Tag: تنازعہ

  • جائیداد کا تنازعہ: چچا نے بھتیجے کے جسم میں کیلیں ٹھونک دیں

    جائیداد کا تنازعہ: چچا نے بھتیجے کے جسم میں کیلیں ٹھونک دیں

    اٹک: صوبہ پنجاب کے شہر اٹک میں جائیداد کے تنازعہ پر چچا نے بھتیجے پر انسانیت سوز ظلم کرتے ہوئے اس کے جسم میں کیلیں ٹھونک دیں۔

    تفصیلات کے مطابق اٹک کے علاقے جنڈ میں چچا نے جائیداد کی خاطر بھتیجے پر تشدد کیا اور اس کے جسم میں کیلیں ٹھوک دیں، 28 سالہ مظہر حسین والدین کے انتقال کے بعد چچا کے ساتھ رہا تھا۔

    متاثرہ نوجوان کو ڈی ایچ کیو اسپتال داخل کیا گیا ہے جہاں ڈاکٹر نے آپریشن کے ذریعے نوجوان کے جسم سے کیلیں نکالیں۔

    پولیس کو بیان دیتے ہوئے مظہر حسین کا کہنا تھا کہ ملزم حبیب (چچا) نے اپنے داماد کے ساتھ مل کر تشدد کیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ میڈیکو لیگل افسر کے دستخط کے ساتھ ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے جس کے بعد قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔

  • سابق ملکہ حسن نے موجودہ فاتح سے زبردستی تاج چھین لیا

    سابق ملکہ حسن نے موجودہ فاتح سے زبردستی تاج چھین لیا

    سری لنکا میں مقابلہ حسن کی تقریب اس وقت کسی ڈرامے کے اسٹیج میں تبدیل ہوگئی جب موجودہ ملکہ حسن نے رواں برس کی فاتح کے سر سے زبردستی تاج اتار لیا۔

    سری لنکا میں ہر سال شادی شدہ خواتین کے لیے مسز سری لنکا کا مقابلہ منعقد کیا جاتا ہے جس میں حصہ لینے والی خواتین کے لیے شادی شدہ ہونا ضروری ہے۔

    تاہم رواں برس جب اس مقابلے کی فاتح پشپکا ڈی سلوا نامی حسینہ کو قرار دیا گیا تو سال 2019 کی فاتح کیرولین جوری اسٹیج پر آئیں اور انہوں نے مائیک پر اعلان کیا کہ یہ مقابلہ شادی شدہ خواتین کے لیے ہے، مطلقہ خواتین کے لیے نہیں، اور اس کے بعد انہوں نے ڈی سلوا کو پہنایا گیا تاج زبردستی اتار لیا۔

    مائیک پر سب کے سامنے اعلان کرتے ہوئے کیرولین نے کہا کہ میں انتظامیہ کو مقابلے کا وہ قانون یاد کروانا چاہتی ہوں جس کے تحت مقابلے میں حصہ لینے والی خاتون کو شادی شدہ ہونا چاہیئے، طلاق یافتہ نہیں۔

    اس کے بعد انہوں نے از خود دوسری رنر اپ کو فاتح قرار دیا، خود ہی ڈی سلوا کی طرف بڑھیں اور ان کے سر سے زبردستی تاج اتار کر رنر اپ کو پہنا دیا۔ اس دوران منتظمین میں سے کسی نے انہیں روکنے کی کوشش نہیں کی جبکہ اس ہتک آمیز سلوک کے بعد ڈی سلوا روتی ہوئی اسٹیج سے چلی گئیں۔

    اس چھینا جھپٹی کے دوران ڈی سلوا کو چوٹیں بھی پہنچیں جس کے بعد انہیں اسپتال جانا پڑا، بعد ازاں پولیس نے بھی ہنگامہ آرائی کرنے والی سابق ملکہ حسن کیرولین کو گرفتار کرلیا۔

    معاملے کے ایک روز بعد مقابلے کے منتظمین نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ڈی سلوا کو ہی فاتح قرار دیا اور کہا کہ ان کے مطلقہ ہونے کی تصدیق نہیں ہوسکی لہٰذا رواں برس کی فاتح وہی ہیں۔

    انتظامیہ نے سابق ملکہ حسن کے رویے پر معافی مانگتے ہوئے یہ بھی کہا کہ اس تمام واقعے کا جائزہ لیا جارہا ہے۔

    دوسری جانب رواں برس کی فاتح ڈی سلوا کا کہنا ہے کہ وہ ذاتی وجوہات کی بنا پر اپنے شوہر سے علیحدہ ضرور رہ رہی ہیں تاہم ابھی طلاق نہیں ہوئی۔

