Tag: تعمیر

  • کالام میں سیلاب سے تباہ ہونے والا پل تاحال تعمیر نہ ہو سکا

    کالام میں سیلاب سے تباہ ہونے والا پل تاحال تعمیر نہ ہو سکا

    کالام کے علاقہ پشمال  میں گزشتہ سیلاب سے تباہ ہونے والا پل تاحال تعمیر نہ ہو سکا ہے، مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کمزور پل تیار کرلیا۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے کامران کامی کی رپورٹ مطابق کالام کے علاقہ پشمال  میں گزشتہ سیلاب سے تباہ ہونے والا پل تاحال تعمیر نہ ہو سکا ہے مقامی افراد نے اپنے مدد آپ کے تحت لکڑیوں کا پل تعمیر کیا جو کسی بھی وقت بڑے حادثے کا شکار ہو سکتا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اس پل  پر مقامی افراد کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ خیال رہے کہ اس پل کی منظوری حکومت نے دی ہے مگر مقامی افراد کے مطابق فنڈ نہ ہونے کی وجہ سے اس پر تعمیراتی کام شروع نہ کیا گیا ہے۔

    مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اس پل پہ لوگوں کی آمدورفت ہوتی رہتی ہے،  جیسے آج اس پل سے اک شادی شدہ جوڑے کو بھی گزارا گیا اور شادی کا سامان بھی اس پل کے ذریعے دریا کے پار منتقل کیا گیا جس سے کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

     مقامی افراد نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت کو چاہئے کہ جلد از جلد اس پل پر تعمیراتی کام شروع کیا جائے تاکہ مقامی افراد کے مشکلات کم ہو سکیں۔

  • حکومت کا سندھ میں زیر زمین گیس ذخیرہ تعمیر کرنے کا فیصلہ

    حکومت کا سندھ میں زیر زمین گیس ذخیرہ تعمیر کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: جہاں ملک میں گیس کی قلت بڑھ رہی ہے وہیں حکومت اس وسیع خلا کو ختم کرنے کے لیے تقریباً ایک دہائی قبل زیر زمین گیس ذخیرہ کرنے کے منصوبے کو بحال کررہی ہے تاہم اب وفاقی حکومت نے سندھ میں زیر زمین گیس ذخیرہ تعمیر کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    دستاویز کے مطابق وفاقی حکومت نے انڈر گراؤنڈ سٹوریج بدین کے مقام پر تعمیر کرنے کی تجویز ہے اس منصوبے پر مجموعی طور پر ایک ارب 84 کروڑ 80 لاکھ روپے لاگت آئے گی۔

    دستاویز میں بتایا گیا کہ وفاقی بجٹ میں منصوبے کے لئے 15 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز  پیش کی گئی ہے۔

    اس کے علاوہ حکومت نے گیس فیلڈز کے 5 کلو میٹر کے اندر علاقوں کو گیس فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، یہ اقدام سپریم کورٹ کے احکامات کے بعد کیا جا رہا ہے۔

    دستاویز میں کہا گیا ہے کہ اس منصوبے پر 86 کروڑ 90 لاکھ روپے کی لاگت آئےگی، وفاقی بجٹ میں اس منصوبے کے لیے 10 کروڑ روپے رکھنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔

  • عرب امارات سندھ میں سیلاب زدگان کے گھر تعمیر کروائے گا

    عرب امارات سندھ میں سیلاب زدگان کے گھر تعمیر کروائے گا

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات صوبہ سندھ میں سیلاب زدگان کے گھروں کی تعمیر میں مالی مدد فراہم کرے گا، عرب امارات اس سے قبل بھی سیلاب زدگان کی دل کھول کر مدد کر چکا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات صوبہ سندھ میں سیلاب سے متاثر ہونے والے افراد کے لیے مکانات کی تعمیر میں مدد کرے گا۔

    وزیر اعلیٰ ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حمد عبید ابراہیم سالم الزعابی نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات کی۔

    اماراتی سفیر نے وزیر اعلیٰ سندھ کو بتایا کہ ان کا ملک سیلاب زدگان کے لیے مکانات کی تعمیر میں مدد کرے گا اور اس منصوبے کو جلد حتمی شکل دی جائے گی۔

