Tag: تعلیمی خبریں

  • سرکاری میڈیکل، ڈینٹل کالجز میں کلاسز کا آغاز کب سے؟

    سرکاری میڈیکل، ڈینٹل کالجز میں کلاسز کا آغاز کب سے؟

    لاہور: پنجاب کے سرکاری میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں 22 فروری سے کلاسز کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے سرکاری میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں بائیس فروری سے کلاسز کا آغاز ہوگا، جب کہ آزاد جموں و کشمیر میں میڈیکل کالجز کی کلاسز یکم مارچ سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    آج یونی ورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں میڈیکل کالجوں میں داخلے کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پنجاب اور آزاد جموں و کشمیر کے سرکاری تعلیمی اداروں کے وائس چانسلرز اور پرنسپلز نے شرکت کی۔

    اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ تمام کالجز طلبہ کووائٹ کوٹ تقریب کے لیے بلائیں گے، کسی نادار طالب علم کو فیس نہ ہونے پر داخلے سے انکار نہیں کیا جائے گا۔

    اجلاس میں صاحبِ صدر، یو ایچ ایس کے وائس چانسلر پروفیسر جاوید اکرم نے کہا کہ پرنسپل کی سفارش پر یو ایچ ایس خود طالب علم کی فیس ادا کرے گی۔

    ٹیم لیڈ ایڈمشن ڈاکٹر اللہ رکھا نے کہا میڈیکل کالجز میں داخلے پاکستان میڈیکل کمیشن (پی ایم سی) کی ہدایات کے مطابق مکمل کیے گئے ہیں، سرکاری میڈیکل، ڈینٹل کالجز کی 95 فی صد سیٹوں پر داخلہ بھی مکمل ہو چکا ہے۔

    پروفیسر عارف تجمل نے کہا کہ مہینوں کا کام ہفتوں میں مکمل کرنے پر یو ایچ ایس مبارک باد کی مستحق ہے۔ پروفیسر خالد مسعود گوندل کا کہنا تھا کہ سرکاری میڈیکل کالجز میں نادار طلبہ کی مالی امداد کے لیے وافر اسکالر شپس دستیاب ہیں۔

  • جامعہ کراچی نے اسناد کی فیسوں میں اضافہ کر دیا

    جامعہ کراچی نے اسناد کی فیسوں میں اضافہ کر دیا

    کراچی: جامعہ کراچی نے اسناد اور دیگر دستاویزات کی تصدیق کے لیے فیسوں میں اضافہ کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی یونی ورسٹی کی جانب سے اسناد کی فیسوں سے متعلق ایک نوٹیفکیشن جاری ہوا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ تصدیقی دستاویز کی فیس 1 ہزار سے بڑھا کر 2 ہزار روپے تک کر دی گئی ہے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق کسی دستاویز کی تصدیق اور کورنگ لیٹر فیس 1500 سے بڑھا کر 2750 کر دی گئی ہے، اوورسیز طالب علموں کی دستاویز کی فیس 100 ڈالر سے بڑھا کر 150 ڈالر کر دی گئی ہے۔

    دوبارہ مارک شیٹ کی فیس ایک ہزار سے بڑھا کر 1500 روپے کر دی گئی، ایچ ای سی سے تصدیق کی فیس بھی 2750 کر دی گئی، مجموعی نمبرز کی دستاویزات کی فیس بھی 5 ہزار سے بڑھا کر 7500 کر دی گئی ہے۔

    نویں سے بارہویں جماعت کے طلبا کیلئے اہم خبر ، تعلیمی نصاب میں نیا مضمون شامل

    ادھر سندھ حکومت نے نویں سے بارہویں تک بنیادی حقوق سے متعلق اہم مضمون تعلیمی نصاب میں شامل کر دیا ہے، اے اے  جی سندھ نے کہا ہے کہ سندھ پہلا صوبہ ہے جہاں بنیادی حقوق نصاب تعلیم کا حصہ بنے ہیں۔ اے اے جی سندھ نے کہا کہ آئین عوام کو کون سے حقوق دیتا ہے، طلبہ یہ حصول تعلیم کے دوران ہی جان سکیں گے۔

