Tag: تفتیشی افسر

  • سپریم کورٹ کا خواتین کے مقدمات میں خاتون تفتیشی افسر مقرر کرنے کا حکم

    سپریم کورٹ کا خواتین کے مقدمات میں خاتون تفتیشی افسر مقرر کرنے کا حکم

    اسلام آباد: سپریم کورٹ نے خواتین کے مقدمات میں خاتون کو ہی تفتیشی افسر مقرر کرنے کا حکم دے دیا، عدالت نے پولیس کو سخت سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ اپنی ذہنیت تبدیل کریں اور غلامی سے نکلیں۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں گوجرانوالہ میں خلع کے بعد اغوا کی جانے والی خاتون کی درخواست کی سماعت ہوئی، سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے اہم احکامات جاری کردیے۔

    سپریم کورٹ نے خواتین کے مقدمات میں خاتون کو ہی تفتیشی افسر بنانے کا حکم دے دیا، سپریم کورٹ نے آئی جی پنجاب کو ہدایت کی کہ ایس او پی تمام تھانوں میں آویزاں کردیے جائیں اور ایس او پی کا اردو ترجمہ تمام ایس ایچ اوز تک پہنچائے جائیں۔

    آئی جی کو آئی جی صاحب کہنے پر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ایس پی کی سخت سرزنش کر ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ آئی جی صاحب کوئی نہیں ہوتا آئی جی صرف آئی جی ہوتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم نے سنہ 47 میں آزادی حاصل کر لی تھی، لیکن پولیس ابھی تک انگریز کے دور میں ہے۔ دنیا میں کہیں آئی جی کو آئی جی صاحب نہیں کہا جاتا، پولیس اپنی ذہنیت تبدیل کرے اور غلامی سے نکلے۔

    سپریم کورٹ نے خاتون کے کیس میں مرد تفتیشی افسرمقرر کرنے پر بھی سخت برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت نے کہا کہ ایس او پی کے مطابق خواتین کے مقدمات میں خاتون افسر تفتیش کر سکتی ہیں۔

    وکیل نے کہا کہ گوجرانوالہ میں خاتون کے مبینہ اغوا اور زیادتی کے مقدمے کی تفتیش مرد تفتیشی افسر نے کی، مرد افسر کی تفتیش پر عدالت نے سوال اٹھایا تو ایس پی نے آئی او کو شوکاز جاری کیا۔

    عدالت نے ایس پی کے شوکاز نوٹس جاری کرنے پر سوال اٹھا دیا، عدالت کی جانب سے کہا گیا کہ کیا ایس پی اپنے ماتحت جس کو وہ خود تعینات کرتا ہو شوکاز نوٹس جاری کرسکتا ہے؟

    سرکاری وکیل نے کہا کہ ایس پی شوکاز نہیں جاری کر سکتا، نوٹس واپس لے لیا جائے گا۔

    عدالت نے مرد تفتیشی افسر مقرر کرنے پر متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او کے خلاف کارروائی کا حکم دے کر درخواست نمٹا دی۔

  • تفتیشی افسر نے میری بیٹی کو اغوا کیا ہے: والد کی عدالت میں دہائی

    تفتیشی افسر نے میری بیٹی کو اغوا کیا ہے: والد کی عدالت میں دہائی

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی سے مبینہ طور پر اغوا شدہ لڑکی کے والد نے عدالت کے سامنے دہائی دیتے ہوئے کہا کہ تفتیشی افسر نے میری بیٹی کو اغوا کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں مبینہ طور پر اغوا شدہ لڑکی کی عدم بازیابی کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ لڑکی کے والد اور تفتیشی افسر عدالت میں پیش ہوئے۔

    لڑکی کے والد نے عدالت میں موجود تفتیشی افسر پر اغوا کا الزام عائد کردیا۔ والد نے کہا کہ میری بیٹی کو سعید آباد سے سنہ 2014 میں اغوا کیا گیا۔

    تفتیشی افسر نے عدالت میں کہا کہ لڑکی نے پسند کی شادی کی ہے اور اب وہ اٹک بھاگ گئی ہے۔ افسر نے والد کی طرف اشارہ کر کے کہا کہ یہ ہمارے ساتھ چلیں ہم لڑکی کو بازیاب کرواتےہیں۔

