Tag: تمل ناڈو

  • فلمی انتقام، قاتل گینگ کو ایک ایک کر کے مارنے والا آخری قتل کرتے ہوئے گرفتار

    فلمی انتقام، قاتل گینگ کو ایک ایک کر کے مارنے والا آخری قتل کرتے ہوئے گرفتار

    چنئی: بھارتی ریاست تمل ناڈو میں ایک شخص نے اپنے بھائی کے قاتلوں کو ایک ایک کر کے قتل کر دیا تاہم گینگ کے آخری شخص کو قتل کرنے سے قبل وہ گرفتار ہو گیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق تمل ناڈو پولیس نے نمککل کے علاقے سے ایک شخص کو گرفتار کیا ہے، جس نے اپنے بھائی کے قاتلوں سے فلمی انداز میں انتقام لیا، اور 4 سال کے عرصے میں 5 افراد کو مارا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ 42 سالہ سریش کمار کے بھائی گاؤں پنچایت کے صدر ایس وجے کمار کو 2012 میں کُپن، دوریداس، چندرو، سیکر، نتھیانندم اور وینکٹیسن پر مشتمل ایک گروہ نے سڑک پر قتل کر دیا تھا۔ اسی سال سریش کمار نے بھائی کا بدلہ لیتے ہوئے پہلے ملزم کو قتل کیا، کُپن چنئی کے راستے میں تھا جب سریش کمار نے اس کی کار کو روکا اور اسے سڑک پر مار ڈالا۔

    2014 میں اس نے گینڈی میں دوریداس کو قتل کیا، اسی سال کے آخر میں نتھیانندم کو اس کے گھر کے باہر قتل کر دیا، اور 2015 میں اس نے چنئی جا کر چندرو کو بھی قتل کر دیا، اس سے اگلے سال سیکر کو چنگل پیٹ ضلع میں دن دہاڑے قتل کر دیا۔

    دل چسپ بات یہ ہے کہ سریش کمار کو قتل کے پانچوں مقدمات میں گرفتار کیا گیا تھا، لیکن وہ ہر بار ضمانت پر باہر آیا اور روپوش ہو گیا، عدالت میں حاضری میں ناکامی پر پولیس نے سریش کمار کے خلاف عدالت سے تین ناقابل ضمانت وارنٹ بھی حاصل کیے۔

    لڑکے نے 50 روپے کی بریانی کے لیے مقتول کو 60 بار چاقو مارا

    سریش کمار نے پانچ افراد کو قتل کر دیا تھا تاہم سریش کے خوف سے گینگ کا آخری رکن وینکٹیسن روپوش ہو گیا تھا، حال ہی میں پولیس کو اطلاع ملی کہ وینکٹیسن نمککل میں چھپا ہوا ہے اور سریش کمار بھی اسے قتل کرنے کے لیے وہاں پہنچ گیا ہے، جس پر جمعہ کو ایک خصوصی ٹیم نمککل پہنچی اور سریش کمار کے ٹھکانے کو گھیرے میں لے کر اسے گرفتار کیا گیا اور چنئی لا کر عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا۔

    سریش کمار کو اس وقت قتل کے پانچ مقدمات کا سامنا ہے، چھٹے حملے کی منصوبہ بندی کرتے ہوئے اسے گرفتار کیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق وہ اپنے بھائی کے قتل کا بدلہ لینے کی کوشش کر رہا تھا جس کا 11 سال قبل قتل کیا گیا تھا۔

  • بھارت: رتھ پر سوار 11 افراد پر اچانک قیامت ٹوٹ پڑی

    بھارت: رتھ پر سوار 11 افراد پر اچانک قیامت ٹوٹ پڑی

    نئی دہلی: بھارت ایک رتھ پر سوار 11 افراد پر اچانک قیامت ٹوٹ پڑی جب رتھ بجلی کی ہائی ٹینشن وائر سے ٹکرا گئی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست تمل ناڈو میں مذہبی تہوار رتھ اتسو کے موقع پر پیش آئے حادثے میں 11 افراد درد ناک طریقے ہلاک ہو گئے، اور کئی دیگر جھلس کر زخمی ہو گئے۔

    رپورٹس کے مطابق تمل ناڈو کے تھانجاور کے قریب کالی میڈو میں بدھ کی صبح، ایک جلوس کے دوران ایک مندر کے رتھ سے اوور ہیڈ ہائی وولٹیج کیبل کے ٹکرانے سے اموات ہوئیں، جن میں تین بچے بھی شامل تھے۔

    آرائشی رتھ لکڑی کا تھا، پولیس نے بتایا کہ کالی میڈو کے گاؤں والوں کی جانب سےایک مذہبی جماعت نے ساتویں دہائی کے تمل شاعر سنت شری اپر کی یاد میں رتھ یاترا کا انعقاد کیا تھا۔

    رتھ کو آدھی رات کو بڑی تعداد میں عقیدت مند کھینچ رہے تھے کہ اسی دوران رتھ کا اوپری حصہ ہائی وولٹیج الیکٹرک لائن کی زد میں آ گیا، جس کے ساتھ ہی گیارہ افراد جھلس کر مر گئے۔

    وزیر اعظم نریندر مودی نےحادثے پرگہرے رنج کا اظہارکرتے ہوئے مرنے والوں کے خاندانوں کے ساتھ اظہار تعزیت کیا۔