Tag: تنازع

  • بھارتی کرکٹر نے اپنے اور گوتم گمبھیر کے تنازع میں وسیم اکرم کو بھی کھینچ لیا

    بھارتی کرکٹر نے اپنے اور گوتم گمبھیر کے تنازع میں وسیم اکرم کو بھی کھینچ لیا

    بھارت کے سابق کرکٹر نے اپنے اور موجودہ ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کے درمیان تنازعے میں پاکستان کے لیجنڈ کرکٹر وسیم اکرم کو بھی کھینچ لیا ہے۔

    گوتم گمبھیر اپنی جارح مزاج شخصیت کے لیے مشہور ہیں اور ماضی میں ان کی مہندر سنگھ دھونی اور ویرات کوہلی جیسے کرکٹرز سے بھی ان بن کی خبریں میڈیا کی زینت بنتی رہی ہیں، بھارت کے ایک اور کرکٹر منوج تیواڑی اور ان کی چپقلش بھی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے۔

    رانجی ٹرافی 2015 کے دوران دہلی اور بنگلا کے درمیان ہونے والے میچ میں دونوں میں تلخ کلامی ہوئی تھی اور بات کافی بڑھ گئی تھی جبکہ اسے بھارتی کرکٹ کی تاریخ کے چند بدترین واقعات میں سے ایک کے طور پر بھی جانا جاتا ہے۔

    منوج تیواڑی نے حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ جب میں نے 2010 میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز جوائن کی تو پہلے میرے اور ان کے تعلقات ٹھیک مگر پھر انھوں نے اپنا آپا کھو دیا اور مجھے بات بات پر ڈانٹنے لگے ان کی استعمال کیے گئے الفاظ بہت تکلیف دینے والے ہوتے تھے۔

    بھارت کے سابق بیٹر نے بتایا کہ جب ہم کےکے آر میں ٹیم میٹ تھے تو ایڈن گارڈن میں ہماری بحث ہوئی، گوتم نے مجھے کہا کہ آج کے بعد تجھے کبھی نہیں کھلاؤں گا، اس دوران بولنگ کوچ وسیم اکرم بھی وہاں آگئے اور انھوں نے معاملے کو سنبھالا۔

    منوج کا مزید کہنا تھا کہ میں اس وقت کولکتہ کے ان چند کرکٹرز میں سے ایک تھا جو تواتر کے ساتھ کارکردگی دکھا رہے تھے، اس وقت میڈیا مجھ پر توجہ دیتا تھا تو ان چیزوں پر گوتم کا ری ایکشن اچھا نہیں ہوتا تھا۔

  • رشتے کے تنازع پر سوتیلے بھائی نے اپنے 2 بھائیوں کو قتل کر دیا

    رشتے کے تنازع پر سوتیلے بھائی نے اپنے 2 بھائیوں کو قتل کر دیا

    کبیروالا میں رشتے کے تنازع پر سوتیلے بھائی نے اپنے 2 بھائیوں کو قتل کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے علاقے کبیروالا میں رشتے کے تنازع پر سوتیلے بھائی نے اپنے 2 بھائیوں کو قتل کر دیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولین کی شناخت قیصر عباس اور ناصر عباس کے نام سے ہوئی، ملزم منیر احمد نے ایک بھائی کو فائرنگ اور دوسرے کو چھری کے وار کر کے قتل کیا۔

    عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ملزم منیر احمد نے دوسرے بھائی کو گلیوں میں بھگا بھگا کر چھری کے وار سے قتل کیا۔

    دوسری جانب پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزم کو گرفتار کر لیا۔

  • جائیداد کے تنازع پر بھائی نے بھائی کو ٹریکٹر سے کچل ڈالا، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    جائیداد کے تنازع پر بھائی نے بھائی کو ٹریکٹر سے کچل ڈالا، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    راجستھان: بھارت میں جائیدادکے  تنازع پر بھائی نے بھائی کو ٹریکٹر سے کچل ڈالا جس کی دل دہلا دینے والی ویڈیو سامنے آئی ہے۔

