Tag: تعلیمی اداروں میں منشیات

  • تعلیمی اداروں میں منشیات فروخت کرنیوالے عناصر کیخلاف کارروائیوں کا آغاز

    تعلیمی اداروں میں منشیات فروخت کرنیوالے عناصر کیخلاف کارروائیوں کا آغاز

    کراچی: قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تعلیمی اداروں میں منشیات فروخت کرنیوالے عناصر کیخلاف کارروائیوں کا آغاز کردیا، وفاقی اردو یونیورسٹی کے طلباکومنشیات سپلائی کرنیوالاملزم گرفتار کرلیا گیا۔

    ایس پی گلشن کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ملزم کے قبضے سے 2 ہزار 100 گرام چرس برآمد کرلی گئی ہے، جبکہ گرفتار ملزم کی شناخت بدنام زمانہ منشیات فروش ابراہیم کے نام سے ہوئی۔

    ایس پی عزیر احمد نے بتایا کہ ملزم کیخلاف نارکوٹکس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، منشیات فروش ابراہیم کوخفیہ اطلاع پرگرفتارکیاگیا۔

    ملزم یونیورسٹی کے طلباکومنشیات کی سپلائی کرتاتھا، گرفتار ملزم سے ساتھیوں کی معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔

    ایس پی عزیر احمد کا مزید کہنا تھا کہ منشیات فروشوں کیخلاف بھرپورکریک ڈاؤن جاری ہے، تمام تعلیمی اداروں کے باہر نگرانی کر رہے ہیں، طلبا کا مستقبل خراب نہیں ہونے دیں گے۔

  • ملتان پولیس نے تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی کرنے والے 2 افراد کو گرفتار کر  لیا

    ملتان پولیس نے تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی کرنے والے 2 افراد کو گرفتار کر لیا

    ملتان: ملتان پولیس نے تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی کرنے والے 2 افراد کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان پولیس نے تعلیمی اداروں میں منشیات فروخت کرنے والے گروہ کے 2 ارکان کو گرفتار کر لیا ہے، اور ان کے قبضے سے 20 کلو گرام چرس، 2 کلو گرام آئس اور 2 کلو گرام افیون برآمد کر لی۔

    ایس پی کیپٹن ریٹائرڈ قاضی علی رضا کے مطابق ملزمان کوئٹہ سے منشیات لاتے تھے، منشیات فروشوں کا نیٹ ورک توڑ دیا گیا ہے، اور ملزمان کے باقی ساتھیوں کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں ایک شرمناک ڈرگ اسکینڈل سامنے آیا ہے، یونیورسٹی کے گرفتار چیف سیکیورٹی افسر اعجاز شاہ کے موبائل سے ساڑھے پانچ ہزار نازیبا ویڈیوز بھی برآمد ہوئیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس حکام کی جانب سے ویڈیوز کا معاملہ دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے، دوسری طرف اسلامیہ یونیورسٹی نے اپنے تین افسروں کی گرفتاری کو سازش قرار دے دیا ہے، اس سلسلے میں یونیورسٹی کے ڈائریکٹر فنانس ڈاکٹر ابو بکر، چیف سیکیورٹی آفیسر سید اعجاز شاہ اور ٹرانسپورٹ آفیسر الطاف گرفتار ہیں۔

  • کراچی کے تعلیمی اداروں میں منشیات فراہم کرنے والا ملزم فیملی پارک سے گرفتار

    کراچی کے تعلیمی اداروں میں منشیات فراہم کرنے والا ملزم فیملی پارک سے گرفتار

    کراچی: شہر قائد کے تعلیمی اداروں میں منشیات فراہم کرنے والا ملزم فیملی پارک سے گرفتار ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایکسائز اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈسٹرکٹ کورنگی نے ایک کارروائی میں تعلیمی اداروں میں منشیات فراہم کرنے کا ملزم کورنگی نمبر پانچ سے گرفتار کر لیا۔

    ایکسائز اینڈ نارکوٹکس کنٹرول کے ترجمان کے مطابق کورنگی پانچ نمبر کے فیملی پارک سے حراست میں لیے گئے منشیات فروش عزیز الرحمان کے قبضے سے ایک کلو 120 گرام آئس برآمد ہوئی، جس کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

