Tag: تندور

  • تندور کی یہ روٹی کتنے روپے میں ملتی ہے؟ ویڈیو رپورٹ

    تندور کی یہ روٹی کتنے روپے میں ملتی ہے؟ ویڈیو رپورٹ

    پشاور کے شہری نے ماہ مقدس میں اپنے گھر کے ایک حصے کو عارضی تندور میں بدل دیا ہے. پشاور کے علاقے سعید آباد میں مجیب الرحمان نامی شہری ہر سال رمضان میں تندور لگاتے ہیں، اور یہاں سستی روٹیاں فروخت ہوتی ہیں یا پھر مفت میں مل جاتی ہیں۔

    اس تندور پر روزانہ ساڑھے چار ہزار روٹیاں تیار ہوتی ہیں، ایک سو 160 گرام روٹی صرف 10 روپے میں ملتی ہے، جب کہ روزانہ ایک ہزار روٹی مفت تقسیم ہوتی ہے۔

    یہ تندور ہر روز 3 بجے شروع ہوتا ہے اور افطاری تک روٹیاں تیار ہوتی رہتی ہیں، جسے لینے کے لیے مختلف علاقوں سے لوگ آتے ہیں۔ مجیب الرحمان گزشتہ 4 سال سے رمضان میں یہ تندور لگاتے ہیں، اس کام میں ان کے بھائی، بچے اور گھر کے دیگر افراد بھی بڑھ چڑھ کر شامل ہوتے ہیں۔


    یہ بے نام قبریں کس کی ہیں؟ دل دہلا دینے والی کہانی


    ملٹی میڈیا – ویڈیو خبریں دیکھنے کے لیے کلک کریں

  • تندور استعمال کرنے والے کو اہم ہدایت جاری

    تندور استعمال کرنے والے کو اہم ہدایت جاری

    بھارت میں تندور استعمال کرنے والے ریسٹورنٹ، ہوٹلوں اور ڈھابوں کو بھی نوٹس کرکے کوئلہ اور لکڑیوں کا استعمال بند کرکے گیس یا الیکٹرک چولہے استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق بی ایم سی نے جو نوٹس جاری کئے ہیں، ان کے مطابق ریسٹورنٹ میں 8 جولائی تک تندور، کوئلہ اور لکڑی وغیرہ پر کھانا بنانا بند کرکے ایل پی جی، سی این جی، پی این جی یا پھر الیکٹرک چولہوں پر کھانا بنانا شروع کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق مذکورہ تاریخ تک اس حکم پر عمل نہ کرنے کی صورت میں جرمانہ، قانونی کارروائی اور لائسنس کی منسوخی جیسے نتائج کا سامنا کرنے کا انتباہ دیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ بمبئی ہائی کورٹ نے فضائی آلودگی کا از خود نوٹس لیتے ہوئے مفاد عامہ کی عرضداشت پر سماعت شروع کی ہے جس پر سماعت کے دوران 9 جنوری کو چیف جسٹس کی سربراہی والی بنچ نے حکم جاری کیا تھا۔

    جس میں کہا گیا تھا کہ بی ایم سی کی حدود میں جو بھی لوگ کوئلہ، لکڑی یا فضائی آلودگی پیدا کرنے والے دیگر کسی ایندھن کا استعمال کرتے ہیں، انہیں ان کا استعمال ترک کرکے ایل پی جی، سی این جی، پی این جی یا الیکٹرک چولہوں کا استعمال شروع کردینا چاہئے۔

    مسجد نبوی ﷺ میں افطار سے متعلق اہم خبر

    اس حکم کی بنیاد پر ’جی ساؤتھ‘ وارڈ کے میڈیکل افسر نے اس وارڈ میں واقع تمام ریسٹورنٹ، ہوٹلوں، کھلی جگہ میں کھانا بنانے والوں، ڈھابوں، روٹی بنانے والوں اور تندور استعمال کرنے والوں کو10 فروری سے نوٹس جاری کرنا شروع کردیا ہے۔

    بی ایم سی کے مطابق بیکری، ریسٹورنٹ اور فضائی آلودگی پیدا کرنے والے سب اداروں پرہائی کورٹ کا حکم لاگو ہوتا ہے۔

  • سعودی عرب: تندوروں میں صفائی رکھنے کی ہدایات جاری

    سعودی عرب: تندوروں میں صفائی رکھنے کی ہدایات جاری

    ریاض: سعودی عرب میں طائف بلدیہ کی جانب سے تمیس (روٹی) کے تندوروں پر کام کرنے والوں کو صفائی رکھنے اور پروٹوکول پر عمل کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق بلدیہ کو متعدد شکایات موصول ہوئی تھی جن میں کہا گیا تھا کہ کرونا وائرس کے پیش نظر تمیس روٹی کے تندوروں پر کام کرنے والے کسی قسم کی احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کرتے جس سے کرونا وائرس پھیلنے کا خدشہ ہے۔

    بلدیہ کے ٹویٹر پر لوگوں کا کہنا تھا کہ تمیس کے تندوروں پر کام کرنے والوں کو صفائی کا خاص خیال رکھنا چاہیئے، تندور کے لیے آٹا گوندھنے والوں کو چاہیئے کہ بالوں کو آٹے میں گرنے سے محفوظ رکھنے کے لیے مخصوص ٹوپی کا استعمال کریں جبکہ وہ تندور جہاں آٹا ہاتھ سے گوندا جاتا ہے اس امر کا خاص خیال رکھیں کہ ہاتھ گندے نہ ہوں۔

