Tag: تنازعہ

  • پی سی بی : عمراکمل اور جنید خان پر جرمانہ عائد

    پی سی بی : عمراکمل اور جنید خان پر جرمانہ عائد

    لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ نے عمر اکمل اورجنید خان پرمیچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ کپ میں کھڑے ہونے والے تنازع پر پی سی بی نے ایکشن لیتے ہوئے عمر اکمل اور جنید خان پر میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا ہے۔

    قومی ٹیم کے دونوں کھلاڑیوں کومس کنڈکٹ پرجرمانہ عائد کیا گیا جب کہ دونوں کھلاڑیوں کو 18 مئی سے ایک ماہ کے لیے زیر نگرانی بھی رکھا جائے گا۔

    اگر اس ایک ماہ کے درمیان عمر اکمل اور جنید خان نظم و ضبط کی خلاف ورزی کے دوبارہ مرتکب پائے گئے تو اگلے ماہ تک کوئی بھی میچ کھیلنے پر پابندی لگ سکتی ہے۔

    واضح رہے کہ 27 اپریل کو پاکستان کپ کے سندھ اور پنجاب کے درمیان کھیلے جانے والے میچ میں کپتان عمر اکمل نے کہا تھا کہ جنید خان آج کا میچ نہیں کھیلیں گے کیوں کہ جنید خان کل ٹیم میٹنگ میں موجود تھے لیکن آج بناء اطلاع دیئے چلے گئے ہیں۔

    ٹاس کے بعد میڈیا کو دیئے گئے بیان کے جواب میں جنید خان نے سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے ایک ویڈیو پیغام میں اس الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ میں کہیں نہیں گیا ہوں بلکہ ہوٹل میں اپنے کمرے میں موجود ہوں۔

    جنید خان کا کہنا تھا کہ طبیعت کی ناسازی کے باعث میچ نہیں کھیلا اور اس بات سے ٹیم مینیجمنٹ اور کپتان عمر اکمل کو بھی آگاہ کردیا تھا اس کے باوجود میری غیرموجودگی پر لاعلمی کا اظہار کیا گیا جس پر تعجب ہے۔

    پی سی بی نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے دونوں‌ کھلاڑیوں کے خلاف انکوائری کا حکم دیا جس میں وہ نظم و ضبط کی خلاف ورزی کا مرتکب پائے گئے تھے۔

  • فلسطین تنازعہ، علیحدہ ریاستوں کی صورت میں‌ حل ہوگا، امن کانفرنس اعلامیہ

    فلسطین تنازعہ، علیحدہ ریاستوں کی صورت میں‌ حل ہوگا، امن کانفرنس اعلامیہ

    پیرس: اسرائیل اور فلسطین کے درمیان مذاکرات کی بحالی کے لیے امن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، کانفرنس میں شرکت کرنے والے رکن ممالک نے اس بات پر زور دیا کہ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان جاری تنازعہ علیحدہ ریاستوں کے ذریعے ہی حل ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق اسرائیل، فلسطین مذاکرات بحالی کے لیے مشرق وسطیٰ امن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں 70 ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی جبکہ اسرائیلی وزیر اعظم نے کانفرنس کو بے فائدہ قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کردیا۔

    اس موقع پر فرانس کے وزیر خارجہ نے نومنتخب امریکی صدر کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’ٹرمپ یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت بنانے سے باز رہیں، امریکی سفارتخانے کی یروشلم منتقلی کے سنگین نتائج سامنے آئیں گے‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ٹرمپ کے لیے امریکی سفارتخانے کی منتقلی کا وعدہ پورا کرنا آسان کام نہیں ہے‘‘۔

    رکن ممالک نے اسرائیل کو فلسطین کے معاملے پر یک طرفہ کارروائی سے باز رہنے کا مشورہ بھی دیا اور واضح کیا کہ خلاف ورزی کی صورت میں تمام ممالک فلسطین کا ساتھ دینے پر مجبور ہوں گے، اسرائیلی وزیراعظم معاہدے کی پاسداری نہیں کریں گے تو معاملہ سنگین ہوسکتا ہے۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق رکن ممالک کے اراکین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اسرائیل اور فلسطین یروشلم کے حوالے سے کوئی بھی اقدامات قبول نہ کریں،تاہم دونوں ممالک کے درمیان جاری تنازعہ دو ریاستوں کی صورت میں حل کیا جاسکتا ہے۔

  • فیصل آباد:جائیدادکاتنازعہ،3افراد قتل

    فیصل آباد:جائیدادکاتنازعہ،3افراد قتل

    فیصل آباد: صوبہ پنجاب کےشہرفیصل آباد میں جائیداد کے تنازع پر مخالفین کی فائرنگ سے تین افراد جاں بحق اوردوزخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کےمطابق فیصل آباد میں تھانہ کھرڑیاں والا کے گاﺅں روڈا میں جمیل کا اسی گاﺅں کے قاری نامی رہائشی کے ساتھ جائیداد کا تنا زع چلا آ رہا تھا۔

