Tag: ترک صدر

  • ترک صدر کے دورہ پا کستان کے ثمرات آنا شروع ، بڑا اعلان سامنے آگیا

    ترک صدر کے دورہ پا کستان کے ثمرات آنا شروع ، بڑا اعلان سامنے آگیا

    اسلام آباد : تر کی کی نجی ائیرلا ئن نے پا کستان کے لئے پروازیں شروع کر نے کا فیصلہ کر لیا ہے ، 28مارچ سے پا کستان کے لئے پروازیں  شروع کی جائیں گی ، ترک ائیر لائن پیگاسس استنبول سے کراچی کے لئے پروازیں آپریٹ کر ے گی۔

    تفصیلات کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوان کے دورہ پا کستان کے ثمرات آنا شروع ہوگئے ہیں، تر کی کی نجی ائیرلا ئن نےپا کستان کےلئےپروازیں شروع کر نےکافیصلہ کر لیا ہے۔

    ترک ائیرلائن پیگاسس28مارچ سےپا کستان کےلئےپروازیں شروع کرےگی ، اس سلسلے میں سول ایوی ایشن اتھا رٹی کےشعبہ ائیرٹرانسپورٹ نےاجازت نا مہ جاری کر دیا ، ترک ائیر لائن استنبول سےکراچی کےلئےپروازیں آپریٹ کر ے گی۔

    سول ایوی ایشن اتھا رٹی کا کہنا ہے کہ ہفتےمیں 4پروازیں استنبول سےکراچی آپریٹ ہونگیں۔

    یاد رہے گذشتہ ہفتے ترک صدر رجب طیب اردوان نے 2 روزہ پاکستان کا دورہ کیا گیا ، دورے کے دوران ترک صدر نے پاکستان سے تجارتی حجم کو 5 ارب ڈالر تک لے جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا پاکستان کی ہر ممکن مدد کےلئے تیار ہیں ، میں اور عمران خان اکنامک اسٹریٹجی فریم ورک کا تاریخی معاہدہ کرنےجارہےہیں۔

    مزید پڑھیں : ترک صدرکا پاکستان سے تجارتی حجم کو5 ارب ڈالر تک لے جانے کا اعلان

    ترک صدر رجب طیب اردوان کے دورہ پاکستان کے مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ دونوں ممالک کی لازوال دوستی کے اعادہ کے ساتھ ساتھ چیلنجز میں مدد اور حمایت کےجذبے کی یاد دہانی کی گئی جب کہ شاندار تعلقات کو باہمی شراکت داری اور توسیع دینےکےعزم کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کےلازوال تعلقات کے تحفظ پر زور دیاگیا۔

    اعلامیہ میں دہشت گردی کی لعنت کے خلاف لڑائی کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیاگیا، دہشت گردی کی بنیادی وجوہات سےنمٹنے پر زور دیتے ہوئے کہا گیا کہ دہشت گردی کو کسی مذہب، قومیت اور تہذیب سےنہیں جوڑا جاسکتا۔

    مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ اقوام متحدہ کی سینکشنز رجیم کا اسکوپ بڑھانے پراتفاق کیاگیا اور اسلاموفوبیا کی بڑھتی لہر اور مسلمانوں کےخلاف حملوں پرتشویش کااظہار کیا گیا، اسی طرح ہائی لیول اسٹریٹیجک کوآپریشن کونسل ورکنگ گروپوں کےنتائج کی توثیق اور دوطرفہ ادارہ جاتی میکانزم پربھی اتفاق کیاگیا۔

  • ترک صدر کا دورہ پاکستان ، تجارتی وکاروباری تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی

    ترک صدر کا دورہ پاکستان ، تجارتی وکاروباری تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی

    اسلام آباد : معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ترک صدر کے دورہ پاکستان سے تجارتی و کاروباری تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی ، طیب اردوان اور عمران خان کی قیادت میں تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا پاکستان اور ترکی بےمثال دوستی کےبندھن میں بندھے ہیں، مذہب اورثقافت پرمبنی یہ رشتےدونوں ممالک کےعوام کےدل سےجڑےہیں، طیب اردوان اور عمران خان کی قیادت میں تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں۔

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ترک صدرکاپاکستان کےپارلیمان سےخطاب لازوال دوستی کامظہرہے، اسٹریٹجک شراکت داری  سےمتعلق مشاورت کاچھٹااجلاس مزیدقربت کاباعث ہے، ترک صدرکادورہ تعلقات نئی بلندی پرلےجانےکاباعث بنےگا اور  تجارتی وکاروباری تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔

