Tag: تنظیم نو

  • پیپلز پارٹی کے مرکزی عہدوں پر اہم تبدیلیوں کا امکان

    پیپلز پارٹی کے مرکزی عہدوں پر اہم تبدیلیوں کا امکان

    کراچی: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کی تنظیم نو کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی تنظیم نو کا فیصلہ کیا گیا ہے، پیپلز پارٹی اور پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کی تنظیم نو مرحلہ وار ہوگی۔

    پہلے مرحلے میں مرکز اور پنجاب کی سطح پر تنظیم نو ہوگی، ذرایع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی اور پارلیمنٹیرینز کے مرکزی عہدوں پر اہم تبدیلیوں کا امکان ہے، پارٹی کے نائب صدر اور سیکریٹری جنرل سمیت اہم عہدوں کے لیے نئے نام طلب کیے گئے ہیں۔

    ذرایع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی شمالی پنجاب کے صدر کے لیے نئے نام طلب کیے گئے ہیں، بلاول بھٹو اور ان کے والد آصف زرداری نے تحریری طور پر تجاویز مانگی ہیں، اس سلسلے میں سی ای سی ارکان کو نئے نام اور سفارشات تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    عہدوں پر تبدیلیوں کے لیے سفارشات بلاول بھٹو اور آصف زرداری کو ارسال کی جائیں گی، حتمی فیصلہ دونوں رہنماؤں کی منظوری کے بعد ہوگا۔

    بلوچستان اور خیبر پختون خوا میں پارٹی کی تنظیم نو دوسرے مرحلے میں ہوگی، ذرایع پی پی کا کہنا ہے کہ سندھ، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کی تنظیم نو کا فیصلہ بعد میں ہوگا۔

  • پاکستان تحریک انصاف کی تنظیم نو ، باضابطہ نوٹی فکیشن جاری

    پاکستان تحریک انصاف کی تنظیم نو ، باضابطہ نوٹی فکیشن جاری

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کی تنظیم نو کا باضابطہ نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے، نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یکم اکتوبر کےبعد سے جاری تمام نوٹی فکیشن کالعدم قرار دے دئے گئے ہیں، حکم نامے کا اطلاق مرکزی تنظیم اور تمام شعبہ جات پر ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق بلدیاتی انتخابات سے پہلے پاکستان تحریک انصاف کی تنظیم نو کا فیصلہ کیا گیا ، عمران خان نے سیکرٹری جنرل ارشدداد کو ٹاسک دیا اور تنظیم نوسےمتعلق کام کی ہدایت کی۔

    جس کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی تنظیم نو کا باضابطہ نوٹی فکیشن جاری کردیا، نوٹیفکیشن مرکزی سیکرٹری جنرل ارشد داد کی جانب سے جاری کیا گیا۔

    نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ جنرل الیکشنز کےبعد پارٹی تنظیم نوکے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے، یکم اکتوبر کےبعد سے جاری تمام نوٹی فکیشن کالعدم قرار دیئے جا چکے ہیں ،حکم نامے کا اطلاق مرکزی تنظیم اور تمام شعبہ جات پر ہوگا، صوبہ سندھ میں کی جانے والی تعیناتیوں کو استثنیٰ حاصل ہوگا۔

    ذرائع کے مطابق حکومتی عہدے رکھنے والے وزرا،مشیروں سےپارٹی عہدوں کی واپسی کی تجویز دی گئی ہے ، مصروفیات کےباعث وزرا،مشیرپارٹی امورکیلئےوقت نہیں دےپارہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ تنظیم نوپارٹی آئین کےتحت کی جائےگی ، تنظیم نو قومی اور یونین کونسل سطح تک کی جائے گی، پارٹی کےاہم عہدےنئےلوگوں کو دئیے جا سکتے ہیں جبکہ پارٹی چیئرمین کا عہدہ عمران خان کے پاس رہنے کا امکان ہے۔

    حکومتی عہدیداروں سے پارٹی عہدوں کی واپسی کی حتمی منظوری عمران خان دیں گے۔

  • پی آئی اے کی جدید خطوط پرتنظیم نوکی جا رہی ہے، سردارمہتاب خان

    پی آئی اے کی جدید خطوط پرتنظیم نوکی جا رہی ہے، سردارمہتاب خان

    کراچی : وزیراعظم کے مشیر برائے ایوی ایشن سردار مہتاب احمد خان نے کہا ہے کہ جدید خطوط پر پی آئی اے کی تنظیم نو کرکے ائرلائن انتظامیہ میں تبدیلیوں کے ذریعے اس کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ قومی ائر لائن میں نئی روح پھونکی جا رہی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ممتاز کاروباری شخصیت اور پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے سابق ممبرعارف حبیب سے ملاقات کے دوران کیا۔

    انہوں نے کہا کہ پی آئی اے جو کہ ہوابازی کی صنعت میں صف اوّل کا مقام رکھتی تھی اب اس کو کمرشل کمپنی کے طور پر کام کرنا ہوگا اور اس میں کارپوریٹ کلچر کو فروغ دیا جانا چاہیئے۔

    سردار مہتاب احمد خان نے کہا کہ پی آئی اے کو کامیاب ائرلائنوں میں شامل کرنے کے لئے اسے جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے تا کہ وہ دنیا کی کامیاب ائرلائنوں کی سطح پرآسکے۔

    انہوں نے کہا کہ اس قسم کا فیصلہ پی آئی اے کی تاریخ میں پہلی دفعہ کیا گیا ہے جس کے آنے والے وقتوں میں دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔

    پی آئی اے کو منافع بخش بنانے کےلئے ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں۔ اس کے لئے اس کے انفراسٹرکچر، لوجسٹکس اور ہیومن ریسورسز میں سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔

    اس موقع پر عارف حبیب نے ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ سردار مہتاب قومی ائر لائن کی بہتری کےلئے دلیرانہ انداز میں مشکل فیصلے کر رہے ہیں۔