    جمعرات کی شب جمیل اپنے دوستوں کے ساتھ بیٹھا تھا کہ ملزمان نے ان پر اندھادھند فائرنگ شروع کر دی۔گولیاں لگنے سے جمیل،احسان اور رفاقت موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔

    پولیس نے زخمیوں کو الائیڈ اسپتال منتقل کر دیا جبکہ لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے سول اسپتال جڑاں والا پہنچا دی گئیں۔

    پولیس حکام کا کہناہے کہ فائرنگ کرنے والے تین ملزمان کو گرفتار کر لیاہےاور ملزمان سے تفتیش کی جارہی ہے۔

    مزید پڑھیں:ملیر، فائرنگ سے ایک ہی خاندان کے تین افراد جاں بحق

    واضح رہے کہ گزشتہ شب کراچی میں ملیر کے علاقے میمن گوٹھ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے تین افراد کی جاں بحق ہو گئےتھے۔

  • عشرت العباد گورنر کے منصب کا اخلاقی جواز کھو چکے، شاہی سید

    عشرت العباد گورنر کے منصب کا اخلاقی جواز کھو چکے، شاہی سید

    کراچی: عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر شاہی سید نے کہا ہے کہ گورنر سندھ اور مصطفیٰ کمال کے الزامات میں بے گناہوں کا لہو بول رہا ہے مگر ریاست پھر بھی حرکت میں نہیں آرہی۔

    تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر شاہی سید نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے کئی بار 12 مئی کے حوالے سے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا مگر کسی نے کان نہیں دھرے۔

    انہوں نے  کہا کہ گورنر سندھ اور مصطفیٰ کمال 12 مئی کے الزامات ایک دوسرے پر عائد کررہے ہیں، اب گھر کے بھیدی خود لنکا ڈھا رہے ہیں مگر ریاست پھر بھی خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

    پڑھیں:  جرم کے ساتھی ایک دوسرے کے راز کھول رہے ہیں، نثار کھوڑو

     عوامی نیشنل پارٹی کے صدر کا کہنا تھا کہ کراچی میں قتل کیے جانے والے بے گناہ افراد کا لہو چیخ چیخ کر انصاف مانگ رہا ہے مگر ریاست تحقیقات میں سنجیدہ نظر نہیں آرہی۔ شاہی سید نے مزید کہا کہ عشرت العباد گورنر کے منصب کا اخلاقی جواز کھو چکے ہیں لہذا انہیں چاہیے کہ فوری طور پر مستعفیٰ ہوجائیں۔

    دوسری جانب پی پی کے نومنتخب صدر سندھ نےبھی گورنر سندھ اور مصطفیٰ کمال کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’شہر کراچی کو تعصب کی سیاست اور دہشت گردی نے تباہ کردیا، آج جرم کے ساتھی ایک دوسرے کے راز کھول رہے ہیں‘‘۔

  • باب دوستی پر کشیدگی ، پاک افغان فورسز کی فلیگ مٹینگ

    باب دوستی پر کشیدگی ، پاک افغان فورسز کی فلیگ مٹینگ

    چمن: پاکستان اور افغانستان کی سرحد پر تنازعے کے بعد باب دوستی آج دوسرے روز بھی بند رہا جس کے باعث پاک افغان سرحد پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق افغان شہریوں کی جانب سے 18 اگست کو  باب دوستی پر پتھراؤ اور پاکستانی پرچم کی توہین کے بعد پاکستانی حکام کی جانب سے بابِ دوستی بند کردیا گیا جس کے باعث پاک افغان سرحد آج دوسرے روز بھی بند رہی۔

    افغان فورسز کی جانب سے پاک افغان سرحد پر پاکستان اور افغانستان فورسز میں فلیگ مٹینگ ہوئی، افغان فورسز کی جانب سے کرنل محمد علی جبکہ پاکستان کی جانب سے لیفٹینٹ کرنل محمد چینگیز نے سربراہی کی۔

    پڑھیں:   پاک افغان مذاکرات، طور خم بارڈر پر کشیدگی کم کرنے پر اتفاق

    فلیگ مٹینگ میں 18 اگست کو افغان شہریوں کی جانب سے باب دوستی پر پتھراؤ کرنے پر پاکستانی فورسز نے سخت اظہار ناراضی کی اور اپنے تحفظات سے آگاہ کیا، جس پر افغان فورسز نے کہا کہ ’’پاکستانی عوام نے بھی ہمارے صدی کی تصاویر نذر آتش کی گئیں ہیں‘‘۔