    ایک پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ سری لنکا میں میری طرح کی بہت سے سنگل مائیں ہیں جنھیں بہت کچھ سہنا پڑ رہا ہے۔ یہ تاج وہ ایسی ہی خواتین کے نام کرتی ہیں جنہیں اپنے بچوں کی اکیلے پرورش کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ اس ہتک آمیز اور غیر مناسب رویے کے خلاف جس کا انہیں اسٹیج پر سامنا کرنا پڑا، قانونی کارروائی کریں گی۔

  • وینز ویلا اور پرتگال کے درمیان کھلے سمندر میں تنازعہ

    وینز ویلا اور پرتگال کے درمیان کھلے سمندر میں تنازعہ

    وینز ویلا کی ایک کشتی نے جرمنی کے ایک بحری جہاز کو مبینہ طور پر دانستہ ٹکر مار دی جس کے بعد کشتی ڈوب گئی، واقعے کے بعد وینز ویلا کے صدر نے غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔

    آزادانہ میڈیا رپورٹس کے مطابق کیربیئن کے سمندر میں جرمن کمپنی کا بحری جہاز آر جی سی ایس ریزولوٹ ایک ڈچ جزیرے کی طرف روانہ تھا، جہاز پرتگال کا تھا تاہم اس کی ملکیت جرمن کمپنی کے پاس تھی۔

    کمپنی کا کہنا ہے کہ آدھی رات کے وقت وینز ویلا کی پٹرولنگ کشتی جہاز کے قریب پہنچی اور جہاز کو وینز ویلا کے ایک جزیرے کی طرف لے جانے کا کہا۔

    کشتی پر موجود افراد نے بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ بھی کی اس کے بعد دانستہ کشتی کو جہاز سے ٹکرا دیا۔

    کمپنی کے مطابق جہاز پر 32 افراد کا عملہ موجود تھا جو فائرنگ میں محفوظ رہا، جہاز چونکہ اس سے قبل برفانی مہم جوئیوں کے لیے جاتا رہا ہے لہٰذا ڈھانچہ مضبوط ہونے کی وجہ سے وہ تصادم میں محفوظ رہا، البتہ وینز ویلا کی کشتی کچھ دیر بعد ڈوب گئی۔

    وینز ویلا کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ جہاز نے جان بوجھ کر کشتی سے تصادم کیا۔ انہوں نے کشتی کے ڈوبنے کی تصدیق نہیں کی تاہم بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعے کے کچھ دیر بعد کشتی ڈوب گئی تھی۔

    وینز ویلا کے صدر نکولس مدورو اس تصادم کے بعد سرحدی حدود میں مداخلت اور دہشت گردی کا الزام لگا چکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ ایسا ہی ہے کہ 100 کلو کے باکسر نے ایک نو آموز باکسر کو گھسیٹا اور اسے پیٹنے لگا۔

    بین الاقوامی ماہرین نے اس کا تانا بانا وینز ویلا اور پرتگال کے درمیان حال ہی میں ہونے والے ایک سفارتی تنازعے سے جوڑا ہے۔

    وینز ویلا نے واقعے کی تحقیقات کا بھی اعلان کیا ہے، جہاز فی الحال بحفاظت نیڈر لینڈز کی ایک بندرگاہ پر لنگر انداز کردیا گیا ہے اور وہ جلد ہی اپنا سفر دوبارہ شروع کردے گا۔

  • ایران عالمی معیشت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہا ہے: امریکا

    ایران عالمی معیشت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہا ہے: امریکا

    واشنگٹن: ایران کے لیے امریکا کے خصوصی مندوب برائن ہک کا کہنا ہے کہ سلامتی کونسل ایران پر اسلحے کی فروخت پر دوبارہ پابندی عائد کرے، تہران حکومت عالمی معیشت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برائن ہک نے عالمی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ ایران کو اسلحہ کی فروخت پر دوبارہ پابندیاں عائد کرے تاکہ خطے میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی پرقابو پایا جاسکے۔

    انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایران سعودی عرب کی آرامکو کمپنی کی تیل تنصیبات پر حملے میں ملوث ہے، ایران کا مقصد تیل پر حملہ کرکے عالمی معیشت میں بحران پیدا کرنا ہے۔

    امریکی نمائندے کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں ایران مذاکرات کی میز پر آجائے، تہران حکومت نے اپنی روش نہ بدلی تو اسے بات چیت کی میز پر آنے کے لیے مجبور کردیا جائے گا۔

