Tag: تنازع

  • ’’جوہری جنگ کا خطرہ بڑھ چکا ہے‘‘

    ’’جوہری جنگ کا خطرہ بڑھ چکا ہے‘‘

    نیویاک: عالمی ادارہ تحقیق برائے انسداد ہتھیار نے خبردار کیا ہے موجودہ صورت حال میں جوہری جنگ کا خطرہ بڑھ چکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی ادارہ تحقیق برائے انسداد ہتھیار نے کہا ہے کہ جوہری جنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے، اس اہم اور فوری نوعیت کے معاملے سے نمٹنے کیلئے دنیا سنجیدگی سے غور کرے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق عالمی ادارے کی ڈائریکٹر برائے عدم ہتھیار تحقیق ریناٹاڈان نے انتباہی بیان دیتے ہوئے کہا کہ دوسری عالمی جنگ سے ابتک کے مقابلے میں اب جوہری جنگ کا خطرہ بہت بڑھ گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جوہری ہتھیاروں کے استعمال سمیت متعدد عناصر اس کی وجوہات میں شامل ہیں اور ان کا خطرہ اب زیادہ ہے اور ان سے متعلق سوچنا، ان سے نمٹنے کیلئے انتظامات انتہائی جواب طلب سوالات ہیں۔

    ریناٹاڈان کا کہنا تھا کہ جوہری ہتھیار رکھنے والے تمام ممالک میں نیوکلیئر ماڈرانائزیشن پروگرام جاری ہے ہتھیاروں پر پابندی سے متعلق بھی منظر نامہ تبدیل ہو رہا ہے، ان معاملات کے پیچھے کسی حد تک امریکا چین کے درمیان اسٹریٹیجک مسابقت بھی کار فرما ہے۔

    امریکا ایک بار پھر ایران سے مذاکرات کے لیے تیار ہوگیا

    دوسری خانب امریکا اور ایران کے درمیان شدید تنازعہ چل رہا ہے، ایک دوسرے پر سنگین الزامات عائد کیے جارہے ہیں، اپنے حالیہ بیان میں صدر ٹرمپ نے ایران کو دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ایران لڑنا چاہتا ہے تو بتا دے وہ اس کا آخری دن ہوگا، ہم ایران کو صفحہ ہستی سے مٹادیں گے۔

  • ایران سے تنازع میں میڈیا جھوٹی خبریں پھیلانے کا ذمہ دار ہے، ٹرمپ

    ایران سے تنازع میں میڈیا جھوٹی خبریں پھیلانے کا ذمہ دار ہے، ٹرمپ

    واشنگٹن : ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکی انتظامیہ کے عزائم سے متعلق بہت جھوٹ بولا جارہا ہے جس سے خود ایران بھی شش و پنج میں مبتلا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ نے ایران سے تنازع میں میڈیا کو جھوٹی خبریں پھیلانے کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ امریکی انتظامیہ کے عزائم کے بارے میں بہت جھوٹ بولا جارہا ہے جس سے خود ایران بھی شش و پنج میں مبتلا ہے۔

    واشنگٹن میں خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ امریکی انتظامیہ کے عزائم کے بارے میں بہت جھوٹ بولا جارہا ہے جس سے خود ایران بھی شش و پنج میں مبتلا ہے، جان بولٹن یا پومپیو اور ان کے درمیان کوئی اختلاف نہیں مگر میڈیا اس کے برعکس بتاتا ہے۔

    امریکی صدر نے کہا کہ میڈیا کی اسی بے ایمانی کی وجہ سے سوشل میڈیا اور اپنی تقاریر میں حقیقت بیان کرتے ہیں۔

    خیال رہے کہ امریکا سرکار کی جانب سے گزشتہ دنوں ایران پر پابندیوں کو مزید سخت کر دیا گیا ہے، ٹرمپ انتظامیہ نے مشرق وسطیٰ میں اپنے دستوں کی تعداد بھی بڑھا دی ہے.

    تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ موجودہ صورت حال میں‌ عسکری اشتعال انگیزی کا خطرہ بڑھتا جارہا ہے۔

    یاد رہے کہ امریکا ایک برس قبل ایران کے ساتھ کیے گئے جوہری معاہدے سے دستبردار ہو گیا تھا۔

    یاد رہے کہ ایرانی وزیر دفاع میجر جنرل امیر حاتمی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایران کسی بھی نوعیت کے خطرے سے نمٹنے کے لیے اعلی ترین دفاعی عسکری استعداد کا حامل ہے۔

  • امریکا نے ایک بار پھر ایران کو خبردار کردیا

    امریکا نے ایک بار پھر ایران کو خبردار کردیا

    واشنگٹن: ایران کی جانب سے جوہری ڈیل کی شرائط سے دست برداری کے بعد امریکا نے ایک بار پھر ایران کو خبردار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا نے ایران کو تنبیہ کی ہے کہ امریکی پابندیوں کی خلاف ورزی کو سنجیدہ لیا جائے بصورت دیگر ایران کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایران پر عائد کردہ امریکی پابندیوں کی خلاف ورزیوں کو سنجیدہ لیا جائے گا اور ایسی کسی بھی پیش رفت کا موثر جواب دیا جائے گا، جو ان کی خلاف ورزیوں کا موجب ہوں گے۔

    بین الاقوامی میڈیا پر یہ خبریں گردش کررہی تھیں کہ امریکا کی جانب سے اقتصادی پابندیوں کے باوجود چینی بندرگاہ پر ایرانی آئل ٹینکر کی موجودگی کی اطلاعات ہیں۔

    یہ بھی کہا گیا تھا کہ ایک تیل بردار جہاز ایک لاکھ تیس ہزار ٹن ایرانی تیل لے کر چینی شہر زاؤشان پہنچا تھا۔

    دوسری جانب ایران کے خصوصی فوجی دستے پاسداران انقلاب کے پارلیمانی افیئرز کے ڈپٹی محمد صالح جوکار نے خبردار کیا ہے کہ ایران کے کم فاصلے تک مار کرنے والے میزائل بھی خلیج میں موجود امریکی جنگی بحری بیڑوں کو آسانی سے نشانہ بنا سکتے ہیں۔

    امریکی پابندیوں کے باوجود تحمل کا مظاہرہ کر رہے ہیں،ایرانی وزیرخارجہ

    ایرانی میڈیا کے مطابق اپنے ایک بیان میں محمد صالح نے یہ بھی کہا تھا کہ امریکہ نئی جنگ کا متحمل نہیں ہو سکتا۔انہوں نے کہاکہ ایران اپنے دشمن امریکہ کے ساتھ مذاکرات نہیں کرے گا اور امریکہ ہمارے خلاف فوجی کارروائی کی بھی ہمت نہیں کرے گا۔

  • عراق خود کو امریکا ایران تنازع سے دور رکھے، آیت اللہ سیستانی

    عراق خود کو امریکا ایران تنازع سے دور رکھے، آیت اللہ سیستانی

    بغداد : مرجع تقلید آیت اللہ سیّد علی سیستانی نے وزیراعظم عادل عبدالمہدی کو سیاسی اور سیکورٹی فیصلے کرنے میں زیادہ ثابت قدمی اور دور اندیشی کا مظاہرہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نجف میں مذہبی مرجعیت نے عراق پر زور دیا ہے کہ وہ ایران امریکا تنازع سے دور رہے اور خود کو کسی بھی تنازع میں نہ جھونکنے کے حوالے سے عراقی عوام کی خواہش کی نمائندگی کرتے ہوئے کنارہ کشی کی پالیسی اختیار کرے۔

    ایک سیاسی ذریعے کے مطابق مذہبی مرجع تقلید آیت اللہ سیّد علی سیستانی نے عراقی صدر، وزیراعظم اور پارلیمنٹ کے اسپیکر کو پیغام بھیجا جس کا خلاصہ یہ ہے کہ عراق خطے میں بحران کے حوالے سے اجتناب کرے۔

    آیت اللہ سیّد علی سیستانی کی جانب سے بھیجے گئے پیغامات میں اہم ترین عراقی وزیراعظم عادل عبد المہدی کے نام تھا۔

    خط میں وزیراعظم سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ سیاسی اور سیکورٹی فیصلے کرنے میں زیادہ ثابت قدمی اور دور اندیشی کا مظاہرہ کریں اور ان جماعتوں کے مقابل پیچھے نہ ہٹیں جو اپنے ذاتی مفادات کا حصول چاہتی ہیں۔

    سیستانی نے زور دیا کہ تہران اور واشنگٹن کے درمیان کسی بھی کشیدگی یا تصادم کے حوالے سے بغداد کا موقف خود کو دور رکھنا ہو کیوں کہ عراقی عوام اس بات کو مسترد کرتے ہیں کہ عراق خود کو کسی بھی تنازع میں جھونکے۔