    بعض افراد کا کہنا تھا کہ روٹی لگانے والا مخصوص تکیہ بھی صاف ستھرا رکھا جائے۔

    اس حوالے سے بلدیہ کی جانب سے کہا گیا کہ تمیس کے تندوروں کی مسلسل نگرانی کی جاتی ہے اور کسی بھی قسم کی خلاف ورزی پر فوری چالان کیا جاتا ہے۔

    اس سے قبل بلدیہ کی جانب سے تندوروں کو اس امر کا پابند کیا گیا تھا کہ وہ روٹی لے جانے والوں کے لیے پلاسٹک کی تھیلیوں کے بجائے کاغذ کے تھیلے رکھیں کیونکہ گرم روٹی پلاسٹک کی تھیلی میں نقصان کا باعث بنتی ہے۔

  • تندور مالکان نے نان اور روٹی کی قیمت میں از خود اضافہ کر دیا

    تندور مالکان نے نان اور روٹی کی قیمت میں از خود اضافہ کر دیا

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات پس پش ڈالتے ہوئے تندور مالکان نے نان اور روٹی کی قیمت میں از خود اضافہ کر دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور میں بعض تندور مالکان نے روٹی کی قیمت 6 سے بڑھا کر 8 روپے کر دی ہے، وزیر اعلیٰ نے روٹی کی قیمت میں استحکام کی سختی سے ہدایت کی تھی۔

    خمیری روٹی کی قیمت 10 روپے سے بڑھا کر 12 سے15 روپے کر دی گئی، بعض تندوروں پر سادہ نان 15 روپے میں فروخت ہونے لگا ہے، تندور مالکان کا کہنا ہے کہ گندم کی قیمت میں اضافے کے باعث انھیں روٹی مہنگی کرنی پڑی ہے۔

    جمعرات کو وزیر اعلیٰ پنجاب نے اپنے بیان میں سختی سے کہا تھا کہ کسی کو نان روٹی کی قیمتیں نہیں بڑھانے دیں گے، اس اضافے کا کوئی جواز نہیں، صوبائی کابینہ کمیٹی پرائس کنٹرول اضافہ کرنے پر کارروائی کرے، انتظامیہ بھی نان روٹی کی مقررہ نرخوں میں دستیابی یقینی بنائے۔

    وزیراعظم کا گندم، آٹا ذخیرہ اندوزی کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا فیصلہ

    عثمان بزدار نے نان اور روٹی کے نرخوں میں استحکام کے لیے ہر ممکن اقدام کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ عوام کو مقررہ نرخوں پر نان، روٹی کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی، اور زائد نرخ وصول کرنے پر کارروائی ہوگی۔

    یاد رہے کہ رواں سال کے آغاز ہی سے کراچی سے لے کر خیبر پختون خوا تک آٹے کے بحران نے ملک کو جکڑ لیا ہے، اس بحران کے دوران غریب کو روٹی کے لالے پڑ گئے، کرونا وائرس کی وبا نے زور پکڑا تو یہ بحران مزید شدید ہو گیا، اور آٹا مزید مہنگا کر دیا گیا، رواں سال جنوری میں سندھ اور کے پی میں آٹا ہی نایاب ہو گیا تھا۔

    کراچی، حیدرآباد، لاہور اور راولپنڈی سمیت مختلف شہروں میں آٹے کی قیمت 70 روپے تک جا پہنچی تھی، آٹا بحران کے بعد نان بائی ایسوسی ایشن نے بھی قیمتوں میں اضافے کا عندیہ دیا، پشاور میں نان بائیوں نے ہڑتال کا اعلان کیا، ان کا مطالبہ تھا کہ روٹی کی قیمت 15 روپے کی جائے۔

  • تندور پر ملنے والے الیکشن فارم اہم نہیں تھے، الیکشن کمیشن

    تندور پر ملنے والے الیکشن فارم اہم نہیں تھے، الیکشن کمیشن

    اسلام آباد: تندور پر الیکشن فارم ملنے کے معاملے میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اپنی وضاحت جاری کر دی، کمیشن کا کہنا ہے کہ تندور پر ملنے والے فارم اہم نہیں تھے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تندور پر ملنے والا ریکارڈ کسی طرح سے بھی حساس اور اہم نہیں تھا۔

    الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ مذکورہ فارم الیکشن کےعملے کی تربیت کے لیے استعمال کیے گئے تھے، ٹریننگ میں استعمال شدہ کاغذات فالتو تصور کیے جاتے ہیں۔

    ای سی پی کی جانب سے جاری کردہ وضاحت کے مطابق ڈی آر او، آر او اور پولنگ افسران کی تربیت اسکولوں اور کالجوں میں ہوئی، مذکورہ فارم بڑی تعداد میں 400 اسکولوں میں بھجوائے گئے تھے۔

    شیخ رشید نے تندور پر روٹیاں لگائیں


    کمیشن کا کہنا ہے کہ انتخابات کے سلسلے میں متعلقہ عملے کی تربیت نہ صرف زبانی طور پر کی جاتی ہے بلکہ عملی اور تجرباتی طور پر بھی ان کی ٹریننگ کی جاتی ہے، یہ فارم اسی سلسلے میں جاری کیے جاتے ہیں۔

    الیکشن کمیشن نے مزید کہا کہ الیکشن کا تمام حساس پولنگ ریکارڈ اسٹرانگ رومز میں جمع ہے، پاک فوج کی نگرانی میں حساس سامان اسٹرانگ رومز میں جمع کرایا گیا۔