    لڑکی کے اہلخانہ نے پولیس کے ساتھ اٹک جانے سے انکار کردیا، لڑکی کے والد نے کہا کہ جس تفتیشی افسر نے بیٹی اغوا کی اس کے ساتھ کیسے جائیں۔

    عدالت نے ڈی آئی جی ویسٹ کو لڑکی کی تلاش سے متعلق نئی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دینے کا حکم دے دیا۔

  • مدرسے میں بچے سے زیادتی: تفتیشی افسر معطل، دیگر افسران کو نوٹس جاری

    مدرسے میں بچے سے زیادتی: تفتیشی افسر معطل، دیگر افسران کو نوٹس جاری

    اسلام آباد: بھارہ کہو کے مدرسے میں بچے سے زیادتی کے کیس میں عدالت کی جانب سے اظہار برہمی کے بعد تفتیشی افسر کو معطل جبکہ دیگر پولیس افسران کو نوٹس جاری کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارہ کہو میں بچے سے بدفعلی کے واقعے کی ناقص تفتیش پر انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔ آئی جی نے تفتیشی افسر کو معطل کردیا جبکہ تفتیش میں غفلت برتنے پر انکوائری شروع کردی گئی۔

    ناقص تفتیش اور غفلت کا مظاہرہ کرنے پر ایس ایچ او بھارہ کہو کو بھی شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا، جبکہ لاپرواہی پر ایس پی سٹی زون اور ایس ڈی پی او بھارہ کہو کو بھی نوٹس جاری کردیا گیا۔

    ڈی آئی جی آپریشنز وقار الدین سید کو ناقص تفتیش پر مذکورہ افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی کی ہدایت کردی گئی ہے۔

    آئی جی اسلام آباد کا کہنا ہے کہ زیادتی کے واقعات کی تفتیش کا نیا ایس او پی جاری کر دیا ہے۔ اب ڈی آئی جی آپریشنز زیادتی کیس کی تفتیش کی خود نگرانی کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ایس پی انویسٹی گیشن مصطفیٰ تنویر کی زیر نگرانی خصوصی تفتیشی ٹیم بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔ ترجمان پولیس کے مطابق ٹیم تفتیش کے تمام پہلوؤں پر تحقیقات کرے گی۔

    خیال رہے کہ مذکورہ کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے درست تفتیش نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کیا تھا، چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا تھا کہ عدالت نے سوال کیا تو تفتیشی افسر نے کہا مدعی سے پوچھ لیں، مدعی نے ہی بتانا ہے تو پولیس کیا کر رہی ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ تفتیشی افسر کو بچے سے جنسی زیادتی کیس کی دفعات کا علم نہیں۔ عدالت کو بتائیں آپ نے کیا تفتیش کی؟ بچوں کو قرآن کی تعلیم دینے کی جگہ پر ایک بچے کے ساتھ بدفعلی کی گئی۔

    چیف جسٹس نے کہا تھا کہ جس معاشرے میں بچوں کی حفاظت نہ ہوسکے وہ معاشرہ تباہ ہو جاتا ہے، بچوں کا تحفظ کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔

    عدالت نے مذکورہ کیس میں آئی جی اسلام آباد کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا تھا جن کی جگہ ایڈیشنل آئی جی (اے آئی جی) عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے ہدایت کی تھی کہ پولیس اس حساس معاملے کو سنجیدگی سے دیکھے۔

    یاد رہے کہ بھارہ کہو کے مدرسے میں زیادتی کا واقعہ رواں برس 28 اگست کو پیش آیا۔ ابتدائی معلوماتی رپورٹ (ایف آئی آر) کے مطابق واقعہ مدرسہ تحفیظ القرآن میں ہوا۔

    ایف آئی آر کے مطابق بچے کے والدین نے فوری طور پر مدرسے کے قاری ارشد کو بتایا لیکن اس نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ ملزم ذیشان خود بھی مدرسے میں زیر تعلیم ہے اور اس کی عمر 17 سال ہے، ملزم نے ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔

  • نشوا ہلاکت کیس میں صلح : عدالت نے بچی کے والد اور تفتیشی افسر کو آج طلب کرلیا

    نشوا ہلاکت کیس میں صلح : عدالت نے بچی کے والد اور تفتیشی افسر کو آج طلب کرلیا

    کراچی : مقامی عدالت نے نشوا ہلاکت کیس میں صلح نامے کی تصدیق کے لیے نشوا کے والد اور تفتیشی افسر کو آج بروز منگل کو طلب کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز  نشوا ہلاکت کیس کی سماعت مقامی عدالت میں ہوئی، جہاں تفتیشی افسر چالان کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوا۔

    تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ نشوا کے والد اور ملزمان کے درمیان صلح ہوچکی ہے، عدالت نے صلح نامے کی تصدیق کے لیے نشوہ کے والد اور تفتیشی افسر کومنگل کو طلب کرلیا۔

    چالان میں پولیس نے آغا معیز اور ثوبیہ قصور وارقرار دیا جبکہ چالان میں نشوہ کی ہلاکت اسپتال عملے کی غفلت قراردیا ہے پولیس نے مقدمہ میں نامزد اسپتال مالک عامر چشتی، علی فرحان دیگر کا نام نکال دیا۔

    مزید پڑھیں: نشوا قتل کیس :دارالصحت اسپتال کے مالکان کی ضمانت مسترد، ملزمان احاطہ عدالت سے فرار

    چالان میں کہا گیا ہے کہ دیگر ملزمان سے سمجھوتہ ہو چکا مقدمہ ختم کیا جائے،مقدمہ میں دارالصحت اسپتال کے مالک عامر چشتی، علی فرحان سمیت پانچ ضمانت پر ہیں،خاتون نرس ثوبیہ، آغاز معیز سمیت چار جیل میں ہیں۔

  • فلیگ شپ ریفرنس: خواجہ حارث کی تفتیشی افسر پرجرح

    فلیگ شپ ریفرنس: خواجہ حارث کی تفتیشی افسر پرجرح

    اسلام آباد: احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت کل تک ملتوی ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے نوازشریف کے خلاف فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت کی۔

    سابق وزیراعظم نوازشریف احتساب عدالت میں پیشی کے بعد روانہ ہوگئے، جبکہ ان کے وکیل خواجہ حارث نے تفتیشی افسر محمد کامران پر جرح کی۔

    تفتیشی افسر محمد کامران نے عدالت کو بتایا کہ ایم ایل اے کے جواب میں لینڈ رجسٹری کی کاپی ظاہر شاہ سے لی تھی، لینڈ رجسٹری میں ظاہر نمبر دو الگ الگ پراپرٹیزکی تھیں۔

    وکیل صفائی خواجہ حارث نے گزشتہ سماعت کے دوران تفتیشی افسرمحمد کامران پر جرح مکمل کرنے کا عندیہ دیا تھا۔

    دوسری جانب فلیگ شپ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نوازشریف کو بیان کے لیے آج سوال نامہ دیا جانے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ العزیزیہ اسٹیل مل ریفرنس میں حتمی دلائل منگل کو دیے جائیں گے۔

    نوازشریف کی آج حاضری سےاستثنیٰ کی درخواست منظور


    یاد رہے کہ گزشتہ سماعت پر نوازشریف کے وکیل کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی تھی۔

    درخواست میں کہا گیا تھا کہ کلثوم نوازکے لیے فاتحہ خوانی، دعائیہ تقریب رکھی ہے، آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کی جائے۔ معزز جج نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظورکی تھی۔

  • فلیگ شپ ریفرنس: احتساب عدالت نےنیب کونئی دستاویزات پیش کرنےکی اجازت دے دی

    فلیگ شپ ریفرنس: احتساب عدالت نےنیب کونئی دستاویزات پیش کرنےکی اجازت دے دی

    اسلام آباد : احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف فلیگ شپ ریفرنس میں نیب کو نئی دستاویزات پیش کرنے کی اجازت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت جج محمد ارشد ملک کررہے ہیں۔

    نیب کے تفتیشی افسر محمد کامران آج مسلسل چوتھے روز اپنا بیان قلمبند کروا رہے ہیں۔ وکیل خواجہ حارث کمرہ عدالت میں موجود ہیں۔

