Tag: ترک شیف

  • ترک شیف اوزدامیر کا آرمی میوزیم کا دورہ، بھارتی فوج سے چھینے گئے ہتھیاروں میں خصوصی دل چسپی

    ترک شیف اوزدامیر کا آرمی میوزیم کا دورہ، بھارتی فوج سے چھینے گئے ہتھیاروں میں خصوصی دل چسپی

    راولپنڈی: معروف ترک سیاحتی شیف اور ویلاگر براک اوزدامیر نے آرمی میوزیم کا دورہ کیا، جہاں انھوں نے بھارتی فوج سے چھینے گئے ہتھیاروں میں خصوصی دل چسپی لی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق براک اوزدامیر نے آرمی میوزیم کا خصوصی دورہ کیا، اپنے دورے کا آغاز انھوں نے قائد اعظم کی یادگار سے کیا، یہ یادگار قائد اعظم کی پاک فوج کے یونٹ کو قومی نشان عطا کرنے سے متعلق ہے۔

    آرمی میوزیم کے دورے کے دوران ترک وی لاگر نے مختلف گیلریز میں ہتھیار اور جنگی سامان دیکھا، ترک وی لاگر نے بھارتی فوج سے چھینے گئے ہتھیاروں میں خصوصی دل چسپی لی۔

    اوزدامیر نے سیاچن کے محاذ پر فوجی زندگی سے متعلق کارنر کا بھی مشاہدہ کیا، خیال رہے کہ سیاچن میں شدید موسمی حالات کے باوجود پاک فوج کے جوان فرائض انجام دیتے ہیں۔

    ترکی کے معروف شیف کا پاکستان پہنچتے ہی بڑا اعلان

    دہشت گردی کے خلاف جنگ کی عکاس گیلری بھی ترک وی لاگر کی دل چسپی کا مرکز رہی، گیلری میں دہشت گردی کے عفریت کو قابو کرنے کی کوششوں اور قربانیوں کی عکاسی کی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ دنیا بھر میں مشہور ترک شیف براک اوزدامیر کل پاکستان پہنچے ہیں، وہ 4 روز پاکستان میں قیام کریں گے۔ اوزدامیر نے پاکستان میں فوڈ چین قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ نتھیا گلی، مری، لاہور اور اسلام آباد میں براک ریسٹورنٹ بناؤں گا۔

    ترک شیف براک اوزدامیر کے سوشل میڈیا پر ساڑھے 4 کروڑ سے زائد فالوورز ہیں، ان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ترکی کی ثقافت میں ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔

  • دنیا بھر میں مقبول ترک شیف کی پاکستان آمد

    دنیا بھر میں مقبول ترک شیف کی پاکستان آمد

    لاہور: دنیا بھر میں مشہور ترک شیف براک اوزدامیر پاکستان پہنچ گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق مقبول ترک شیف براک اوزدامیر پاکستان کے دورے پر لاہور پہنچ گئے ہیں، وہ 4 روز پاکستان میں قیام کریں گے۔

    ترک شیف پاکستانی سیاحتی مقامات کا دورہ کریں گے، اور اس دوران پاکستان کی ثقافت اور یہاں کی مہمان نوازی سے لطف اندوز ہوں گے۔

    واضح رہے کہ ترک شیف براک اوزدامیر کے سوشل میڈیا پر ساڑھے 4 کروڑ سے زائد فالوورز ہیں، ان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ترکی کی ثقافت میں ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔

    پاکستان پہنچنے پر ایک سیلفی

    چند دن قبل براک اوزدامیر نے ایک ویڈیو پیغام میں پاکستان آنے کا اعلان کیا تھا، انھوں نے یہ پیغام اردو زبان میں ریکارڈ کیا تھا، اوزدامیر نے کہا ’میں پاکستان آ رہا ہوں ان شاء اللہ، جیوے جیوے پاکستان جیوے جیوے ترکی‘۔

    ترک شیف جس طرح کھانا پکاتے ہیں اس انداز کو سوشل میڈیا پر لوگوں نے بہت پسند کیا، وہ ہنستے مسکراتے اپنا کام کرتے ہیں اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقبول ہیں، سوشل میڈیا پر وہ اکثر اوقات اپنی دل چسپ ویڈیوز شیئر کرتے ہیں، جس کی وجہ سے وہ سوشل میڈیا اسٹار بھی بن چکے ہیں۔

    پاکستان پہنچنے پر براک اوزدامیر نے کہا کہ وہ پاکستان کو اپنی آنکھوں سے دیکھنا چاہتے ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں، اور عوام بھی ایک دوسرے کو پسند کرتے ہیں۔

    پاکستان میں ترکی ڈرامے بہت شوق سے دیکھے جاتے ہیں جب کہ اب خلافت عثمانیہ پر بنائی گئی ٹی وی سیریز ارطغرل غازی نے تو پاکستان میں مقبولیت کے ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