Tag: تعینات

  • زمان پارک میں سادہ لباس پولیس اہلکار تعینات

    زمان پارک میں سادہ لباس پولیس اہلکار تعینات

    لاہور: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے واپس زمان پارک پہنچتے ہی سیکیورٹی بھی پہنچ گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اسلا آباد ہائیکورٹ سے ضمانت ملنے کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان زمان پارک پہنچ گئے ہیں ان کے پہنچتے ہی زمان پارک میں سادہ لباس پولیس اہلکار تعینات کردیئے گئے ہیں۔

    زمان پارک میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی سیکیورٹی پر 106 پولیس اہلکار تعینات ہونگے، پولیس اہلکار 3 شفٹوں میں زمان پارک میں سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔

    عمران خان اپنی رہائش گاہ زمان پارک پہنچ گئے، قافلے پر پھول نچھاور

    زمان پارک میں پہلی شفٹ میں 35 اہلکار، دوسری میں 35، تیسری شفٹ میں 36 اہلکار تعینات ہونگے۔

    سیکیورٹی اہلکار کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنان کے غم و غصےکی وجہ سے سول کپڑے پہنے ہیں،

    واضح رہے کہ عمران خان کی گرفتاری کے بعد سیکیورٹی اہلکار زمان پارک سے چلے گئے تھے۔

  • سعودی مرکزی بینک کے نئے گورنر کی تعیناتی

    سعودی مرکزی بینک کے نئے گورنر کی تعیناتی

    ریاض: سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے ایمن بن محمد بن سعود کو سعودی مرکزی بینک کے گورنر کے عہدے پر تعینات کردیا، نئے گورنر کئی بین الاقوامی اداروں کے ساتھ کام کرچکے ہیں۔

    اردو نیوز کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ڈاکٹر فہد المبارک کو سعودی مرکزی بینک کے گورنر کے عہدے سے سبکدوش کر کے ان کی جگہ ایمن بن محمد بن سعود السیاری کو تعینات کردیا، السیاری گورنر بدرجہ وزیر ہوں گے۔

    السیاری 17 اکتوبر 2019 سے سعودی سینٹرل بینک (ساما) کے ڈپٹی گورنر کی حیثیت سے فرائض انجام رہے تھے، السیاری نے ساما میں سیکریٹری گورنر برائے سرمایہ کاری کے عہدے پر 2013 سے 2019 تک خدمات سر انجام دیں۔

    السیاری ساما میں انویسٹمنٹ کمیٹی، مالیاتی پالیسی کمیٹی، خطرات کی نگراں کمیٹی اور مالیاتی استحکام کمیٹی کے رکن کی حیثیت سے بھی ذمہ داریاں ادا کرتے رہے ہیں۔

    وہ سعودی سینٹرل بینک کی مجلس انتظامیہ کے ڈپٹی چیئرمین، سعودی ترقیاتی فنڈ مینجمنٹ، قومی مرکز برائے قرضہ کی مجلس انتظامیہ اور پبلک انویسٹمنٹ فنڈ میں سرمایہ کاری کمیٹی کے ممبر بھی رہ چکے ہیں۔

    السیاری 1999 میں سعودی سینٹرل بینک سے منسلک ہوئے تھے، سنہ 2003 میں وہ 3 برس کے لیے عالمی بینک گروپ میں شامل ہوئے۔

    انہوں نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا آغاز مالیاتی تجزیہ کار کی حیثیت سے سعودی صنعتی ترقیاتی فنڈ سے کیا تھا۔

    السیاری کنگ فہد یونیورسٹی برائے پیٹرولیم و معدنیات سے بی کام، امریکہ کی جارج واشنگٹن یونیورسٹی سے فنڈنگ بزنس مینجمنٹ میں ماسٹرز ہیں، علاوہ ازیں ہارورڈ بزنس اسکول سے پبلک مینجمنٹ پروگرام بھی کیے ہوئے ہیں۔