    معاون خصوصی نے کہا کہ ترک قیادت کی جانب سے مسئلہ کشمیرپربھرپورحمایت حاصل ہے، پاکستان کےعوام کےدل میں ترک  قیادت وعوام کےلئےخصوصی احترام ہے اور مقبوضہ جموں و کشمیر پر ترکی کے اصولی مؤقف پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

  • ترک صدرکا پاکستان سے تجارتی حجم کو5 ارب ڈالر تک لے جانے کا اعلان

    ترک صدرکا پاکستان سے تجارتی حجم کو5 ارب ڈالر تک لے جانے کا اعلان

    اسلام آباد : ترک صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان سے تجارتی حجم کو 5 ارب ڈالر تک لے جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا پاکستان کی ہر ممکن مدد کےلئے تیار ہیں ، میں اور عمران خان اکنامک اسٹریٹجی فریم ورک کا تاریخی معاہدہ کرنےجارہےہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوان نے پاک ترک بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہ پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتا ہوں ، پاکستان کےعوام سے ہمیشہ بہترین مہمان نوازی،محبت ملتی ہے اور یہاں آکر بےحد خوشی محسوس کرتا ہوں، آج پاکستانی پارلیمنٹرینز سے خطاب کرنے کا موقع ملا ۔

    ترک صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان کیساتھ مختلف سطح پر تعلقات کو فروغ دے رہےہیں اور تجارت سمیت دیگر امور پر تعلقات کو آگے بڑھا رہےہیں، دونوں ممالک کااعلیٰ تذویراتی تعاون کونسل کااجلاس آج ہوگا۔

    رجب طیب اردوان نے اعلان کیا کہ پاکستان کیساتھ تجارتی حجم کو 5ارب ڈالر تک لےجائیں گے، مضبوط سیاسی اور تجارتی روابط کا دونوں ممالک کو فائدہ ہونا چاہیے، پاکستان اور ترکی کا تجارتی حجم تعاون اپنی صلاحیت سے کہیں کم ہے.

    ان کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاری کی کوئی قومیت نہیں ہوتی ، ہم سرمایہ کاری کرنیوالی غیرملکی اور ترکش کمپنیوں میں فرق نہیں کرتے، ہم نے سیاحت میں 35 بلین ڈالرز تک اپنا ریونیو بڑھایا ، معاشی اورتجارتی حملوں کے باوجود ترکی استحکام کی جانب گامزن ہے، ترکش ایئر لائنزکو 126ممالک تک رسائی ہے۔

    ترک صدر نے کہا پاکستان کی ہر ممکن مدد کےلئے تیار ہیں، ہم جانتے ہیں پاکستان میں آگے بڑھنےکی صلاحیت موجود ہے، اعلیٰ سطح پر دوروں سے تعاون کے نئے امکانات سامنے آتے ہیں، ترک تاجروں کو سی پیک پر بریفنگ دینےکی ضرورت ہے ، ترک سرمایہ کاروں کی سی پیک سےآگاہی کیلئے ہم مدد کو تیار ہیں۔

    رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ ترکی صحت کےشعبے میں مغرب کے کئی ممالک سے بہت آگےہے، پاکستان کیساتھ دفاعی شعبے میں تعاون مزید مضبوط ہو رہا ہے اور ٹرانسپورٹیشن ،صحت ، توانائی، تعلیم پرتعاون کررہےہیں۔

    انھوں نے مزید کہا کہ میں اور عمران خان اکنامک اسٹریٹجی فریم ورک کا تاریخی معاہدہ کرنے جارہے ہیں، ترک سرمایہ کار پاکستان کےبنیادی ڈھانچے کے شعبے میں سرمایہ کاری پر دلچسپی رکھتے ہیں، ہیلتھ کیئر کیلئے دنیا ترکی کا رخ کرتی ہے، ترکی نے جدید اسپتال تعمیر کئے ہیں ، ہیلتھ کیئر کیلئے پاکستانی عوام ترکی آسکتے ہیں۔

  • ترک صدر کا مسئلہ کشمیر کو اپنا مسئلہ کہنا دنیا کے لیے ٹھوس پیغام ہے: وزیر خارجہ