  • لاہور ہائی کورٹ نے پی ایم ڈی سی کی 2019 کی داخلہ پالیسی بحال کر دی

    لاہور ہائی کورٹ نے پی ایم ڈی سی کی 2019 کی داخلہ پالیسی بحال کر دی

    لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) کی 2019 کی داخلہ پالیسی بحال کرتے ہوئے دہری شہریت کے حامل طلبہ کے میڈیکل کالجوں میں اوپن میرٹ پر داخلے کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج لاہور ہائی کورٹ میں پی ایم ڈی سی کی داخلہ پالیسی کیس کی سماعت ہوئی، جسٹس عائشہ اے ملک کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے سنگل بینچ کا سابقہ فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کا تحریری فیصلہ 9 صفحات پر مشتمل ہے، تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پی ایم ڈی سی پالیسی میں ترامیم کا اختیار رکھتی ہے، دہری شہریت کے حامل میڈیکل کے طلبہ کے کوٹے کے تحت داخلے نہ کرنے کا پی ایم ڈی سی کا فیصلہ درست ہے، میڈیکل کالجز میں نئے داخلے 2019 کی پالیسی کے تحت ہوں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پی ایم ڈی سی آرڈیننس کی واپسی کا فیصلہ نیا قانون تشکیل دینے کے لیے کیا: ترجمان

    واضح رہے کہ دہری شہریت کے حامل میڈیکل کے طلبہ نے پی ایم ڈی سی کی نئی پالیسی کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا، سنگل بنچ نے پی ایم ڈی سی کا کوٹہ سسٹم کے تحت داخلے ختم کرنے کا اقدام کالعدم کر دیا تھا، جس پر پی ایم ڈی سی نے سنگل بنچ کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کر رکھی تھی۔

  • کراچی: نجی اسکول، کالجز اور ٹیوشن سینٹرز بھی ایف بی آر کے ریڈار پر آ گئے

    کراچی: نجی اسکول، کالجز اور ٹیوشن سینٹرز بھی ایف بی آر کے ریڈار پر آ گئے

    کراچی: شہر قائد میں نجی اسکول، کوچنگ سینٹرز اور پری نرسری ٹریننگ سینٹرز بھی فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ریڈار پر آ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ایف بی آر نے ٹیکس نہ دینے والے تعلیمی اداروں کی تفصیلات حاصل کر لیں، نجی اسکولوں، کالجز اور ٹیوشن سینٹرز کو نوٹس جاری کر دیے گئے۔

    ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ رجسٹرڈ نہ ہونے والے تعلیمی اداروں کو نوٹس جاری کر دیے ہیں، کراچی میں 6 ہزارسے زاید اسکول ٹیکس نہیں دیتے۔

    حکام کے مطابق عملے کی تنخواہوں سے کٹوتی ہوتی ہے نہ ہی ظاہر کی جاتی ہے، اے او لیول کے ٹیوشن سینٹرز اور اسکول ٹیکس ادا نہیں کرتے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ایف بی آر نے کراچی کے ڈاکٹرز اور سرجنز کے گرد گھیرا تنگ کر دیا

    موصولہ اطلاعات کے مطابق کراچی میں 6 ہزار 324 اسکولوں، کالجز اور ٹیوشن سینٹرز کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں، بتایا گیا ہے کہ اچھی آمدن کے باوجود نجی تعلیمی ادارے ایف بی آر میں رجسٹرڈ نہیں ہیں۔