  • ایران عظیم تر ہے، اس کو ڈرایا دھمکایا نہیں جاسکتا: حسن روحانی

    ایران عظیم تر ہے، اس کو ڈرایا دھمکایا نہیں جاسکتا: حسن روحانی

    تہران: ایرانی صدر حسن روحانی نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران عظیم تر ہے، اس کو ڈرایا دھمکایا نہیں جاسکتا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان تنازعہ شدت اختیار کرچکا ہے، دونوں ممالک کی جانب سے ایک دوسرے پر سنگین الزامات عائد کیےجارہے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ عظیم تر ہے اور اس کو کوئی ڈرا دھمکا نہیں سکتا، ہم اس مشکل دور کو بھی وقار سے گزار لیں گے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ حالیہ صورت حال میں ہمارے سر فخر سے بلند ہوں گے اور دشمن کو شکست ہوگی۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی حکومت کی سرکاری ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا گیا کہ صدر حسن روحانی سنی علماء سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کررہے تھے۔

    انھوں نے کہا کہ ان شاءاللہ ہم اس مشکل دور کو بھی وقار سے گزار لیں گے ،ہمارے سر فخر سے بلند ہوں گے اور دشمن کو شکست ہوگی۔

    دوسری جانب امریکی فوج نے ایران کے ساتھ کشیدگی اور ممکنہ محاذ آرائی کے خدشے کے پیش نظر بی52 جنگی طیاروں کے بعدایف 15 اور ایف 35 جہاز بھی خلیجی ملکوں کے اڈوں پر پہنچا دیئے ہیں۔

    امریکا ایران کشیدگی، جدید جنگی طیارے بھی خلیج پہنچا دیئے

    خیال رہے کہ امریکی فضائیہ کی جانب سے قطر میں موجود امریکی فوجی اڈے پر بی 52 ایچ طیاروں کی موجودگی کی تصاویر جاری کی گئی تھیں۔ امریکی فضائیہ کا کہنا تھا کہ بمبار طیارے جنوب مغربی ایشیائی ملکوں میں بھی پہنچ گئے ہیں تاہم ان کے ٹھکانوں کے بارے میں نہیں بتایا گیا۔

  • شمالی کوریا تنازعہ، امریکا اور جنوبی کوریا کے درمیان رابطہ

    شمالی کوریا تنازعہ، امریکا اور جنوبی کوریا کے درمیان رابطہ

    واشنگٹن: شمالی کوریا کے تنازعے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنوبی کوریائی سربراہ مون جے ان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی اور جنوبی کوریائی صدور کے درمیان 35 منٹ تک ٹیلی فونک گفتگو ہوئی اس دوران دونوں رہنماؤں نے شمالی کوریا معاملے پر تفصیلی گفتگو کی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ٹرمپ اور مون جے ان نے اس بات پر زور دیا ہے کہ شمالی کوریا کو مکمل طور پر غیرجوہری ملک بنایا جائے گا۔

    وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا اور جنوبی کوریا نے اتفاق کیا ہے کہ حتمی فیصلہ شمالی کوریا کو غیر ایٹمی بنانا ہے۔

    شمالی کوریا کی جانب سے حال ہی میں میزائل کا کامیاب تجربہ کیا گیا ہے جس کے بعد امریکی صدر نے معاملے کو سلجھانے کے لیے رابطے تیز کردیے ہیں۔

    شمالی کوریا کے میزائل مشاہدے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ پوری امید ہے کم جونگ ان تعلقات کی راہ میں خطرات نہیں ڈالیں گے۔

    انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ کم جونگ ان سے اچھے تعلقات ہیں، تنازعہ جلد حل ہوجائے گا۔ خیال رہے کہ شمالی کوریا کم جونگ ان کی ہدایت پر ملک کے دفاعی نظام کو مزید مضبوط کررہا ہے۔

    شمالی کوریائی سربراہ تعلقات کی راہ کو خطرے میں نہیں ڈالیں گے: ٹرمپ

    دوسری جانب جنوبی کوریائی حکام کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا غذائی بحران کا شکار ہے جس کے پیش نظر امریکا کی جانب سے غذائی امداد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

  • علی ظفر، میشا شفیع تنازع، سپر اسٹار کا فیصلہ کن اقدام کا اعلان

    علی ظفر، میشا شفیع تنازع، سپر اسٹار کا فیصلہ کن اقدام کا اعلان

    لاہور: علی ظفر میشا شفیع تنازع اہم موڑ‌پر پہنچ گیا، سپر اسٹار نے فیصلہ کن اقدام کا عندیہ دے دیا.

    تفصیلات کے مطابق علی ظفر اور میشا شفیع کی جانب سے میڈیا اور سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کے خلاف الزامات کا سلسلہ جاری ہے.