    ترک صدر کا مسئلہ کشمیر کو اپنا مسئلہ کہنا دنیا کے لیے ٹھوس پیغام ہے: وزیر خارجہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ترک صدر کا مسئلہ کشمیر کو اپنا مسئلہ کہنا دنیا کے لیے بڑا ٹھوس پیغام ہے، ترک صدر کے مسئلہ کشمیر پر مؤقف کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر ترک صدر نے واضح اور دو ٹوک مؤقف اختیار کیا ہے، ترک صدر کے مسئلہ کشمیر پر مؤقف کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ترک صدر کا مسئلہ کشمیر کو اپنا مسئلہ کہنا دنیا کے لیے بڑا ٹھوس پیغام ہے، ترک صدر کے یکجہتی کے پیغام پر کشمیریوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، ترکی ٹھوس انداز میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ترک صدر نے کہا ہمارا ایک تاریخی تعلق ہے، خلافت اور علامہ اقبال کے دور سے لے کر اب تک کا تاریخی تعلق ہے، ترکی کا ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کے مؤقف کی تائید کا پیغام بھی بہت اہم ہے، ترک صدر نے کہا کہ تاریخی تعلقات کو اقتصادی پارٹنر شپ میں بدلنا ہے۔ ترکی کے ساتھ اقتصادی پارٹنر شپ پر بات چیت جاری ہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ترکی اور پاکستان میں تعاون کے لیے شعبوں کی نشاندہی کرلی گئی ہے، اقتصادی صورتحال کی بہتری کے لیے ترک صدر کا دورہ اہمیت کا حامل ہے، ترک صدر کے دورے کے دورس نتائج مرتب ہوں گے، ترکی سے مختلف شعبوں میں تعلقات کو فروغ دے رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کوالا لمپور میں مہاتیر محمد نے گرم جوشی سے وزیر اعظم کا استقبال کیا، ملائیشیا اور ترکی سے تعلقات میں خلل ڈالنے والوں کو آج منہ کی کھانی پڑی۔ نماز جمعہ کے بعد پاک ترک بزنس فورم کی تقریب ہوگی۔ بھارت نے ایف اے ٹی ایف میں ہمارے خلاف لابی کھڑی کی ہے۔ ترکی کا ایف اے ٹی ایف پر ہمارے مؤقف کے ساتھ کھڑا ہونا دورے کا اہم مقصد تھا۔

  • پاکستان ترقی کی جانب گامزن ہے، مستقبل میں بھی پاکستان کا بھرپور ساتھ دیں گے: ترک صدر

    پاکستان ترقی کی جانب گامزن ہے، مستقبل میں بھی پاکستان کا بھرپور ساتھ دیں گے: ترک صدر

    اسلام آباد: ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ پاکستان میں کبھی اجنبی محسوس نہیں کرتا، پاکستان اور ترکی کے تعلقات قابل رشک ہیں، خلافت عثمانیہ کے لیے برصغیر کے مسلمانوں کا کردار فراموش نہیں کر سکتے، خواتین نے اپنے زیور اور جمع پونجی عطا کی، مولانا محمد علی جوہر اور شوکت علی جوہر کو کیسے فراموش کر سکتے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے پاکستانی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب میں کیا، قبل ازیں، ترک صدر رجب طیب اردوان کی پارلیمنٹ ہاؤس آمد پر شان دار استقبال کیا گیا، ارکان پارلیمنٹ اپنی نشستوں پر کھڑے ہو گئے، اور ترک صدر کا ڈیسک بجا کر استقبال کیا گیا، مشترکہ اجلاس میں پاکستان اور ترکی کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر نے کہا کہ پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر پاکستان کا شکرگزار ہوں، پاکستان اور ترکی کے تعلقات مذہب اور ثقافت پر مشتمل ہیں، دونوں ملکوں کی قیادت کو یک جا کرنے پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں، ترک قوم کی جدوجہد کے وقت لاہور میں حمایتی جلسوں کو ہم نہیں بھول سکتے، عوام نے اپنا پیٹ کاٹ کر ترک عوام کی مدد کی، لاہور جلسے میں علامہ اقبال نے بھی خطاب کیا، پاکستان کے شاعر علامہ اقبال ترک عوام کے لیے انتہائی قابل احترام ہیں، کشمیر ہمارے لیے اسی طرح ہے جیسے آپ کے لیے، ہم آپ سے محبت نہیں کریں گے تو کس سے کریں گے، پاکستان کی کامیابی ترکی کی کامیابی ہے۔

