Tag: ترک شام بارڈر

  • امریکی یقین دہانی کے باوجود دہشت گرد آئے تو انھیں برباد کر دیں گے: ترک صدر

    امریکی یقین دہانی کے باوجود دہشت گرد آئے تو انھیں برباد کر دیں گے: ترک صدر

    انقرہ: ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ اگر امریکا سے تحریری یقین دہانی کے بعد بھی ہمارا دہشت گردوں سے سامنا ہوا تو ہمیں انھیں برباد کرنے کا حق ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر نے امریکا پر واضح کیا کہ عالمی رہنما دہشت گردوں کے ساتھ بیٹھیں گے تو دہشت گردوں کے خلاف جنگ ہوگی، ہمیں اپنے کرد بھائیوں سے کوئی مسئلہ نہیں، ہمارا مسئلہ شام میں دہشت گرد تنظیمیں ہیں۔

    رجب طیب اردوان نے کہا کہ شامی مہاجرین کے لیے یورپ کے دروازے وقت آنے پر کھلیں گے، آپریشن ’پیس اسپرنگ‘ کے تحت بارڈر کی سیکورٹی کے ساتھ اپنے شامی بھائیوں کو واپسی کا راستہ بھی فراہم کر رہے ہیں۔

    ترک صدر کا کہنا تھا کہ اگر کردوں نے روس سے معاہدے پر عمل نہ کیا تو ترکی شمالی شام میں اپنا منصوبہ نافذ کر دے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  ڈونلڈ ٹرمپ نے ترکی پر عائد تمام پابندیاں اٹھانے کا اعلان کر دیا

    یاد رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ترکی پر عائد تمام پابندیاں اٹھانے کا اعلان کر دیا تھا، انھوں نے وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پابندیاں اٹھانے کا فیصلہ ترکی اور شام میں سیز فائر پر کیا گیا ہے، اگر سیز فائر کو برقرار نہیں رکھا گیا تو امریکا پھر سے پابندیاں لگا دے گا۔

    اس سے قبل امریکی صدر نے ٹویٹ کے ذریعے کہا تھا کہ ترکی اور شام کی سرحد پر ہمیں بڑی کامیابی ملی ہے، سیف زون بن چکا ہے، انھوں نے ترکی اور شام کے درمیان جنگ بندی پر خوشی کا اظہار کیا، اور لکھا کہ جنگ بندی ہو چکی اور لڑائی ختم ہو گئی ہے۔

  • لڑائی ختم ہو گئی، ترکی، شام بارڈر پر بڑی کامیابی ملی: امریکی صدر

    لڑائی ختم ہو گئی، ترکی، شام بارڈر پر بڑی کامیابی ملی: امریکی صدر

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترکی اور شام کی سرحد پر ہمیں بڑی کامیابی ملی ہے، سیف زون بن گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنے تازہ پیغام میں ترکی اور شام کے درمیان جنگ بندی پر خوشی کا اظہار کیا، انھوں نے لکھا کہ جنگ بندی ہو چکی اور لڑائی ختم ہو گئی ہے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ کرد اب محفوظ ہیں اور انھوں نے معاملات نمٹانے کے سلسلے میں ہمارے ساتھ مل کر اچھے طریقے سے کام کیا۔

    امریکی صدر کا یہ بھی کہنا تھا کہ داعش کے پکڑے گئے قیدی بھی اب محفوظ ہیں، میں اس سلسلے میں گیارہ بجے صبح وائٹ ہاؤس سے باضابطہ بیان جاری کروں گا۔

    تازہ ترین:  امریکا کا ترکی سے پابندیاں ہٹانے کا عندیہ

    واضح رہے کہ آج امریکی حکام نے عندیہ دیا تھا کہ اگر ترکی جنگ بندی سے متعلق معاہدے کی پاس داری کرے تو اس پر سے عائد پابندیاں اٹھائی جا سکتی ہیں، واشنگٹن حکام نے ترکی سمیت کرد جنگجوؤں پر بھی دباؤ ڈالا کہ وہ سیز فائر سے متعلق ہونے والے معاہدے کی پاس داری کریں۔

    ادھر عالمی رہنما خدشہ ظاہر کر چکے ہیں کہ شمالی شام میں جنگ بندی کے خاتمے سے خوف و ہراس کے ساتھ لاکھوں لوگوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہو جائیں گے۔ خیال رہے کہ امریکا اور ترکی کے درمیان ہونے والے معاہدے کے تحت ترکی نے کردوں کو سرحدی علاقہ خالی کرنے کے لیے پانچ دن (120 گھنٹے) کی مہلت دی تھی۔

    ترکی اپنے مشرقی سرحد سے ملحقہ شامی علاقے میں 35 لاکھ شامی مہاجرین کو بسا کر ایک ’سیف زون‘ بنانا چاہتا تھا تاہم اس علاقے سے امریکی فوج کے انخلا کے بعد ایک بحران پیدا ہوا اور وہاں پر کردوں کی موجودگی پر ترکی نے علاقہ خالی کروانے کے لیے آپریشن شروع کر دیا تھا۔