Tag: ترک بحری جہاز

  • ترک بحری جہاز ’کنالیاڈا‘کی پاکستان آمد پر پُرتپاک استقبال

    ترک بحری جہاز ’کنالیاڈا‘کی پاکستان آمد پر پُرتپاک استقبال

    ترک بحریہ کا جنگی بحری جہاز کنالیاڈا (TCG KINALIADA) کراچی پہنچ گیا، پاک بحریہ کی جانب سے روایتی انداز میں استقبال کیا گیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ترک بحریہ کے جنگی بحری جہاز کنالیاڈا کی پاکستانی حدود میں داخلے پر پاک بحریہ کے جہاز نے ترکیہ کے جہاز کو خوش آمدید کہا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق کراچی بندرگاہ پہنچنے پر پاک بحریہ اور ترک سفارت خانے کےافسران نے جہاز کے عملے کا پرتپاک انداز میں استقبال کیا۔

    جہازکے کمانڈنگ افسر، پاک بحریہ کے فیلڈ کمانڈرز اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے، ملاقاتوں میں دونوں ملکوں کی بحریہ میں باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ترک بحریہ کا وفد مزار قائد پر حاضری بھی دے گا، ترک بحریہ کے جہاز کا یہ دورہ برادر ملکوں کی بحریہ میں مضبوط اور دیرینہ تعلقات کا عکاس ہے۔

  • ترک بحری جہاز برگازادہ کراچی پہنچ گیا

    کراچی: ترکی کا بحری جہاز برگازادہ کراچی پہنچ گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترک بحریہ کا جہاز برگازادہ (Burgazada) کراچی بندرگاہ پہنچ گیا، جہاں پاک بحریہ کے اعلیٰ حکام اور ترکیہ کے سفارتی عملے نے جہاز کا استقبال کیا۔

    ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ترک بحری جہاز کے دورے کا مقصد دونوں بحری افواج کے مابین پیشہ ورانہ تعلقات کا فروغ ہے، دورے کے اختتام پر دونوں بحری افواج کے مابین مشترکہ مشقوں کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔

    ترجمان پاک بحریہ نے بتایا کہ ترکیہ کے بحری جہاز کے دورے سے خطے میں قیام امن کی مشترکہ کاوشوں کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔

  • پاکستان اور ترکی کی مشترکہ بحری مشقوں کا آغاز

    پاکستان اور ترکی کی مشترکہ بحری مشقوں کا آغاز

    اسلام آباد : نیول چیف نے ترک بحری جہاز پر موجود ترک مشن کمانڈر سے ملاقات کے دوران پیشہ ورانہ امور پر تفصیلی بات چیت کی اور ترک بحریہ کی آپریشنل صلاحیتوں کی تعریف کی۔

    تفصیلات کے مطابق سربراہ پاک نیوی نے ترک بحری جہاز کے عملے اور اعلیٰ سفارتی حکام سے ملاقات کے بعد کھلے سمندر میں پاک بحریہ اور ترک بحری جہاز کی مشترکہ فوجی مشق کا معائنہ بھی کیا۔

    پاک نیوی اور ترک بحری افسران سے ملاقات کے دوران سربراہ پاک بحریہ نے کہا کہ ترکی اور پاکستان کے درمیان دیرینہ دوستانہ مراسم قائم ہیں اور دونوں ممالک کے مابین دیرپا تعاون ان تعقات کے فروغ اور استحکام میں خصوصی اہمیت کا حامل رہا ہے۔

    ذرائع کے مطابق ایڈمرل ذکاء اللہ کو پاکستان نیوی اور دورے پر آئے ہوئے ترک بحری جہاز کے درمیان کھلے سمندر میں ہونے والی مشترکہ بحری مشق کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔

    پاکستان میں قائم ترک سفارت خانے کے اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے،دفاعی تجزیہ نگاروں کی جانب سے امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ترک بحری جہاز ٹی سی جی بایو کاڈا کے دورے سے دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات اور بحری تعاون کو مزید تقویت حاصل ہوگی۔