    رجب طیب اردوان نے کہا کہ پاکستان ترقی اور خوش حالی کے سفر کی جانب رواں دواں ہے، ماضی کی طرح مستقبل میں بھی پاکستان کا بھرپور ساتھ دیں گے، ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کی بھرپور حمایت کا پختہ یقین دلاتے ہیں، میں اپنے تجارتی وفد کے ہم راہ پاکستان آیا ہوں، تجارت سے لے کر بنیادی ڈھانچے اور سیاحت کے لیے ایک روڈ میپ بنائیں گے، 2009 میں قائم اعلیٰ اسٹریٹجک تعلقات پر چھٹا اجلاس کرنے جا رہے ہیں۔

    ترک صدر کا کہنا تھا کہ مومن آپس میں بھائی بھائی ہیں، کوئی بھی فاصلہ یا سرحد مسلمانوں کے درمیان دیوار حائل نہیں کر سکتی، پاکستان نے پاک ترک اسکولوں کا نظام ہمارے حوالے کر کے حقیقی دوست کا ثبوت دیا، ہم شام کے 40 لاکھ پناہ گزینوں کی مہمان نوازی کر رہے ہیں، فلسطین، قبرص اور کشمیر کے مسلمانوں کے لیے دعا گو ہیں، شام میں ہماری موجودگی کا مقصد مظلوم مسلمانوں کو جابرانہ حملوں سے بچانا ہے، امریکی صدر ٹرمپ کا مشرق وسطیٰ میں امن کا نہیں بلکہ قبضے کا منصوبہ ہے۔

    ترک صدر کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت کے مثبت اقدامات سے سرمایہ کاری کا ماحول بن رہا ہے، اقتصادی ترقی چند دنوں میں نہیں ملتی، مسلسل محنت اور جدوجہد کرنا پڑتی ہے، کوشش ہوگی پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو بھرپور فروغ دیا جائے۔

  • ترک صدر آج وزیراعظم سے ملاقات اور پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے

    ترک صدر آج وزیراعظم سے ملاقات اور پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے

    اسلام آباد : ترک صدر رجب طیب اردوان آج پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب اور وزیراعظم عمران خان سے ون آن ون ملاقات کریں گے جبکہ آج شام دونوں رہنماؤں کی مشترکہ پریس کانفرنس بھی ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوان آج پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے اور فیصل مسجدمیں نمازجمعہ کی ادائیگی کےبعدپاک ترک بزنس فورم میں شریک ہوں گے۔

    ترک صدر آج وزیراعظم عمران خان سے ون آن ون ملاقات کریں گے ، عمران خان اوررجب طیب اردوان کی ملاقات کادورانیہ ایک گھنٹہ15منٹ ہوگا ، دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر بھی ملاقات ہوگی ، ملاقاتوں کے بعد مفاہمتی یادداشتوں پردستخط کی تقریب ہوگی، جس میں دفاع، ریلویز، اطلاعات، تجارت ، پوسٹل سروس سمیت دوطرفہ تعاون کے کئی معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔

    وزیراعظم اور ترک صدرآج شام مشترکہ پریس کانفرنس بھی کریں گے جبکہ وزیراعظم ہاؤس میں ترک صدر کے اعزازمیں عشائیہ دیاجائےگا، بعد ازاں رجب طیب اردوان آج رات وطن واپس روانہ ہوں گے۔

    خیال رجب طیب اردوان نے بطور صدر 17نومبر 2017 کوپہلی مرتبہ خطاب کیا تھا جبکہ وہ بطور ترک صدر پاکستان کی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے دوسرا خطاب کریں گے، ترک صدر رجب طیب اردوان کا پاکستان کی پارلیمنٹ سے چوتھی بار خطاب کو انتہائی اہمیت کا حامل سمجھا جا رہا ہے،ان کا پارلیمنٹ سے خطاب پاکستان کے ساتھ والہانہ محبت اورلازوال دوستی کی غماز ی کرتا ہے۔

    مزید پڑھیں : ترک صدر کی پاکستان آمد پر شاندار استقبال ، اعزاز میں گارڈ آف آنر پیش

    گذشتہ روز ترک صدر کا پاکستان پہنچنے پر شایان شان استقبال کیا گیا ، نورخان ایئربیس پرمعزز مہمان کی راہ میں ریڈ کارپٹ بچھایا گیا ، وزیراعظم عمران خان نے نورخان ایئربیس پر مہمان صدر کو خوش آمدید کہا اور خود گاڑی ڈرائیو کرکے مہمان صدرکو وزیراعظم ہاؤس لائے، جہان ترک صدر کو گارڈ آف آنرپیش کیا گیا۔