    بھارتی ریاست راجستھان کے ضلع بھرت پور میں زمین کے تنازع پر بھائی نے ٹریکٹر سےکچل کر بھائی کو  قتل کر دیا، اس افسوسناک واقعے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں مقامی لوگوں کو مداخلت کرنے کے بجائے اس قتل کی وڈیوز بناتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق مقامی پولیس کا اس  حوالے سے کہنا ہے کہ 30 سالہ نرپت کو ٹریکٹر کے نیچے کچل دیا گیا تھا اور مبینہ طور پر اس کے بھائی دامودر نے اسے قتل کیا ہے۔

    پولیس نے بتایا کہ نرپت اور دامودر کے درمیان دیرینہ زمین کا تنازع چل رہا تھا، اب تک 6 افراد کو حراست میں لیا جاچکا ہے تاہم اس میں ملوث دیگر ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

    دوسری جانب بی جے پی لیڈر گجیندر سنگھ شیخاوت نے کانگریس کی قیادت والی راجستھان حکومت پر تنقید کرتے ہوئے اس واقعہ کو "دل دہلا دینے والا” قرار دیا۔

  • زمین کے تنازع پر مخالفین نے نوجوان کو آگ لگا دی

    زمین کے تنازع پر مخالفین نے نوجوان کو آگ لگا دی

    صادق آباد زمین کے تنازے پر جھگڑا مخالفین نے ظلم کی انتہا کر دی نوجوان کو بدترین تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پٹرول چھڑک کر اگ لگا دی۔

     تفصیلات کے مطابق صادق آباد زمینی تنازع پر مخالفین نے ظلم کی انتہا کر دی جس سے انسانیت بھی شرما گئی نواحی علاقہ بستی چاہ پاور میں زمینی تنازع پر جھگڑا ہوا ہے۔

    جس پر مخالفین نے نوجوان کو پکڑ کر بدترین تشدد کا نشانہ بنایا اور تشدد کرنے بعد نوجوان پر پیٹرول چھڑک کر اگ لگا دی جس سے نوجوان کا جسم بری طرح متاثر نوجوان کو تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

    جہاں پر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے نوجوان دم توڑ گیا اطلاع ملنے پر تھانہ صدر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی پولیس نے مقدمہ درج کر کے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

  • سندھ پولیس اور صوبائی حکومت کے درمیان اختیارات کا تنازع

    سندھ پولیس اور صوبائی حکومت کے درمیان اختیارات کا تنازع

    کراچی: آئی جی سندھ کلیم امام نے افسران کو صوبہ بدر کرنے پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان فیصلوں نے پولیس کے مورال اور آئی جی کی کمانڈ کو کمزور کیا۔

    تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ کلیم امام نے افسران کو صوبہ بدر کرنے پر چیف سیکریٹری کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ خادم حسین رند سندھ پولیس کے اہم معاملات دیکھ رہے تھے، رضوان احمد شکار پور میں ڈاکوؤں کے خلاف اہم کردار ادا کر رہے تھے۔

    آئی جی سندھ نے خط میں کہا کہ اچانک افسران کےغیرمتوقع تبادلے نےغیر یقینی صورت حال پیدا کی، ان فیصلوں نے پولیس کے مورال اور آئی جی کی کمانڈ کو کمزور کیا۔

    انہوں نے کہا کہ میں فورس کا سربراہ ہوں اور مجھے یہ فیصلے میڈیا سے پتہ چلے، بدقسمتی سے یہ جب ہوا تو افسران سنجیدگی، دیانت داری سے کام کر رہے تھے۔

    آئی جی سندھ نے خط میں سندھ ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کے احکامات سے بھی آگاہ کیا،عدالتی حکم کے مطابق آئی جی انفرادی طور پر تبادلے ،تقرری کا مجاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2019 پولیس ایکٹ کے تحت بھی آئی جی تقرری، تبادلوں کا اختیار رکھتا ہے، درخواست ہے پولیس کو اپنا کردار بہتر انداز میں ادا کرنے دیا جائے۔