    ایف بی آر کا کہنا ہے کہ میٹرک اور انٹر بورڈ سے ان اداروں کے بارے میں معلومات حاصل کی گئیں، ٹیکس دائرہ کار بڑھانے کے لیے پرائیوٹ اسکولز ایسوسی ایشن سے رابطے میں ہیں۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے کراچی کے ڈاکٹرز اور سرجنز کے گرد بھی گھیرا تنگ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ڈاکٹرز اور سرجنز کا بڑے پیمانے پر ٹیکس ادا نہ کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی: گارمنٹس کی دکانیں بھی ایف بی آر کے ریڈار پر آ گئیں

    ایف بی آر کی جانب سے ایک دستاویز جاری کی گئی جس میں کہا گیا کہ پی ایم ڈی سی میں رجسٹریشن کے باوجود ڈاکٹرز ٹیکس ادا نہیں کر رہے۔

    اس سلسلے میں ایف بی آر کی جانب سے شہر کے 30 بڑے معروف اسپتالوں کو نوٹس جاری کیا گیا، جس میں کہا گیا کہ ڈاکٹروں کی آمدن پر مبنی تفصیلات فوری فراہم کی جائیں۔

    ایف بی آر کی طرف سے کراچی میں ٹیکس ادا نہ کرنے والی گارمنٹس شاپس اور بوتیکس مالکان کو بھی نوٹس جاری کیے جا چکے ہیں۔

  • آرمی چیف نے نیشنل یونی ورسٹی آف ٹیکنالوجی کا افتتاح کر دیا

    آرمی چیف نے نیشنل یونی ورسٹی آف ٹیکنالوجی کا افتتاح کر دیا

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نیشنل یونی ورسٹی آف ٹیکنالوجی (NUTECH) کا افتتاح کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے آج نیشنل یونی ورسٹی آف ٹیکنالوجی کا افتتاح کر دیا، آرمی چیف نے کم مدت میں یونی ورسٹی کے کام یاب آغاز پر انتظامیہ کی تعریف کی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق یونی ورسٹی ریکٹر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ خالد اصغر نے آرمی چیف کو یونی ورسٹی کی تعلیمی سرگرمیوں اور تزویراتی ایجوکیشن پلان پر بریفنگ دی۔

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نیو ٹیک کو دو سال کے مختصر عرصے میں کام یابی سے آغاز پر انتظامیہ کو مبارک باد بھی دی۔

    آرمی چیف نے انتظامیہ کو یونی ورسٹی میں اعلیٰ تعلیمی معیار اپنانے کی ہدایت کی، اور کہا کہ نیوٹیک کی بہ طور ’یونی ورسٹی فار انڈسٹری‘ کا نظریہ قابل تعریف ہے۔

    نیو ٹیک یونی ورسٹی کو انڈسٹری کے لیے لیڈرز اور پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے ماہر ورک فورس مہیا کرنے کے مقصد کے تحت قائم کیا گیا، آرمی چیف نے انڈسٹری کے ساتھ یونی ورسٹی کے اس مؤثر ربط کو سراہا۔

    جنرل قمر جاوید باجوہ نے راولپنڈی اسلام آباد کے مضافات میں نیو ٹیک کے مستقبل کے مین کیمپس کی تعمیر کے لیے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی، جس میں 30 سے 50 ہزار طلبہ کی گنجایش ہوگی۔

    آرمی چیف نے فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کے تعاون کو بھی سراہا جس نے نیو ٹیک کے لیے ابتدائی کیمپس کی تعمیر میں کردار ادا کیا۔

  • کراچی: میٹرک کا امتحان دے کر آنے والے دو طالب علم حادثے میں جاں بحق

    کراچی: میٹرک کا امتحان دے کر آنے والے دو طالب علم حادثے میں جاں بحق

    کراچی: میٹرک کا امتحان دے کر آنے والے دو طالب علم حادثے میں جاں بحق ہو گئے، یہ حادثہ میمن گوٹھ کے قریب پیش آیا جس میں 2 طالب علم جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے میمن گوٹھ کے قریب ٹریفک حادثے میں 2 طالب علم جاں بحق ہو گئے، جاں بحق طالب علم امتحان دے کر گھر واپس جا رہے تھے۔

