Tag: تنخواہ

  • ٹاؤن چیئرمین کی تنخواہ کتنی ہوتی ہے؟ جانیے

    ٹاؤن چیئرمین کی تنخواہ کتنی ہوتی ہے؟ جانیے

    کراچی (31 اگست 2025) عوام کی اکثریت بلدیاتی نظام میں چیئرمین کی تنخواہ نہیں جانتے تاہم اس اے آر وائی پوڈکاسٹ کے ذریعہ انہیں پتہ چل جائے گا۔

    اے آر وائی کے پوڈکاسٹ میں جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر شریک ہوئے۔ ان سے میزبان ایاز سموں نے بلدیاتی نظام سے متعلق متعدد سوالات کیے۔ ایک سوال یہ بھی پوچھا کہ ٹاؤن ناظم کی تنخواہ کتنی ہوتی ہے۔

    منعم ظفر نے بتایا کہ ایک ٹاؤن ناظم کی ماہانہ تنخواہ تقریباً 50 ہزار ہوتی ہے۔

    میزبان نے کراس کوئیسچن کرتے ہوئے استفسار کیا کہ پھر یہ جو بڑی بڑی گاڑیوں میں گھوم رہے ہوتے ہیں؟ اس پر امیر جماعت اسلامی کراچی نے وضاحت کہ ٹاؤن کی طرف سے صرف چیئرمین کو گاڑی ملتی ہے۔ یوسی چیئرمین اور کونسلرز کو ایسا کچھ نہیں ملتا۔

    ایاز سموں نے پھر سوال داغا کہ کچھ تو بنا لیتے ہوں گے یہ؟

    منعم ظفر نے بتایا کہ 2024 تک ہر یوسی کو آکٹرائے ٹیکس کی مد میں صرف 5 لاکھ ملتے تھے۔ تاہم ہر یو سی میں 9 ملازم ہوتے ہیں اور ان میں سے ہر ماہ ساڑھے چار یا پونے پانچ لاکھ تو تنخواہ میں چلے جاتے تھے۔ پھر پیچھے 25 ہزار بچتے تھے۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ ہم نے ہی شور مچایا کہ یوسی کا او زی ٹی شیئر بڑھاؤ تاکہ یوسی چیئرمین ڈیولپمنٹ کا کچھ تو کام کرا سکیں۔ کچھ نہیں تو گٹروں کے ڈھکن اور اسٹریٹ لائٹس ہی لگا دیں۔ اس کے بعد ہی یوسی کا او زی ٹی شیئر 5 لاکھ سے بڑھا کر 12 لاکھ کیا گیا۔

    اسی پوڈکاسٹ میں امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے کرپٹ پارٹی ممبران کے خلاف پارٹی کی کارروائی سے متعلق بھی آگاہ کیا۔

    https://urdu.arynews.tv/jamaat-e-islami-with-corrupt-party-members-munem-zafar-explains/

  • ہنرمند اور غیر ہنرمند مزدوروں کے لیے خوشخبری، کم سے کم تنخواہ کتنی ہوگی؟

    ہنرمند اور غیر ہنرمند مزدوروں کے لیے خوشخبری، کم سے کم تنخواہ کتنی ہوگی؟

    کراچی: سندھ منیمم ویج بورڈ کی جانب سے مزدوروں اور ملازمین کے لیے بڑی خوش خبری آئی ہے، بورڈ نے ہنرمند اور غیر ہنرمند ورکرز کی ’کم سے کم اجرت‘ مقرر کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ’کم سے کم اجرتی بورڈ سندھ‘ نے غیر ہنر مند اور ہنر مند ورکرز کی کم از کم اجرت مقرر کرنے کی تجویز پیش کر دی ہے، اور کہا ہے کہ متعلقہ اسٹیک ہولڈرز 14 دن کے اندر اپنے اعتراضات متعلقہ محکمے میں جمع کروا سکتے ہیں۔

    ’’منیمم ویج بورڈ‘‘ کے سیکریٹری محمد نعیم منگی کا کہنا ہے کہ صوبہ سندھ کے اندر قائم تمام رجسٹرڈ اور غیر رجسٹرڈ صنعتی ادارے تجویز شدہ کم از کم ماہانہ اجرت دینے کے پابند ہوں گے۔

    بورڈ کی جانب سے پیش کردہ تجویز کے مطابق غیر ہنر مند ورکرز کی کم سے کم ماہانہ اجرت 40 ہزار روپے ہوگی، نیم ہنر مند ورکرز کی کم سے کم ماہانہ اجرت 41280 روپے ہو گی، جب کہ ہنر مند ورکرز کی کم وے کم ماہانہ اجرت 48910 روپے ہوگی۔