  • ایران کا امریکی پابندیوں سے متاثٖر ہونے کا اعتراف، تیل کی صنعت خسارے کا شکار

    ایران کا امریکی پابندیوں سے متاثٖر ہونے کا اعتراف، تیل کی صنعت خسارے کا شکار

    تہران: ایرانی وزیر تیل بیژن زنگنہ نے امریکی پابندیوں سے متاثر ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے عزم کا اظہار کیا کہ ان پابندیوں کے خلاف مزاحمت بھی جاری رکھیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں ایرانی وزیر تیل بیژن زنگنہ نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف غیر ملکی پابندیوں نے ایران کی تیل کی صنعت کو متاثر کیا ہے لیکن تہران حکومت ان پابندیوں کے خلاف اپنی مزاحمت جاری رکھے گی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایرانی وزیر تیل نے یہ بات منگل کے روز کہی۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے لیے اب حالات یہ ہیں کہ ہر چند سال بعد تیل کی ملکی صنعت کو اقتصادی پابندیوں اور کسی نہ کسی بڑے دھچکے کا سامنا رہتا ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ان اثرات کے باوجود ایران ان پابندیوں کے خلاف اپنی مزاحمت جاری رکھے گا، تیل کی معیشت کو مزید تقویت دی جائے گی۔

    جنرل اسمبلی اجلاس، ایرانی صدرکونیویارک میں سفری پابندیوں کا سامنا

    دوسری جانب وزیرخارجہ جواد ظریف واضح کرچکے ہیں کہ پابندیوں اور دباؤ کے باوجود ایران تیل کی برآمد ہر صورت جاری رکھے گا۔

    یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2018 میں ایران سے جوہری معاہدہ ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے تجارتی اور معاشی پابندیاں عائد کردی تھیں جبکہ معاہدے کے دیگر عالمی فریقین برطانیہ، جرمنی، فرانس، روس اور چین نے ایران سے معاہدہ جاری رکھنے کا اعلان کیا تھا۔

    امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی میں گزشتہ ماہ اس وقت مزید اضافہ ہوا جب سعودی عرب کی تیل کی تنصیبات پر ڈرون حملے کیے گئے تھے جس کے بعد تیل برآمد کرنے والی دنیا کی سب سے بڑی کمپنی آرامکو نے اپنی پیداوار روک دی تھی۔

  • ٹیرف تنازع پر ٹرمپ کا امریکی کمپنیوں کو چین سے واپسی حکم

    ٹیرف تنازع پر ٹرمپ کا امریکی کمپنیوں کو چین سے واپسی حکم

    واشنگٹن:امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین کی جانب سے مصنوعات کی درآمد پر 75 ارب ڈالر کا نیا ٹیرف عائد کرنے کے فیصلے کے بعد امریکی کمپنیوں کو فوری طور پر بیجنگ سے واپسی کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر چین کے ٹیرف کے حوالے سے تازہ فیصلے پر جواب دینے سے قبل اپنی تجارتی ٹیم سے ملاقات کی،ٹرمپ نے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ ہمارے ملک نے کئی برسوں سے چین کے ساتھ بے وقوفی میں کھربوں ڈالرز ضائع کردیے،۔

    انہوں نے ہماری جائیداد کو ایک سال میں سیکڑوں اربوں ڈالر کی قیمت میں چوری کیا اور وہ اس کو جاری رکھنا چاہتے ہیں لیکن میں ایسا نہیں ہونے دوں گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہمیں چین کی ضرورت نہیں ہے اور ان کے بغیر ہمارے لیے اچھا ہوگا، چین نے دہائیوں سے ہر سال بعد امریکا سے بڑی تعداد میں پیسے بنائے اور چوری کیے، جس کو روک دیا جائے گا۔

    امریکی کمپنیوں کو چین سے واپسی کا حکم دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہماری عظیم امریکی کمپنیوں کو فوری طور پر چین کا متبادل تلاش کریں، جبکہ اپنی کمپنیاں گھر واپس آکر امریکا میں مصنوعات تیار کریں۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ میں چین کے ٹیرف پر جواب دوں گا، یہ امریکا کے لیے بھی عظیم موقع ہے، میں فیڈ ایکس، ایمازون، یو پی ایس اور پوسٹ آفس سمیت تمام ذیلی کمپنیوں کو بھی حکم دیتا ہوں کہ وہ تلاش شروع کریں اور چین سے فنٹنیل کی وصولی سے انکار کریں۔

    ان کا کہنا تھا کہ صدر شی جن پنگ نے کہا تھا کہ اس کو روکنا ہوگا لیکن ایسا نہیں ہوا، ہماری معیشت گزشتہ ڈیڑھ سے دو برس کے دوران منافع کے باعث چین کے مقابلے میں وسیع ہے اور ہم اس رفتار کو اسی طرح جاری رکھیں گے۔

