لاہور (21 اگست 2025): پنجاب کے تعلیمی بورڈز نے نویں جماعت کے نتائج کا اعلان کیا تاہم صوبے میں مجموعی طور پر یہ نتائج مایوس کن رہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان کے سب سے بڑے صوبہ پنجاب کے 9 تعلیمی بورڈز کی جانب سے نویں جماعت کے نتائج کا اعلان کیا جا چکا ہے۔ تاہم تمام بورڈز کے مجموعی نتائج مایوس کن رہے ہیں۔
پنجاب بھر میں 14 لاکھ 80 ہزار 299 طلبہ وطالبات نے نویں جماعت کا امتحان دیا۔ ان میں سے 7 لاکھ 64 ہزار 280 امیدوار کامیاب ہوئے جب کہ 7 لاکھ 14 ہزار 19 طلبہ فیل ہوئے۔
صوبے بھر میں نویں جماعت میں کامیاب امیدواروں کا تناسب لگ بھگ 50 فیصد رہا۔ وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر نے بھی پنجاب بورڈز کے نتائج پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ وزیر تعلیم رانا سکندر کے حلقے میں 13 اسکولوں کے نتائج بھی مایوس کن رہے۔ ان اسکولوں کے 1462 بچوں نے نویں جماعت کا امتحان دیا۔ ان میں سے صرف 276 بچے پاس اور 1186 طلبہ فیل ہوئے۔ کامیابی کا تناسب صرف 19 فیصد رہا۔