    تجویز کے مطابق ہائیلی اسکلڈ (انتہائی ہنرمند) ورکرز کی کم سے کم ماہانہ اجرت 50868 روپے مقرر ہوں گے، بورڈ نے یہ بھی کہا ہے کہ مذکورہ اجرتیں یکم جولائی 2025 سے نافذ العمل سمجھی جائیں گی۔

  • بجٹ 26-2025: سندھ کابینہ نے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دے دی

    بجٹ 26-2025: سندھ کابینہ نے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دے دی

    کراچی: سندھ کابینہ نے آئندہ بجٹ 2025-26 کے لیے مختلف پے اسکیلز کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کابینہ نے گریڈ 1 سے 16 تک کے ملازمین کی تنخواہوں میں 12 فیصد جبکہ گریڈ 17 سے 22 تک کے ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے کی منظوری دے دی ہے۔

    سندھ حکومت کی اس فیصلے کا مقصد بڑھتی ہوئی مہنگائی کے درمیان مالی ریلیف فراہم کرنا ہے اور یہ وسیع تر صوبائی بجٹ کے فریم ورک کا حصہ ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/sindhs-budget-for-the-next-fiscal-year-will-be-presented-today/

    واضح رہے کہ وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت سندھ کابینہ کے اجلاس میں آئندہ مالی سال کےلیے بجٹ کی منظوری دے دی گئی ہے، مراد علی شاہ نے کہا کہ عوامی ترجیحات کو مد نظر رکھتے ہوئے بجٹ پیش کیا جائیگا۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کو ریلیف دیا جائے گا، بلاول بھٹو کی ہدایت پر بجٹ تجاویز حاصل کی گئیں، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عوامی اور قومی مفادات کو ترجیح دی۔

    دستاویزات کے مطابق سندھ کا ترقیاتی بجٹ ایک ہزار 18 ارب روپے کا ہوگا، صوبائی ترقیاتی بجٹ 520 ارب، ضلعی ترقیاتی بجٹ 55 ارب روپے ہوگا، غیر ملکی فنڈز 366 ارب، وفاقی سالانہ ترقیاتی پروگرام سے 76 ارب ملیں گے۔

  • آپ کی تنخواہ نہیں بڑھ رہی؟ تو یہ طریقے آزمائیں

    آپ کی تنخواہ نہیں بڑھ رہی؟ تو یہ طریقے آزمائیں

    آمدنی اٹھنی خرچہ روپیہ آج کل سب کا یہی مسئلہ ہے اگر آپ بھی نجی ادارے میں ملازم ہیں اور تنخواہ نہیں بڑھ رہی تو یہ طریقے آزمائیں۔

    دنیا بھر میں مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے اور تنخواہ دار طبقے کا اس مہنگائی میں گزر بسر کرنا مشکل تر ہوتا جا رہا ہے۔ نجی اداروں کے ملازمین کی اکثریت کا مسئلہ کم تنخواہ یا پھر اس میں اضافہ نہ ہونا ہے جو ان کی پریشانی بڑھا دیتا ہے۔

    نجی اداروں میں ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا انحصار جہاں باسز کی اپروول پر منحصر ہوتا ہے۔ وہیں ملازم کی ذاتی کارکردگی بھی اس پر اثر انداز ہوتی ہے۔

    کم تنخواہ یا انکریمنٹ نہ لگنے سے پریشان اکثر ملازمین مایوسی میں ملازمت چھوڑنے کا سوچنے لگتے ہیں۔ تاہم آج کل ملازمت ملنا بھی آسان نہیں ہے۔ اگر آپ کو بھی ایسا ہی مسئلہ درپیش ہے، تو ملازمت چھوڑنے سے قبل یہ طریقے آزمائیں تو غالب امکان ہے کہ آپ کی تنخواہ بڑھ جائے گی۔

    تنخواہ بڑھوانے کا پہلا موثر طریقہ؟

    اگر آپ سمجھتے ہیں کہ آپ کی تنخواہ کم ہے یا قابلیت کے مطابق آپ کو معاوضہ نہیں مل رہا تو اس کا گلہ اپنے دفتری ساتھیوں سے کرنے کے بجائے باس سے براہ راست کھل کر بات کریں۔

