Tag: تعلیم

  • تعلیم کے حصول میں آسانیاں فراہم کی جائیں، وزیراعظم

    تعلیم کے حصول میں آسانیاں فراہم کی جائیں، وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نوجوانوں کے لیے ضروری ہے تعلیم کے حصول میں آسانیاں فراہم کی جائیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی زیرصدارت ملک میں ٹیلی کام شعبے سے متعلقہ ایشوز سے متعلق اجلاس ہوا جس میں ملک میں انٹرنیٹ کی وسیع اور بہتر کوریج کو یقینی بنانےسے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اجلاس میں وفاقی وزرا شفقت محمود، حماد اظہر، امین الحق، اسد عمر، عبدالحفیظ شیخ، معاون خصوصی تانیہ ایدرس، سیکریٹری انفارمیش ٹیکنالوجی ڈویژن، چیئرمین پی ٹی اے ، سی ای او یونیورسل سروس فنڈ و دیگر حکام نے شرکت کی۔

    وزیراعظم کے زیر صدارت اجلاس میں ٹیلی کام سیکٹر سے متعلق ایشوز کے حل اور یونیورسل سروس فنڈ یو ایس ایف کے مختلف منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے تعلیم کے فروغ کے لیے ٹیلی اسکولنگ کی فراہمی کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کے لیے ضروری ہے تعلیم کے حصول میں آسانیاں فراہم کی جائیں۔

    وزیراعظم پاکستان نے ہدایت کی کہ تعلیم کو یو ایس ایف کے دائرے میں شامل کرنے کے لیے اقدامات کو تیز کیا جائے۔

  • میٹرک میں 40 فی صد مضامین میں فیل طلبہ کو پاس کرنے کا فیصلہ

    میٹرک میں 40 فی صد مضامین میں فیل طلبہ کو پاس کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: میٹرک کے نتائج سے متعلق پالیسی میں ایک بار پھر تبدیلی کر دی گئی ہے، میٹرک میں 40 فی صد مضامین میں فیل طلبہ کو پاس کر دیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق میٹرک میں چالیس فی صد مضامین میں فیل ہونے والے طلبہ کو پاس کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ نے امتحانی پالیسی میں تبدیلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

    بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ سابق یا پرائیویٹ امیدوار اس پالیسی سے مستفید ہو سکیں گے، سابق یا پرائیویٹ امیدوار جو 40 فی صد مضامین میں فیل تھے انھیں پاس کر دیا جائے گا، ایسے امیدواروں کے نتائج کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل سابق اور پرائیویٹ امیدواروں کو سالانہ نتائج میں پاس نہیں کیا گیا تھا۔

    وفاقی وزارت تعلیم کا کار نامہ، میٹرک کے ہزاروں طلبا کا مستقبل داؤ پر لگ گیا

    وفاقی وزارت تعلیم کی جانب سے میٹرک کے ہزاروں طلبہ کا مستقبل اس وقت داؤ پر لگایا گیا تھا جب فیڈرل بورڈ نے میٹرک نتائج میں سپلی والے طلبہ کو پاس ہی نہیں کیا، جس کے باعث طالب علم شدید ذہنی اذیت کا شکار ہوئے، سیکڑوں بچوں نے امتیازی تعلیمی پالیسی کے خلاف بورڈ میں درخواستیں بھی دائر کر دی تھیں۔

    اس سے قبل وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے پریس کانفرنس میں اعلان کیا تھا کہ کرونا کے باعث تعلیمی امتحان بورڈ کوئی امتحان نہیں لے گا، فیڈرل بورڈ کے لیے نئی امتحانی پالیسی کا نوٹی فکیشن بھی جاری کیا گیا، جس کے مطابق میٹرک امتحانات میں امیدواروں کو بغیر امتحان پاس کیا جانا تھا، جن کی سپلی تھی ان کے لیے فیصلہ کیا گیا کہ وہ نئے سرے سے امتحان دیں گے۔