    اس موقعے پر مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ قریبی سفارتی اور دفاعی تعلقات برقرار رکھے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ خلیجی ممالک میں لاکھوں پاکستانی مقیم ہیں جو سرکاری اور نجی شعبوں میں کام کرتے ہیں، یہ پاکستانی ہر سال 4 ارب ڈالر سے زائد رقم پاکستان بھیجتے ہیں، عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں نے 2022 میں 5 ارب 10 کروڑ ڈالر بھیجے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ برس پاکستان میں تباہ کن سیلاب سے 17 سو سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے جبکہ مجوعی طور پر 3 کروڑ 30 لاکھ افراد متاثر ہوئے تھے۔

    ایک اندازے کے مطابق گزشتہ برس کے سیلاب سے پاکستان میں 30 ارب ڈالر کا نقصان ہوا جس کی وجہ سے حکومت کو ریلیف اور بحالی کے کاموں سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی امداد طلب کرنا پڑی۔

    سیلاب سے سندھ اور بلوچستان کے صوبے سب سے زیادہ متاثر ہوئے تھے جہاں بعض علاقوں میں اب بھی سیلابی پانی موجود ہے۔

  • ورلڈ بینک سندھ میں سیلاب سے تباہ ہونے والے مکانات تعمیر کروائے گا

    ورلڈ بینک سندھ میں سیلاب سے تباہ ہونے والے مکانات تعمیر کروائے گا

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سیلاب کے بعد صوبے میں گھروں کی تعمیر کے لیے سروے جاری ہے، تعمیر کا کام جلد از جلد شروع کردیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ورلڈ بینک کے وفد کی ملاقات ہوئی، وفد کی سربراہی ریجنل ڈائریکٹر نے کی۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ورلڈ بینک نے کسانوں کو بیج دینے کے لیے 100 ملین ڈالر مختص کیے ہیں، ساڑھے 12 ایکڑ زمین رکھنے والے چھوٹے کاشت کاروں کو زیادہ رقم دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ورلڈ بینک نے 25 ایکڑ تک کے کاشتکاروں کو 5 ہزار فی ایکڑ بیج دینے کا وعدہ کیا ہے، محکمے چھوٹے کاشت کاروں سمیت کسانوں کی کل زمین کا ڈیٹا تشکیل دے رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پورے صوبے میں گھروں کی تعمیر کے لیے سروے شروع کردیا گیا ہے، سروے مکمل ہوتے ہی عالمی بینک سے ڈیٹا شیئر کیا جائے گا۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ گھروں کی تعمیر کا کام جلد از جلد شروع کیا جائے گا، ورلڈ بینک نے گھروں کی تعمیر کے لیے 110 ارب روپے دینے کا وعدہ کیا ہے، کراچی میں بھی متاثرہ سڑکوں کی مرمت اور تعمیر نو کا کام تیزی سے جاری ہے۔

  • مرمت کی جانے والی سڑک پر ٹھیکیدار کا فون نمبر درج کیا جائے گا

    مرمت کی جانے والی سڑک پر ٹھیکیدار کا فون نمبر درج کیا جائے گا

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے قومی شاہراہوں کی تعمیر و مرمت سے متعلق اہم فیصلہ کرتے ہوئے سڑک پر لگے بورڈز پر مرمت کرنے والے ٹھیکیدار کا نمبر درج کرنے کا اعلان کیا ہے، سڑک پر پڑے گڑھوں سے پریشان عوام خود ٹھیکیدار کو فون کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے قومی شاہراہوں کی تعمیر و مرمت سے متعلق نئی پالیسی کا اعلان کر دیا۔

    مراد سعید کا کہنا ہے کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے زیر کنٹرول قومی شاہراہوں کی مرمت کا فیصلہ کیا ہے، آئندہ تعمیر یا مرمت پر ٹھیکیدار اور پروجیکٹ مینیجر کی تفصیل درج ہوگی۔

    وفاقی وزیر کے مطابق پروجیکٹ کب شروع اور کب مکمل ہونا تھا، سب درج ہوگا۔ ہر پروجیکٹ بورڈ پر ٹھیکیدار، جی ایم اور پروجیکٹ مینیجرز کے نمبرز درج ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ عوام کو سڑکوں پر گڑھوں نے پریشان کیا تو افسران اور ٹھکیداروں کو کال ہوگی، ہر سیکشن پر پروجیکٹ ڈائریکٹر کا نمبر درج کریں گے۔ کوئی اچھا کام کرے گا تو عوام تعریف کرے گی، برا کام ہوا تو کوئی بچ نہیں سکے گا۔

    مراد سعید کا مزید کہنا تھا کہ نئی پالیسی پر فوری عملدر آمد کے احکامات جاری کر دیے گئے۔

