Tag: تنخواہیں

  • سرکاری ملازمین کی تنخواہیں اور پنشن مہنگائی کے حساب سے بڑھائی جائے، گورنر کے پی

    سرکاری ملازمین کی تنخواہیں اور پنشن مہنگائی کے حساب سے بڑھائی جائے، گورنر کے پی

    گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے حکومت سے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہیں اور پنشن مہنگائی کے تناسب سے بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی نے ڈی آئی خان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت بجٹ پیش کر رہی ہے۔ پی پی کے وفد نے اپنی تجاویز پیش کی تھیں۔ اس بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہیں اور پنشن مہنگائی کے حساب سے بڑھائی جائے اور مارجنز کے حوالے سے جو زیادتیاں ہو رہی ہیں ان کا ازالہ کیا جائے۔

    فیصل کریم کنڈی نے کے پی کی صوبائی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ کی مد میں وفاق نے 700 ارب دیے وہ کہاں خرچ ہوئے؟ اس وقت صوبے میں لوٹ مار کا بازار گرم ہے۔ کوہستان میں پانچ ارب کی کرپشن ہوئی ہے۔ بانی اور چیئرمین بتائیں کہ صوبے میں لوٹ مار کون کر رہا ہے؟

    گورنر کے پی کا کہنا تھا کہ ٹی ایم ایز کے آڈٹ کو چھپایا جا رہا ہے۔ 50 ارب کی کرپشن پر نیب کیوں چُپ ہے، شاید وہ پری بارگیننگ کے چکر میں ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والے آپس میں لڑ رہے ہیں کہ فلاں فلاں وزیر نے لوٹ مار کی ہے۔ بات جب نکلے گی تو فرانس تک جائے گی۔

    فیصل کریم کا یہ بھی کہنا تھا کہ ڈی آئی خان میں کسی اور کے نام سے پراپرٹیز خریدی گئی ہیں۔ کوہستان کے لوگوں نے بھی ڈیرہ میں پراپرٹی خریدی ہے۔ مولانا فضل الرحمان پی ٹی آئی کے سیاسی مسیحا تھے۔ انہیں 13 سال بعد یاد آیا ہے کہ پی ٹی آئی کرپٹ ہے۔

    گورنر کے پی نے کہا کہ پی ٹی آئی اور جے یو آئی طے کر لیں کہ کون کرپٹ ہے۔ وزیر اعلیٰ ذاتی طور پر وفاق کو قرضہ دے سکتے ہیں، صوبائی حکومت نہیں دے سکتی۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیراعلیٰ کے گاؤں میں لوگ پینےکے صاف پانی کو ترس رہے ہیں مگر 55 کروڑ روپے ڈیرہ جات پر اڑا دیے گئے۔ صوبائی حکومت انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور سی آر پی سی پراجیکٹ پر روڑے اٹکا رہی ہے۔

  • کےپی میں پولیسنگ بلوچستان جتنی مشکل، تنخواہیں بڑھائی جائیں، آئی جی کا وزیراعلیٰ کو خط

    کےپی میں پولیسنگ بلوچستان جتنی مشکل، تنخواہیں بڑھائی جائیں، آئی جی کا وزیراعلیٰ کو خط

    پشاور: آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں پولیسنگ اتنی ہی مشکل اور چیلنجنگ ہے جتنی کہ بلوچستان میں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی جی خیبر پختونخوا پولیس ذوالفقار حمید نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو خط لکھا ہے، آئی جی ذوالفقار حمید کی جانب سے وزیراعلیٰ سے خیبر پختونخوا کو ہارڈ ایریا قرار دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

    مراسلے میں انھوں نے کہا کہ کےپی پولیس کی تنخواہیں بلوچستان پولیس کے برابرکی جائیں، کےپی اور بلوچستان اندرونی، سرحدی دہشت گردی کے خطرات کا سامنا کررہے ہیں۔