    جاں بحق طلبہ میں 16 سال کا ہارون اور 16 سال کا کاشف شامل ہیں، جب کہ حادثے میں 2 طالب علم زخمی بھی ہوئے ہیں، جن میں 15 سال کا نعیم بروھی اور خیر بخش شامل ہیں۔

    دوسری طرف پولیس کا کہنا ہے کہ طالب علموں کی موٹر سائیکل تیز رفتاری کے باعث پھسل گئی تھی جس کے باعث حادثہ پیش آیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  بھکر: ٹریفک حادثے میں زخمی طالبہ کی خواہش پوری، اسپتال کمرہ امتحان میں تبدیل

    خیال رہے کہ 30 مارچ کو صوبہ پنجاب کے شہر بھکر میں بھی رکشہ بس کی زد میں آ گیا تھا جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق ہو گئے تھے، ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق افراد میں 6 طالبات اور رکشہ ڈرائیور شامل تھے، طالبات نویں جماعت کا پرچہ دینے کے بعد گھر جا رہی تھیں۔

    بعد ازاں ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے والی نویں جماعت کی طالبہ ثانیہ کی خواہش پر اسپتال وارڈ کو کمرہ امتحان میں تبدیل کیا گیا، جہاں اس نے باقی پرچے دیے، اس سلسلے میں سرگودھا بورڈ کو اسپتال کے کمرے کو امتحانی سینٹر کا درجہ دینے کا نوٹی فکیشن جاری کرنا پڑا تھا۔

  • بھکر: ٹریفک حادثے میں زخمی طالبہ کی خواہش پوری، اسپتال کمرہ امتحان میں تبدیل

    بھکر: ٹریفک حادثے میں زخمی طالبہ کی خواہش پوری، اسپتال کمرہ امتحان میں تبدیل

    بھکر: امتحانات کے دنوں میں پنجاب کے ضلع بھکر میں ایک طالبہ ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے کے بعد اسپتال پہنچ گئی، جہاں اس کی خواہش پر اسپتال وارڈ کو کمرہ امتحان میں تبدیل کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ٹریفک حادثے میں زخمی نویں جماعت کی طالبہ ثانیہ کی خواہش پوری کر دی گئی، اسپتال وارڈ کو کمرہ امتحان میں تبدیل کر دیا گیا، سرگودھا بورڈ نے اسپتال کے کمرے کو امتحانی سینٹر کا درجہ دینے کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا۔

    اسپتال کا کمرہ امتحانی سینٹر بنائے جانے کا نوٹیفکیشن ڈپٹی کمشنر کی سفارش پر جاری کیا گیا، حادثے میں زخمی نویں جماعت کی طالبہ نے آخری 2 پرچے اسپتال میں دیے۔

    امتحانی سینٹر پر خواتین اساتذہ پر مشتمل سپرنٹنڈنٹ اور نگران عملہ بھی تعینات کیا گیا، سی ای او ایجوکیشن نے کہا کہ طالبہ ثانیہ کو لکھنے کے لیے ایک معاون کی سہولت بھی فراہم کی گئی۔

    یہ بھی پڑھیں:  بھکرمیں رکشہ بس کی زد میں آگیا‘ 7 افراد جاں بحق

    نویں جماعت کی طالبہ پیپر دینے کے لیے جاتے ہوئے جھنگ روڈ حادثے میں زخمی ہو گئی تھی۔

    خیال رہے کہ 30 مارچ کو صوبہ پنجاب کے شہر بھکر میں رکشہ بس کی زد میں آ گیا تھا جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق ہوگئے، ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق افراد میں 6 طالبات اور رکشہ ڈرائیور شامل تھے، طالبات نویں جماعت کا پرچہ دینے کے بعد گھر جا رہی تھیں۔