    ترجمان ایکسائز کا کہنا تھا کہ ملزم شہر کے مختلف تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی کرتا تھا، ملزم کے انکشاف پر مزید ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔

  • طلبہ منشیات کہاں سے حاصل کررہے ہیں، صوبے رپورٹ پیش کریں: چیف جسٹس

    طلبہ منشیات کہاں سے حاصل کررہے ہیں، صوبے رپورٹ پیش کریں: چیف جسٹس

    لاہور: اسکولوں وکالجوں میں منشیات کے استعمال سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ بچوں اوروالدین کی آگاہی کے لیے مہم چلائی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ لاہوررجسٹری میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں بینچ نے اسکولوں وکالجوں میں منشیات کے استعمال سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

    عدالت میں سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ منشیات کے استعمال کے باعث 3 اموات سامنے آچکی ہیں، بچوں اوروالدین کی آگاہی کے لیے مہم چلائی جائے۔

    چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا کہ بہت سے بچے منشیات استعمال کررہے ہیں، بچوں کو منشیات کہاں سے مل رہی ہیں۔

    چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے استفسار کیا کہ حکومت کوادارہ قائم کرنے کا حکم دیا تھا اسکی کیا رپورٹ ہے، انہوں نے کہا کہ منشیات پورے ملک کا مسئلہ ہے۔

    یاد رہے کہ رواں سال 16 ستمبر کو سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس آف پاکستان نے نجی اور سرکاری تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کا نوٹس لیا تھا۔

  • چیف جسٹس کا تعلیمی اداروں میں منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم

    چیف جسٹس کا تعلیمی اداروں میں منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم

    اسلام آباد : چیف جسٹس نے تعلیمی اداروں میں منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا اگرمنشیات ختم نہ کرسکے تو مستقبل تباہ اور ایک بیمار قوم پیدا کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تعلیمی اداروں میں منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان پر ازخودنوٹس کی سماعت ہوئی ، چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کھلے عام منشیات کی اسکولوں اور کالجوں میں فروخت تشویشناک ہے۔

    اٹارنی جنرل نے بتایا کہ صورتحال اسکولوں تک جاپہنچی ہے ، بچوں کو اسٹرابری کےنام پرچیزیں کھلائی جارہی ہیں۔

    جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ ویڈیو دیکھی جس میں اچھےگھرکی لڑکی منشیات استعمال کررہی تھی، حیران ہوں ہمارےادارے کیا کر رہے ہیں۔

    جسٹس ثاقب نثار نے ایف آئی اے کو حکم دیا کہ حدودچھوڑیں ،منشیات فروشوں کےخلاف کریک ڈاؤن کریں، جس پر ڈائریکٹر ایف آئی اے نے کہا ایکشن لیں گے اورایک ہفتے میں رپورٹ آپ کو فراہم کریں گے۔

    چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اگرمنشیات ختم نہ کرسکےتو مستقبل تباہ اورایک بیمار قوم پیدا کریں گے۔

    بعد ازاں سپریم کورٹ میں سماعت ایک ہفتے کے لیے ملتوی کردی گئی۔

    یاد رہے گذشتہ ماہ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس آف پاکستان نے نجی اور سرکاری تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کا نوٹس لیتے ہوئے کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) لاہور اینٹی نارکوٹکس سمیت دیگر حکام سے ایک ہفتے میں جواب طلب کرلیا تھا۔

    ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں سڑسٹھ لاکھ افراد نشے کے عادی ہیں جبکہ اڑتیس لاکھ افراد چرس اور آٹھ لاکھ سے زائد افراد ہیروئن کا استعمال کرتے ہیں۔

    سال 2016 سینیٹ کمیٹی کے اجلاس میں اینٹی نارکوٹکس حکام نے انکشاف کیا ہے کہ نجی تعلیمی اداروں کے نصف سے زیادہ بچے اسکولوں میں ہی سرعام منشیات کا استعمال کرتے ہیں۔