    برائن ہک نے وضاحت کی کہ جنگ مسئلے کا حل نہیں، امریکا ایران کے ساتھ براہ راست فوجی محاذ آرائی کا خواہاں نہیں ہے۔

    امریکی صدر ایران پر آخری درجے کا دباؤ ڈالنے کے لیے تیار

    ایران کے لیے امریکی نمائندہ خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ مذاکرات کے حامی ہیں۔ واضح رہے کہ حالیہ کشیدگی کے خاتمے کے لیے تہران حکومت بھی بات چیت کے لیے راضی ہے لیکن ایرانی صدر کا کہنا ہے کہ پابندیاں ختم کیے بغیر مذاکرات نہیں ہوسکتے۔

  • امریکا سے جنگ کے لیے ہمیشہ سے تیار ہیں: ایران

    امریکا سے جنگ کے لیے ہمیشہ سے تیار ہیں: ایران

    تہران: ایران نے ایک بار پھر امریکا کو خبردارکیا ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب کے ایک کمانڈر نے دھمکی دی ہے کہ امریکی اڈے اور ایئر کرافٹ کیریئرز ایرانی میزائلوں کی رینج میں ہیں۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایرو اسپیس فورس کے سربراہ امیر علی حاجی زادہ نے بتایا کہ ان کا ملک ہمیشہ ہی سے مکمل جنگ کے لیے تیار ہے۔

    اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ دو ہزار کلومیٹر کی حدود کے اندار موجود امریکی اڈے اور ایئر کرافٹ کیریئرز ایرانی میزائلز کی ریج میں ہیں۔

    حاجی زادہ کا یہ بیان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب امریکا، سعودی عرب میں ہوئے حملوں کا الزام ایران پر عائد کر رہا ہے۔

    ایران اقوام متحدہ کے معائنہ کاروں کے ساتھ تعاون کرے، یورپی ممالک

    واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے مابین جوہری معاہدے کا تنازع کئی عرصے سے جاری ہے، واشنگٹن کی جانب سے جوہری معاہدہ منسوخ کیے جانے کے بعد تہران پر متعدد اقتصادی پابندیاں عائد کردی گئی تھیں تاہم ایران کو معاہدے کے دو نکات پر تجارتی استثنیٰ حاصل تھا۔

    امریکا کے اس فیصلے کے بعد بھی چین، فرانس، روس، برطانیہ اور جرمنی کے ایران کے ساتھ معاہدے متاثر نہیں ہوئے تھے، اسی دوران امریکا نے ایران کی پاسداران انقلاب کو عالمی دہشت گرد تنظیم قرار دے دیابعد ازاں امریکا نے تجارتی استثنیٰ میں توسیع سے بھی انکار کردیا۔

  • ایران نے میزائل حملے سے تحفظ کے لیے نیا میزائل سسٹم تیار کرلیا

    ایران نے میزائل حملے سے تحفظ کے لیے نیا میزائل سسٹم تیار کرلیا

    تہران: ایران نے اپنے دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ کرتے ہوئے کسی بھی میزائل حملے سے تحفظ کے لیے نیا میزائل سسٹم تیار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا اور عرب ممالک سے شدید کشیدگی کے دوران ایران کی جانب سے نیا میزائل سسٹم متعارف کرانے سے خطے میں مزید تشویش پائی جاتی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نیا میزائل سسٹم لانگ رینج کے ساتھ ساتھ ہدف کو باآسانی نشانہ بنا سکتا ہے، مذکورہ سسٹم ایرانی ساخت کا ہے۔

    ایران میں سرکاری ٹی وی پر نئے میزائل سسٹم ’موبائل بوار 373‘ کی تقریب رونمائی بھی ہوئی جس میں ایرانی صدر حسن روحانی کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے۔

    یہ میزائل سسٹم 300 کلو میٹر دور سے حملوں کا پتہ لگانے، 250 کلومیٹر کے فاصلے پر حملے کو روکنے اور 200 کلو میٹر کے فاصلے پر ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

    سعودی میزائل پروگرام ایرانی خطرے سے نمٹنے کیلئے ہے، عالمی جریدہ

    ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کا یہ میزائل ڈیفنس سسٹم روس کے ’ایس 300‘ کے مقابل ہے۔ خیال رہے کہ روسی میزائل سسٹم خریدنے پر امریکا کے ترکی سے شدید اختلافات بھی سامنے آئے تھے۔

    دوسری جانب عالمی جریدہ انٹرنیشنل پالیسی ڈائجسٹ نے کہاہے کہ سعودی عرب نے چین کے براہ راست تعاون سے اپنے ملک میں بیلسٹک میزائلوں کی تیاری اور انہیں اپ گریڈ کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔

  • ایران نے ہمیشہ جنگوں کے لیے خطے کی اپنی وفادار قوتوں کو استعمال کیا: امریکا

    ایران نے ہمیشہ جنگوں کے لیے خطے کی اپنی وفادار قوتوں کو استعمال کیا: امریکا

    ریاض: سعودی عرب میں نئے امریکی سفیر جان ابی زید نے کہا ہے کہ ایران نے علاقائی جنگوں کے دوران خطے میں موجود اپنے وفادار گروپوں کو استعمال کیا جو ایران کی جگہ جنگیں لڑتے رہے ہیں۔

    ایک انٹرویو کے دوران جان ابی زید کا کہنا تھا کہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب افراتفری سے فائدہ اٹھا کر رقم بٹورتی ہے، جو خطے کی سلامتی کے لیے ایک چیلنج ہے۔

    عرب ٹی وی کو ایک انٹرویو میں جان ابی زید نے کہا کہ ایران نے خطے میں اپنے وفاروں کو اپنی جگہ جنگوں میں جھونکا، لبنان میں حزب اللہ، عراق میں ایرانی رجیم کی وفادار ملیشیائیں اور یمن میں حوثی گروپ اس کی مثالیں ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ایران مشکلات کھڑی کر کے، دہشت گردی اور تباہی کے مواقع پیدا کرنے کی کوشش کرتا رہا ہے، ہمیں ایرانی قوم کے ساتھ کوئی تنازع نہیں، ہم صرف ایران کے حکمران طبقے کے خلاف نبرد آزما ہیں جو دوسرے ملکوں میں دہشت گردی برآمد کرتا ہے۔

    امریکی سیفر کا کہنا تھا کہ ہمیں مسئلہ ایرانی رجیم سے ہے جو ملک کے روشن مستقبل کی راہ میں رکاوٹ ہے، ایرانی رجیم قوموں کے درمیان پرامن بقائے باہمی کی اجازت نہیں دیتا۔

    جوہری معاہدے کی پاسداری کیلئے فرانسیسی مندوب کی ایرانی حکام سے ملاقات

    انہوں نے مزید کہا کہ امریکا، ایرنیوں کےساتھ بات چیت کے مواقع پیدا کرنے کی کوششیں جاری رکھے گا، ایران کو خطے کے ممالک میں مداخلت سے باز رہنا ہوگا۔

  • کسی بھی ملک سے جنگ کرنا نہیں چاہتے: سربراہ ايرانی فوج

    کسی بھی ملک سے جنگ کرنا نہیں چاہتے: سربراہ ايرانی فوج

    تہران: ایرانی فوج کے سربراہ میجر جنرم عبدالرحیم موسوی نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک سے جنگ کرنے کی چاہت نہیں رکھتے۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی سرحدی حدود کی خلاف ورزی کرنے پر امریکی ڈرون گرائے جانے کے بعد واشنگٹن اور تہران حکام کے درمیان شدید کشیدگی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی فوج کے سربراہ عبدالرحیم موسوسی کا کہنا ہے کہ ايران کسی بھی ملک کے ساتھ جنگ کرنا نہیں چاہتا۔

    دریں اثنا ايرانی وزير دفاع امير حاتمی کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ ايران کے آئل ٹينکر کو تحويل ميں رکھنے کا برطانوی اقدام دھمکی آميز اور غلط تھا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکی ڈرون گراکر ہم نے واضح کیا ہے کہ اپنی سرحد کی حفاظت ہر صورت میں کرنا جانتے ہیں۔

    خیال رہے کہ ایران نے گذشتہ دنوں 2015 میں عالمی طاقتوں سے کیے گئے معاہدے کے تحت یورینیم افزودہ کرنے کی حد سے تجاوز کرنے کا اعلان کیا۔

    عرب میڈیا کے مطابق ایرانی اٹامک ایجنسی کے ترجمان بہروز کمال وندی نے کہا تھا کہ نئی سطح پر یورینیم افزودہ کرنے سے متعلق تکنیکی تیاریاں چند گھنٹوں میں مکمل ہو جائیں گی اور 3.67 فی صد سے زیادہ یورینیم افزودہ کی جائے گی۔

    ایران ایٹمی پروگرام میں توسیع کا اقدام مزید پابندیوں کا باعث بنے گا: مائیک پومپیو

    ایران کے نائب وزیر خارجہ عباس اراغچی نے کہا تھا کہ تہران ہر 60 دن بعد معاہدے پر عمل درآمد میں کمی کو جاری رکھے گا جب تک تمام فریقین امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے عاید کی گئی پابندیوں سے بچانے کی کوشش نہیں کرتے۔

