Tag: تلنگانہ

  • بھارت: 3 لڑکیاں سیلفی لینے کے دوران ڈوب کر ہلاک

    بھارت: 3 لڑکیاں سیلفی لینے کے دوران ڈوب کر ہلاک

    حیدرآباد: بھارت میں تین نوجوان لڑکیاں سیلفی لینے کے دوران ڈوب کر ہلاک ہو گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست تلنگانہ کے ایک گاؤں میں دو بہنوں سمیت تین لڑکیاں جھیل میں سیلفی لینے کے دوران گر کر ڈوب گئیں۔

    پولیس رپورٹ کے مطابق ضلع نرمل کے گاؤں شنگنگام میں پیر کے روز جھیل سے تین لڑکیوں کی لاشیں ملیں، جن کے بارے میں معلوم ہوا کہ وہ اتوار سے غائب تھیں۔

    لڑکیوں میں دو بہنیں 16 سالہ الیمی سنیتا اور 14 سالہ ویشالی، اور ایک کزن 14 سالہ انجلی شامل تھیں، خاندانی ذرائع کے مطابق تینوں لڑکیاں سوشل میڈیا پر تصاویر شیئر کرنے کے لیے اچھی تصویر بنانے کی کوشش کرنے کے لیے جھیل کی طرف گئی تھیں۔

    پولیس بیان میں کہا گیا ہے کہ سنیتا اور ویشالی وقت گزارنے کے لیے اپنی والدہ اور کزن کے ہمراہ اتوار کو اپنے زرعی فارم پر گئی تھیں، جہاں وہ اپنے موبائل فون سے تصاویر لے رہی تھیں، اس دوران لڑکیوں نے سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کے لیے جھیل کے قریب جا کر تصاویر کھینچنے کی خواہش ظاہر کی۔

    لڑکیوں کی والدہ نے بتایا کہ جب لڑکیاں کافی دیر تک واپس نہیں آئیں، تو انھیں فکر لاحق ہوئی اور لڑکیوں کی تلاش شروع کر دی، لیکن ناکامی کی صورت میں تھانے میں لڑکیوں کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرا دی۔

    اگلی صبح دیہاتیوں نے جھیل میں لڑکیوں کی لاشیں تیرتے دیکھیں، تو پولیس کو اطلاع دی، پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو قبضے میں لے لیا۔

    جائے حادثے سے ملنے والے موبائل فون کی تصاویر چیک کی گئیں تو وہ ڈوبنے سے چند لمحے پہلے کی تھیں، پولیس کا کہنا تھا کہ لاشوں سے کوئی قتل کا شبہ نہیں ہوتا، اور جہاں وہ لڑکیاں ڈوب کر ہلاک ہوئیں وہاں بہت زیادہ پھسلن تھی، جس کے باعث تفتیش کاروں کو شبہ ہے کہ لڑکیاں پھسلن کی وجہ سے ڈوب کر ہلاک ہوئیں۔

  • بھارت: آسمان میں روشن ہالہ نمودار

    بھارت: آسمان میں روشن ہالہ نمودار

    حیدرآباد: بھارتی ریاست تلنگانہ میں آسمان میں ایک روشن ہالہ نمودار ہوا جس نے لوگوں کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی شہر حیدرآباد سمیت تلنگانہ ریاست کے مختلف مقامات پر شہریوں نے ایک حیرت انگیز اور دل کش نظارہ دیکھا، جس سے وہ زبردست تجسس میں مبتلا ہوئے۔

    دراصل بدھ 2 جون کو دوپہر کے وقت سورج کے اطراف 22 ڈگری کا ایک نایاب ہالہ بن گیا تھا، جس نے آسمان میں عجیب سا منظر بنا دیا تھا، حیدرآباد شہر جسے دیکھ کر حیرت زدہ ہو گیا، اسے بائیس ڈگری سرکلر ہالو بھی کہا جاتا ہے۔

    یہ ایک غیر معمولی شمسی منظر ہوتا ہے، یہ اس وقت بنتا ہے جب سورج کی شعاعیں بل کھاتے بادل میں شش جہتی آئس کرسٹلز کے ذریعے اپنا راستہ بدلتی ہیں، اسے کالیڈواسکوپک ایفکٹ بھی کہا جاتا ہے۔

    سورج کا یہ ہالہ دراصل آنکھوں کو جس طرح دکھائی دیتا ہے، ویسا ہوتا نہیں، اور یہ منظر فضا میں معلق آئس پارٹیکلز کے ساتھ روشنی کے ٹکرانے سے پیدا ہوتا ہے، اسی لیے یہ سرد علاقوں میں بنتا ہے، تاہم بھارت جیسے گرم ممالک میں یہ شاذ و نادر ہی نمودار ہوتا ہے۔