  • سندھ حکومت نے پرائمری اسکولوں میں بھی آن لائن تعلیم متعارف کرا دی

    سندھ حکومت نے پرائمری اسکولوں میں بھی آن لائن تعلیم متعارف کرا دی

    کراچی: محکمہ تعلیم سندھ نے پرائمری اسکولوں میں بھی آن لائن تعلیم متعارف کرا دی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ تعلیم سندھ نے پرائمری اسکولوں میں آن لائن تعلیم متعارف کرا دی، کے جی سے 5 ویں جماعت تک طلبہ کو آن لائن تعلیم دی جائے گی۔

    محکمہ تعلیم سندھ کا کہنا ہے کہ آن لائن تعلیم کے لیے ایس ای ایل ڈی لرننگ نامی ایپ تیار کر لی گئی ہے۔ یہ آن لائن تعلیمی منصوبہ یونی سیف اور مائیکرو سافٹ کی مدد سے تیار کیا گیا ہے۔

    محکمہ تعلیم کے مطابق آن لائن ایپ کے ذریعے ریاضی، سائنس، انگریزی اور اردو کے مضامین پڑھائے جائیں گے، آن لائن کورس انگریزی، اردو اور سندھی زبانوں میں دستیاب ہے، چھٹی سے 12 ویں جماعت تک آن لائن ایجوکیشن پر بھی کام جاری ہے۔

    سندھ حکومت کا سرکاری اسکولوں میں بچوں کیلئے آن لائن کلاسیں شروع کرنے کا اعلان

    یاد رہے کہ گزشتہ روز سندھ حکومت نے سرکاری اسکولوں میں بچوں کے لیے آن لائن کلاسیں شروع کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کے تحت چھٹی جماعت سے 12 ویں تک کے طلبہ کو آن لائن کلاسز دینے کا منصوبہ ہے، اس سلسلے میں سرکاری اسکولوں کو سیکریٹری تعلیم کی جانب سے ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔

    یونی سیف اور مائیکرو سافٹ کی مدد سے آن لائن کلاسز کے سلسلے میں 75 ماسٹر ٹرینر اساتذہ کو آن لائن کلاسز کے لیے تربیت دیں گے، تمام اضلاع کے ڈائریکٹرز سے 17 جون تک اساتذہ اور طلبہ کا ڈیٹا طلب کیا گیا ہے، آن لائن سیشن کے لیے آئی ٹی کے ماہرین کو بھی رکھا جا رہا ہے۔

  • تعلیم اور صحت بزدار حکومت کی اولین ترجیحات ہیں، ترجمان پنجاب حکومت

    تعلیم اور صحت بزدار حکومت کی اولین ترجیحات ہیں، ترجمان پنجاب حکومت

    لاہور: ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید کا کہنا ہے کہ تعلیم اور صحت بزدار حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید سے فرسٹ سیکریٹری برٹش ہائی کمیشن نے ملاقات کی جس میں پنجاب کی تعمیر و ترقی، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اس موقع پر مسر جمشید کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے تمام وسائل کا رخ عوام کی جانب موڑا ہے، تعلیم اور صحت بزدار حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔

    ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ برطانیہ کے تعاون سےعوامی فلاح کے کئی منصوبوں پر کام جاری ہے۔

    دوسری جانب فرسٹ سیکریٹری برٹش ہائی کمیشن ٹام ڈی فانبلینکی کا کہنا تھا کہ تمام طبقات کو حقوق،اختیارات دیے جانا قابل ستائش ہے، پاکستان اور پنجاب کی عوام کی مدد اور پارٹنرشپ کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔

    فرسٹ سیکریٹری برٹش ہائی کمیشن نے پنجاب اسمبلی کا دورہ بھی کیا، اسپیکر پرویزالٰہی سےملاقات کی۔ وزیر قانون راجہ بشارت نے انہیں بریفنگ کے دوران بتایا کہ تحریک انصاف کی حکومت میں پنجاب اسمبلی نےمختصر مدت میں 49 قوانین پاس کروائے۔