  • زیر آب اور فضا میں مار کرنے والے ہتھیاروں سے لیس جہاز کی تعمیر کا آغاز

    زیر آب اور فضا میں مار کرنے والے ہتھیاروں سے لیس جہاز کی تعمیر کا آغاز

    کراچی: پاک بحریہ کے لیے ملجم کلاس کارویٹ جہاز کی تعمیر کا آغاز ہوگیا، جہاز سطح آب، زیر آب اور فضا میں مار کرنے والے ہتھیاروں اور سینسرز سے لیس ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ کے لیے ملجم کلاس کارویٹ جہاز کی تعمیر کا آغاز ہوگیا۔ تعمیر کے آغاز کی تقریب کراچی شپ یارڈ میں منعقد ہوئی۔

    ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ترکی کے وزیر برائے قومی دفاع تقریب کے مہمان خصوصی تھے، وزیر برائے دفاعی پیداوار زبیدہ جلال اور نیول چیف ایڈمرل امجد نیازی بھی تقریب میں شریک تھے۔

    ترکی کے وزیر برائے قومی دفاع کا کہنا تھا کہ بہترین کوالٹی، کم لاگت اور انتہائی کم مدت میں جہاز کی تعمیر اہم کامیابی ہوگی۔ منصوبہ پاکستان اور ترکی کے دفاعی تعلقات کو مزید فروغ دے گا۔

    وزیر برائے دفاعی پیداوار زبیدہ جلال نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ بحری جہاز کی مقامی سطح پر تعمیر خوش آئند ہے، منصوبے سے جہاز سازی کی صنعت اور صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا۔

    ترجمان کے مطابق جہاز سطح آب، زیر آب اور فضا میں مار کرنے والے ہتھیاروں اور سینسرز سے لیس ہے۔

    ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ جہاز کی تعمیر سنہ 2024 میں مکمل ہو جائے گی، جہاز کی بیڑے میں شمولیت سے امن و استحکام کو فروغ حاصل ہوگا۔

  • کرونا وائرس کے لیے تعمیر کیا جانے والا اسپتال صرف 4 دن میں تکمیل کے قریب

    کرونا وائرس کے لیے تعمیر کیا جانے والا اسپتال صرف 4 دن میں تکمیل کے قریب

    چین نے تیزی سے پھیلتے کرونا وائرس کے علاج کے لیے صرف 4 دن قبل ووہان شہرمیں 1 ہزار بستروں کا اسپتال بنانے کا اعلان کیا تھا اور 4 دن بعد یہ اسپتال اپنی تعمیر کے نصف مرحلے میں پہنچ چکا ہے۔

    چین میں اس وقت کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ووہان شہر ہے جہاں اب تک ساڑھے 4 ہزار سے زائد افراد اس وائرس کا شکار ہو کر اسپتالوں میں داخل ہوچکے ہیں۔

    اس وائرس سے اب تک 106 افراد موت کے منہ میں بھی جا چکے ہیں۔

    چینی حکومت نے چند روز قبل کرونا کے علاج کے لیے مخصوص اسپتال بنانے کا اعلان کیا تھا جو 1 ہزار بستروں پر مشتمل ہوگا اور یہ اسپتال صرف 4 دن میں نصف تعمیر ہوچکا ہے۔

    اسپتال کا نام فائر گاڈ ماؤنٹین ہاسپٹل رکھا جائے گا۔ اسپتال کے لیے 25 ہزار مربع میٹر علاقے میں کھدائی کا کام شروع کیا گیا تھا، اسپتال کو پری فیبری کیٹیڈ مٹیریئل یعنی پہلے سے تیار شدہ اشیا سے بنایا جارہا ہے۔

    اسپتال کی تعمیر مزید 3 سے 4 روز میں مکمل ہوجائے گی اور 3 فروری بروز پیر یہاں پہلا مریض داخل کردیا جائے گا۔

    چین اس سے قبل بھی اسی طرح کی ریکارڈ مدت میں کی جانے والی تعمیرات کا ریکارڈ رکھتا ہے۔

    سنہ 2003 میں بھی سارس وائرس سے نمٹنے کے لیے ایک اسپتال بنایا گیا تھا جسے 4 ہزار افراد نے دن رات کام کر کے صرف 7 روز میں تیار کرلیا تھا۔

    اب مذکورہ اسپتال کی تعمیر کے بعد امکان ہے کہ ملک بھر سے کرونا وائرس کے مریضوں کو یہیں لا کر علاج کیا جائے گا۔