    خواجہ حارث نے نوازشریف کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی جس میں موقف اپنایا گیا کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث نوازشریف پیش نہیں ہوسکتے۔

    احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نوازشریف کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی۔

    نیب کے اضافی دستاویزات ریکارڈ پرلانے کے لیے دائردرخواست پرسماعت کے دوران خواجہ حارث اورنیب پراسیکیوٹرکی جانب سے دلائل دیے گئے۔

    خواجہ حارث نے احتساب عدالت سے 342 کے بیان کے سوالات کی کاپی حاصل کرنے کی استدعا کی جس کی نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے مخالفت کی گئی۔

    سردار مظفرعباسی نے کہا کہ 342 کا بیان ملزم کا ہے پہلےسے سوالات نہیں دیے جاسکتے، اس طرح توہم بھی گواہ کوپہلے سے سب سوالات سمجھا دیں گے۔

    نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ سوال نامہ ملزم کودیا گیا تولیگل ٹیم کی مشاورت سے مکمل تیاری سے آئے گا، خواجہ حارث نے کہا کہ جب آپ بحث ختم کرلیں توبتا دیں۔

    سردارمظفرعباسی نے کہا کہ آپ بھی ساتھ ساتھ بحث کرلیں، خواجہ حارث نے کہا کہ ہم نے ریفرنس نمبر 18 کی کاپی کے لیے درخواست دی ہے۔

    خواجہ حارث اور نیب پراسیکیوٹر کے درمیان تلخ کلامی


    نوازشریف کے وکیل نے کہا کہ میڈیا سے معلوم ہوا سوال نامہ نیب کے پاس موجود ہے، یہ ثابت کریں اگر خبرغلط ہے تومیں الفاظ واپس لوں گا۔

    خواجہ حارث نے کہا کہ واجد ضیاء آدھا آدھا گھنٹہ ریکارڈ دیکھ کرجواب لکھواتے رہے، ہماری باری میں نیب کوپیٹ میں درد ہوجاتا ہے۔

    نیب پراسیکیوٹرنے کہا کہ آپ ذاتی حملےکررہے ہیں، ہم قانون پرعمل کریں گے، معزز جج نے خواجہ حارث کو روک دیا اور کہا کہ یہ لڑائی والی بات نہیں اب ختم کریں۔

    معزز جج نے کہا کہ نیب پراسیکیوٹرواثق ملک کوبلا لیں، انہوں نے خواجہ حارث کو کہا کہ آپ جاسکتے ہیں معاون وکیل عدالت میں موجود رہیں۔

    عدالت نے نیب کو نئی دستاویزات پیش کرنے کی اجازت دے دی


    احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف فلیگ شپ ریفرنس میں نیب کو نئی دستاویزات پیش کرنے کی اجازت دے دی۔

    معزز جج ارشد ملک نے نیب کی جانب سے نئی دستاویزات پیش کرنے سے متعلق درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث کا اعتراض مسترد کرتے ہوئے نیب کی درخواست منظور کی۔

    دوسری جانب عدالت نے خواجہ حارث کی سوال نامہ دینے سے متعلق درخواست منظور کرلی، معززجج نے ریمارکس دیے کہ پہلے50 سوال آپ کو فراہم کر دیتے ہیں، باقی سوالات ساتھ ساتھ چلیں گے۔

    نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ ہمیں کہا گیا سوالنامہ نیب کے پاس ہے، ہمارا اس دستاویز سے کوئی تعلق نہیں، معاملہ عدالت کا ہے یہیں ڈسکس ہونا چاہیے۔

    سردار مظفرعباسی نے کہا کہ خواجہ صاحب خود خبر پلانٹ کرتے ہیں بعد میں مکر جاتے ہیں۔

    خواجہ حارث کو سوال نامہ فراہم کردیا گیا، ابتدائی طور پرملزم نوازشریف کو50 سوالوں پر مشتمل سوال نامہ دیا گیا ہے۔

    العزیزیہ اسٹیل ملزریفرنس میں سابق وزیراعظم نوازشریف پیرکو بطورملزم 342 کا بیان قلمبند کرائیں گے۔