    ذوالفقار حمید نے خط میں کہا کہ بلوچستان کو ہارڈ ایریا قرار دیا گیا ہے، خیبر پختونخوا میں بھی خطرات زیادہ ہیں، بلوچستان میں پولیس افسران، اہلکاروں کو زیادہ مالی مراعات دی جاتی ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس زیادہ قربانیاں دے رہی ہے مگر کم تنخواہیں ملتی ہیں، تنخواہوں میں واضح فرق پولیس میں بےچینی اور عدم اطمینان پیدا کررہا ہے۔

    مراسلہ میں آئی جی ذوالفقار حمید نے کہا کہ کےپی پولیس کی بہادری، دہشتگردوں کیخلاف جنگ اسے بہترین فورس بناتی ہے، فیصلے سے سالانہ مالی بوجھ 21 کروڑ 19 لاکھ روپے ہوگا۔

    https://urdu.arynews.tv/kp-law-order-linked-afghanistan-situation-cm/

  • جناح اسپتال لاہور کے ڈاکٹر غیر حاضر رہ کر تنخواہیں لیتے رہے، محکمہ صحت کا انکشاف

    جناح اسپتال لاہور کے ڈاکٹر غیر حاضر رہ کر تنخواہیں لیتے رہے، محکمہ صحت کا انکشاف

    لاہور: جناح اسپتال لاہور کے ڈاکٹروں نے حکومت کو لاکھوں روپے کا ٹیکہ لگا دیا ہے، محکمہ صحت نے اسپتال میں غیر حاضر لیکن تنخواہ لینے والے 6 ڈاکٹرز دھر لیے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت پنجاب نے یورولوجی ڈیپارٹمنٹ کے 6 غیر حاضر ڈاکٹرز کے خلاف پیدا ایکٹ کے تحت کارروائی کا آغاز کر دیا ہے، مخصوص گروہ کی جانب سے ڈاکٹروں کو ملی بھگت کے ساتھ بیرون ملک روانہ کرنے کا انکشاف بھی ہوا ہے۔

    مذکورہ ڈاکٹرز میں وومن میڈیکل آفیسر ڈاکٹر مدیحہ لیاقت، میڈیکل آفیسرز ڈاکٹر محمد افضال، ڈاکٹر عبدالباسط ، ڈاکٹر محمد احمد، ڈاکٹر محمد حفیظ اور سینئر رجسٹرار ڈاکٹر عابد حسین شامل ہیں، انھیں و دیگر کو شوکاز نوٹسز جاری کر دیے گئے ہیں۔ دیگر افراد میں وہ گروہ شامل ہے جو ہر ماہ تنخواہوں اور حاضری کی تصدیق کیا کرتا تھا۔

    مراسلے کے مطابق ڈاکٹرز کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کرتے ہوئے 7 دن کے اندر جواب طلب کر لیا گیا ہے، مراسلے میں کہا گیا کہ ڈاکٹرز عرصہ دراز سے اپنی ڈیوٹی سے غیر حاضر رہے، انھوں نے پیشہ ورانہ ذمہ داریوں سے غفلت برتی اور غیر حاضر ہونے کے باوجود تنخواہیں وصول کیں۔

    نجی کمپنی کے انجکشن ”ویکسا“ کا استعمال فوری روکنے کا حکم

    محکمہ صحت کے مطابق ڈاکٹروں کے طرز عمل سے سرکاری خزانے کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچا ہے، اور مذکورہ ڈاکٹر اسپتال کے قواعد و ضوابط اور پیشہ وارانہ اخلاقیات کی سنگین خلاف ورزی کے مرتکب بھی ہوئے۔

  • سرکاری ملازمین کی تنخواہیں؟ بڑی خوشخبری آ گئی

    سرکاری ملازمین کی تنخواہیں؟ بڑی خوشخبری آ گئی

    لاکھوں افراد کا ذریعہ معاش سرکاری اداروں میں ملازمت ہے اور ایسے ہی ملازمین کے لیے بڑی خوشخبری آ گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سرکاری ملازمین کو ماہ جنوری کی تنخواہ اور پنشن کب ملے گی۔ اس حوالے سے خیبر پختونخوا حکومت نے فیصلہ کر لیا ہے۔