  • امریکا شمالی کوریا سے تعمیری مذاکرات کے لیے تیار ہوگیا

    امریکا شمالی کوریا سے تعمیری مذاکرات کے لیے تیار ہوگیا

    سیول: امریکا کے شمالی کوریا کے لیے خصوصی مندوب اسٹیفن بِنگن نے کہا ہے کہ واشنگٹن حکومت پیونگ یانگ کے ساتھ تعمیری مذاکرات کے لیے تیار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا نے شمالی کوریا سے مذاکرات کے لیے کوئی پیشگی شرائط بھی نہیں رکھیں، وائٹ ہاؤس کا کہنا تھا کہ تناؤ کے خاتمے کے لیے سنجیدہ ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی مندوب بِنگن کے بیان کو جنوبی کوریا کی وزارت خارجہ نے جاری کیا ہے، امریکی خصوصی سفیر نے یہ بات اپنے جنوبی کوریائی ہم منصب کے ساتھ ملاقات کے دوران کہی تھی۔

    جنوبی کوریائی وزارت خارجہ نے وضاحت کی کہ یہ ملاقات جمعہ کو سیول میں ہوئی، یہ امر اہم ہے کہ رواں برس امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریائی سپریم لیڈر کم جونگ ان کے درمیان ویتنامی دارالحکومت ہنوئی میں ملاقات بغیر کسی پیش رفت کے ناکام ہو گئی تھی۔

    قبل ازیں اسٹیفن بنگن نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ شمالی کوریا نے گرم جوشی پر مبنی تعلقات کے لیے اپنا جوہری پروگرام ترک کرنے کی پیشکش کی ہے، تاہم با معنی مذاکرات کے لیے قابل تصدیق اقدامات ضروری ہیں۔

    شمالی کوریا تنازعہ، امریکا بغیر کسی شرط کے مذاکرات کے لیے راضی

    خیال رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں امریکی صدر کو شمالی کوریا کے رہنما کِم جونگ اُن کی طرف سے ایک نیا ’خوبصورت خط‘ بھی موصول ہوا تھا، جس میں مثبت خیالات کا اظہار اور جوہری پروگرام کے خاتمے کی بات کی گئی تھی۔

  • اردن بدستور اسرائیل، فلسطین تنازع کے دو ریاستی حل کا حامی

    اردن بدستور اسرائیل، فلسطین تنازع کے دو ریاستی حل کا حامی

    عمان : شاہ عبداللہ دوم نے مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کی حمایت اور اسرائیل کے ساتھ ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اردن نے اسرائیلی ،فلسطینی تنازع کے دوریاستی حل کی حمایت کا ا عادہ کیا ہے اور اس طرح اس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس حل سے ماورا کسی امن منصوبے کی حمایت نہ کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔

    ٹرمپ انتظامیہ بحرین کے دارالحکومت منامہ میں آئندہ ماہ ہونے والی مجوزہ فلسطین کانفرنس کے لیے خطے کے ممالک کی حمایت کے حصول کے لیے کوشاں ہے۔

    صدر ٹرمپ کے مشیر اور داماد جیرڈ کوشنر اور مشرقِ اوسط کے لیے خصوصی ایلچی جیسن گرین بلاٹ نے عمان میں اردن کے شاہ عبداللہ دوم سے ملاقات کی ہے۔

    اردن کی سرکاری خبررساں ایجنسی بطرا کے مطابق دونوں فریقوں نے خطے میں ہونے والی پیش رفت اور بالخصوص فلسطینی ، اسرائیلی تنازع کے حل کے لیے کوششوں پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

    شاہ عبداللہ دوم نے تنازع کے دوریاستی حل کی حمایت کا اعادہ کیا ہے اور اسرائیل کے ساتھ ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

    ان کا یہ موقف صدر ٹرمپ کی اب تک صیغہ راز میں ” صدی کی ڈیل“ سے متصادم نظر آتا ہے، اردن امریکا کا خطے میں اہم اتحادی ملک خیال کیا جاتا ہے لیکن اس نے ابھی تک 25 اور 26 جون کو منامہ میں ہونے والی کانفرنس میں شرکت یا عدم شرکت کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔

    فلسطینی حکومت نے اس کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا ہے اور اس کا کہنا ہے کہ اس سے اس ضمن میں کوئی مشاورت نہیں کی گئی۔وہ ٹرمپ انتظامیہ کے مجوزہ مشرقِ اوسط امن منصوبے کو بھی مسترد کرچکی ہے، جیرڈ کوشنر مراکش سے عمان پہنچے تھے۔

    ان کا کہنا ہے کہ اس کانفرنس میں اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان امن کے قیام کے لیے معاشی اساس پر توجہ مرکوز کی جائے گی اور اس میں فلسطینی ریاست ایسے بنیادی سیاسی امور پر غور نہیں کیا جائے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق گرین بلاٹ اور کوشنر نے رباط میں مراکش کے شاہ محمد ششم سے ملاقات کی تھی اور ان سے مراکش کی منامہ میں ہونے والی مجوزہ امن کانفرنس کے لیے حمایت پر تبادلہ خیال کیا تھا تاہم مراکشی حکام نے مسٹر کوشنر کے دورے کے حوالے سے کسی تبصرے سے انکار کیا ہے۔

    واضح رہے کہ اردن کا امریکا سے ملنے والی سیاسی اور فوجی امداد پر انحصار ہے، اس لیے اس کے لیے منامہ کانفرنس کے دعوت نامے کو مسترد کرنا مشکل ہوگا لیکن فلسطین نژاد کثیر آبادی کی مخالفت کے پیش نظر اس کے لیے ایسے کسی امن منصوبے کو قبول کرنا مشکل ہوگا جس میں ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی ضمانت ہی نہ دی گئی ہو۔

  • ٹرمپ نے مشرقَ وسطیٰ میں امریکی افواج بھیجنے کی منظوری دے دی

    ٹرمپ نے مشرقَ وسطیٰ میں امریکی افواج بھیجنے کی منظوری دے دی

    واشنگٹن: ایران سے شدید کشیدگی کے باعث امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملکی فوج کو مشرقی وسطیٰ بھیجنے کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈیڑھ ہزار کے قریب امریکی فوجی جنگی ساز وسامان، ہیلی کاپٹر، پیٹریاٹ میزائل اور طیاروں کے ساتھ مشرقی وسطیٰ پہنچیں گے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ اس امر کی امریکی وزیردفاع نے تصدیق کردی ہے، حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد خطے کی حفاظت اور ممکنہ خطرات سے نمٹنا ہے۔

    امریکی حکام کے مطابق یہ ایک محتاط دفاعی اقدام ہے جس کا مقصد مستقبل میں اشتعال انگیزیوں سے بچنا ہے، ہماری فورسز کے تحفظ کو بہتر بنانا اور ایرانی فورسز کی طرف سے موجود خطرے کے خلاف امریکی فورسز کی حفاطت کو یقینی بنانا ہے۔

    غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکا رواں ماہ اپنا طیارہ بردار بحری بیڑا یو ایس ایس ابراہام لنکن بھی مشرق وسطیٰ میں تعینات کرچکا ہے جبکہ قطر میں قائم امریکی فوجی اڈے پر جدید بمبار طیارے بی 52 بھی پہنچا دیے تھے۔

    دوسری جانب سپاہ پاسداران کے مرکزی رہنما علی فدوی نے دوٹوک موقف اختیار کیا ہے کہ ایران کا آبنائے ہرمز کے شمال میں مکمل کنٹرول ہے اور تشویش کی کوئی بات نہیں۔

    خلیج میں امریکی بحری جہاز ایران کے کنٹرول میں ہیں، پاسداران انقلاب

    علی فدوی کا کہنا تھا کہ خطے میں امریکی جنگی بحری جہاز مکمل طور پر ایرانی فوج اور پاسداران انقلاب کے کنٹرول میں ہیں۔

    خیال رہے کہ واشنگٹن اور تہران کے درمیان کچھ عرصہ قبل تناؤ میں اس وقت اضافہ ہو گیا جب امریکا کی جانب سے یہ اعلان کیا گیا کہ وہ ایرانی دھمکیوں پر روک لگانے کے لیے مشرق وسطی میں اپنے عسکری وجود میں اضافہ کر رہا ہے۔