  • کراچی اور اندرون سندھ میں رینجرز کی اضافی نفری تعینات

    کراچی اور اندرون سندھ میں رینجرز کی اضافی نفری تعینات

    کراچی: ترجمان سندھ رینجرز کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کے پیش نظر شہر قائد اور اندرون سندھ میں رینجرز کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے پیش نظر کراچی اور اندرون سندھ میں رینجرز کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی۔ ترجمان سندھ رینجرز نے کہا کہ رینجرز، دیگر ادارے عوام کے جان ومال کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔

    ترجمان کے مطابق شہری اپنے گھروں میں رہیں تا کہ کرونا جیسی وبائی مرض کو شکست دی جاسکے، عوام سے اپیل ہے سندھ حکومت کے احکامات پر بھرپور طریقے سے عمل پیرا ہوں۔

    سندھ میں 15 روز کیلئے لاک ڈاؤن کا اعلان، وزیراعلیٰ نے ہدایات جاری کردیں

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے بھر میں رات 12 بجے سے لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب عوام کو محتاط ہو کر گھروں میں بیٹھنا ہے، یہ کرفیو نہیں (کیئر فار یو) ہے اور اس دوران لوگوں کو بلا ضرورت گھر سے نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی، اگر کسی کام سے نکلیں تو شناختی کارڈ ساتھ رکھیں۔

    دوسری جانب ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ عوامی مقامات،مالز اور ریسٹورنٹس بند کرنے سے کرونا کیسز میں اضافہ رک گیا، ذرا غور کیجیئے اگر ہم سب مل کر خود کو قرنطینہ میں بند کریں تو کتنا مؤثر ہوگا۔

    واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 730 ہو گئی ہے، وائرس سے مجموعی طور پر 3 افراد جاں بحق جبکہ 13 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

  • مشتاق مہر آئی جی سندھ تعینات

    مشتاق مہر آئی جی سندھ تعینات

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے مشتاق مہر کو انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ پولیس تعینات کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے مشتاق مہر کو آئی جی سندھ پولیس تعینات کر دیا۔وفاقی کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے سمری کی منظوری دی۔ گریڈ 22 کے مشتاق مہر اس وقت آئی جی ریلویز کی حیثیت میں وفاقی حکومت کے ماتحت کام کر رہے ہیں۔

    مشتاق مہر نے کراچی پولیس چیف کی حیثیت سے بھی 3 سال تک سندھ حکومت کے ساتھ کام کیا ہے۔

    سندھ حکومت کی آئی جی سندھ کو ہٹانے کے لیے الیکشن کمیشن کو درخواست

    اس سے قبل رواں ہفتے 24 فروری کو سندھ حکومت نے الیکشن کمیشن کو آئی جی سندھ پولیس سید کلیم امام کو ہٹانے کے لیے درخواست لکھی تھی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سندھ کابینہ نے آئی جی پولیس سید کلیم امام کو عہدے سے ہٹا کر ان کی خدمات وفاق کو سپرد کرنے کی منظوری دی تھی جس پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فردوس شمیم نقوی نے عدالت جانے کا اعلان کیا تھا۔

    سندھ حکومت کی جانب سے وفاق کو غلام قادر تھیبو، مشتاق مہر، کامران فضل، انعام غنی اور ثنا اللہ عباسی کے نام نئے آئی جی کے لیے بھیجے گئے تھے تاہم وفاقی حکومت نے آئی جی سندھ کا تبادلہ وفاقی کابینہ کی منظوری سے مشروط کیا تھا۔

  • بھارت کی چار اعلیٰ‌ شخصیات کیلئے 3ہزار سے زائد کمانڈوز تعینات

    بھارت کی چار اعلیٰ‌ شخصیات کیلئے 3ہزار سے زائد کمانڈوز تعینات

    نئی دہلی : رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ بھارت میں ایک لاکھ آبادی پر صرف 137 پولیس اہلکار ، پولیس کی 22فیصد اسامیاں خالی پڑی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت میں صرف چار اہم افراد کی حفاظت کے لئے اسپیشل پروٹیکشن گروپ (ایس پی جی) کے تین ہزار سے زائد کمانڈوز تعینات ہیں،ان چارافراد میں وزیر اعظم نریندر مودی، اپوزیشن کانگریس کی صدر سونیا گاندھی اور ان کے دو اولادیں راہول گاندھی اورپرینکا گاندھی واڈرا شامل ہیں۔

    میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت وہ ملک ہے جہاں ایک لاکھ آبادی پر صرف 137 پولیس اہلکار ہیں جب کہ پولیس کی بائیس فیصد اسامیاں خالی پڑی ہیں۔

    بھارتی ٹی وی کے مطابق سابق وزیر اعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ کو بھی ایس پی جی کی سیکورٹی حاصل تھی لیکن مودی حکومت نے دوروزقبل یہ نفری واپس لے لی ہے البتہ انہیں نسبتاً کم درجے کی سیکورٹی ملتی رہے گی، ڈاکٹر من موہن سنگھ2004سے2014 تک بھارت کے وزیراعظم رہے۔

    کانگریس پارٹی نے حکومت کے اس فیصلے پر سخت اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ بھی ایک دن سابق ہوں گے۔

    بھارتی حکام کا کہنا تھاکہ ڈاکٹر من موہن سنگھ کی ایس جی پی سیکورٹی واپس لینے کا فیصلہ مختلف سیکورٹی ایجنسیوں کی جائزہ رپورٹ کے بعد کیا گیا، قابل ذکر ہے کہ سابق وزیر اعظم اٹل بہار ی واجپئی کو برسوں کی علالت سے وفات تک ایس پی جی سیکورٹی حاصل رہی۔

    واضح رہے کہ اسپیشل پروٹیکشن گروپ کا قیام سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کے قتل کے بعد1985میں عمل میں آیا۔

    ایس جی پی صرف وزیر اعظم، سابق وزیر اعظم اور ان کے اہل و عیال کو سیکورٹی فراہم کرتا ہے، ایس پی جی کے کمانڈوز کا انتخاب نیم فوجی دستے بارڈر سکیورٹی فورس، سنٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورس، اِنڈو تبتن بارڈر پولیس اور سنٹرل ریزرو پولیس فورس کے جوانوں میں سے کیا جاتا ہے۔

    انہیں امریکی خفیہ سروس کے ایجنٹوں کی طرز پر تربیت دی جاتی ہے، یہ کمانڈوزانتہائی جدید ترین ہتھیاروں سے لیس ہوتے ہیں لیکن ان کا کام حملہ کرنے کے بجائے دفاع کرنا ہوتا ہے، ایس پی جی کو کافی اختیارات حاصل ہیں۔

    ایس پی جی قانون کے مطابق ریاستی حکومتیں اسے ہر طرح کا تعاون فراہم کرنے کی پابند ہیں۔ وہ اپنے کمانڈوز کو کسی بھی جگہ تعینات کرنے کے لیے بھارتی فضائیہ کے طیارے یا ہیلی کاپٹر بھی استعمال کرسکتی ہیں۔

  • روس میں تعینات امریکی سفیر نے استعفیٰ دے دیا

    روس میں تعینات امریکی سفیر نے استعفیٰ دے دیا

    ماسکو/واشنگٹن : امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ سفیر ہنٹس مین کی تبدیلی کا فیصلہ صدر ٹرمپ اور ولادی میر پوٹن کے درمیان ٹیلی فون پر ہونے والی گفتگو میں کیا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق روس کےلئے امریکا کے سفیر جان ہنٹس مین جونیئر اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں،ہنٹس مین نے اپنا استعفیٰ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بھجوایا ہے جس میں انہوں نے دو طرفہ تعلقات کے اس مشکل ترین دور میں روس میں سفیر کی ذمہ داری سونپنے اور بھروسا کرنے پر صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا ہے۔

    امریکی سفیر نے کہا ہے کہ ان کا استعفیٰ 3 اکتوبر سے موثر ہوگا،جان ہنٹس مین کے استعفے سے قبل امریکا کی قومی سلامتی کونسل میں روس سے متعلق امور کی نگران فیونا ہِل نے بھی اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا اطلاعات ہیں کہ وہ رواں ماہ ہی اپنا عہدہ چھوڑ دیں گی۔