    چین نے فلو کی طرح کے اس وائرس سے نمٹنے کے لیے سفری پابندیاں سخت کر رکھی ہیں اور ووہان سے باہر نکلنے یا شہر میں جانے پر مکمل پابندی عائد کی جا چکی ہے۔

    اب تک امریکا، جرمنی، جاپان، فرانس اور سنگاپور سمیت 16 ممالک میں کرونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

  • سعودی عرب کے ترقیاتی ادارے کے زیراہتمام یمن میں 20 اسکول تعمیر

    سعودی عرب کے ترقیاتی ادارے کے زیراہتمام یمن میں 20 اسکول تعمیر

    ریاض : سعودی عرب کی طرف سے یمن کے مرکزی بنک کو امدادی رقم کی 26 ویں قسط بھی جاری کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق جنگ سے تباہ حال یمن کی تعمیر نومیں سعودی عرب کی حکومت کی طرف سے ہرممکن مدد فراہم کی کی جا رہی ہے،سعودی عرب کے یمن میں تعمیر نو کے لیے قائم کردہ پروگرام کے تحت جنگ کے دوران تباہ ہونے والے 20 سے زائد اسکولوں کی تعمیر کا کام جاری ہے۔

    سعودی عرب کے ترقیاتی پروگرام کے تحت جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے جس کی مدد سے زیرزمین موجود پانی کی نکاسی، پینے کے پانی کے حصول اور آب پاشی کےلیے پانی کے حصول میں مدد لی جائے گی۔

    پانی کے حصول کے لیے شمسی توانائی سے مدد لی جا رہی ہے اور سعودی کی حکومت کی طرف سے متاثرہ علاقوں میں بڑی تعداد میں سولر پینل فراہم کیے گئے ہیں۔

    سعودی عرب کی طرف سے یمن کے مرکزی بنک کو امدادیرقم کی 26 ویں قسط جاری کی، 10 کروڑ 36 لاکھ 259 ڈالر کی امدادی رقم سے یمن میں شہریوں کی بنیادی ضروریات کی فراہمی کو ممکن بنانے میں مدد کی جائے گی۔

    سعودی عرب اس مد میں یمن کے مرکزی بنک کو اب تک ایک ارب 18 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی رقم فراہم کرچکا ہے۔

  • ایپل کا دفتر جو خطرناک قدرتی آفات میں بھی محفوظ رہے گا

    ایپل کا دفتر جو خطرناک قدرتی آفات میں بھی محفوظ رہے گا

    معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کا نیا دفتر ایپل پارک کیمپس یوں تو جدید ٹیکنالوجی سے مزین فن تعمیر کا شاہکار ہے، تاہم اس کی ایک خاصیت یہ بھی ہے کہ یہ قدرتی آفات خاص طور پر زلزلے کے دوران مکمل محفوظ رہے گا۔

    امریکی ریاست کیلی فورنیا میں واقع ایپل کا یہ دفتر 5 ارب ڈالر کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے، ایپل پارک کیمپس دراصل براہ راست زمین کی سطح پر تعمیر نہیں کیا گیا، یہ عظیم عمارت اسٹین لیس اسٹیل سے بنی 700 بڑی بڑی طشتریوں (گول سطح) پر قائم ہے۔

    زلزلہ آنے کی صورت میں یہ طشتریاں بلڈنگ کو 4 فٹ اوپر اٹھا دیں گی۔ ایپل کے چیف ڈیزائن افسر جان ایو کے مطابق زلزلے سے بچاؤ کے اقدامات اس عمارت کی تعمیر کا اہم حصے تھے۔

    جان ایو کے مطابق اس طرح کی عمارت بنانے کا خیال ایپل کے بانی اسٹیو جابز کے دل میں ہمشیہ سے موجود تھا۔ وہ جاپان میں تعمیرات میں استعمال کی جانے والی ’بیس آئسولیشن‘ کی تکنیک سے بے حد متاثر تھے جو اس وقت امریکا میں عام نہیں ہوئی تھی۔

    بیس آئسولیشن کی تکنیک میں عمارت اور اس کی بنیاد کے درمیان بھاری بھرکم سہارا فراہم کیا جاتا تھا جو زلزلے کے وقت عمارت کو عارضی طور پر اوپر کر کے زمین سے علیحدہ کردیتا تھا۔

    ایپل کی نئی عمارت میں بھی اس انداز تعمیر کی جدید شکل پیش کی گئی ہے۔

    اس دفتر کا رقبہ 175 ایکڑ ہے اور یہاں ایپل کے 12 ہزار ملازمین کام کرسکتے ہیں۔ گول دائرے کی شکل میں بنے اس دفتر میں متعدد عمارتیں اور پارک موجود ہیں۔