    عدالت میں گزشتہ روز سماعت کے دوران کامران احمد نے نواز شریف کے صاحبزادے حسن نواز کی کمپنیوں کی ملکیتی جائیداد کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ حسن نواز کی 18 کمپنیوں کے نام پر17 فلیٹس اوردیگرپراپرٹیز ہیں۔

    نیب کی جانب سے احتساب عدالت میں درخواست دائر کی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ ایک ایم ایل اے معصول ہوا ہے ریکارڈ کا حصہ بنایا جائے۔

    معاون وکیل کا کہنا تھا کہ خواجہ حارث اس پردلائل دیں گے، یہ کوئی طریقہ نہیں تفتیشی افسر کے بیان کے دوران نئی درخواست آگئی۔

    واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے احتساب عدالت کو سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ ریفرنسز کا ٹرائل مکمل کرنے کے لیے 17 نومبر تک کی مہلت دے رکھی ہے۔

  • اسحاق ڈارکےخلاف اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت 23 فروری تک ملتوی

    اسحاق ڈارکےخلاف اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت 23 فروری تک ملتوی

    اسلام آباد : احتساب عدالت نے سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے خلاف اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت 23 فروری تک ملتوی کردی ۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے حوالے سے نیب ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی۔

    عدالت میں سماعت کے دوران نیب کے تفتیشی افسر نادرعباس عدالت میں پیش ہوئے اور ضمنی ریفرنس دائر کرنے کے لیے مہلت مانگ لی۔

    نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ تفتیشی افسر کے علاوہ صرف ایک گواہ انعام الحق باقی ہے جس کا بیان ریکارڈ نہیں ہوا۔

    انہوں نے عدالت کو بتایا کہ گواہ کی طبعیت خراب تھی لیکن اب وہ بہترہے لیکن اس کے باوجود عدالت میں پیش نہیں ہوا، نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ گواہ کو طلب کیا جائے، بے شک عدالت وارنٹ گرفتار جاری کردے۔

    احتساب عدالت نے استغاثہ کے گواہ کو پیش ہونے کے لیے آخری موقع دیتے ہوئے آئندہ سماعت پرگواہ کو بیان ریکارڈ کروانے کے لیے طلب کرلیا

    بعدازاں عدالت نے سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے خلاف اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت 23 جنوری تک ملتوی کردی۔

    اس سے قبل آج اسحاق ڈار کے خلاف نیب ریفرنس کی سماعت کا آغاز ہوا تو نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ گواہ راستے میں ہے، عدالت پہنچنے میں کچھ وقت لگے گا، لہذا کچھ وقت دیا جائے۔

    عدالت نے نیب پراسیکیوٹر نیب کی استدعا منظور کرتے ہوئے ریفرنس کی سماعت میں ساڑھے گیارہ بجے تک کا وقفہ کردیا تھا۔


    اثاثہ جات ریفرنس : جے آئی ٹی سربراہ واجد ضیا کا بیان ریکارڈ


    یاد رہے کہ 12 فروری کو پاناما جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاء کا آمدن سے زائد اثاثوں کے ریفرنس میں بیان قلمبند کیا گیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • خواتین کو بلیک میل کرنے والے ملزم کا لیپ ٹاپ عدالت میں پیش کرنے کا حکم

    خواتین کو بلیک میل کرنے والے ملزم کا لیپ ٹاپ عدالت میں پیش کرنے کا حکم

    لاہور: انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے فیس بک اور انٹرنیٹ کے ذریعے دو سو سے زائد خواتین ڈاکٹروں کو بلیک میل کرنے کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی، دورانِ سماعت پولیس نے ملزم عبدالوہاب کو سخت سکیورٹی حصار میں عدالت میں لایا گیا۔

    سماعت کے دروان متاثرہ ڈاکٹرز کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم فیس بک اور انٹرنیٹ کے ذریعے خواتین ڈاکٹروں کو جعلی ویڈیوز شائع کر کے ہراساں کرکے اُن سے رقم کا مطالبہ کرتا ہے، جس کے باعث  درجنوں خواتین پیشہ چھوڑنے پر مجبور ہوگئیں ہیں۔