    امریکی میڈیا کے مطابق ان استعفوں کا مطلب ہے کہ ٹرمپ حکومت کو ایک ساتھ ہی روس سے متعلق اپنے دو اہم ترین عہدے داروں کا متبادل ڈھونڈنا ہوگا۔یہ تبدیلیاں ایسے وقت ہوں گی جب امریکہ اور روس کے تعلقات کشیدہ ہیں اور ارکانِ کانگریس صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے روس کے خلاف سخت تعزیرات عائد کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

    روس کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے جان ہنٹس مین کے استعفے پر اپنے ردِ عمل میں کہا کہ وہ ایک پیشہ ور سفارت کار تھے لیکن امریکہ کے داخلی سیاسی معاملات کی وجہ سے وہ اس قابل نہیں ہوسکے کہ روس کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو مکمل طور پر پروان چڑھا سکیں۔

    امریکی نشریاتی ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ ہنٹس مین کی تبدیلی کا فیصلہ گزشتہ ہفتے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے روسی ہم منصب ولادی میر پوٹن کے درمیان ٹیلی فون پر ہونے والی گفتگو میں کیا گیا تھا۔

    رپورٹ کے مطابق گفتگو کے دوران دونوں رہنماﺅں نے اتفاق کیا تھا کہ امریکہ کو روس میں نیا سفیر تعینات کرنے کی ضرورت ہے لیکن دونوں رہنماﺅں کی گفتگو کے دورانہنٹس مین کے متبادل کے طور پر کوئی نام زیرِ غور نہیں آیا تھا۔

    ہنٹس مین نے 2007ءمیں روس میں امریکی سفیر کی ذمہ داری سنبھالی تھی،ری پبلکن جماعت سے تعلق رکھنے والے ہنٹس مین جونیئر ریاست یوٹاہ کے گورنر تھے جب انہیں صدر براک اوباما نے 2009ءمیں چین میں امریکہ کا سفیر نامزد کیا تھا۔

    چین میں سفارت کی ذمہ داری سونپے جانے سے ایک سال قبل ہی وہ مسلسل دوسری مدت کے لیے یوٹاہ کے گورنر منتخب ہوئے تھے تاہم انہوں نے صدر اوباما کی جانب سے سفیر نامزد کیے جانے کے بعد گورنر شپ چھوڑ دی تھی۔

    اطلاعات ہیں کہ جان ہنٹس مین اپنی آبائی ریاست واپس لوٹنے اور ایک بار پھر ریاست کے گورنر کا انتخاب لڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

    جان ہنٹس مین اس سے قبل 1990ءکے اوائل میں سنگاپور میں امریکا کے سفیر بھی رہ چکے ہیں جبکہ سابق صدر جارج ڈبلیو بش کے دور میں انہوں نے امریکہ کے نائب نمائندہ برائے تجارت کی حیثیت سے بھی ذمہ داریاں انجام دی تھیں۔

  • مری: جرائم اور سیاحوں کیساتھ بدسلوکی کے پیش نظر پنجاب حکومت کا اہم اقدام

    مری: جرائم اور سیاحوں کیساتھ بدسلوکی کے پیش نظر پنجاب حکومت کا اہم اقدام

    لاہور: مری میں بڑھتے ہوئے جرائم اور سیاحوں کے ساتھ بدسلوکی کے واقعات کے بعد پنجاب حکومت نے ڈولفن فورس تعینات کردی۔

    تفصیلات کے مطابق اتوار کو وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر ڈولفن فورس کو تعینات کیا گیا، ڈولفن فورس ناصرف سیاحوں اور شہریوں کو تحفظ فراہم کرے گی، بلکہ ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے میں بھی معاون ثابت ہوگی۔

    تعنیاتی کے فوری بعد ڈولفن فورس کے اہلکاروں نے مری میں گشت بھی شروع کردیا۔ واضح رہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے یہ اقدام سیاحوں پر حالیہ تشدد کے بعد اٹھایا گیا۔

    گذشتہ سال مری میں ہوٹل مالکان کی طرف سے سیاحوں کے ساتھ بدسلوکی کے متعدد واقعات رونما ہوئے تھے۔ تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات کے بعد سیاحوں کی جانب سے مری کے بائیکاٹ کی مہم بھی چلائی گئی۔