    خیبر پختونخوا کی حکومت نے تمام سرکاری ملازمین کو رواں ماہ کی تنخواہ 31 جنوری تک ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ پنشنرز کو بھی پنشن کی بروقت ادائیگی کے لیے متعلقہ حکام کو ہدایت کر دی گئی ہے۔

    اس حوالے سے محکمہ خزانہ نے تمام محکموں کے انتظامی افسران کو مراسلہ جاری کر دیا ہے۔

    اس مراسلے میں کہا گیا ہے کہ یکم اور 2 فروری کو ہفتہ اور اتوار کی سرکاری تعطیل کے باعث ملازمین اور پنشنرز کو جنوری کی تنخواہیں اور پنشن کی بروقت ادائیگی یقینی بنانے کے لیے 31 جنوری تک یہ ادائیگی کر دی جائے۔

    https://urdu.arynews.tv/kp-government-another-revolutionary-step/

  • پی آئی اے ملازمین کی تنخواہوں کے حوالے سے اہم پیشرفت

    پی آئی اے ملازمین کی تنخواہوں کے حوالے سے اہم پیشرفت

    کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کے ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فی صد اضافے کی درخواست پر وزارت نجکاری نے پی آئی اے سی ایل سے مالیاتی تخمینے طلب کر لیے۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت نجکاری کی جانب سے خط میں پی آئی اے سے تنخواہوں میں اضافے کے ساتھ آئندہ 12 ماہ کے مالیاتی خسارے کی تفصیل طلب کر لی گئی ہے۔

    وزارت نے پی آئی اے کے کوآپریٹ کمیونکیشن ڈویژن کی کارکردگی کا منظور شدہ بزنس پلان سے موازنہ بھی مانگ لیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت نجکاری نے پی آئی اے سی ایل انتظامیہ کو تفصیلات فوری فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    ذرائع کے مطابق خط میں ملازمین کی تنخواہوں کے اضافے کے اثرات پر بھی رپورٹ طلب کی گئی ہے، اور کہا گیا ہے کہ پی آئی اے سی ایل کی 30 جون سے اب تک بزنس پلان کے تحت کارکردگی کا جائزہ پیش کیا جائے۔

    پی آئی اے کا طیاروں کے حوالے سے بڑا فیصلہ

    پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کو وزارت نجکاری کی اجازت سے مشروط کیا ہے، جب کہ پی آئی اے ملازمین کی تنخواہوں میں 2016 سے اضافہ نہیں ہوا ہے۔

  • یورپی یونین میں شامل ملک نے یکم اپریل سے تنخواہیں بڑھا دیں

    یورپی یونین میں شامل ملک نے یکم اپریل سے تنخواہیں بڑھا دیں

    ایتھنز: یونانی حکومت نے یکم اپریل سے تنخواہیں بڑھا دیں، محنت کشوں کی کم از کم تنخواہ 713 یورو سے بڑھا کر 780 یورو کر دی گئی۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق یونان میں حکومت نے تنخواہیں بڑھانے کا اعلان کر دیا ہے، وزیر لیبر کا کہنا ہے کہ تنخواہ بڑھانے کا فیصلہ مختلف پہلوؤں کو دیکھ کر کیا گیا ہے، یونانی معیشت اب ترقی کر رہی ہے۔

    گزشتہ برس مئی میں یونانی حکومت نے کم از کم تنخواہ 663 یورو سے بڑھا کر 713 یورو کی تھی۔

    یونانی وزیر لیبر کوسٹس ہٹزیداکِس کا کہنا ہے کہ گزشتہ چار برسوں میں یونانی معیشت مستحکم ہوئی ہے، بے روزگاری میں نمایاں کمی آئی، 2019 میں بے روزگاری کی شرح ساڑھے 17 فی صد تھی، جو اب کم ہو کر 10 فی صد کے قریب آ گئی ہے۔

    واضح رہے کہ یونان کا شمار یورپی یونین کے ان ممالک میں ہوتا ہے جہاں تنخواہیں کم ہیں، یونانی معیشت گزرے برسوں میں بحران کا شکار رہی ہے، لیکن اب یہ بحران سے نکل آئی ہے۔

