اسلام آباد (28 اگست 2025): ترک صدر رجب طیب اردوان نے وزیراعظم شہباز شریف سے رابطہ کر کے مشکل وقت میں ہر ممکن مدد کی پیشکش کی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کا ٹیلفونک رابطہ ہوا جس میں ترک صدر نے پاکستان میں سیلاب سے جانی ومالی نقصان پر اظہار افسوس اور پاکستانی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔
اردوان نے وزیراعظم کو پاکستان کے اس مشکل وقت میں ہر ممکن مدد کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ ہر ممکن مدد کے لیے تیار ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مشکل وقت میں ترک صدر کے جذبات اور امداد کی پیشکش پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مضبوط، گہرے اور برادرانہ تعلقات ہیں۔
واضح رہے کہ رواں ماہ کے اوائل میں کلاؤڈ برسٹ، طوفانی بارشوں، سیلابی ریلوں نے صوبہ خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں تباہی مچائی۔ بالخصوص کے پی میں تاریخ کی بدترین تباہی ہوئی۔ 400 کے قریب اموات، ہزاروں گھر، دکانیں، مساجد، سرکاری عمارتیں، ہوٹلز پانی کے ریلوں کی نظر ہو گئے۔
قوم ابھی اس آفت سے سنبھل نہ پائی تھی کہ بھارتی آبی جارحیت کے نتیجے میں پنجاب کے دریاؤں میں طغیانی آئی اور اب سیلابی ریلے پورے صوبے میں تباہی کی نئی داستان رقم کر رہے ہیں۔
پاکستان کے اس مشکل وقت میں برطانیہ اور گیٹس فاؤنڈیشن کی جانب سے امداد کے اعلانات کیے جا چکے ہیں۔
https://urdu.arynews.tv/india-another-flood-will-reach-pakistan-tomorrow-new-report/