یہ ہمارا فیصلہ ہے اور اس کے بارے میں ہم ہی پورا اختیار رکھتے ہیں۔

    آرمینیا کے درمیان جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے رجب طیب اردگان نے کہا کہ آرمینیا اپنے وعدوں کا پاس رکھے، یہاں سیاسی حل کی کوششوں میں روس کا جتنا حق ہے اتنا ہی ترکی بھی اپنا حق سمجھتا ہے، اس معاملے میں روس کا مؤقف مثبت ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ہم روس کے ساتھ شام، آذر بائیجان اور آرمینیا کے معاملے میں بھی مسلسل رابطے میں ہیں، امید ہے کہ اس مسئلے کے حل کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں گے۔