    پاکستانی حکام نے افغان فورسز کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’’آپ لوگ میڈیا دیکھا کریں اُس دن کی ریلی میں بھارتی وزیر اعظم نریندر موودی کا پتلا اور بھارتی جھنڈا نذر آتش کیا گیا ہے مگر آپ لوگوں واقعے کی تصدیق کرنے کے بجائے بھارت کو خوش کرنے کے لیے بابِ دوستی پر پتھراؤ کیا‘‘۔

    مزید پڑھیں:  چمن سرحد کے قریب افغان انٹیلی جنس افسر گرفتار

    افغان فورسز نے پاکستانی وفد کی بات سننے کے بعد مذرت کرتے ہوئے کہا کہ ’’ساری رنجشیں ختم کریں ، آئیں عہد کریں کہ آئندہ ہم اچھے ہمسائے کی طرح رہیں گے اور کسی ملک کی مداخلت پر پاکستان کے خلاف کسی سازش کا حصہ نہیں بنیں گے‘‘۔

    افغان فورسز کی جانب سے باب دوستی کو دوبارہ کھولنے کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی تاہم مذاکرات کسی بھی پیش رفت کے بغیر ختم ہوگئے۔

     

  • کلائمٹ چینج مسلح تصادم کو فروغ دینے کا سبب

    کلائمٹ چینج مسلح تصادم کو فروغ دینے کا سبب

    واشنگٹن: ماہرین نے متنبہ کیا ہے کہ موسمیاتی تغیر یا کلائمٹ چینج کے باعث آنے والی قدرتی آفات مستقبل قریب میں مختلف ممالک میں مسلح تصادم کو فروغ دے سکتی ہیں اور پہلے سے جاری تصادموں میں اضافہ کرسکتی ہیں۔

    یہ تحقیق امریکا کی نیشنل اکیڈمی آف سائنس کی جانب سے کی گئی۔ ماہرین نے اس کے لیے دنیا بھر میں جاری جنگ زدہ علاقوں کی صورتحال، ان کی وجوہات، اور مستقبل میں ہونے والی ممکنہ جنگوں / تنازعوں کی وجوہات کا جائزہ لیا۔

    کلائمٹ چینج سے مطابقت کیسے کی جائے؟ *

    تحقیق میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس وقت دنیا میں جاری خانہ جنگیوں میں سے ایک تہائی کی بنیادی وجہ وہاں ہونے والے موسمی تغیرات اور ان کے باعث ہونے والی ہجرتیں ہیں۔

    ماہرین نے واضح کیا کہ شدید گرمی کی لہریں (ہیٹ ویو)، سیلاب اور طوفان مستقبل میں جنگوں کی وجہ بھی بن سکتے ہیں۔ یہ امکان ان مقامات پر زیادہ ہے جہاں آبادی زیادہ اور کنٹرول سے باہر ہو رہی ہے۔

    کلائمٹ چینج کے باعث امریکی فوجی اڈے خطرے کی زد میں *

    کلائمٹ چینج پر کام کرنے والے سائنسدانوں کے مطابق کلائمٹ چینج قدرتی آفات جیسے زلزلہ، سیلاب، طوفان اور قحط یا خشک سالی کی وجہ بن رہا ہے۔ ان آفات کے باعث بہتر طرز زندگی کے حامل پورے پورے شہر اجڑ سکتے ہیں ا ور ان میں رہنے والے افراد بھوک، پیاس، بے روزگاری اور بنیادی سہولتوں سے محرومی کا شکار ہوسکتے ہیں۔

    نتیجتاً وہ شدت پسند رویوں کا شکار ہو کر شدت پسندی، مسلح لڑائیوں، جرائم اور دہشت گردی کی جانب متوجہ ہوں گے۔

    گرم موسم کے باعث جنگلی حیات کی معدومی کا خدشہ *

    تحقیق میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ شدت پسندی اور مسلح تصادم افریقہ اور جنوبی ایشیا کو خاص طور پر متاثر کریں گے۔

    اس سے قبل کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق کلائمٹ چینج اور اس کی وجہ سے ہونے والے مختلف مسائل کے باعث جنوبی ایشیا میں پاکستان، بھارت اور بنگلہ دیش مختلف تنازعوں کا شکار ہوجائیں گے جس سے ان 3 ممالک میں بسنے والے کروڑوں افراد کی زندگیوں کو خطرہ ہے۔

    اس تحقیق میں پانی کی کمی کی طرف خاص طور پر اشارہ کیا گیا جس کے باعث پانی کے حصول کے لیے تینوں ممالک آپس میں برسر پیکار ہوسکتے ہیں۔