    ان واقعات میں سوشل میڈیا پر خواتین سیاحوں پر بھی تشدد کی ویڈیوز سامنے آئی تھیں۔ تاہم ڈولفن فورس کی تعنیاتی سے اب مری میں سیاحت کے فروغ میں مدد مل سکے گی۔

    مری میں پہلی برفباری، سیاحوں نے ملکہ کوہسار کا رخ کرلیا

    وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق سیاحوں کی شکایات پر فوری کارروائی کی جائے گی۔

    یاد رہے کہ رواں سال کے آغاز میں سیاحوں پر تشدد کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی، مری کے مقام پر متعدد نامعلوم افراد نے گاڑی میں بیٹھی فیلمی پر دھاوا بول دیا تھا۔

  • شبر زیدی کواعزازی چیئرمین ایف بی آر تعینات کرنے کا فیصلہ

    شبر زیدی کواعزازی چیئرمین ایف بی آر تعینات کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد : شبرزیدی کو اعزازی چیئرمین ایف بی آر تعینات کرنے کافیصلہ کرلیا گیا، نئے چیئرمین کی تقرری کا نوٹیفکیشن آج جاری ہونے کا امکان ہے، وزیراعظم نے ایف بی آر کے سینئر افسران کو شبر زیدی کے نام پر اعتماد میں لے لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے شبر زیدی کو اعزازی چیئرمین ایف بی آرتعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا شبرزیدی بطور چیئرمین تنخواہ نہیں لیں گے لیکن چیئرمین کےتمام اختیارات ہوں گے۔

    نئے چیئرمین کی تقرری کا نوٹیفکیشن آج جاری ہونے کا امکان ہے ، وزیراعظم نے ایف بی آر کے سینئر افسران کو شبر زیدی کے نام پر اعتماد میں لے لیا ہے۔

    شبر زیدی نے اسلام آباد میں سینئر حکام سے ملاقاتیں کیں، کل ایف بی آر کےسینئرحکام نے وزیراعظم کے مشیرشہزاد ارباب سےملاقات کی تھی، جس میں ایف بی آر حکام نے چیئرمین کی تعیناتی کے حوالے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا تھا، مشیر نے ایف بی آر حکام کو یقین دلایا تھا وہ وزیراعظم کو تحفظات سے آگاہ کریں گے۔

    مزید پڑھیں : وزیر اعظم، شبر زیدی ملاقات: ملکی مالیاتی نظام سےمتعلق تبادلہ خیال

    گذشتہ روز وزیر اعظم عمران خان سے نامزد چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے ملاقات کی تھی ، ملاقات میں ملک کے مالیاتی نظام سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا اور ٹیکس کا نظام بہتر بنانے کی تجاویز پر مشاورت کی گئی، وزیراعظم عمران خان نے شبر زیدی کو نئی ذمہ داریوں اور حکومتی پالیسی سے آگاہ کیا تھا۔

    یاد رہے وزارت قانون نے اسٹیبلیشمنٹ ڈویژن کی جانب سے اعتراض کے بعد ٹیکس امور کے ماہر شبر رضا زیدی کو اعزازی طور پر چیئرمین ایف بی آر تعینات کرنے کی سفارش کی تھی۔

    وزارت قانون کی جانب سے شبر زیدی کو 2 سال کے لیے اعزازی چیئرمین ایف بی آر تعینات کرنے کی سمری تیار کی گئی ، سمری کے متن کے مطابق اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن نے شبر زیدی کو باقاعدہ چیئرمین ایف بی آر تعینات کرنے پر اعتراض اٹھائے تھے اس لیے انہیں اعزازی طور پر چیئرمین تعینات کرنے میں کوئی قانونی یا آئینی رکاوٹ نہیں۔

    یاد رہے کہ 6 مئی کو اسلام آباد میں سینئر صحافیوں سے گفتگو کے دوران وزیراعظم عمران خان نے شبر زیدی کو چیئرمین ایف بی آر تعینات کیے جانے کی تصدیق کی تھی، جس کے بعد ایف بی آر کے اندرونی حلقوں کی جانب سے اس کی شدید مخالفت کی گئی۔