    آج ٹویٹر پر علی ظفر نے اسکرین شاٹس شیئر کرتے ہوئے کہا کہ قانونی کارروائی کے تحت ان سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو بند کیا جارہا ہے، جو ان کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا کر رہے تھے.

    خیال رہے کہ انھوں نے گزشتہ دونوں الزام لگایا تھا کہ سوشل میڈیا پر جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے انھیں بدنام کیا جارہا ہے، ایف آئی اے ان جعلی اکاؤنٹس کے خلاف کارروائی کرے، آج اس طرح کے اکاؤنٹس بند کر دیے گئے ہیں.

    مزید پڑھیں: میشا شفیع جنسی ہراسانی کیس، گلوکار علی ظفر آبدیدہ ہوگئے

    علی ظفر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ میشا شفیع کے معاملے پرجلد فیصلہ کن چیزیں جاری کروں گا، ہرزبانی، تحریری دعوے یا الزام کا ثبوت کے ساتھ جواب دیا جائے گا.

    یاد رہے کہ 29 اپریل 2019 کو اے آر وائی کے پروگرام میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے علی ظفر نے کہا تھا کہ میشا شفیع کو عدالت یا کیمرے کے سامنے الزامات ثابت کرنے کا چیلنج کرتا ہوں، ایک منٹ بھی عدالت یا کیمرے کے سامنے آئیں، ان سے سوال ہوا تو ان کا جھوٹ پکڑا جائے گا، اسی لیے وہ چھپ کر بیٹھی ہیں۔

  • روس کا نومنتخب یوکرینی صدر کے لیے مشکلات نہ کھڑی کرنے کا فیصلہ

    روس کا نومنتخب یوکرینی صدر کے لیے مشکلات نہ کھڑی کرنے کا فیصلہ

    ماسکو: روسی صدر ولادی میرپیوٹن نے یورکرین میں نئے منتخب ہونے والے صدر ویلودومیر زیلنسکی کے لیے مشکلات پیدانہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مشرقی یوکرین کے علاقے ڈونیٹسک اور لوہانسک سے متعق روس اور یوکرین کے درمیان شدید تنازع ہے، البتہ ولادی میرپیوٹن نے نومنتخب صدر نے لیے مشکلات نہ کھڑی کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ مشرقی یوکرائن میں روس نواز باغی اور ملکی افواج کے مابین جنگی صورت حال رہ چکی ہے، باغیوں اور حکومت کے مابین مسائل تو پہلے سے چلے آ رہے تھے لیکن لڑائی کا باقاعدہ آغاز اپریل دو ہزار تیرہ کو ہوا۔

    بعد ازاں روس نواز باغیوں نے مشرقی یوکرائن کے متعدد شہروں بشمول ڈونیٹسک، لوہانسک اور خارکیف میں کئی سرکاری عمارتوں اور یوکرائنی سکیورٹی سروس’ ایس بی یو‘ کے دفاتر پر قبضہ کرلیا تھا۔

    دریں اثنا اقوام متحدہ کی مداخلت کے بعد لڑائی رکی، اور تنازع کو حل کی جانب لے جانے کی کوشش کی گئی۔ گذشتہ روز روسی صدر نے یوکرائن کے علیحدگی پسند خطوں ڈونَیٹسک اور لُوہانسک کے باشندوں کو کہا ہے کہ اگر وہ چاہیں تو اپنے لیے روسی پاسپورٹوں کی درخواستیں دے سکتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ یہ بات ناقابل قبول ہے کہ یوکرائن کے ڈونَیٹسک اور لُوہانسک نامی علاقوں کے رہائشیوں کو تقریباﹰ کوئی حقوق حاصل نہیں ہیں لیکن پھر بھی نئی حکومت کے لیے حالات سازگار رہیں گے۔

    کامیڈین ویلودومیر زیلنسکی یوکرین کے صدر منتخب

    یاد رہے کہ دو روز قبل معروف کامیڈین ویلودومیر زیلنسکی نے یوکرین کے صدارتی انتخابات میں موجودہ صدر کو شکست دے چکے ہیں، اب وہ ملک کے صدر کی حیثیت سے اپنا عہدہ سنبھالیں گے۔

  • ایران ہمسایوں کو دھمکانے کے لیے شام کا استعمال بند کرے: امریکا

    ایران ہمسایوں کو دھمکانے کے لیے شام کا استعمال بند کرے: امریکا

    واشنگٹن: امریکا کے خصوصی ایلچی برائے شام اور ڈپٹی اسسٹنٹ سیکریٹری آف اسٹیٹ جوئیل رے برن کا کہنا ہے کہ ایران ہمسایوں کو دھمکانے کے لیے شام کا استعمال بند کرے۔

    تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں جوئیل رے برن کا کہنا تھا کہ پوری عالمی برادری ایران کے شام کو علاقائی ممالک کو ڈرانے دھمکانے کے لیے استعمال کرنے کے خلاف ہے۔

    انہوں نے کہا کہ یورپی یونین اور عرب دنیا کے درمیان ایران پر دبا ڈالنے کے معاملے میں اتفاق رائے پایا جاتا ہے تاکہ اس کو شام کو علاقائی ممالک کو ڈرانے دھمکانے کے لیے استعمال کرنے سے روکا جاسکے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے میں ایرانی رجیم بالکل تنہا ہے، پوری عالمی برادری ایران کے شام کو علاقائی ممالک کو ڈرانے دھمکانے کے لیے استعمال کرنے کے خلاف ہے اور اس کے اس کردار کو مسترد کرتی ہے، عرب دنیا اس معاملے میں ہمارے ساتھ متفق ہے کہ ایران کو اس سے باز رکھنے اور تنہائی کا شکار کرنے کے لیے اس کے خلاف سیاسی اور اقتصادی دبا استعمال کیا جانا چاہیے۔

    رے برن نے شام میں اسد رجیم کے اپنی جیلوں میں قیدیوں سے ناروا سلوک کے بارے میں بھی گفتگو کی، انھوں نے کہا کہ افشا ہونے والی تصاویر سے ظاہر ہوتا ہے کہ انھوں نے اپنی جیلوں میں دوسری عالمگیر جنگ کے نازیوں کی طرح کے موت کیمپ بنا رکھے ہیں۔

    امریکا دہشت گردی کو اسپانسر کرنے والا ملک ہے،ایران

    خیال رہے کہ امریکی ایلچی شام کے ایک سابق فوجی کی فراہم کردہ ہزاروں تصاویر کا حوالہ دے رہے تھے، یہ تصاویر مئی 2011 سے اگست 2013 تک کھینچی گئی تھیں، ان سے ظاہر ہوتا ہے کہ 6786 افراد شامی حکام کے زیر حراست ہر طرح کے تشدد کا نشانہ بنے تھے، اور وہ ان کی اذیتوں کی تاب نہ لا کر موت کے منھ میں چلے گئے تھے۔

  • سمجھوتہ ایکسپریس بحال، 190 مسافروں کو لے کر بھارت روانہ

    سمجھوتہ ایکسپریس بحال، 190 مسافروں کو لے کر بھارت روانہ

    لاہور: پاک بھارت کشیدگی کے باعث بند ہونے والی سمجھوتہ ایکسپریس 190 مسافروں کو لے کر بھارت کے لیے روانہ ہوگئی، سمجھوتہ ٹرین کو گزشتہ جمعرات کو بند کیا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان سمجھوتہ ایکسپریس بحال کردی گئی، پاک بھارت کشیدگی کے بعد پہلی ٹرین آج صبح 8 بجے براستہ واہگۃ بارڈر 190 مسافروں کو لے کر بھارت کے لیے روانہ ہوگئی۔

    پاک بھارت کشیدگی کی وجہ سے سمجھوتہ ایکسپریس بند کی گئی تھی اور گزشتہ جمعرات کو بھارت جانے والی ٹرین تاحکم ثانی منسوخ کردی گئی تھی۔ سمجھوتہ ایکسپریس ٹرین ہر پیر اور جمعرات کی صبح بھارت روانہ ہوتی ہے۔

    یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان چلنے والی سمجھوتہ ایکسپریس ٹرین کا آغاز 22 جولائی 1976 کو ہوا تھا۔ ٹرین کے مسافروں کا امیگریشن اور کسٹم واہگہ، پاکستان اور اٹاری، بھارت میں ہوتا ہے۔

    خیال رہے کہ مودی سرکار نے انتخابات میں اپنی جیت کے لیے پاکستان کے ساتھ کشیدگی کو ہوا دے کر خطے میں جنگ کے شعلوں کو بھڑکانے کی کوشش کی، جس کی وجہ سے خود بھارت میں انھیں شدید مخالفت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    پاکستان کی سرحدی در اندازی، سرحدوں پر فائرنگ اور گولہ باری کے علاوہ بھارت نے جنگی طیارے بھیج کر دراندازی کی مذموم کوششیں بھی کی گئیں، جس کے نتیجے میں پاک فوج نے دو بھارتی جہاز بھی مار گرائے اور ایک پائلٹ کو زندہ پکڑا، جسے بعد ازاں رہا کر دیا گیا تھا۔