Tag: تشدد

  • انسانی اسمگلنگ اور متاثرین پر تشدد کرنے والا اسمگلر گرفتار

    انسانی اسمگلنگ اور متاثرین پر تشدد کرنے والا اسمگلر گرفتار

    لاہور: ایف آئی اے کی انسداد انسانی اسمگلنگ سیل نے گوجرانوالہ  سے ایک اور انسانی اسمگلر کو گرفتار کرلیا۔

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ایف آئی اے کی انسدادانسانی اسمگلنگ سیل گوجرانوالہ نے کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلر کو گرفتار کرلیا۔

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم رضوان شاہ انسانی اسمگلنگ اور متاثرین پر تشدد میں ملوث ہے، ملزم متاثرین کو عراق میں غیر قانونی حراست میں رکھنے میں ملوث تھا، متاثرین کو اغوا کر کے مزید رقم کا تقاضا کرتا تھا۔

    ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ متاثرین پر تشدد کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں، ملزم کی گرفتاری کیلئے گزشتہ 7 دن سے چھاپہ مار کارروائیاں جاری تھیں، ملزم ایک گروہ کے طور پر کام کر رہا تھا۔

    ترجمان نے بتایا کہ ملزم کے دیگر ساتھیوں کیلئے چھاپے  مارے  جارہے ہیں، ملزم کیخلاف امیگریشن آرڈیننس، اسمگلنگ آف مائگرینٹ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج

    کیا گیا ہے۔

  • با اثر شخص اور پولیس کے چہیتے کا بچے پر بدترین تشدد، متاثرہ باپ بیٹے نے بیان بدل دیا

    با اثر شخص اور پولیس کے چہیتے کا بچے پر بدترین تشدد، متاثرہ باپ بیٹے نے بیان بدل دیا

    کراچی: پپری میں کباڑی کیجانب سے بچے پر چوری کے الزام میں پولیس کی تحویل میں متاثرہ باپ بیٹے نے اپنا بیان بدل دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گزشتہ رات بچے پر بدترین تشدد کی فوٹیج سامنے آئی تھی، بچےکے والدین نے میڈیا کو بتایا تھا بااثر کباڑی والے نے چوری کے الزام میں تشدد کا نشانہ بنایا۔

    تاہم اب پولیس کی تحویل میں بچے اور انکے والد حاکم شیخ سے نیا بیان ریکارڈ کرادیا گیا ہے، جس میں والد نے کہا کہ بچے کو تشددکا نشانہ نہیں بنایاگیا ملکر ٹک ٹاک بنائی گئی تھی۔

    دوسری جانب ذیشان نامی بچے نے کہا کہ مجھ پر تشدد نہیں کیا گیا ہم دوستوں نے ملکر ٹک ٹاک بنائی تھی۔

    اس حوالے سے علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ملزم مجاہد علاقے کے انتہائی با اثر اور پولیس کے چہیتے ہیں، مبینہ ملزم پولیس کی سرپرستی میں اسٹیل مل سے چوری کا لوہا خریدتا ہے۔

  • لاہور میں غیرت کے نام پر بھائی نے بہن کو قتل کردیا

    لاہور میں غیرت کے نام پر بھائی نے بہن کو قتل کردیا

    لاہور: بادامی باغ کے علا قہ میں بھائی نے غیرت کے نام پر بہن کو تشدد کے بعد فائرنگ کر کے قتل کردیا۔

    تفصیلا ت کے مطا بق لاہور کے بادامی باغ کے علاقہ علی پورہ میں بھائی نے غیرت کے نام پر اپنی سگی بہن کا قتل کردیا۔ رپورٹ کے مطابق ملزم  2 افراد کے ہمراہ موٹر سائیکل پر پہنچا اور گھر میں داخل ہونے کے بعد پہلے تشدد کا نشانہ بنایا اور بعد میں فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔

    لاہور، شادی سے 3 دن پہلے غیرت کے نام پر بہن قتل، ملزم گرفتار

    پولیس کا کہنا ہے کہ لاش کو تحویل میں لینے کے بعد ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    پولیس کے مطابق ملزم کو اپنی بہن کی دوسری شادی پر اعتراض تھا جو ظہیر نامی شخص سے ہوئی تھی۔

  • پولیس نے خواتین پر تشدد کیا، 10 سال کے بچے حراست میں لئے، فواد چوہدری

    پولیس نے خواتین پر تشدد کیا، 10 سال کے بچے حراست میں لئے، فواد چوہدری

    پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے پی ٹی آئی کارکنوں کی گرفتاریوں پر ویڈیو بیان جاری کیا ہے۔

    پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور لاہور سے سیکڑوں کارکنوں کو حراست میں لے لیاگیا، پولیس چادر اور چار دیواری کے تقدس کوپامال کررہی ہے، آئی جی اسلام آباد اور آئی  جی پنجاب اپنے سیاسی آقاؤں کو خوش کررہے ہیں۔

    پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ آپریشن کے دوران معصوم بچوں اور خواتین کو ہراساں کیاگیا، ہمارا جرم صرف انتخابات کا مطالبہ ہے، الیکشن کمیشن خودکو بے بس کہہ رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سیاست،الیکشن کی بات کریں تو کارکنوں پر مقدمات درج کئے جاتے ہیں، پولیس نے 10،10سال کے بچےحراست میں لئے ہیں، پولیس نے خواتین پر تشدد کیا۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ جو آپ کر رہے ہیں آئین اور قانون کے منافی ہے، الیکشن کمیشن آف پاکستان سے بات کرنے کا کوئی فائدہ نہیں، جب الیکشن کمیشن سے بات کریں تو وہ کہتے ہیں ہمارے ہاتھ میں کچھ نہیں ہے۔

  • سعودی عرب: طالب علم پر تشدد کرنے والے ٹیچر کے خلاف کارروائی

    سعودی عرب: طالب علم پر تشدد کرنے والے ٹیچر کے خلاف کارروائی

    ریاض: سعودی عرب کے ایک پرائیوٹ اسکول میں طالب علم پر تشدد کرنے والے ٹیچر کے خلاف کارروائی کی جائے گی، تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں حفر الباطن کمشنری کے محکمہ تعلیم نے پرائیوٹ اسکول میں طالب علم کو زد و کوب کیے جانے کی ویڈیو وائرل ہونے پر ٹیچر کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔

    محکمہ تعلیم نے پرائیوٹ اسکول میں طالب علم پر تشدد کا نوٹس لیا جس پر وائرل ویڈیو کے حوالے سے تحقیقاتی کمیٹی قائم کی ہے۔

    وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک ٹیچر کلاس روم میں طالب علم کو اس کے ساتھیوں کے سامنے بری طرح زد و کوب کر رہا ہے۔

    محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ اس قسم کے واقعات کے منظر عام پر آتے ہی مقررہ قوانین و ضوابط کے تحت کارروائی کی جاتی ہے، کسی کے ساتھ رعایت نہیں کی جاتی۔ طلبہ پر تشدد تعلیمی پالیسی کے سراسر منافی ہے۔

  • 4 سال شوہر کا تشدد برداشت کیا، بھوکی پیاسی رہی: کومل رضوی

    4 سال شوہر کا تشدد برداشت کیا، بھوکی پیاسی رہی: کومل رضوی

    معروف پاکستانی گلوکارہ کومل رضوی کا کہنا ہے کہ انہوں نے 4 برس تک شوہر کا تشدد برداشت کیا، انہیں خوشی ہے کہ انہوں نے طلاق لے لی۔

    معروف پاکستانی گلوکارہ اور اداکارہ کومل رضوی نے اپنے حالیہ انٹرویو میں طلاق کے حوالے سے کھل کر بات کی۔

    ایک یوٹیوب پوڈ کاسٹ میں انٹرویو دیتے ہوئے کومل رضوی کا کہنا تھا کہ ان کے سابق شوہر نفسیاتی مریض تھے جس نے 4 سال کی شادی کے دوران کئی بار انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔

    گلوکارہ کومل رضوی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہمارے کلچر میں لڑکیوں کو شروع سے شادی کے سنہرے خواب دکھا دیے جاتے ہیں جن کے باعث لڑکی کی 200 فیصد کوشش ہوتی ہے کہ اس کی شادی کسی بھی طرح کامیاب رہے۔

    گلوکارہ نے سماج سے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ کوئی لڑکیوں کو ان کی حد نہیں بتاتا کہ وہ کس حد کے بعد خود پر ہونے والے مظالم کے خلاف آواز اٹھائیں۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ انہیں بھی اس حد کا علم نہیں تھا اور اس حد کو جاننے میں انہیں 4 سال کا وقت لگ گیا، اگر انہیں پہلے سے علم ہوتا تو شاید صرف 6 ماہ میں طلاق لے کر وہ الگ ہوجاتیں۔

    انہوں نے اپنے فیصلے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ میری طلاق ہوگئی، لیکن افسوس صرف اس چیز کا ہے کہ دیر میں ہوئی۔

    کومل رضوی کے مطابق ان کی 21 برس کی عمر میں شادی ہوئی اور پھر وہ ایک برس دبئی اور 3برس عمان میں رہیں، اس دوران وہ کئی بار بھوکی پیاسی رہیں اور جسمانی تشدد برداشت کیا۔