    کیونکہ ساتھیوں کے ساتھ تنخواہ کم کی بات کرنے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔ آپ اپنے باس اس بارے کھل کر بات کریں اور انہیں ادارے کے لیے اپنی خدمات بتائیں اور تمام حقائق سامنے رکھتے ہوئے انہیں قائل کرنے کی کوشش کریں کہ آپ کی تنخواہ یا انکریمنٹ آپ کی محنت کے مقابلے میں کم ہے۔

    آپ کی بات کا باس پر کیا اثر ہوتا ہے، یہ آپ اپنا مدعا کتنے پیشہ ورانہ اور پرسکون انداز میں ان کے سامنے پیش کرتے ہیں۔ اگر آپ کو لگے کہ باس اس معاملے میں دلچسپی نہیں لے رہے تو باس سے پوچھ سکتے ہیں کہ وہ اس بارے میں دوبارہ کب بات کر سکتے ہیں۔

    تنخواہ بڑھوانے کا دوسرا موثر طریقہ؟

    اگر آپ کی تنخواہ نہیں بڑھ رہی یا انکریمنٹ نہیں مل رہا تو دیکھیں کہیں آپ سے کوتاہی تو نہیں ہو رہی ہے۔ اس کے لیے آپ اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کریں۔ ضروری نہیں کہ آپ کو ذمہ داری سونپی جائے تب ہی آپ کام کریں، ادارے کی پالیسی میں رہتے ہوئے کام میں جدت اور مہارت لا کر بھی اپنی کارکردگی کو بہتر اور ادارے میں اپنی ساکھ کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔

    آپ کے ایسا کرنے سے ادارہ کبھی یہ نہیں چاہے گا کہ آپ ان کا ادارہ چھوڑ کر جائیں۔

    اگر آپ برسوں سے کسی کمپنی میں کام کر رہے ہیں۔ اور اتنی کوششوں کے باوجود اگر آپ کی تنخواہ نہیں بڑھ رہی تو اس صورتحال میں نئی ملازمت تلاش کریں۔ نئے ادارے میں آپ کو اچھے پیکیج کے ساتھ ملازمت کا نیا کردار آپ کی صلاحیتوں کو مزید نکھار سکتا ہے۔

    تاہم ملازمت چھوڑتے وقت جلد بازی سے کام لینے کے بجائے اپنے کام، تجربے، قابلیت اور مارکیٹ ویلیو سے متعلق ضرور معلومات حاصل کریں تاکہ نئی جگہ آپ کو آسانی ہو۔

    تنخواہ نہیں بڑھتی، دوسری ملازمت بھی نہیں تو پھر کیا کریں؟

    اگر آپ کی تنخواہ بھی نہیں بڑھ رہی اور مطلوبہ اچھی نوکری بھی نہیں مل رہی تو پھر اضافی آمدنی کے لیے سوچیں۔ اس کے لیے آپ فری لانسنگ اور پارٹ ٹائم پراجیکٹس کے ذریعہ معقول آمدنی کما سکتے ہیں۔ آن لائن بزنس کر سکتے ہیں۔ تاہم یہ کام کرنے سے قبل اپنے ادارے کی پالیسی جان لیں کہ کہیں آپ کا کوئی پارٹ ٹائم کام کمپنی پالیسی کے خلاف تو نہیں۔

  • مریم نواز نے مزدوروں کی اجرت کے سلسلے میں بڑا قدم اٹھا لیا

    مریم نواز نے مزدوروں کی اجرت کے سلسلے میں بڑا قدم اٹھا لیا

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مزدوروں کی فلاح کے لیے اہم منصوبوں کی منظوری دے دی، اور کم از کم ماہانہ اجرت 37 ہزار روپے یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پنجاب بھر میں لیبر کالونیاں بنانے کے لیے پلان طلب کر لیا ہے، اور صوبے بھر میں سوشل سیکیورٹی اسپتالوں کی ری ویمپنگ کا حکم بھی جاری کر دیا ہے۔

    لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد میں ’مریم نواز ویلنس سینٹر‘ بنیں گے، جہاں مریضوں کو اسکریننگ کے بعد بڑے اسپتال ریفر کیا جائے گا، لاہور ڈیفنس روڈ پر 200 بیڈ کے رحمت اللعالمین کارڈیالوجی سینٹر بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ نے رحیم یار خان میں 50 بیڈ کے نئے سوشل سیکیورٹی اسپتال کی منظوری دے دی، انھوں نے مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے لیبر لاز میں ترامیم کی بھی ہدایت کی ہے، اس سلسلے میں مریم نواز نے صوبائی وزیر محنت فیصل ایوب سے مشاورتی اجلاس اور پلان طلب کر لیا ہے۔