    فرسٹ سیکریٹری ٹام ڈی فانبلینکی نے وزٹرزگیلری سے پنجاب اسمبلی اجلاس کی کارروائی بھی دیکھی۔

  • تحریک انصاف نے تعلیمی بجٹ میں اضافہ کیا ہے: اسد عمر

    تحریک انصاف نے تعلیمی بجٹ میں اضافہ کیا ہے: اسد عمر

    اسلام آباد: وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے کہ الزام لگایا گیا کہ ہم نے اعلیٰ تعلیمی کمیشن کے بجٹ پر کٹ لگایا ہے، ہم نے ایچ ای سی کا بجٹ 16 سے بڑھا کر 28 ارب روپے کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے نالج اکانومی پر منعقدہ قومی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی ملک کے اندر ترقی کا وجود ہونا ضروری ہے، ہمارے ملک میں ریسرچ سینٹر ہونے چاہئیں۔

    اسد عمر کا کہنا تھا کہ نالج بیسڈ معاشرہ بنانے کے لیے ٹیکنالوجی سے روشناس ہونا ہوگا، دنیا کی پہلی یونیورسٹی مسلمان ملک میں بنی تھی۔

    انہوں نے کہا کہ دیامر بھاشا ڈیم بننا ہے اس پر بحث ہوسکتی ہے، دیامر بھاشا ڈیم کی انجینئرنگ پر بحث ہے کہ منصوبہ پاکستانی کمپنی کو دیا جائے، تربیلا ڈیم سے جڑواں شہروں کو پانی فراہمی پر غیر ملکی کنسلٹنٹ مانگا گیا ہے۔

    اسد عمر کا کہنا تھا کہ سمجھ نہیں آتا تربیلا سے پانی اسلام آباد کیسے آئے گا۔ اسلام آباد میں عوام کو پینے کا پانی بھی میسر نہیں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں عمران خان اور اسد عمر تعلیم پر تقریریں کرتے تھے، الزام لگایا گیا کہ ہم نے اعلیٰ تعلیمی کمیشن کے بجٹ پر کٹ لگایا ہے، 18- 2017 میں ایچ ای سی کا بجٹ 16.4 ارب تھا۔ رواں مالی سال ایچ ای سی کا ترقیاتی بجٹ 28 ارب روپے سے زائد ہے، جس میں سے 22 ارب روپے پہلے 8  ماہ میں جاری کیے گئے ہیں۔

    وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ تعلیم کے میدان میں ترقیاتی بجٹ تحریک انصاف نے بڑھایا ہے، آپ کو اپنے اداروں پر اطمینان کا اظہار کرنا ہوگا۔

  • ہم تعلیم کے شعبے میں بہتری لانے کے لیے کوشاں ہیں، وزیراعلیٰ سندھ

    ہم تعلیم کے شعبے میں بہتری لانے کے لیے کوشاں ہیں، وزیراعلیٰ سندھ

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ ہم تعلیم کے شعبے میں بہتری لانے کے لیے کوشاں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے ملاقات کی۔صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی اور وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ساجدجمال بھی ملاقات میں شریک تھے۔

    ملاقات میں کروناوائرس کے خطرات سے متعلق بات چیت کی گئی۔ وفاقی وزیر تعلیم نے سندھ حکومت کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کو بھی سراہا۔

    شفقت محمود کا کہنا تھا کہ یکساں تعلیمی نظام پورے ملک کے لیے تشکیل دیا ہے، یہ سرکاری، غیرسرکاری،انگلش میڈیم اسکولوں میں پڑھایا جائے گا، مدارس کی رجسٹریشن کے ساتھ ڈویژنل کمیٹیز قائم کر رہے ہیں۔

    اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت وزارت تعلیم سے تعلیم کی بہتری کے لیے تعاون کرےگی، ہم تعلیم کے شعبے میں بہتری لانے کے لیے کوشاں ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے تفریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ہنرمند پروگرام نوجوانوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے اور معیشت مضبوط کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