    ملزم نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ ’’میرے اوپر ہراساں کرنے کا  الزام غلط ہے،  پولیس نے دباؤ میں آکر میرے خلاف مقدمہ درج کر کے دہشت گردی کی دفعات شامل کی ہیں ، جنہیں کالعدم قرار دیا جائے۔

    عدالت نے کیس کی مزید سماعت 2 جولائی تک ملتوی کرتے ہوئے تفتیشی افسر کو اگلی سماعت پر ملزم کا لیپ ٹاپ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

     

  • کراچی: گرفتار ملزم شکیل عرف چھوٹا کا بلدیہ فیکٹری میں آگ لگانےکا اعتراف

    کراچی: گرفتار ملزم شکیل عرف چھوٹا کا بلدیہ فیکٹری میں آگ لگانےکا اعتراف

    کراچی: پولیس نے سانحہ بلدیہ ٹاؤن کے اہم ملزم کو گرفتار کرلیا،ایم کیوایم کے رہنما عامر خان سمیت نائن زیرو سے گرفتار افراد سے تحقیقات کے لئے جے آئی ٹی تشکیل دے دی گئی ہے ۔

    سانحہ بلدیہ ٹاؤن کے اہم ملزم شکیل عرف چھوٹا نے نئے انکشافات کردئیے، ملزم نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ فیکٹری میں آگ لگانے کا اعتراف کیا، ملزم شکیل نے انکشاف کیا کہ چھ افراد ہائی روف میں گئے تھے، تین فیکٹری کے اندر اور تین باہر رکے تھے۔

    پولیس کا کہنا ہے ملزمان نے بھتہ خوری اور کھالیں چھیننے کا بھی اعتراف کیا ہے، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ برآمد بھی ہوا ۔پولیس کے مطابق ملزمان شہر میں ہڑتال کے دوران فائرنگ سے خوف ہراس پھیلاتے تھے۔

    ملزم شکیل کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے،ملزم شکیل کو چار ساتھیوں سمیت پریڈی کے علاقے سے گرفتار کیا گیا۔

    دوسری جانب محکمہ داخلہ سندھ نے نائن زیرو سے گرفتار ایم کیوایم کے رہنما عامر خان سمیت انتیس افراد سے تفتیش کے لئے جے آئی ٹی ٹیم تشکیل دیدی ۔

    محکمہ داخلہ نے تحقیقاتی ٹیم کے قیام کا نوٹیفیکشن بھی جاری کردیا، گرفتار ملزمان میں عامر خان ،عمیر صدیقی بھی شامل ہیں۔

  • کراچی: سانحہ بلدیہ کی جے آئی ٹی کی ازسر نو تشکیل

    کراچی: سانحہ بلدیہ کی جے آئی ٹی کی ازسر نو تشکیل

    کراچی: سانحہ بلدیہ ٹاؤن کی دوبارہ تحقیقات کے لیے نئے جے آئی ٹی تشکیل دیدی گئی ہے، آفتاب پٹھان کمیٹی کے سربراہ مقرر کر دئیے گئے۔

    کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں ہو نیوالے فیکٹری کے سانحہ کی ازسر نو تحقیقات کیلئے تحقیقاتی ٹیم تشکیل اور اس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

     تحقیقاتی ٹیم کا سربراہ آفتاب پٹھان کو مقرر کیا گیا ہے جبکہ کمیٹی کے دیگر اراکین میں ڈی آئی جی ایسٹ کراچی منیر شیخ ، محکمہ داخلہ کے کرنل سجاد اور ایف آئی اے کے ڈپٹی ڈائر یکٹر الطاف حسین کو شامل کیا گیا ہے۔

     خفیہ تحقیقاتی اداروں آئی ایس آئی، ایم آئی اور آئی بی سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ بھی اپنے ادارے کےایک ایک رکن کا نام دیں جنہیں تحقیقاتی ٹیم میں شامل کیا جاسکے۔

     سانحہ بلدیہ ٹاؤن میں دو سو انسٹھ محنت کش جاں بحق ہو ئے تھے، رینجرز کی جانب سے جے آئی ٹی رپورٹ سندھ ہائیکورٹ میں جمع کرانے کے بعد سے یہ معاملہ ایک مرتبہ پھر خبروں کی زد میں ہے۔