    مرغی کا گوشت کتنے روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے؟

    مریم نواز نے اس موقع پر کہا محنت کش اللہ کے دوست ہیں، انھیں ناراض نہیں کر سکتے، پنجاب کو مزدوروں کی فلاح کے حوالے سے مثالی صوبہ بنانے کا عزم رکھتے ہیں، مزدور کی اجرت، علاج، بہتر روزگار اور اپنی چھت حکومت کی ذمہ داری ہے، کوئی مزدور بھوکا نہ سوئے، کسی کو دکھ اور پریشانی نہ ہو۔ انھوں نے کہا ہم مزدوروں کے بچوں کے لیے اعلیٰ تعلیم کے بہتر مواقع مہیا کر رہے ہیں۔

  • کراچی کی جیل میں بول نہ پانے والی لڑکی کو 11 سال سے تنخواہ نہ ملنے کا انکشاف

    کراچی کی جیل میں بول نہ پانے والی لڑکی کو 11 سال سے تنخواہ نہ ملنے کا انکشاف

    کراچی: شہر قائد کی جیل میں بول نہ پانے والی لڑکی کو 11 سال سے تنخواہ نہ ملنے کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں ایک کیس کی سماعت کے دوران انکشاف ہوا کہ جیل ملازمہ ثمینہ شیخ کو گزشتہ گیارہ سال سے تنخواہیں ادا نہیں کی جا رہیں۔

    جیل ملازمہ کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے کیس میں عدالت نے محکمہ جیل خانہ جات سمیت دیگر کو نوٹس جاری کر دیے ہیں، عدالت نے آئندہ سماعت پر درخواست گزار سے دستاویزات بھی طلب کر لیے۔

    قبل ازیں، درخوست گزار نے عدالت کو بتایا ’’میں فوتی کوٹے پر 2013 سے بطور جیل ملازمہ بھرتی ہوئی ہوں، میرے ساتھ بھرتی ہونے والے تمام ملازمین کو تنخواہیں مل رہی ہیں، لیکن 2013 سے آج تک مجھے ایک بھی تنخواہ ادا نہیں کی گئی۔‘‘

    درخواست گزار ثمینہ شیخ نے عدالت سے فریاد کی کہ انھیں تنخواہ کی ادائیگی کے لیے پیسے دینے کے لیے کہا گیا، اگر پیسے دیں گی تو تنخواہ ملے گی۔ مدعی نے عدالت سے استدعا کی کہ جیل انتظامیہ کو تنخواہوں کی ادائیگی کا حکم دیا جائے۔

    عدالت نے فریاد سن کر سندھ حکومت کے وکیل پر برہمی کا اظہار کیا، اور ریمارکس دیے کہ یہ آپ لوگ کیا کر رہے ہیں، معصوم لڑکی جو بول بھی نہیں پا رہی اس کو بھی تکلیف میں ڈال دیا ہے۔

    کیس کی سماعت کے بعد عدالت نے محکمہ جیل خانہ جات سمیت دیگر کو نوٹس جاری کر دیے۔

  • پی آئی اے ملازمین کی تنخواہوں میں 30 فی صد اضافہ؟

    پی آئی اے ملازمین کی تنخواہوں میں 30 فی صد اضافہ؟

    کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کے ملازمین کی تنخواہوں میں 30 فی صد اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کا اہم ترین اعلیٰ سطح کا اجلاس آج لاہور میں طلب کر لیا گیا ہے، جس میں شرکت کے لیے سی ای او پی آئی اے، چیئرمین، سیکریٹری ہوابازی سمیت اعلیٰ افسران لاہور پہنچ گئے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے ملازمین کی تنخواہوں میں 30 فی صد تک اضافے کی تجویز ہے، اس سلسلے میں پی آئی اے انتظامیہ نے سفارش تیار کر لی ہے، پی آئی اے انتظامیہ نے تنظیم نو کے پلان پر بھی کام شروع کر دیا ہے۔

    انتظامیہ قومی ایئر لائن کی تنظیم نو سے متعلق بورڈ ارکان کو آگاہی دے گی، پی آئی اے کو مالی مشکلات، یورپ، امریکا کے لیے پروازوں کے معاملے پر بھی اجلاس میں غور ہوگا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کے جہازوں میں ان فلائٹ انٹرٹیمنٹ منصوبے پر بھی تفصیل اجلاس میں شیئر کی جائے گی۔

