Tag: تعطیلات

  • کویت میں عید الفطر کے لیے عام تعطیلات کا اعلان

    کویت میں عید الفطر کے لیے عام تعطیلات کا اعلان

    کویت سٹی: کویت میں عید الفطر کے لیے 4 دن کی عام تعطیلات دیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کویت میں  عید الفطر کے لیے چار دن کی چھٹیاں دی گئی ہیں، جب کہ تنخواہوں کی ادائیگی وقت پر پوری ہوگی۔

    عید کی چھٹیوں کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں ذرائع نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ اگر عید کا پہلا دن جمعرات کو اس مہینے کی 13 تاریخ کو پڑتا ہے تو چھٹی جمعہ کی بجائے جمعرات، جمعہ ، ہفتہ اور اتوار سمیت 4 دن ہوگی جو 13 ، 14 ، 15 اور 16 مئی سے مطابقت رکھتے ہیں، جب کہ 17 مئی کو باضابطہ طور پر ڈیوٹی پر واپس آنا ہوگا۔

    انھوں نے مزید کہا اگر عید کا پہلا دن رواں ماہ کی 12 تاریخ کو آجاتا ہے تو تعطیلات 4 دن ہوں گی جو بالترتیب یہ ہیں: 12 ، 13 ، 14، 15 (بدھ، جمعرات، جمعہ اور ہفتہ) جب کہ کام کے اوقات معمول کے مطابق 16 مئی بروز اتوار سے شروع ہوں گے۔

    ملازمین کی تنخواہوں سے متعلق بتایا گیا کہ سرکاری اداروں کو واجب الادا قسطوں کے لیے صارفین کے کسی بھی پریمیم کی کٹوتی کے بغیر بینکوں سے ملازمین کو مئی کی تنخواہیں بر وقت اور مکمل تقسیم کی جائیں گی، جب کہ ریٹائرڈ افراد کی تنخواہ عید سے قبل ان کے کھاتوں میں جمع کی جائے گی۔

    واضح رہے کہ قانون کے مطابق کویتی شہریوں کی جانب سے لیے گئے قرضوں کی قسطوں میں کٹوتی اگلے اکتوبر تک ملتوی کی گئی ہے۔

  • عید الفطر کی تعطیلات پر خصوصی سفری پیکجز متعارف

    عید الفطر کی تعطیلات پر خصوصی سفری پیکجز متعارف

    ابوظبی: یو اے ای میں ایئر لائنز اور ٹریولنگ ایجنسیوں نے عید الفطر کی تعطیلات پر بین الاقوامی پروازوں کے لیے خصوصی پیکجز کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں فضائی کمپنیوں نے عید پر فضائی سفر کے لیے خصوصی پیکجز متعارف کرا دیے، پیکجز کا آغاز 1200 درہم سے کیا گیا ہے۔

    ان پیکجز میں ٹکٹ، ہوٹل میں رہائش، بکنگ کی فیس اور مفت انشورنس کی سہولتیں شامل ہیں، ٹریولنگ ایجنسیوں کا کہنا ہے کہ عید الفطر کی تعطیلات پر آفرز کا مقصد لوگوں کو سفر پر آمادہ کرنا ہے، قیمتیں ایسی ہیں کہ زیادہ سے زیادہ لوگ سفر کا پروگرام بنا سکتے ہیں۔

    پیکجز کے مطابق جارجیا کے شہر تبلیسی کے لیے 1300 درہم ٹکٹ مع تین رات ہوٹل میں قیام، جب کہ بریفان کے لیے 1600 درہم کا ٹکٹ رکھا گیا ہے، جس میں 4 راتیں ہوٹل میں رہائش بھی شامل ہے۔

    قاہرہ کے لیے 1900 درہم کا پیکج متعارف کرایا گیا ہے جس میں فائیو اسٹار ہوٹل میں قیام بھی شامل ہے، بلغراد کے لیے 2228 درہم کا پیکج ہے، زنجبار کے لیے 3 رات قیام اور سفر کا پیکج 2149 درہم پر مشتمل ہے، جب کہ مالدیپ کے لیے 3700 درہم کا پیکج متعارف کرایا گیا ہے۔

    ٹریول کمپنیوں کا کہنا ہے کہ سفری پابندیوں میں کمی پر نئے پیکجز دراصل لوگوں کو سفر کے لیے آمادہ کرنے کے لیے پیش کیے جا رہے ہیں۔