  • امریکا کا لبنان کی فوج اور پولیس کی تنخواہیں ادا کرنے کا اعلان

    امریکا نے لبنان کی سیکیورٹی فورسز اور پولیس کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے سات کروڑ 20 لاکھ ڈالر امداد کا اعلان کیا ہے۔

    خبر رساں ادارے کے مطابق لبنان کی معیشت گذشتہ تین سال مسلسل بحران اور گراوٹ کا شکار ہے جس کے سبب فوجی بجٹ میں کمی کی گئی ہے، مذکورہ امداد اقوام  متحدہ کے ساتھ مشترکہ پروگرام کے تحت دی جائے گی۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکا لبنان کی فوج کا کافی عرصے سے سب سے بڑا ڈونر ہے، اس نے اقوام متحدہ کے ادارے یو این ڈی پی کے ساتھ اپنی نوعیت کی پہلی امریکی امداد کی ڈیلیوری کے لیے اشتراک کیا ہے۔

    یو این ڈی پی اور بیروت میں امریکی سفارت خانے کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیے کے مطابق پروگرام کے تحت سات کروڑ 20 لاکھ ڈالر لبنان کی سیکیورٹی فورسز اور انٹرنیشنل سیکیورٹی فورسز کے اہلکارں کی تنخواہوں کے لیے دی جائے گی۔

    لبنان میں اراکین پارلیمنٹ احتجاجاً رات کو ایوان ہی میں سو گئے

    بیان کے مطابق یو این ڈی پی مذکورہ رقم سروس فراہم کرنے والے مقامی ادارے کے تعاون سے تقسیم کرے گا، اس پروگرام کے تحت ہر فوجی اور پولیس آفیسر کو امریکی قانون کے مطابق 100 ڈالر ماہانہ چھ ماہ تک ادا کیے جائیں گے۔

    واضح رہے کہ2019 کے بعد سے اب تک لبنان کی کرنسی کی قدر 95 فیصد تک گر گئی ہے جس کے سبب کئی لبنانی فوجی نوکری چھوڑ چکے ہیں یا پارٹ ٹائم ملازمت کر رہے ہیں۔

    جون 2021 میں لبنان کی فوج نے مالی بحران میں کمی کے لیے سیاحوں کے لیے ہیلی کاپٹر سروس چلانے کا اعلان کیا تھا۔

  • ڈاؤ یونیورسٹی نے ڈاکٹرز سمیت عملے کی تنخواہیں آدھی کر دیں

    ڈاؤ یونیورسٹی نے ڈاکٹرز سمیت عملے کی تنخواہیں آدھی کر دیں

    کراچی: ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے اپنے تمام عملے بشمول ڈاکٹرز کی تنخواہیں آدھی کر دیں۔

    تفصیلات کے مطابق ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے اپنے تمام عملے بشمول ڈاکٹروں کی تنخواہیں آدھی کر دیں۔یونیورسٹی کے پروفیسرز، اسسٹنٹ پروفیسرز، ڈاکٹرز اور عملے کو جون کی آدھی تنخواہ ادا کی گئی ہے۔

    ڈاؤ یونیورسٹی کے زیادہ تر پروفیسرز اسپتال میں کووڈ 19 کے خلاف فرنٹ لائن پر ہیں۔یونیورسٹی کے عملے کو جون کی تنخواہ 7 دن کی تاخیر سے بھی ادا کی گئی ہے۔

    وائس چانسلر ڈاؤ یونیورسٹی کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے ابھی تک فنڈز فراہم نہیں کیے ہیں،پیسے نہیں ہیں تو تنخواہیں کہاں سے ادا کریں گے۔

    پروفیسر سعید قریشی کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی جانب سے فنڈز ملتے ہی باقی تنخواہ کر دیں گے۔