  • لاہور میں نئے تعلیمی سال سے قبل 100 انصاف اسکول بنانے کا فیصلہ

    لاہور میں نئے تعلیمی سال سے قبل 100 انصاف اسکول بنانے کا فیصلہ

    لاہور: پنجاب کے شہر لاہور میں نئے تعلیمی سال سے قبل 100 انصاف اسکول بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایجوکیشن اتھارٹی نے لاہور شہر میں سو انصاف اسکول بنانے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں فنڈ کے اجرا کے لیے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ 100 انصاف اسکول کرائے کی عمارتوں میں بنائے جائیں گے۔ ایجوکیشن اتھارٹی نے کرائے کی عمارتوں کے لیے 20 کروڑ 91 لاکھ روپے جاری کر دیے ہیں، یہ رقم 5 تحصیلوں کے ڈپٹی ڈی اوز کے اکاؤنٹ میں منتقل کی گئی ہے۔

    ایجوکیشن اتھارٹی کے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کرائے کی عمارت لینے سے پہلے ایکسائز ڈیپارٹمنٹ اس کا معائنہ کرے گا، ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ سے مذکورہ عمارت کا فٹنس سرٹیفکیٹ لینا لازمی ہوگا۔ مراسلے کے مطابق انصاف اسکولوں کے لیے نئی بھرتیاں بھی نہیں کی جائیں گی بلکہ دستیاب اساتذہ کو ان میں تعینات کیا جائے گا۔

    دریں اثنا، ڈی پی آئی پنجاب نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز سے اساتذہ کا سروس ریکارڈ طلب کر لیا ہے، صوبہ بھر کے ہزاروں اساتذہ کی ان سروس پرموشن التوا کا شکار ہونے کی وجہ سے اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے اتھارٹیز کو فائنل وارننگ جاری کر دی ہے، وارننگ میں کہا گیا ہے کہ 19 فروری تک ان سروس پرموشنز کا مکمل ریکارڈ فراہم کیا جائے۔

  • سندھ کے کالجز اور تعلیمی سیشن سے متعلق اہم اعلانات

    سندھ کے کالجز اور تعلیمی سیشن سے متعلق اہم اعلانات

    کراچی: وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کراچی سمیت سندھ بھر کے کالجز میں صبح کی اسمبلی لازمی قرار دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم کا قلمدان سنبھالتے ہی سعید غنی کالجز میں تعلیمی ماحول بہتر بنانے کے لیے متحرک ہوگئے اس سلسلے میں وزیر تعلیم نے اہم اقدام اٹھایا ہے۔

    وزیر تعلیم نے صوبے کے تمام کالجز میں صبح کی اسمبلی لازمی قرار دینے کے احکامات جاری کردیے ہیں جس کے بعد نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر کے کالجز میں صبح ساڑھے 8 بجے اسمبلی لازمی ہوگی اور اس ضمن میں کالج انتظامیہ اور عملے کو ہدایات پر سختی سے عمل کرانے کا پابند کیا گیا ہے۔

    دوسری جانب محکمہ تعلیم سندھ نے نئےتعلیمی سیشن کا آغاز یکم جولائی سے کرنے کا اعلان کیا ہے ، تعلیمی سیشن اسٹیئرنگ کمیٹی کی سفارشات کے مطابق شروع ہوگا۔

    پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن تعلیمی سیشن یکم اپریل سےشروع کرنےکامطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیشن ختم ہونے سے پہلےسیشن کو 16ماہ کا کر دیا گیا۔

