Tag: تنقید کا سامنا

  • بیٹا ساتھ لانے پر خاتون رکن بلوچستان اسمبلی کو تنقید کا سامنا، روتی ہوئی باہر چلی گئیں

    بیٹا ساتھ لانے پر خاتون رکن بلوچستان اسمبلی کو تنقید کا سامنا، روتی ہوئی باہر چلی گئیں

    کوئٹہ : خاتون رکن اسمبلی کو اپنے بیٹے کو گود میں لے کر ایوان میں آنا مہنگا پڑگیا، اراکین کی تنقید پر خاتون روتی ہوئی باہر چلی گئیں حالانکہ اکثر ممالک میں بچوں کے ساتھ پارلیمنٹ آنے والی خواتین کو خوش آمدید کہا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان اسمبلی کی خاتون رکن ماہ جبیں اپنے بیٹے کو گود میں لے کر اسمبلی ہال پہنچی تو وہاں موجود دیگر اراکین نے اعتراض کرتے ہوئے ان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

    ان کی جلی کٹی باتیں سن کر ماہ جبیں کی آنکھیں بھرآئیں یہاں تک کہ ان کو اسمبلی سے باہر جانے کا کہہ دیا گیا اور وہ مایوسی کے ےعالم میں اپنے بیٹے کو لے کر ایوان سے باہر چلی گئیں۔

    واضح رہے کہ دنیا کے کئی ملکوں میں بچوں کے ساتھ پارلیمنٹ آنے والی خواتین کو خوش آمدید کہا گیا ہے، اس کی تازہ مثال کرائسٹ چرچ حملے کے بعد مسلمانوں سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کرنے والی نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن اقوام متحدہ کے اجلاس میں اپنے بیٹے کو لے کر پہنچیں لیکن کسی نے ان پر تنقید نہیں کی۔

    جیسنڈا آرڈرن کو اقوام متحدہ کی جانب سے پاس بھی جاری کیا گیا تھا، اس کے علاوہ ۔۔۔۔ اٹلی کی رکن پارلیمنٹ کی بیٹی بھی ایوان میں بیٹھتی ہے۔ آسٹریلیا اور اسپین کی خاتون ارکان بھی بچے ساتھ لاچکی ہیں۔ یہاں یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ بلوچستان اسمبلی میں خاتون رکن پر بچہ ساتھ لانے پرتنقید کیوں کی گئی؟

  • ٹاس کیلئے شارٹس پہن کر آنے پر ویرات کوہلی کو شدید تنقید کا سامنا

    ٹاس کیلئے شارٹس پہن کر آنے پر ویرات کوہلی کو شدید تنقید کا سامنا

    سڈنی : شارٹس پہن کر ٹاس کے لیے آنے پر ویرات کوہلی کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا، بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان آسٹریلیا سے وارم اپ میچ کے دوران شارٹس پہن کر ٹاس کے لیے آگئے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کی حرکت نے مداحوں کو حیران کردیا۔ آسٹریلیا سے وارم اپ میچ کے موقع پر شارٹس پہن کر ٹاس کیلئے آنا مداحوں کو پسند نہ آیا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ویرات کوہلی مداحوں کی جانب سے کی گئی تنقید کی زد میں آگئے۔ شائقین کرکٹ نے اس حرکت کو جینٹل مین گیم کی بے ادبی قرار دے دیا.

    ٹوئٹر پر کوہلی کی ٹا س والی تصاویر متنازعہ بن گئیں۔ مداحوں کا کہنا تھا کہ جس کھیل نے تم کو عزت دی، افسوس کہ کوہلی تم اس کھیل کو عزت نہ دے سکے۔

    ایک مداح نے اپنے پیغام میں لکھا کہ ویرات کوہلی یہ حرکت شرمناک اور ناپسندیدہ ہے، ایک کپتان کا ٹاس کے دوران شارٹس پہن کر آنا ناقابل قبول ہے۔

  • امریکی صدر ٹرمپ کو خاتون صحافی سے بدتمیزی پر تنقید کا سامنا

    امریکی صدر ٹرمپ کو خاتون صحافی سے بدتمیزی پر تنقید کا سامنا

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو پریس کانفرنس کے دوران خاتون صحافی کی تضحیک کرنے پر تنقید کا سامنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس کے دوران اپنے روایتی مضحکہ خیز انداز کو برقرار رکھا، اس بار ان کے طنز کا نشانہ ایک خاتون صحافی سسیلیا ویگا تھیں، امریکی صدر کے غیرمتوقع ردعمل پر خاتون صحافی حیران اور پریشان رہ گئیں۔

    امریکی صدر پریس کانفرنس کے لیے آئے تو انہوں نے خاتون صحافی سسیلیا ویگا کی جانب اشارہ کرتے ہوئے سوال پوچھنے کو کہا جیسے ہی خاتون صحافی سوال پوچھنے کھڑی ہوئیں تو ٹرمپ زیر لب بڑ بڑاتے ہوئے بولے کہ ’صحافی حیران ہیں کہ انہیں سوال پوچھنے کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔‘

    امریکی صدر زیر لب خاتون صحافی پر طنز کرتے رہے جبکہ امریکی صدر کے ساتھ کھڑے محافظ اور اسٹاف اراکین مسکراتے رہے، غیرمعمولی صورت حال پر خاتون صحافی پریشانی میں مبتلا دکھائی دیں۔

    سسیلیا ویگا اپنے سوال میں امریکی صدر کے ٹویٹ کی وضاحت چاہ رہی تھی لیکن صدر ٹرمپ مسلسل خاتون صحافی کو ٹوکتے رہے اور کینیڈا، امریکا، مسیکیکو تجارتی معاہدے کے علاوہ کسی اور سوال کا جواب دینے سے صاف انکار کردیا، امریکی صدر نے دوسری خاتون صحافی کے ساتھ بھی یہی رویہ اپنائے رکھا۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خاتون صحافی کے ساتھ طنزیہ اور غیرسنجیدہ رویہ رکھنے کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور ٹرمپ پر خوب تنقید کی جارہی ہے، صارفین نے ٹرمپ کے رویے پر اعتراض کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر خواتین کی عزت کرنا نہیں جانتے۔

    واضح رہے کہ امریکی خاتون اول میلانیا ٹرمپ نے ایک تقریب میں کہا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ خواتین کی عزت کرتے ہیں جس پر تقریب میں موجود شرکاء قہقہہ لگانے پر مجبور ہوگئے تھے۔