    دفتر میں تھیٹر بھی بنایا گیا ہے جو اسٹیو جابز کے نام سے منسوب ہے، تھیٹر کے ساتھ فٹنس سینٹر، پارک، اور ورزش کے لیے دوڑنے کے ٹریک بھی موجود ہیں۔

    عمارت کی چھت سولر پینلز سے ڈھکی ہوئی ہے جس سے عمارت اپنے استعمال کی بجلی پیدا کرنے میں خود کفیل ہے۔

  • ترکی نے قطر میں نئے فوجی اڈے کی تعمیر شروع کردی

    ترکی نے قطر میں نئے فوجی اڈے کی تعمیر شروع کردی

    دوحہ : ترکی نے خلیجی ریاست قطر میں ایک نئے فوجی اڈے کی تعمیر شروع کی ہے، فوجی اڈے کے قیام کے بعد قطر میں ترک فوجیوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق دوحا کی منظوری کے بعد انقرہ نے قطر میں نئے فوجی اڈے پر کام شروع کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ ترک حکومت کا کہنا ہے کہ نئے فوجی اڈے کے قیام سے قطر میں ترک فوجیوں کی تعداد میں اضافہ ہو گا۔

    اخباری رپورٹ کے مطابق جلد ہی ترک صدر رجب طیب ایردوآن اور امیر قطر اس کا افتتاح کریں گے۔

    ترک خاتون صحافی ھند فرات نے اخبار میں شائع اپنے مضمون میں لکھا ہے کہ ترکی قطر میں اپنے سیاسی، سیکیورٹی اور عسکری ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کوشاں ہے۔

    ترک خاتون صحافی کا کہنا ہے کہ حال ہی میں اس نے دوحہ کا دورہ کیا تھا جہاں اس نے ترک حکام سے طارق بن زیاد چھاؤنی میں ترکی کی مسلح افواج کے سربراہ اور بری فوج کے چیف کرنل مصطفیٰ ایدن سے بھی ملاقات ہوئی۔

    ھند فرات کا کہنا ہے کہ ترک فوج دوحہ میں قطر۔ ترکی مشترکہ فورسز کے نام سے ایک فوجی مشن شروع کر رہا ہے۔ عنقریب قطر میں ترک فوجیوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگا۔

    اس کا کہنا ہے کہ جلد ہی آپ ایک ایسے مقام پر ہمارے فوجیوں کے اڈے کے بارے میں سنیں گے جہاں کا درجہ حرارت 47 درجے سینٹی گریڈ ہے۔ ترکی اور قطر کے دو طرفہ عسکری تعلقات کی بنیاد کا مقصد خطے میں امن وامان کا قیام ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق قطر میں طارق بن زیادہ فوجی چھاؤنی 2015ء کو قائم کی گئی تھی۔ دسمبر 2017ء سے قطر، ترکی مشترکہ فوجی کمان کی اصطلاح استعمال کی جاتی رہی ہے۔

    ترک صحافیہ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر کی جانب سے قطر کے سفارتی، تجارتی اور سیاسی بائیکاٹ کے بعد پیدا ہونے والے بحران کے دوران قطر اور ترکی کو ایک دوسرے کے مزید قریب آنے کا موقع ملا۔

    ترک اخبار کے مطابق اسی دوران 23 جون 2017ء کو سعودی عرب کی قیادت میں چاروں عرب ممالک نے دوحہ میں ترکی کے فوجی اڈے کو ختم کرنے اور انقرہ کے ساتھ عسکری تعاون روکنے کا مطالبہ کیا۔

    میڈیا کا کہنا تھا کہ یہ مطالبہ دوحہ کے ساتھ تعلقات کی بحالی کے لیے عرب ممالک کی طرف سے پیش کردہ 13 رکنی مطالبات کی فہرست میں شامل تھا۔

    اس کے جواب میں قطر نے کہا کہ دوحہ میں ترکی کا فوجی اڈہ اس کے لیے غیر معمولی تزویراتی اہمیت کا حامل ہے، دوحا کا کہنا ہے کہ خطے میں طاقت کی جنگوں کے پیچھے چھپے راز کا علم ہے۔

    دوسری طرف خلیجی ممالک نے قطر میں ترک فوج کی موجودگی کو باعث تشویش قرار دیا۔ اس کے باوجود ترکی رفتہ رفتہ خطے میں اپنا اثرو نفوذ بڑھا رہا ہے۔