Tag: تعمیر نو

  • ترکیہ: زلزلہ زدگان کے لیے گھروں کی تعمیر کا کام شروع

    ترکیہ: زلزلہ زدگان کے لیے گھروں کی تعمیر کا کام شروع

    انقرہ: ترکیہ میں زلزلے میں بے گھر ہونے والے افراد کے لیے گھروں کی تعمیر نو کا کام شروع کردیا گیا، 2 لاکھ اپارٹمنٹس اور دیہات میں 70 ہزار گھر تعمیر کیے جائیں گے۔

    اردو نیوز کے مطابق ترکیہ نے رواں ماہ کے تباہ کن زلزلے کے بعد گھروں کی تعمیر نو کا کام شروع کر دیا ہے، دوسری جانب ترکیہ اور شام میں زلزلے سے ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 50 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

    ترکیہ میں ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی نے اعلان کیا کہ جمعے کی رات تک ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 44 ہزار 218 ہوگئی جبکہ شام کے تازہ ترین اعلان کردہ اعداد وشمار کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد 5 ہزار 914 ہے۔

    ترک صدر رجب طیب اردوگان نے ایک سال کے اندر متاثرین کے لیے گھروں کی تعمیر نو کا وعدہ کیا ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ حکام کو تعمیرات میں حفاظتی معیار کو رفتار سے پہلے رکھنا چاہیئے۔

    ترکیہ حکومت کے ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ کئی پراجیکٹس کے لیے ٹینڈرز اور کنٹریکٹس کیے گئے ہیں، یہ عمل بہت تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اور حفاظتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ بے گھر افراد کے لیے اضافی خیمے بھیجے گئے ہیں، لیکن متاثرین نے شکایت کی ہے کہ ان کو ٹینٹس کی کمی کا سامنا ہے۔

    ہاسا قصبے میں ایک اسکول کے باہر امداد حاصل کرنے کے لیے قطار میں کھڑے 67 برس کے میلک نے بتایا کہ ان کے 8 بچے ہیں اور وہ ایک خیمے میں رہ رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ بارشیں بھی جاری ہیں اور زمین بھی نم ہوچکی ہے۔

    ترکیہ حکومت کے ابتدائی منصوبے کے مطابق 2 لاکھ اپارٹمنٹس اور دیہات میں 70 ہزار مکانات تعمیر کیے جانے ہیں جن پر 15 ارب ڈالر کی لاگت آئے گی۔

    امریکا کے جے پی مورگن بینک کے تخمینے کے مطابق ترکیہ میں زلزلہ متاثرین کی رہائش گاہوں اور انفراسٹرکچر کی تعمیرِ نو کے لیے 25 ارب ڈالر درکار ہوں گے۔

  • بلوچستان میں کوسٹل ہائی وے کی بحالی کا کام جاری

    بلوچستان میں کوسٹل ہائی وے کی بحالی کا کام جاری

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان میں بارشوں اور سیلاب کے بعد کوسٹل ہائی وے اور آر سی ڈی ہائی وے کی بحالی کا کام پاک فوج کی زیر نگرانی جاری ہے، حب اور اوتھل کے علاقے میں ریلیف اور ریسکیو آپریشن بھی کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں پاک فوج، سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر امدادی کارروائیوں میں مصروف عمل ہے۔

    پاک فوج اور حکومت بلوچستان کے محکمہ مواصلات اور تعمیرات کے باہمی تعاون کے نتیجے میں کراچی سے کوئٹہ اور گوادر جانے والی ٹریفک کے لیے کوسٹل ہائی وے اور آر سی ڈی ہائی وے کے دونوں حصے کھول دیے گئے ہیں۔

    پاک فوج نے حب اور اوتھل کے علاقے میں سیلاب کے دوران سول حکام کے ساتھ مل کر ریلیف اور ریسکیو آپریشن بھی کیا۔

    پاک فوج کی بے لوث اور ان تھک کوششوں سے لوگوں کو نہ صرف راشن اور ادویات فراہم کی جارہی ہیں بلکہ تمام اہم شاہراہوں کی بحالی کو بھی یقینی بنایا جارہا ہے۔

    پاک فوج بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں میں عوام کو ہر ممکن مدد فراہم کرتی رہے گی۔

  • شام کی تعمیرِ نو، سعودی عرب نے 10 کروڑ ڈالر عطیہ کردیئے

    شام کی تعمیرِ نو، سعودی عرب نے 10 کروڑ ڈالر عطیہ کردیئے

    ریاض : سعودی عرب نے خانہ جنگی کے دوران تباہ ہونے والے شامی شہروں کی بحالی، تعمیر نو اور ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمدی کے لیے 10 کروڑ ڈالر کی خطیر رقم عطیہ کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے مشرق وسطیٰ میں واقع ملک شام میں کئی برسوں کی خانہ جنگی کے دوران تباہ ہونے والے شہروں کی تعمیرِ نو کے لیے 10 کروڑ ڈالر کی خطیر رقم عطیہ کی ہے جس سے تباہ شدہ علاقوں کی بحالی و تعمیر کےلیے ترقیاتی منصوبوں کو پورا کیا جائے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ جن علاقوں کی تعمیرِ نو اور ترقیاتی منصوبوں کےلیے سعودی عرب کی جانب سے بھاری رقم عطیہ کی گئی ہے، ان علاقوں کو حال ہی میں بشار الااسد اور ان کی اتحادی افواج نے داعش سے آزاد کروایا ہے۔

    عرب میڈیا کے مطابق امریکا میں واقع سعودی عرب کے سفارتے خانے کی جانب سے جاری بیان میں بتایا تھا کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے حکم پر ریاست کی جانب سے جاری کی جانے والی 10 کروڑ ڈالر کی خطیر رقم کو شہر کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر پر صرف کیا جائے گا۔

    سعودی سفارت کی جانب سے جاری بیان میں کہا تھا کہ مذکورہ علاقوں کی تعمیر نو اس لیے کی جارہی ہے تاکہ اپنے گھروں سے محروم ہونے والے شامی مہاجرین اپنے گھروں میں واپس آکر معمول کی زندگی گزار سکیں۔ سعودی حکومت شام میں صحت کے مراکز کی تعمیر کے سلسلے میں بھی خدمات انجام دے رہی ہے۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل بن احمد الجبیر نے ایک ماہ قبل برسلز میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ خانہ جنگی کے باعث تباہ ہونے والے شامی شہروں کی بحالی و تعمیر نو کے ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد ہونے کے لیے سعودی ریاست رقم فراہم کرے گی۔