  • حسین اصغر کو ڈپٹی چیئرمین نیب تعینات کردیا گیا

    حسین اصغر کو ڈپٹی چیئرمین نیب تعینات کردیا گیا

    اسلام آباد : حسین اصغرکو ڈپٹی چیئرمین نیب تعینات کردیا گیا، صدر مملکت عارف علوی نے چئیرمین نیب کی مشاورت سے تعیناتی کی منظوری دی۔

    تفصیلات کے مطابق حسین اصغرکو ڈپٹی چیئرمین نیب تعینات کر کے نوٹیفکیشن جاری کردیاگیا ، صدرعارف علوی نےچئیرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی مشاورت سے حسین اصغرکی تعیناتی کی منظوری دی۔

    حسین اصغرکا تعلق پولیس گروپ سے ہے اور وہ گریڈ بائیس میں ریٹائرڈ ہوئے، حسین اصغر دوران ملازمت ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب اور آئی جی گلگت بلتستان کی حیثیت سے بھی کام کرچکےہیں۔

    حسین اصغر نےوفاقی تحقیقاتی ادارےایف آئی اے میں بھی خدمات انجام دیں اورپیپلز پارٹی کےدورحکومت میں حج کرپشن کیس کو بھی منطقی انجام تک پہنچایا، وہ اچھی شہرت کےحامل افسرسمجھےجاتے ہیں۔

    چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے ڈپٹی چیئرمین کی سیٹ پر تقرری کرنے کی سفارش کی تھی۔

    مزید پڑھیں : چیئرمین نیب نے ڈپٹی ڈائریکٹر نیب کراچی کو معطل کر دیا

    یاد رہے چند روز قبل قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جاوید اقبال نے نیب کراچی کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد ندیم ساجد کو تین ماہ کے لیے معطل کر دیا تھا، انھیں فرائض سے غفلت برتنے پر معطل کیا گیا۔

    نیب چیئرمین جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ نیب میرٹ، شواہد، احتساب سب کے لیے کی پالیسی پر عمل کر رہی ہے، بد عنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے۔

  • شیخ خلیفہ بن زاید النہیان نے دو خواتین کو وفاقی عدالت میں جج تعینات کردیا

    شیخ خلیفہ بن زاید النہیان نے دو خواتین کو وفاقی عدالت میں جج تعینات کردیا

    ابوظبی : متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان اماراتی تاریخ میں پہلی مرتبہ دو خواتین کو وفاقی عدالت میں جج تعینات کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر و ابوظبی کے حاکم شیخ خلیفہ بن زاید النہیان نے 2019 کا 27 واں وفاقی حکم نامہ جاری کرتے ہوئے دو خاتون قانون دان خدیجہ اور سلامہ راشد کو وفاقی عدالت میں جج لگا دیا۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ جج خدیجہ خامس خلیفہ المالاس اور سلامہ راشد الکتبی متحدہ عرب امارات کی پہلی خواتین ہیں جنہیں وفاقی عدالت میں جج کے فرائض سونپے گئے ہیں۔

    View this post on Instagram

    . أصدر صاحب السمو الشيخ #خليفة_بن_زايد آل نهيان رئيس الدولة "حفظه الله” المرسوم الاتحادي رقم 27 لسنة 2019 بتعيين القاضي خديجة خميس خليفة الملص، والقاضي سلامة راشد سالم الكتبي في القضاء الاتحادي. . ونص القرار على تعيين خديجة خميس خليفة الملص في وظيفة قاضي استئناف، وسلامة راشد سالم الكتبي في وظيفة قاضي ابتدائي وذلك في المحاكم الاتحادية. . #الإمارات #رؤية_الإمارات #عين_في_كل_مكان

    A post shared by رؤية الإمارات Emirates Vision (@evisionmn) on

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی حکومت کی جانب سے خواتین ججز کی وفاقی عدالت میں تعینات کا مقصد خواتین کو بااختیار کرنا ہے تاکہ مملکت کی تعمیر و ترقی میں لازمی و کامل کردار ادا کرسکیں۔

    متحدہ عرب امارات کے نائب صدر و وزیر اعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم نے اماراتی خواتین کی کامیابیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد وفاقی عدالتی نظام میں خواتین کی تعداد کو بڑھانا ہے۔