    اس منظر میں ایسا لگتا ہے جیسے سورج قوس قزح کے ہالے سے گھرا ہوا ہے تاہم یہ قوس قزح (ریمبو) نہیں ہوتا، جس میں سرخ اور نیلے رنگ نمایاں ہوتے ہیں، ایسا دکھائی دیتا ہے کہ ان رنگوں نے سورج کے گرد دائرہ بنا دیا ہے۔

    عام طور پر ایسا ہی سردیوں کے دوران چاند کے ساتھ بھی ہوتا ہے، سن ہالہ کی پیش گوئی نہیں کی جا سکتی۔

  • 3 سال قبل اغوا شدہ بچہ والدین کو واپس مل گیا

    3 سال قبل اغوا شدہ بچہ والدین کو واپس مل گیا

    نئی دہلی: بھارت میں 3 سال قبل اغوا ہونے والا بچہ والدین کو مل گیا جس پر والدین خوشی سے نہال ہوگئے، پولیس نے بچے اغوا اور فروخت کرنے والے گینگ کو گرفتار کرلیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست تلنگانہ میں 3 سال قبل اغوا ہونے والا بچہ والدین کو مل گیا، گنیش سنہ 2018 میں گھر کے سامنے سے کھیلتے ہوئے لاپتہ ہوگیا تھا۔

    پولیس کے مطابق اسے 3 مجرمان کے گروپ نے اغوا کیا تھا اور بعد ازاں حیدر آباد میں ایک خاتون کو ڈیڑھ لاکھ روپے کے عوض فروخت کردیا تھا۔

    3 سال بعد چند روز قبل مجرموں نے گنیش کے اہلخانہ کو فون کیا اور بتایا کہ وہ زندہ اور صحیح سلامت موجود ہے، اہلخانہ نے پولیس کو اس بارے میں اطلاع دی۔

    بعد ازاں پولیس نے حیدر آباد کے مذکورہ علاقے میں تفتیش کرتے ہوئے گنیش کو بازیاب کروا لیا۔

    پولیس نے پہلے ایک ملزم کو گرفتار کیا اور اس کی نشاندہی پر 2 مزید ملزمان کو گرفتار کرلیا جو میاں بیوی تھے۔

    پولیس کو اس گروپ کے مزید ارکان کی تلاش ہے جو منظم طور پر بچے اغوا کر کے انہیں فروخت کرنے کا مکروہ دھندا کرتے ہیں۔

  • خون کے پیاسے شیر نے ریاست میں خوف کی لہر دوڑا دی

    خون کے پیاسے شیر نے ریاست میں خوف کی لہر دوڑا دی

    تلنگانہ: ایک آدم خور شیر نے بھارتی ریاست تلنگانہ میں خوف کی لہر دوڑا دی ہے، مقامی حکام نے پکڑنے میں ناکامی کے بعد اسے مارنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست تلنگانہ کے ضلع آصف آباد میں ایک شیر کو انسانی خون کا ذائقہ لگ گیا ہے، جس کے بعد اس نے نومبر میں 2 انسانوں کی جانیں لے لی ہیں۔

    شیر اتنا چالاک ہے کہ تلنگانہ حکومت کے اسے پکڑنے کے سارے اقدامات ناکام رہے ہیں، محکمہ جنگلی حیات کی جانب سے شیر کو پکڑنے کے لیے جنگل میں پنجرے لگائے جا چکے ہیں لیکن وہ پکڑ میں نہیں آ سکا ہے۔

    بتایا جاتا ہے کہ یہ شیر ریاست مہاراشٹر سے آصف آباد میں داخل ہوا ہے، اور ٹائیگر کاریڈور ایریا کو اپنا مسکن بنا کر دہشت کی علامت بن گیا ہے۔

    یہ خوں خوار شیر پیٹ کی آگ بجھانے کے لیے مقامی آبادی کے مویشیوں کو مسلسل نشانہ بنا رہا ہے، نومبر میں دو بد قسمت انسان بھی اس کی بھینٹ چڑھ گئے تھے، شیر نے ان پر حملہ کر کے چیر پھاڑ دیا تھا۔

    خونخوار شیرنی کسان پر جھپٹ پڑی، لرزہ خیز واقعہ

    کاغذ نگر کے فاریسٹ ڈویژنل آفیسر وجے کمار کا کہنا تھا کہ مویشیوں کی ہلاکت کے واقعات ہر ہفتے رو نما ہو رہے ہیں، ٹائیگر کاریڈور ایریا میں کئی شیر ہیں تاہم فی الوقت ہم اس شیر کو پکڑنے پر توجہ دے رہے ہیں جو مہاراشٹر سے آصف آباد میں داخل ہوا ہے۔

    شیر کو پکڑنے میں ناکامی کے بعد حکومت تلنگانہ نے پڑوسی ریاست مہاراشٹر سے مدد طلب کر لی ہے، اس سلسلے میں چیف وائلڈ لائف وارڈن آر شوبھا نے مہاراشٹر کے محکمہ جنگلات کو ایک مکتوب تحریر کیا۔