  • اس وقت لڑکیوں کی تعلیم ایک بڑا چیلنج ہے: وفاقی وزیر تعلیم

    اس وقت لڑکیوں کی تعلیم ایک بڑا چیلنج ہے: وفاقی وزیر تعلیم

    اسلام آباد: وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ اس وقت لڑکیوں کی تعلیم ایک بڑا چیلنج ہے، موجودہ حکو مت میں آپ تعلیم کے شعبے میں بڑی تبد یلی دیکھیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق شفقت محمود نے اسلام آباد میں بچیوں کی تعلیم پر سیمینار سے خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بچیوں کی تعلیم کو ایک بڑا چیلنج سمجھتی ہے، تعلیم کے شعبے میں تبدیلی لائیں گے۔

    انھوں نے کہا کہ تقریباً 2 کروڑ بچے اسکولو ں سے باہر ہیں، اسکولوں میں سہو لیات کی کمی کی وجہ سے والد ین اپنے بچوں کو اسکو ل بھیجنے کے لیے تیار نہیں ہوتے۔

    وزیرِ تعلیم نے کہا کہ گزشتہ 70 سال سے تعلیم پر تو جہ نہیں دی گئی، جس کی وجہ سے آج تقر یباً دو کروڑ بچے اسکولوں سے باہر ہیں، صورت حال کو بہتر کرنے کے لیے تعلیم پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  تعلیم کا فروغ، ٹیم سرعام کا ملک گیر تحریک شروع کرنے کا اعلان

    انھوں نے کہا کہ جرمنی اور جاپان دوسری جنگ عظیم میں تباہ ہو گئے تھے لیکن صرف ایک دہائی کے اندر یہ ممالک اپنے پیروں پر کھڑے ہو گئے۔

    ان کا کہنا تھا کہ تعلیمی نظام میں برابری لانا ضروری ہے، مرد و خواتین مل کر قومو ں کو آگے لے کر جاتے ہیں، ہم یکساں نظام تعلیم لے کر آ رہے ہیں۔ غربت کا تعلیم پر بڑا اثر ہے، ایک غریب بندے کے اتنے مسائل ہوتے ہیں کہ وہ اپنے بچوں کی تعلیم پر توجہ نہیں دیتا۔

    شفقت محمود نے کہا کہ ہما ری وزارت تحقیقاتی اور ٹیکنالوجی تعلیم پر زیا دہ فوکس کر رہی ہے، کمیونٹی اسکولز سسٹم کے تعلیمی میدان میں بڑی خدمات ہیں، اگر ان کو کوئی مسائل ہوں تو حل کریں گے۔

  • سندھ حکومت میٹرک امتحانات میں نقل روکنے میں ناکام، اے آر وائی نیوز نے بھانڈا پھوڑ دیا

    سندھ حکومت میٹرک امتحانات میں نقل روکنے میں ناکام، اے آر وائی نیوز نے بھانڈا پھوڑ دیا

    کراچی: سندھ حکومت میٹرک کے امتحانات میں نقل روکنے میں نا کام ہو گئی ہے، امتحانات کو کمائی کا ذریعہ بنا لیا گیا، اے آر وائی نیوز نے بھانڈا پھوڑ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ میں میٹرک امتحانات کے دوران نقل زوروں پر ہے، حکومت نقل روکنے میں نا کام نظر آئی، اے آر وائی نیوز نے پیسے لے نقل کرانے کا بھانڈا پھوڑ دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’’ذمہ دار کون‘‘ کی ٹیم نے طلبہ سے پیسے لے کر نقل کرانے کی نشان دہی کر دی جس کے بعد وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ٹیم بھی پہنچ گئی۔

    کراچی میں واٹس ایپ گروپس پر حل شدہ پرچے ملنے کا انکشاف ہوا، پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی کہتے ہیں کہ سینئر سپرنٹنڈنٹ اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کو معطل کر دیا گیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیراعلیٰ سندھ کا سکھر میں میٹرک کے امتحانات میں نقل کا نوٹس