  • سردی میں اضافہ، 5 جنوری تک چھٹیوں میں اضافے کی اپیل

    سردی میں اضافہ، 5 جنوری تک چھٹیوں میں اضافے کی اپیل

    کراچی: سردی میں اضافے کو دیکھتے ہوئے سندھ پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن نے 5 جنوری تک چھٹی میں اضافے کی اپیل کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے سردیوں کی تعطیلات 5 جنوری تک بڑھانے کی درخواست کر دی ہے، ایسوسی ایشن کے چیئرمین حیدر علی کا کہنا تھا سائبیرین ہواؤں کی وجہ سے سردی میں اضافہ ہو گیا ہے، چھٹیوں میں اضافہ کیا جائے۔

    چیئرمین نے کہا کہ جنوری میں سردی زیادہ ہوتی ہے، اسکولوں کے اوقات بھی تبدیل کیے جائیں، صبح کے اسکولز کے اوقات 8:30 سے ڈیڑھ بجے تک کیے جائیں، جب کہ دوپہر کے اسکولز کے اوقات ایک سے ساڑھے 4 بجے تک کیے جائیں۔

    سندھ حکومت کا اسکولوں کی چھٹیاں نہ بڑھانے کا اعلان

    خیال رہے کہ گزشتہ سال کے آخری دن حکومت سندھ نے اسکولوں میں موسم سرما کی تعطیلات میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، سیکریٹری تعلیم سندھ احسن منگی نے کہا کہ سندھ کے اسکولوں میں موسم سرما کی تعطیلات میں اضافہ نہیں کیا جائے گا، اسکول یکم کو معمول کے مطابق کھلیں گے۔ کراچی میں آل پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ نے بھی یکم سے اسکول معمول کے مطابق کھولنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    واضح رہے کہ کراچی سمیت سندھ کے بیش تر حصوں میں سردی میں اچانک اضافے کے بعد یہ امید کی جا رہی تھی کہ سندھ کے اسکولوں میں ایک ہفتے کا اضافہ کیا جائے گا۔ دوسری جانب سردی میں اضافے کے بعد کے پی کے کے اسکولوں میں سردیوں کی چھٹیاں 7 جنوری تک بڑھا دی گئی ہیں۔

  • سندھ کے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان

    سندھ کے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان

    کراچی: صوبہ سندھ کے تعلیمی اداروں کے لیے موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کر دیا گیا، حکومت کی جانب سے تعطیلات کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ نے سرکاری ونجی تعلیمی اداروں کے لیے موسم سرما کی تعطیلات کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ سندھ کے سرکاری اور نجی سرکاری تعلیمی اداروں میں 20 دسمبرسے 31 دسمبر تک موسم سرما کی تعطیلات ہوں گی۔

    سندھ حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تمام اسکول یکم جنوری سے دوبارہ کھلیں گے۔

    اس سے قبل حکومت پنجاب نے سرکاری اور نجی سرکاری تعلیمی اداروں میں 20 دسمبرسے 5 جنوری تک موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کیا تھا۔ پنجاب حکومت کے مطابق تمام اسکول 6 جنوری سے دوبارہ کھلیں گے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال سندھ بھر کے سرکاری ونجی تعلیمی اداروں میں 22 دسمبر سے 31 دسمبر تک موسم سرما کی تعطیلات کی گئی تھیں۔

    واضح رہے کہ ملک بھر میں موسم سرد ہوگیا ہے جبکہ کئی شہروں میں بارش کا سلسلہ بھی جاری ہے جبکہ مری اور دیگر مقامات پر برفباری بھی شروع ہو چکی ہے۔

  • پنجاب میں موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان

    پنجاب میں موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان

    لاہور: صوبہ پنجاب کے تعلیمی اداروں کے لیے موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کر دیا گیا، حکومت کی جانب سے تعطیلات کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب نے سرکاری ونجی تعلیمی اداروں کے لیے موسم سرما کی تعطیلات کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ پنجاب کے سرکاری اور نجی سرکاری تعلیمی اداروں میں 20 دسمبرسے 5 جنوری تک موسم سرما کی تعطیلات ہوں گی۔

    پنجاب حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تمام اسکول 6 جنوری سے دوبارہ کھلیں گے۔

    دوسری جانب ملک بھر میں موسم سرد ہوگیا ہے جبکہ کئی شہروں میں بارش کا سلسلہ بھی جاری ہے جبکہ مری اور دیگر مقامات پر برفباری بھی شروع ہو چکی ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال بھی پنجاب بھر کے سرکاری ونجی تعلیمی اداروں میں 24 دسمبر سے 31 دسمبر تک موسم سرما کی تعطیلات کی گئی تھیں۔ تاہم سرد موسم اور شدید دھند کی وجہ سے اسے 15 جنوری تک بڑھانے کا اعلان کیا گیا تھا۔