    بعد ازاں ترک صدر رجب طیب اردوان صدر مملکت سے ملاقات کے لیے ایوان صدر پہنچے ، جہاں صدر عارف علوی نے ترک ہم منصب اور خاتون اول کا استقبال کیا، ترک صدر اور اہلیہ نے بچوں کو پیار کیا ان کے ساتھ تصویربنوائی۔

    پاک ترک صدور میں ون آن ون ملاقات بھی ہوئی ، جس کے بعد مہمان کے اعزاز میں پُر تکلف عشائیے کا اہتمام کیاگیا، عشائیے میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ،اسپیکر قومی اسمبلی چیئرمین سینیٹ سمیت دیگر حکام شریک ہوئے۔

  • پاکستانی مصورہ رابعہ ذاکر کا ترک صدر کے لیے خوب صورت تحفہ

    پاکستانی مصورہ رابعہ ذاکر کا ترک صدر کے لیے خوب صورت تحفہ

    اسلام آباد: مصورہ رابعہ ذاکر نے ترک صدر رجب طیب اردوان کے دورہ پاکستان کا خیر مقدم کرتے ہوئے ان کا شان دار پورٹریٹ تیار کر لیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستانی مصورہ رابعہ ذاکر نے دورے پر آنے والے ترک صدر کا پورٹریٹ تیار کر لیا ہے، جو رجب طیب اردوان کو تحفتاً پیش کیا جائے گا۔

    ترک صدر رجب طیب اردوان کے اس پورٹریٹ کی تیاری میں ایک ہفتہ لگا، رابعہ ذاکر نے ترک صدر کی پینٹ کوٹ میں آفیشل تصویر کو کینوس میں اتارا، پورٹریٹ ترک صدر کو دورہ پاکستان پر عوام کی طرف سے بہ طور تحفہ پیش کیا جائے گا۔

    رابعہ ذاکر ترکی پیس آرٹ کی مڈل ایسٹ کی نائب صدر بھی ہیں، پاکستانی مصورہ نے ترک صدر کے پورٹریٹ کو پاکستانی عوام کی جانب سے تحفہ قرار دے دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ ہم ترک قوم کو محبت کا جواب محبت میں دیں گے۔ اپنے ویڈیو پیغام میں انھوں نے کہا کہ میرا تیار کردہ پورٹریٹ ترک صدر کو دورہ پاکستان کی یاد دلائے گا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ برس اکتوبر میں برطانوی پرنس ولیم اور کیٹ میڈلٹن جب پاکستان کے دورے پر آئے تھے تو رابعہ ذاکر نے ان کی شادی کا پورٹریٹ تیار کر کے انھیں تحفے میں پیش کیا تھا، پورٹریٹ میں رائل چہروں کے خال و خد واضح کرنے کے لیے مصورہ کو یورپی آرٹسٹ سے مشاورت کرنا پڑی تھی۔

    اس سے قبل مارچ 2019 میں پاکستانی آرٹسٹ رابعہ ذاکر نے شہزادہ محمد بن سلمان کا پورٹریٹ بھی تیار کیا تھا، یہ تحفہ سعودی سفارت خانے میں سفیر نے وصول کیا تھا۔

  • ترک صدر  14فروری کو پارلیمنٹ کے  مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے

    ترک صدر 14فروری کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے

    اسلام آباد : ترک صدررجب طیب اردگان14 فروری کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے، رجب طیب اردگان کل شام پاکستان پہنچیں گے، دورے میں متعدد معاہدوں اور تعاون کی یادداشتوں پر دستخط ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے پارلیمنٹ کامشترکہ اجلاس 14فروری کو طلب کر لیا، پارلیمنٹ کامشترکہ اجلاس صبح 11بجےطلب کیا گیا ، ترک صدر رجب طیب اردگان مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔

    یاد رہے ترک صدر رجب طیب اردگان کل شام ساڑھے 4 بجے اسلام آباد پہنچیں گے، ترک صدر کا نور خان ایئر بیس پر ریڈ کارپٹ استقبال کیا جائے گا جبکہ انہیں گارڈ آف آنر بھی دیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان ترک صدر کا خود استقبال کریں گے، جس کے بعد وہ ایوان صدر جائیں گے، جہاں ان کے اعزاز میں عشائیہ دیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں : ترک صدر طیب اردگان کل پاکستان پہنچیں گے