  • سب سے زیادہ تنخواہ حاصل کرنی ہے تو کس ملک میں جانا چاہیئے؟

    سب سے زیادہ تنخواہ حاصل کرنی ہے تو کس ملک میں جانا چاہیئے؟

    ہم میں سے ہر شخص اپنی آمدنی کو بڑھانا اور زندگی کو بہتر کرنا چاہتا ہے، اس مقصد کے لیے لوگ ہجرت بھی کرتے ہیں اور ترقی یافتہ ممالک میں جا کر بس جاتے ہیں جہاں ان کی زندگی بہتر ہوسکے۔

    لیکن کیا آپ جانتے ہیں دنیا میں وہ کون سے ممالک ہیں جہاں ماہانہ آمدنی کی اوسط سب سے زیادہ ہے؟

    حال ہی میں ورلڈ آف سٹیٹسٹکس نے ٹویٹر پر سب سے زیادہ اوسط تنخواہ والے ممالک کی فہرست جاری کی ہے۔ اس میں سوئٹزر لینڈ، لکسمبرگ، سنگاپور، امریکا، آئس لینڈ، قطر، ڈنمارک، متحدہ عرب امارات، ہالینڈ اور آسٹریلیا جیسے ممالک شامل ہیں۔

    اس معاملے میں سوئٹزر لینڈ دنیا بھر میں پہلے نمبر پر ہے جہاں لوگوں کی اوسط نیٹ ماہانہ تنخواہ 6 ہزار 96 ڈالر ہے۔

    دوسرے نمبر پر لکسمبرگ ہے جہاں اوسط آمدنی 5 ہزار 15 ڈالرز، سنگاپور میں 4 ہزار 989 ڈالرز، امریکا میں 4 ہزار 245 ڈالرز اور آئس لینڈ میں 4 ہزار7 ڈالرز تنخواہ ہے۔

    ان کے علاوہ قطر اور آسٹریلیا بھی اس فہرست میں شامل ہیں، یاد رہے کہ جن ممالک کا تذکرہ کیا گیا ہے وہاں ملازمین کو ملنے والی سہولیات بھی دیگر ممالک سے زیادہ ہیں۔

  • عرب امارات میں تنخواہوں سے متعلق اہم اعلان

    عرب امارات میں تنخواہوں سے متعلق اہم اعلان

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں تمام سرکاری ملازمین کو عید سے قبل 17 اپریل کو تنخواہیں ادا کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات کے تمام سرکاری اداروں کے ملازمین کو عید الفطر کے باعث 17 اپریل کو تنخواہ ادا کی جائے گی۔

    امارات کے نائب صدر شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے تمام ملازمین کی تنخواہیں سوموار 17 اپریل 2023 کو جاری کی جائیں گی۔

    امارات کے نائب صدر نے یہ ہدایت عید الفطر کی تعطیلات قریب آنے پر دی ہیں تاکہ تمام سرکاری ملازمین اپنے اہل و عیال کے لیے عید پر خریداری اور عید کی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دے سکیں۔

  • عرب امارات: ملازمین کی تنخواہ کے حوالے سے اہم اعلان

    عرب امارات: ملازمین کی تنخواہ کے حوالے سے اہم اعلان

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں وزارت افرادی قوت نے کہا ہے کہ ملازمین کی تنخواہیں بینک کے ذریعے ادا کرنے پر مالکان کو رعایتیں دی جائیں گی۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات کی وزارت افرادی قوت و اماراتائزیشن نے کمپنیوں اور اداروں کے مالکان سے کہا ہے کہ وہ اپنے ملازمین کی تنخواہیں بینک اکاؤنٹس کے ذریعے ادا کریں۔

    وزارت افرادی قوت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جو لوگ اپنے ملازمین کی تنخواہیں بینک اکاؤنٹس کے ذریعے ادا کریں گے انہیں تحفظ اجرت قانون میں اندراج کے حوالے سے رعایتیں دی جائیں گی۔

    وزارت کا کہنا ہے کہ بینکوں کے ذریعے تنخواہ ادا کرنے کے متعدد فائدے ہیں، پہلا یہ ہے کہ ملازمین کی تنخواہیں ادا کرنے کا ریکارڈ محفوظ ہوجائے گا۔

    دوسرا فائدہ یہ ہوگا کہ آجر اور اجیر کے درمیان اچھے تعلقات استوار ہوں گے، اجیروں کو مقررہ وقت پر تنخواہ ملتی رہے گی، علاوہ ازیں ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ ملازمین کو شفاف نظام کے تحت آسانی سے تنخواہ وصول ہوتی رہے گی۔