  • ایران کے یورینیم کی افزودگی کے اعلان کو اسرائیل نے بھی خطرناک قرار دے دیا

    ایران کے یورینیم کی افزودگی کے اعلان کو اسرائیل نے بھی خطرناک قرار دے دیا

    یروشلم: یورپی ممالک کے بعد اسرائیل نے بھی ایران کی جانب سے یورینیم کی افزودگی کے اعلان کو خطرناک قرار دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایران نے یورینیم کی افزودہ کرنے کی حد سے مزید تجاوز کا اعلان کیا ہے، جس کے باعث جوہری معاہدے میں شامل یورپی ممالک کو شدید تشویش ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران ایسے اقدامات کرکے یورپ پر دباؤ ڈالنا چاہتے ہے تاکہ وہ امریکی پابندیوں کے خاتمے کے لیے ایران کی مدد کریں۔

    بڑے یورپی ممالک کے ساتھ طے شدہ معاہدے کے تحت ایران کو اب تک اپنے ہاں تین سو کلوگرام تک افزودہ یورینیم کی پیداوار کی اجازت ہے۔ لیکن اب تہران حکومت کا کہنا ہے کہ وہ جس قدر چاہے گا اس کی پیداوار میں اضافہ کرے گا۔

    دوسری جانب امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو کا کہنا ہے کہ ایران کی حکومت جوہری ہتھیاروں سے مسلح ہے، ایران کا ایٹمی پروگرام میں مزید اضافہ دنیا کے لیے زیادہ خطرہ بنے گا۔

    یاد رہے کہ ایران نے گزشتہ روز چند گھنٹوں میں 2015 میں عالمی طاقتوں سے کیے گئے معاہدے کے تحت یورینیم افزودہ کرنے کی حد سے تجاوز کرنے کا اعلان کیا۔

    ایران ایٹمی پروگرام میں توسیع کا اقدام مزید پابندیوں کا باعث بنے گا: مائیک پومپیو

    عرب میڈیا کے مطابق ایرانی اٹامک ایجنسی کے ترجمان بہروز کمال وندی نے کہا تھا کہ نئی سطح پر یورینیم افزودہ کرنے سے متعلق تکنیکی تیاریاں چند گھنٹوں میں مکمل ہو جائیں گی اور 3.67 فی صد سے زیادہ یورینیم افزودہ کی جائے گی۔

  • امریکا کے مقابلے میں ہمارے ہاتھ بندھے ہوئے نہیں ہیں: ایران

    امریکا کے مقابلے میں ہمارے ہاتھ بندھے ہوئے نہیں ہیں: ایران

    تہران: ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا ہے کہ امریکا کی موجودہ حکومت ہر روز دنیا کو کسی نہ کسی طرح کے بحران سے دوچار کر رہی ہے۔

    ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے تہران کے خلاف واشنگٹن کے اقدامات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی اقدامات کے مقابلے میں ایران کے ہاتھ بندھے ہوئے نہیں ہیں۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ڈاکٹر لاریجانی نے یورپ اور چین کے ساتھ امریکی صدر ٹرمپ کے غیر روایتی طرز سلوک کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کی موجودہ حکومت ہر روز دنیا کو کسی نہ کسی طرح کے بحران سے دوچار کر رہی ہے۔

    ڈاکٹر لاریجانی نے کہا کہ ٹرمپ کے رویّے سے عالمی سطح پر ان کی عزت و وقار ختم ہو گیا ہے۔ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے امریکی دباؤ کے مقابلے میں استقامت کو واحد موثر ذریعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران کی موجودہ صورت حال میں استقامت کا مطلب پیداواری شعبے کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینا ہے۔

    واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے ایران سے دشمنی کا ایک اور ثبوت پیش کرتے ہوئے آٹھ مئی دو ہزار اٹھارہ کو بین الاقوامی ایٹمی معاہدے سے علیحدگی اور ایران کے خلاف پابندیاں بحال کرنے کا اعلان کر دیا جس کے بعد ٹرمپ کے اس اقدام کی عالمی سطح پر شدید مذمت کی گئی۔

    امریکا اپنی قدر کھو چکا ہے اور مذاکرات کیلئے قابل اعتبار نہیں رہا: ایران

    قبل ازیں ایرانی پارلیمان کے قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے رکن اور جوہری کمیٹی کے چئیرمین محمد ابراہیم رضائی نے کہا تھا کہ امریکا اپنی قدر کھو چکا ہے اور مذاکرات کے لیے قابل اعتبار نہیں رہا۔