  • وزارت خارجہ کے ملازمین کا کرونا فنڈ میں حصہ ڈالنے کا اعلان

    وزارت خارجہ کے ملازمین کا کرونا فنڈ میں حصہ ڈالنے کا اعلان

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزارت خارجہ کے ملازمین نے کرونا فنڈ میں حصہ ڈالنے کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا کہ وزارت خارجہ کے ملازمین نے کرونا فنڈ میں حصہ ڈالنے کا اعلان کیا ہے، وزارت خارجہ کے افسران 4 دن کی تنخواہ، دیگر اسٹاف 3 دن کی تنخواہ دے گا۔

    ترجمان عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ تمام پاکستانی سفارتی مشن بھی کرونا فنڈ میں حصہ ڈالیں گے۔

    اس سے قبل 31 مارچ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا تھا کہ ایس پی ڈی اور این سی اے کے ملازمین کرونا فنڈ میں حصہ ڈالیں گے، سائنسدان،انجینئرز اور دیگر ملازمین اپنی تنخواہوں کا حصہ عطیہ کریں گے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے کرونا فنڈ میں 1ماہ کی تنخواہ دینے کا اعلان کیا۔

    کرونا سے جنگ: وزیراعظم کا ریلیف فنڈ کے قیام اور ٹائیگرفورس بنانے کا اعلان

    یاد رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان نے کرونا سے لڑ نے کے لیے ریلیف فنڈ کے قیام اور ٹائیگرفورس بنانے کا اعلان کیا تھا۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے خلاف جنگ وسائل سے نہیں جیتی جاسکتی،کرونا وائرس کے خلاف جنگ متحد ہو کر حکمت سے جیتی جاسکتی ہے۔

  • سندھ کے تمام نجی اداروں، فیکٹریوں کو کل تک تنخواہیں جاری کرنے کی ہدایت

    سندھ کے تمام نجی اداروں، فیکٹریوں کو کل تک تنخواہیں جاری کرنے کی ہدایت

    کراچی: حکومت سندھ نے تمام نجی اداروں اور فیکٹریوں کو کل 31 مارچ تک ملازمین کو تنخواہیں جاری کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق حکومت سندھ نے سندھ پیمنٹ ایکٹ کا نوٹی فکیشن جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ تمام نجی ادارے اور فیکٹریاں 31 مارچ تک ملازمین کو تنخواہیں جاری کر دیں، یہ نوٹیفیکشن وزیر محنت سعید غنی کی ہدایت پر سیکریٹری محنت نے جاری کیا۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تمام ادارے کل تک ڈیلی ویجز، کنٹریکٹ اور مستقل ملازمین کو تنخواہ ادا کرنے کے پابند ہوں گے، تنخواہوں سے متعلق معاملات کے لیے سیسی کا ایمرجنسی سیل بھی قائم کر دیا گیا ہے، ادارے یا ملازم تنخواہوں سے متعلق مسائل کے لیے ایمرجنسی سیل سے رابطہ کریں۔

    سندھ حکومت نے مستحق خاندانوں کو رقوم فراہم کرنے کا طریقہ کار جاری کر دیا

    خیال رہے کہ آج حکومت سندھ نے کرونا وائرس کی صورت حال میں مستحق خاندانوں کو رقوم فراہم کرنے کا طریقہ کار بھی جاری کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ حکومت نے مستحق خاندانوں کے لیے موبائل رجسٹریشن سسٹم لانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اس طریقہ کار کے تحت ضرورت مند خاندان کے ایک فرد کو موبائل رجسٹریشن سسٹم کے ذریعے رجسٹر کیا جائے گا، شناختی کارڈ کے ذریعے خاندان کو رجسٹر کر کے رقم دی جائے گی، نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ رقوم کی ادائیگی کے لیے نجی موبائل کمپنی کی کیش ایپ استعمال کی جائے گی۔

    اس سلسلے میں نادرا، اسٹیٹ بینک، ایف بی آر، ایف آئی اے سے خاندانوں کا ڈیٹا حاصل کیا جائے گا، اگر کسی شخص کے اکاؤنٹ میں 10 ہزار سے زائد رقم ہوئی تو وہ مستحق نہیں قرار پائے گا۔ حج، عمرہ کے علاوہ بیرون ملک سفر کی تفصیلات بھی حاصل کی جائیں گی۔