    دوسری طرف چیئرمین میٹرک بورڈ سعید الدین نے واٹس ایپ گروپس کے خلاف کارروائی کے لیے ایف آئی اے کو خط بھیج دیا ہے۔

    خیال رہے کہ وزیرِ اعلیٰ سندھ نے سکھر میں میٹرک کے امتحانات میں طلبہ کی جانب سے نقل کرنے کے واقعات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے تعلیمی بورڈ کے کنٹرولر امتحانات کو معطل کر دیا۔

    واضح رہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں میٹرک کے امتحانات کا آغاز ہو چکا ہے، امتحانات کے پہلے ہی روز بوٹی مافیا نے اپنا کام دکھاتے ہوئے گھوٹکی، سکھر اور بدین میں پرچے شروع ہونے سے قبل واٹس ایپ پر شیئر کر دیے۔

  • کراچی: 3 لاکھ 67 ہزار 606 طلبہ کل سائنس اور جنرل گروپ کے امتحانات دیں گے

    کراچی: 3 لاکھ 67 ہزار 606 طلبہ کل سائنس اور جنرل گروپ کے امتحانات دیں گے

    کراچی: کل میٹرک بورڈ کے تحت نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات شروع ہو رہے ہیں، 3 لاکھ 67 ہزار 606 طلبہ و طالبات کل سائنس اور جنرل گروپ کے امتحانات میں حصہ لیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق میٹرک بورڈ نے چند دن قبل امتحانی شیڈول کا اعلان کیا تھا جس کے مطابق نویں اور دسویں جماعت کے پرچے کل یکم اپریل سے شروع ہو رہے ہیں۔

    [bs-quote quote=”محکمہ داخلہ سندھ نے امتحانی مراکز کے ارد گرد دفعہ 144 نافذ کر دی۔” style=”style-8″ align=”left”][/bs-quote]

    چیئرمین میٹرک بورڈ ڈاکٹر سعید الدین کا کہنا ہے کہ اس سال 365 امتحانی مراکز بنائے گئے ہیں، جس میں 202 نجی اسکول اور 163 سرکاری اسکول شامل ہیں۔

    نویں کلاس سائنس گروپ کے امتحانات میں ایک لاکھ 58 ہزار680 طلبہ، جب کہ دسویں کلاس میں ایک لاکھ 63 ہزار 371 امیدوار شرکت کریں گے۔

    جنرل گروپ کے امتحان میں 45 ہزار 555 امیدوار شریک ہوں گے، امتحانات میں لڑکیوں کے لیے 167 اور لڑکوں کے لیے 198 امتحانی مراکز شامل ہیں۔

    امتحانی شیڈول کے لیے یہ پڑھیں: میٹرک بورڈ کراچی کے تحت امتحانات کا آغاز یکم اپریل سے ہوگا

    محکمہ داخلہ سندھ نے امتحانی مراکز کے ارد گرد دفعہ 144 نافذ کر دی، نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا، امتحانی مراکز کے اطراف فوٹو اسٹیٹ کی مشینیں دوران امتحانات بند رہیں گی۔

    نوٹی فکیشن کے مطابق امتحانات میں کسی بھی نقل کی شکایت پر مقامی تھانہ کارروائی کر سکتا ہے، امتحانات کے ضابطہ اخلاق اور قواعد پر سختی سے عمل کرایا جائے گا۔

    خیال رہے کہ کل نویں جماعت بائیولوجی تھیوری کے پرچے سے امتحانات کا آغاز ہوگا، جب کہ جنرل سائنس کے امتحانات کا آغاز بھی کل سے ہو رہا ہے۔ میٹرک بورڈ کے مطابق تمام پرچے صبح ساڑھے نو بجے سے ساڑھے بارہ بجے تک ہوں گے۔