  • خاتون پر تشدد کی وائرل ویڈیو پر حکام کی فوری کارروائی، سعودی شہری گرفتار

    خاتون پر تشدد کی وائرل ویڈیو پر حکام کی فوری کارروائی، سعودی شہری گرفتار

    ریاض: سعودی عرب کے متعلقہ سرکاری اداروں نے گھریلو تشدد کو روکنے کے لیے مہم تیزکر دی ہے، حال ہی میں سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو کا فوری نوٹس لیا گیا ہے جس میں ایک خاتون کو تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو کا فوری نوٹس لیا گیا جس میں دیکھا جا سکتا تھا کہ ایک سعودی شہری اپنی رشتہ دار خاتون پر تشدد کر رہا ہے۔

    الشرقیہ پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو پر ردعمل دیکھنے میں آیا تھا۔

    مقامی پولیس نے واقعے کا فوری نوٹس لیا اور خاتون پر تشدد کرنے والے شہری کے خلاف کارروائی کی گئی، زیر حراست شہری کو قانونی کارروائی کے بعد پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا۔

    پبلک پراسیکیوشن کے عہدیدار نے بتایا کہ متاثرہ خاتون کو طبی معائنے کے لیے سرکاری اسپتال میں داخل کروا دیا گیا تھا۔

    پولیس ترجمان کے مطابق پبلک پراسیکیوشن گھریلو تشدد کے ہر واقعے کا نوٹس لیتا ہے، کسی شخص کو گھر کے کسی بھی فرد کے خلاف جسمانی یا ذہنی تشدد یا اس کی دھمکی کا اختیار نہیں ہے، جو شخص بھی اپنے دائرہ اختیار سے تجاوز کرے گا اس کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔

    خیال رہے کہ سعودی قوانین کے تحت مملکت میں گھریلو تشدد جرم ہے، کسی بھی شخص کو گھر یا خاندان کی کسی عورت اور بچے پر تشدد کی اجازت نہیں اور تشدد کی مختلف صورتوں پر سزائیں مختلف ہیں۔

  • فریج سے کھانا نکال کر کھانے پر گھریلو ملازمین پر بہیمانہ تشدد، ایک دم توڑ گیا

    فریج سے کھانا نکال کر کھانے پر گھریلو ملازمین پر بہیمانہ تشدد، ایک دم توڑ گیا

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں فریج سے کھانا نکال کر کھانے پر 2 کمسن گھریلو ملازمین کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا جس سے ایک ملازم دم توڑ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے ڈیفنس میں 2 کمسن گھریلو ملازمین پر تشدد کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں ایک ملازم جاں بحق ہوگیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ کراچی کے رہائشی دونوں بھائی ایک سال سے نصر اللہ نامی شہری کے گھر پر کام کر رہے تھے، 12 سالہ کامران اور 6 سالہ رضوان پر اہل خانہ کی جانب سے بہیمانہ تشدد کیا گیا۔

    پولیس کے مطابق دونوں بچوں کی حالت غیر ہونے پر ملزمان انہیں نجی اسپتال لے کر گئے، اسپتال کے عملے نے بچوں کی حالت دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی۔

    ملازمین پر تشدد کے الزام میں نصر اللہ اور گھر کی 2 خواتین سمیت 5 افراد کو گرفتار کرلیا گیا، پولیس کی حراست میں ملزمان نے بیان دیا کہ بچوں کو فریج سے اشیا نکال کر کھانے پر تشدد کا نشانہ بنایا۔

    انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب نے گھریلو ملازم کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی لاہور سے رپورٹ طلب کرلی۔ انہوں نے کہا کہ بچوں پر تشدد کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

    دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کی ہے۔

    وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ تشدد کے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے، زخمی بچے کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔

    انہوں نے کہا کہ معمولی واقعے پر معصوم بچے کی جان لینا انتہائی افسوسناک ہے، کیس کے حوالے سے انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں گے۔

  • مقبوضہ کشمیر پر پروپیگنڈا فلم: بی جے پی کو مسلمانوں پر تشدد کا بہانہ مل گیا

    مقبوضہ کشمیر پر پروپیگنڈا فلم: بی جے پی کو مسلمانوں پر تشدد کا بہانہ مل گیا

    نئی دہلی: مقبوضہ کشمیر میں جھوٹے پروپیگنڈے پر مبنی فلم کشمیر فائلز نے بھارتی ہندو شدت پسندوں کو مزید شہ دے دی اور انہوں نے اس کا غصہ مسلمانوں پر تشدد کر کے اتارنا شروع کردیا۔

    بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں ہندو شدت پسندوں نے ایک مسلمان نوجوان کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا، اس دوران وہ حال ہی میں ریلیز کی جانے والی فلم کشمیر فائلز کا نام لیتے رہے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ فلم میں دکھائے گئے پروپیگنڈے پر وہ آگ بگولہ ہیں۔

    تشدد کا نشانہ بننے والے نوجوان عدنان رنگریز کا کہنا ہے کہ وہ اپنے دوست کے ساتھ ایک جگہ بیٹھا تھا کہ اچانک 10 سے 15 افراد ان کے قریب آئے اور ان کا نام پوچھا، عدنان کے نام بتانے پر انہوں نے آؤ دیکھا نہ تاؤ اور اسے مارنے لگے۔

    عدنان کا کہنا تھا کہ اس نے بھاگ کر جان بچانے کی کوشش کی لیکن شدت پسند اس کے پیچھے آئے اور گھسیٹ کر تشدد کا نشانہ بنایا۔

    اس دوران وہ فلم کشمیر فائلز کا نام لیتے رہے اور کہتے رہے کہ اب ہم تمہیں بتائیں گے۔

    عدنان کا کہنا ہے کہ بڑی مشکل سے لوگوں نے اسے بچایا جس کے بعد اس نے اپنے چچا کو کال کی جنہوں نے وہاں پہنچ کر اسے احمد آباد ایل جی اسپتال منتقل کیا، تاہم وہاں بھی ڈھائی گھنٹے تک اسے کسی ڈاکٹر نے نہیں دیکھا۔

    مجبوراً عدنان کے اہل خانہ نے انہیں وہاں سے ایس وی پی اسپتال منتقل کیا جہاں ان کا علاج شروع کیا گیا۔

    یاد رہے کہ حال ہی میں ریلیز کی جانے والی فلم کشمیر فائلز  نے بھارت میں تناؤ کا ماحول پیدا کردیا ہے- اس پروپیگنڈہ اور مسلم مخالف فلم کو بھارتی حکمراں جماعت کی جانب سے پروموٹ بھی کیا جارہا ہے-

  • سینئراینکر پرسن اقرار الحسن پر تشدد  ، ابتدائی میڈیکل  رپورٹ سامنے آگئی

    سینئراینکر پرسن اقرار الحسن پر تشدد ، ابتدائی میڈیکل رپورٹ سامنے آگئی

    کراچی: سینئراینکرپرسن اقرارالحسن پر تشدد کے واقعے کی ابتدائی میڈیکل رپورٹ سامنے آگئی، جس میں بتایا گیا ہے کہ اقرار الحسن کے منہ پرمسلسل تھپڑ مارےگئے اور سر پر بھی شدید چوٹ آئی۔

    تفصیلات کے مطابق اے آروائی نیوز کے سینئراینکرپرسن اقرارالحسن پر تشدد کی ابتدائی میڈیکل رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اقرار الحسن کو رات10بجکر57منٹ پرعباسی اسپتال ایمرجنسی لایاگیا، اسپتال میں ڈاکٹرز کی ٹیم کی جانب سے مکمل معائنہ کیا۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ رپورٹ کے پہلے حصے میں اقرار الحسن پر تشدد کا بتایا گیا، اقرار الحسن کے منہ پر مسلسل تھپڑ مارے گئے اور ان کو دیوار پر دے مارا۔

    میڈیکل رپورٹ کےدوسرے حصے میں جسمانی چوٹوں کا ذکر کیا گیا ، جس میں بتایا گیا ہے کہ اقرار الحسن کے سر پر شدید چوٹ آئی، ان کے زخموں پر ٹانکے لگائے گئے، ان کے سر پر چوٹ بٹ لگنے کی وجہ سےآئی۔

    میڈیکل رپورٹ کے تیسرے حصے میں فوری طبی امداد کا ذکر کیا گیا ، جس میں کہا گیا ہے کہ ایمرجنسی رپورٹ کے بعد میڈیکولیگل افسر کو ریفر کیا گیا، میڈیکولیگل رپورٹ آنے کے بعد مزید صورتحال واضح ہوگی۔

    یاد رہے آئی بی کے رشوت خور افسرکے خلاف اے آر وائی نیوز کے پروگرام سرعام کی ٹیم نے اسٹنگ آپریشن کیا ، اقراء الحسن اپنی ٹیم کے ہمراہ ثبوت کے ساتھ شکایت کیلیے آئی بی آفس پہنچے تو آئی بی افسران نے پوری ٹیم کو ہی یرغمال بنالیا۔

    آئی بی افسران نے ٹیم سرعام کو برہنہ کر کے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا، وزیراعظم ہاؤس نے معاملے کا فوری نوٹس لیتےہوئےآئی بی ڈائریکٹرسید رضوان شاہ سمیت پانچ افسران کو معطل کردیا۔