    خط میں مہاراشٹر سے ایسی ریپڈ رسپانس ٹیموں کی مدد طلب کی گئی ہے جو شیر کو تلاش کرنے اور پکڑنے کے لیے مقامی ٹیموں کی مدد کریں گی۔

    محکمہ جنگلی حیات کے ایک افسر نے ماہرین کے حوالے سے بتایا کہ پنجروں سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا، مہاراشٹر میں بھی یہ تجربہ ناکام رہا، اس لیے ہم نے اس شیر کو مارنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

  • بھارت: جھیل کنارے امریکی شہری کی لاش برآمد

    بھارت: جھیل کنارے امریکی شہری کی لاش برآمد

    حیدر آباد: بھارتی ریاست تلنگانہ میں جھیل کنارے امریکی شہری کی لاش برآمد ہوئی، ایک ملٹی نیشنل کمپنی میں اعلیٰ عہدے پر فائز مذکورہ امریکی شہری حادثے کا شکار ہوا۔

    مقامی میڈیا کے مطابق ریاست تلنگانہ کے دارالحکومت حیدر آباد میں واقع عثمان ساگر جھیل کے قریب پہاڑیوں میں ایک 42 برس کا امریکی شہری مردہ پایا گیا۔ پولیس کے مطابق اس شخص کی شناخت پال رابرٹ لٹل جان کے طور پر کی گئی ہے۔

    بظاہر یوں لگ رہا ہے کہ وہ سائیکل چلاتے ہوئے حادثاتی طور پر اونچائی سے گر پڑا اور موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

    پال حیدر آباد کے گچی باؤلی علاقہ کے کیو اپارٹمنٹ میں اپنے 2 بچوں اور بیوی ایریکا کے ساتھ رہتا تھا اور ایک ملٹی نیشنل کمپنی کا نائب صدر تھا۔

    اس کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ روز صبح 6 بجے گھر سے روانہ ہوا تاہم گھر واپس نہیں پہنچا، انہوں نے شوہر کو فون کیا لیکن کوئی جواب نہیں ملا۔

    بعد ازاں اہلیہ نے پولیس میں رپورٹ درج کروائی، پولیس کی تلاش کے بعد پال کی لاش برآمد ہوئی۔

  • خاتون ڈاکٹر کو جلا کر قتل کرنے والے 4 ملزمان پولیس انکاؤنٹر میں مارے گئے

    خاتون ڈاکٹر کو جلا کر قتل کرنے والے 4 ملزمان پولیس انکاؤنٹر میں مارے گئے

    حیدرآباد: بھارتی ریاست تلنگانہ کے شہر حیدر آباد میں نوجوان خاتون ڈاکٹر کو زیادتی کے بعد جلا کر قتل کرنے والے چاروں ملزمان پولیس کی گولیوں کا نشانہ بن گئے۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں بھارت کو شرمندہ کرنے والے واقعے کے گرفتار چاروں ملزمان پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گئے، بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ زیادتی اور قتل میں ملوث 4 زیر حراست ملزمان پولیس حراست سے فرار کی کوشش میں مارے گئے۔

    یاد رہے کہ دو ہفتے قبل تلنگانہ میں ایک 27 سالہ ویٹرنری ڈاکٹر پریانکا ریڈی کو کچھ ملزمان نے زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد زندہ جلا کر قتل کر دیا تھا، اس واقعے نے بھارت میں ایک بار پھر خواتین پر تشدد اورریپ پر بحث چھیڑ دی تھی، جب کہ دنیا بھر میں اس واقعے کی گونج سنائی دی۔

    یہ بھی پڑھیں:  بھارت میں اجتماعی زیادتی کا شکار ایک اور لڑکی کو جلا دیا گیا

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈاکٹر پریانکا ریڈی رات کو ڈیوٹی سے گھر لوٹ رہی تھی کہ راستے میں اسکوٹی خراب ہو گئی، اس نے اپنی بہن کو فون کر کے اطلاع دی اور کہا کہ یہاں آس پاس صرف ٹرک ہی ٹرک ہیں، اور مجھے ڈر لگ رہا ہے۔ بہن نے کہا کہ اسکوٹی چھوڑ کر ٹیکسی کر کے فوراً گھر آجائے، تاہم کچھ دیر بعد اس کا فون بند ہو گیا اور وہ گھر بھی نہیں لوٹی۔

    گھر والوں نے ڈاکٹر پریانکا کی تلاش شروع کرتے ہوئے پولیس سے بھی رابطہ کیا، تلاش کے دوران رات گئے بد قسمت ڈاکٹر کی جلی ہوئی لاش ایک پل کے پاس ملی، تحقیقات سے معلوم ہوا کہ لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد زندہ جلا کر قتل کر دیا گیا تھا۔ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا تھا۔