    پنجاب حکومت کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ موسم سرما کی چھٹیوں میں توسیع کا فیصلہ موسمی حالات کے پیش نظر کیا گیا۔ حکومت کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی چھٹیاں شدید دھند اور سردی کے باعث 6 جنوری سے 15 جنوری تک بڑھائی جا رہی ہیں۔

  • وزیر اعظم بننے کے بعد عمران خان کا پہلی بار تعطیلات لینے کا فیصلہ

    وزیر اعظم بننے کے بعد عمران خان کا پہلی بار تعطیلات لینے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے طویل عرصے بعد 2 دن کی تعطیلات لینے کا فیصلہ کیا ہے جس کے دوران ان کی تمام سرکاری مصروفیات منسوخ کردی گئی ہیں، وزیر اعظم دو دن اہلخانہ کے ساتھ گزاریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھانے کے بعد پہلی بار تعطیلات لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ طویل عرصے بعد وزیر اعظم 2 دن سرکاری و پارٹی مصروفیات ترک کردیں گے۔

    وزیر اعظم عمران خان کی ہفتہ اور اتوار کے لیے سرکاری و پارٹی مصروفیات کا شیڈول ختم کردیا گیا۔ وزیر اعظم یہ دو دن اہلخانہ کے ساتھ بنی گالہ میں گزاریں گے۔

    اپنی 2 روز کی تعطیلات کے دوران وزیر اعظم بنی گالہ میں کوئی ملاقات نہیں کریں گے اور نہ کسی اجلاس کی صدارت کریں گے۔

    وزیر اعظم کی عام طور پر بنی گالہ میں ملاقاتیں اور پارٹی اجلاس منعقد کیے جاتے ہیں تاہم اب اگلے دو دن وزیر اعظم سرکاری مصروفیات سے دور اپنے اہلخانہ کے ساتھ گزاریں گے۔

    خیال رہے کہ عمران خان نے گزشتہ برس اگست میں وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھایا تھا جس کے بعد سے وہ ملک و قوم کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لیے انتھک محنت اور بلا تکان کام میں مصروف ہیں۔

  • تعطیلات کا یہ فائدہ جان کر آپ حیران رہ جائیں گے

    تعطیلات کا یہ فائدہ جان کر آپ حیران رہ جائیں گے

    کیا آپ جانتے ہیں دفتر اور اپنے کام سے وقفہ لینا اور چھٹیاں کرنا آپ کی عمر میں اضافہ کرسکتا ہے؟

    ہم میں سے کئی ملازمت پیشہ افراد باس کی نظروں میں اچھا بننے کے لیے سالانہ تعطیلات نہیں لیتے یا بہت کم لیتے ہیں، تاہم ماہرین نے خبردار کردیا ہے کہ ایسے افراد قبل از وقت موت کا شکار ہوسکتے ہیں۔

    فن لینڈ میں کی جانے والی اس تحقیق میں دو گروہوں کی جانچ کی گئی۔ ایک گروہ وہ تھا جو باقاعدگی سے دفتر سے سالانہ تعطیلات لیتا تھا، جبکہ دوسرا سارا سال کام میں جتا رہتا تھا۔

    مزید پڑھیں: دفتر سے تعطیلات لینے کے بے شمار فوائد

    ماہرین نے دیکھا کہ وہ افراد جنہوں نے سالانہ 3 ہفتوں سے زیادہ تعطیلات لیں ان میں قبل از وقت موت کا خطرہ 37 فیصد کم ہوگیا۔

    ماہرین کے مطابق تعطیلات کام کے دوران ہونے والے ذہنی دباؤ سے نجات کا نہایت آسان طریقہ ہیں۔ ملازمین کا ذہنی دباؤ اور ڈپریشن کا شکار ہونا کمپنیوں کو سالانہ اربوں روپے کا نقصان پہنچا سکتا ہے۔

    اس کے برعکس چند دن کی تعطیلات ملازمین کی ذہنی استعداد اور کارکردگی میں اضافہ کرتی ہیں جو ملازمین اور کمپنی دونوں کے لیے فائدہ مند ہے۔