    ذرائع کا کہنا ہے کہ دورے میں رجب طیب اردگان صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان سے الگ الگ ملاقات کریں گے، متعدد معاہدوں اور تعاون کی یادداشتوں پر دستخط ہوں گے۔

    ذرائع کے مطابق ترک صدر کے دورے کے دوران پاک، ترک اعلیٰ سطح تذویراتی تعاون کونسل کا اجلاس بھی منعقد ہو گا اور وزیر اعظم عمران خان اور ترک صدر اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔

    ترک صدر کے دورے کے دوران تذویراتی اقتصادی فریم ورک اور باہمی تعاون کے تحت معاہدات کا امکان ہے جبکہ سرمایہ کاری، تجارت، دفاعی پیداوار، بینکنگ، مالیات میں تعاون بڑھایا جائے گا۔

  • ترک صدر طیب اردگان کل پاکستان پہنچیں گے

    ترک صدر طیب اردگان کل پاکستان پہنچیں گے

    اسلام آباد: ترک صدر رجب طیب اردگان کل شام پاکستان پہنچیں گے، ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان ترک صدر کا خود استقبال کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردگان کل شام ساڑھے 4 بجے اسلام آباد پہنچیں گے، ترک صدر کا نور خان ایئر بیس پر ریڈ کارپٹ استقبال کیا جائے گا جبکہ انہیں گارڈ آف آنر بھی دیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان ترک صدر کا خود استقبال کریں گے، ترک صدر وزیر اعظم عمران خان کے ہمراہ ایوان صدر جائیں گے جہاں ترک صدر کے اعزاز میں عشائیہ دیا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ دورے میں دفاع، ریلویز، اطلاعات، معیشت اور تجارت پر معاہدے ہوں گے۔ رجب طیب اردگان صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان سے الگ الگ ملاقات کریں گے۔

    ترک صدر 14 فروری کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب بھی کریں گے۔ بعد ازاں وزیر اعظم عمران خان ترک صدر کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیں گے۔

    ذرائع کے مطابق ترک صدر کے دورے کے دوران پاک، ترک اعلیٰ سطح تذویراتی تعاون کونسل کا اجلاس بھی منعقد ہو گا اور وزیر اعظم عمران خان اور ترک صدر اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔

    اس دوران متعدد معاہدوں اور تعاون کی یادداشتوں پر دستخط ہوں گے۔

    ترک صدر کے دورے کے دوران تذویراتی اقتصادی فریم ورک اور باہمی تعاون کے تحت معاہدات کا امکان ہے جبکہ سرمایہ کاری، تجارت، دفاعی پیداوار، بینکنگ، مالیات میں تعاون بڑھایا جائے گا۔

  • ادلب میں شامی و روسی فورسز کی کارروائی، 13 ہلاک، ترک صدر کا انتباہ

    ادلب میں شامی و روسی فورسز کی کارروائی، 13 ہلاک، ترک صدر کا انتباہ

    دمشق: شام کے شہر ادلب میں شامی اور روسی فورسز کی بم باری کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک ہو گئے، ترک صدر نے متنبہ کیا ہے کہ اگر ترک فوجیوں کو نقصان پہنچا تو کارروائی کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق غیر ملکی خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ شامی اور روسی فورسز نے ادلب میں بم باری کی، شہر پر فضائی حملوں میں 13 افراد ہلاک جب کہ بچوں سمیت متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

    بم باری سے متعدد عمارتیں بھی تباہ ہو گئیں اور گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔ خیال رہے کہ 2018 میں ترکی اور شام میں جنگ بندی کے باوجود اب تک 18 سو شہری فضائی اور زمینی حملوں میں ہلاک ہو چکے ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق بم باری اور حملوں کے باعث گزشتہ سال 15 لاکھ شامی شہری ترکی کے سرحدی علاقوں میں نقل مکانی پر مجبور ہوئے۔

    شام پھر دھماکوں سے گونج اٹھا، چالیس فوجی ہلاک

    ادھر ترک صدر رجب طیب اردوان نے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ترک فوجیوں کو نقصان پہنچا تو ادلب ہی نہیں دیگر جگہ بھی کارروائی ہوگی، ترکی کی جانب سے بغیر کسی جھجک کے زمینی اور فضائی کارروائی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ شام کے عوام آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز ادلب میں شامی آرمی کے حملے میں 5 ترک فوجی ہلاک ہو گئے تھے، جس کے جواب میں ترک فوج نے شامی فوج کے اہداف کو نشانہ بناتے ہوئے انھیں تباہ کر دیا تھا۔