  • شرح خواندگی کے حوالے سے پنجاب سب سے آگے، پختونخواہ پیچھے

    شرح خواندگی کے حوالے سے پنجاب سب سے آگے، پختونخواہ پیچھے

    اسلام آباد: شرح خواندگی کے حوالے سے صوبہ پنجاب سب سے آگے جبکہ صوبہ خیبر پختونخواہ سب سے کم شرح خواندگی کے ساتھ آخری نمبر پر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق تعلیم کے عالمی دن پر محکمہ شماریات نے 18-2017 کی مردم شماری رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق تعلیمی ایمرجنسی کے باوجود صوبہ خیبر پختونخواہ شرح خواندگی میں چاروں صوبوں سے پیچھے ہے۔

    رپورٹ کے مطابق خواتین کی شرح خواندگی میں پنجاب پہلے، سندھ دوسرے اور بلوچستان تیسرے نمبر پر ہے۔ مردوں کی شرح خواندگی میں پختونخواہ پہلے، بلوچستان دوسرے، سندھ تیسرے اور پنجاب چوتھے نمبر پر ہے۔

    سنہ 1998 کی مردم شماری کے بعد پختونخواہ میں مردوں کی شرح خواندگی میں 20 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ مجموعی شرح خواندگی میں پنجاب 64.7 فیصد شرح خواندگی کے ساتھ سرفہرست ہے، سندھ 62.2 فیصد شرح خواندگی کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

    اسی طرح بلوچستان 55.5 فیصد شرح خواندگی کے ساتھ تیسرے اور خیرب پختونخواہ 55.3 فیصد شرح خواندگی کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔

  • تعلیم کا بجٹ دگنا ہو سکتا ہے مگر کم نہیں ہوسکتا: وزیر اعظم کا عزم

    تعلیم کا بجٹ دگنا ہو سکتا ہے مگر کم نہیں ہوسکتا: وزیر اعظم کا عزم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ تعلیم کا بجٹ دگنا تو ہو سکتا ہے مگر کم نہیں ہوسکتا، تعلیم کے لیے مزید رقم بھی درکار ہوگی تو فوری دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں ہائر ایجوکیشن اور ایچ ای سی ریفارمز سے متعلق معاملات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں اسد عمر، شفقت محمود، عثمان ڈار، معید یوسف اور چیئرمین ایچ ای سی نے شرکت کی۔

    چیئرمین ایچ ای سی کی وزیر اعظم کو اعلیٰ تعلیمی ریفارمز پر بریفنگ دی۔ اپنی بریفنگ میں انہوں نے بتایا کہ موجودہ حکومت میں تعلیم کا ترقیاتی بجٹ 29 ارب تک بڑھا دیا گیا، مسلم لیگ ن کی حکومت میں تعلیم کا ترقیاتی بجٹ محض 14 ارب روپے تھا۔

    انہوں نے کہا کہ بعض عناصر منفی ایجنڈا پھیلا رہے ہیں کہ وفاق نے تعلیمی بجٹ کم کیا۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ 2016 میں ایسے کیمپسز کو بند کیا گیا جو جعلی طور پر سرگرمیوں میں مصروف تھے۔ 6 سے 7 ارب روپے نالج اکانومی پر بھی خرچ ہوں گے، مجموعی طور پر تعلیم کا ترقیاتی بجٹ 35 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ تعلیم کا بجٹ دگنا تو ہو سکتا ہے مگر کٹ نہیں سکتا، حکومت پڑھے لکھے معاشرے کی اہمیت پر یقین رکھتی ہے۔ تعلیم کے لیے مزید رقم بھی درکار ہوگی تو فوری دیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ غیر ضروری طور پر ٹیکس کا پیسہ ضائع نہ ہونے دیا جائے، نوجوانوں کی تعلیم و تربیت پر بھرپور وسائل خرچ کر رہے ہیں۔ کامیاب جوان پروگرام سے 130 ارب روپے نوجوانوں پر خرچ ہوں گے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ جامعات میں بچوں کو تاریخ اور تصوف نہیں پڑھایا جاتا، تعلیمی نصاب میں تاریخ و تصوف کو بھی شامل کیا جائے۔ پی ایچ ڈی اور ریسرچ کا معیار مزید بلند کیا جائے۔