    تو پھر آپ کب سے تعطیلات پر جارہے ہیں؟

  • موسمِ سرما کی تعطیلات کا اعلان

    موسمِ سرما کی تعطیلات کا اعلان

    کراچی: حکومت سندھ نے صوبے بھر میں موسمِ سرما کی تعطیلات کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم کی جانب سے موسمِ سرما کی تعطیلات کا نوٹی فکیشن بدھ کے روز جاری کیا گیا جس کے مطابق تمام سرکاری اورپرائیوٹ تعلیمی ادارے 22 تا 31 دسمبر تک بند رہیں‌گے۔

    نوٹی فکیشن کے مطابق تمام تعلیمی ادارے 10 روز بعد یکم جنوری سے اپنے معمول کے مطابق کھلیں گے۔

    محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق تعلیمی کمیٹی نے فروری 2018 میں موسمِ سرما کی تعطیلات کا فیصلہ کیا تھا جس کو مدنظر رکھتے ہوئے 22 دسمبر سے 31 دسمبر تک چھٹیاں دی گئیں۔

    دوسری جانب خیبرپختونخواہ کے محکمہ تعلیم نے میدانی علاقوں میں دس روز جبکہ پہاڑی علاقوں میں موجود اسکولز و کالجز میں 22 دسمبر تا 28 فروری تک چھٹیاں دینے کا اعلان کردیا۔

    یاد رہے کہ ملک کے تمام صوبوں میں ہر سال موسمِ سرما میں 10 روز کی سرکاری چھٹیاں دی جاتی ہیں، ان تعطیلات کا مقصد طالب علموں کو سردیوں میں پیش آنے والی مشکلات سے محفوظ رکھنا ہے۔

  • ہفتہ اور اتوار کی تعطیلات منسوخ، ملازمین کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت

    ہفتہ اور اتوار کی تعطیلات منسوخ، ملازمین کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت

    اسلام آباد: نگراں وزیر اعظم نے قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس کے پیش نظر ملازمین کی ہفتہ اور اتوار کی چھٹیاں منسوخ کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق صدر پاکستان ممنون حسین نے نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کی سمری پر منظوری دیتے ہوئے قومی اسمبلی کا اجلاس 13 اگست کو طلب کیا ہے جس میں نومنتخب اراکین قومی اسمبلی حلف اٹھائیں گے۔

    پارلیمنٹ ہاؤس کی انتظامیہ نے قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس کے باعث تمام ملازمین کی ہفتہ 11 اور اتوار 12 اگست کی سرکاری تعطیلات منسوخ کردیں اور تمام افراد کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔

    خیال رہے کہ تینوں صوبوں خیبرپختنونخواہ، پنجاب اور سندھ کے گورنرز نے نومنتخب اراکین کی حلف برداری کے لیے اسمبلیوں کا اجلاس 13  اگست کو طلب کیا ہے۔

    اطلاعات کے مطابق 13 اگست کو طلب کیے جانے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اراکین صرف حلف اٹھائیں گے جبکہ وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار کا انتخاب 16 اگست کو ممکن ہے۔

    ترجمان پاکستان تحریک انصاف فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اسمبلی کا اجلاس بلانا حکومت وقت کا فیصلہ ہے، نگراں حکومت نے13اگست کواجلاس کی سمری بھیجی تھی اُسے منظور کرلیا گیا۔

  • موسم گرما کی ڈھائی ماہ طویل چھٹیوں کے بعد اسکول کھل گئے

    موسم گرما کی ڈھائی ماہ طویل چھٹیوں کے بعد اسکول کھل گئے

    کراچی: موسم گرما کی تعطیلات کے بعد سندھ بھر کے نجی و سرکاری اسکول کھل گئے۔

    تفصیلات کےمطابق ماہ رمضان، عید اور الیکشن کی وجہ سے اسکولوں میں موسم گرما کی ڈھائی ماہ طویل تعطیلات کا اختتام ہوگیا۔

    اسٹیئرنگ کمیٹی محکمہ تعلیم کے مطابق میٹرک سسٹم کے تحت چلنے والے نجی و سرکاری اسکولوں میں تعلیمی سیشن یکم اپریل سے شروع ہوا تھا۔ سندھ میں موسم گرما کی تعطیلات کا دورانیہ 14 مئی سے 16 جولائی تک کیا تھا۔

    بعد ازاں الیکشن کے باعث موسم گرما کی تعطیلات میں مزید 15 روز کا اضافہ کیا گیا تھا۔ عام انتخابات کے باعث سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے تھے۔

    کیمبرج سسٹم کے تحت چلنے والے نجی اسکولوں میں بھی نیا تعلیمی سیشن آج سے شروع ہورہا ہے۔

    جن اسکولوں میں پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے تھے وہاں صفائی ستھرائی کا کام بھی جاری ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