Tag: تنہائیاں

  • کلاسک ڈراما ’’ان کہی‘‘ کی ایک قسط کا شہناز شیخ کو کتنا معاوضہ ملتا تھا؟

    کلاسک ڈراما ’’ان کہی‘‘ کی ایک قسط کا شہناز شیخ کو کتنا معاوضہ ملتا تھا؟

    پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے بلاک بسٹر، تاریخی ڈراموں ’ان کہی‘ اور ’تنہائیاں‘ کی معروف اداکارہ شہناز شیخ ان ڈراموں میں ملنے والے معاوضے سے متعلق انکشاف کیا ہے۔

    اداکارہ نے حال ہی میں ’بی بی سی‘ کو انٹرویو دیا ہے، جہاں انہوں نے ٹی وی اسکرین پر واپسی سے متعلق بات کی اور اپنے نامور ڈراموں میں فی قسط ملنے والے معاوضے کے بارے میں بھی انکشاف کیا ہے۔

    اداکارہ شہناز شیخ کا بتانا ہے کہ ڈرامی ’ان کہی‘ کی ایک قسط میں کام کرنے کے لیے مجھے 800 روپے بطور معاوضہ ملتا تھا، جبکہ کپڑے، آنا جانا، کھانا پینا اور اپنے باقی اخراجات ہمیں خود اٹھانے ہوتے تھے۔

    شہناز شیخ نے انکشاف کیا ہے کہ ڈرامہ سیریل ’ان کہی‘ کے تین سال بعد جب میں نے ’تنہائیاں‘ میں کام کیا تو اُس دوران مجھے فی قسط 1000 روپے ملنے لگے اور یہ معاوضہ اے کلاس اداکاروں کے لیے مختص تھا۔

    ٹی وی پر ’اَن کہی وِد دی شہناز شیخ‘ کے ذریعے واپسی سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ میں خود تو نہیں چاہ رہی تھی مگر مجھے معروف ٹی وی میزبان عاصم ٹوانا نے مجبور کیا کہ میں اس شو کے ذریعے ٹی و پر واپس آجاؤں۔

  • مرینہ خان کو ’تنہائیاں‘ ڈرامے کی پیشکش مسترد کرنے سے کس نے روکا؟

    ماضی کی معروف اداکارہ مرینہ خان نے ڈرامہ انڈسٹری میں اپنے سفر کے آغاز کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ ان کے والد پاک فضائیہ میں تھے لہٰذا انہوں نے راشد منہاس پر بننے والے ڈرامے کے لیے فوراً اجازت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق 80 کی دہائی کے مقبول ترین ڈراموں تنہائیاں اور دھوپ کنارے میں کام کرنے والی اداکارہ مرینہ خان نے اے آر وائی ڈیجیٹل کے مارننگ شو گڈ مارننگ پاکستان میں شرکت کی اور میزبان ندا یاسر سے دلچسپ گفتگو کی۔

    مرینہ نے ڈرامہ انڈسٹری میں اپنے سفر کے آغاز کے بارے میں بتایا کہ وہ اپنی دوست کہکہشاں کے ساتھ پی ٹی وی اسٹیشن جایا کرتی تھیں جو اس وقت جنگل نامی ایک ڈرامے میں کام کر رہی تھیں۔

    وہیں پر ان کی مختلف اداکاروں اور ہدایت کاروں سے شناسائی ہوئی۔

    اس کے بعد ایتھوپیا کے قحط کے لیے ایک فنڈ ریزر شو کا اہتمام کیا گیا اس میں بھی مختلف فنکاروں سے ان کا رابطہ قائم ہوا جس کے بعد انہیں پہلے ڈرامے کی پیشکش ہوئی۔

    مرینہ نے بتایا کہ ان کے والد پاک فضائیہ میں تھے اور ان کا پہلا ڈرامہ راشد منہاس کی زندگی پر تھا اس لیے انہیں آسانی سے اجازت مل گئی۔

    مرینہ کا کہنا تھا کہ جس وقت انہیں تنہائیاں ڈرامے کی پیشکش ہوئی اس وقت وہ اپنے دوستوں کے ساتھ ٹرپ پر جارہی تھیں، لیکن ان کے والد نے کہا کہ یہ ایک نادر موقع ہے، دوست کہیں نہیں جارہے لیکن یہ موقع پھر نہیں ملے گا۔

    انہوں نے بتایا کہ اپنے آبائی علاقے ٹانک میں وہ اور ان کے گھر کی خواتین پردہ کرتی ہیں لہٰذا ٹی وی پر آنے پر انہیں خدشہ تھا کہ والد اجازت نہیں دیں گے، لیکن ان کے والد نے ہمیشہ ان کی حوصلہ افزائی کی۔

  • پی ٹی وی کی معروف اداکارہ عذرا شیروانی کی برسی

    پی ٹی وی کی معروف اداکارہ عذرا شیروانی کی برسی

    19 دسمبر 2005ء کو پاکستان ٹیلی وژن کی مایہ ناز اداکار عذرا شیروانی امریکا میں وفات پاگئی تھیں۔ پی ٹی وی کے یادگار ڈراموں میں عذرا شیروانی کے کردار ناظرین میں بے حد مقبول ہوئے۔ آج ماضی کی اسی مقبول اداکارہ کی برسی ہے۔

    ماضی میں جھانکیں تو پی ٹی وی کے ڈرامے اور مختلف پروگرام اس شوق سے دیکھے جاتے تھے کہ لوگ ہر کام چھوڑ کر اپنے گھروں میں ٹیلی ویژن اسکرین کے سامنے بیٹھ جاتے تھے۔ ٹی وی پر تفریحی پروگرام نشر ہوتے تو شہر کی سڑکیں ویران ہوجایا کرتی تھیں۔ عذرا شیروانی ٹی وی کے اسی سنہرے عہد میں اسکرین پر یوں ‘ڈرامہ’ کرتی تھیں کہ ان کے کرداروں پر حقیقت کا گمان ہوتا تھا۔ وہ اپنے وقت کے مقبول ترین ڈرامے انکل عرفی میں غازی آپا بنیں تو تنہایاں میں سخت گیر آپا بیگم کے روپ میں‌ دکھائی دیں۔ مقبولیت کا ریکارڈ قائم کرنے والے ڈرامے دھوپ کنارے میں انھوں فضیلت کا کردار ادا کر کے ناظرین کو محظوظ کیا۔

    تنہائیاں حسینہ معین کا تحریر کردہ وہ ڈرامہ تھا جس میں آپا بیگم کا کردار بلاشبہ عذرا شیروانی کے کیریئر کا سب سے بہترین اور مشہور کردار تھا۔ اس ڈرامے میں جمشید انصاری کے کردار کے ساتھ ان کے مکالمے بہت پسند کیے گئے۔

    آنگن ٹیڑھا میں انھوں نے مرکزی کردار محبوب احمد (اداکار شکیل) کی ساس عرف سلیہ بیگم کا کردار نہایت خوبی سے ادا کیا۔ عذرا شیروانی نے اپنے وقت کے ایک اور مقبول کھیل ستارہ اور مہرالنّساء میں بھی ماں کا کردار نبھایا تھا۔ انا، افشاں، گھر اک نگر جیسے ڈراموں میں بھی ان کی پرفارمنس کو بہت سراہا گیا تھا۔

    اس زمانے میں‌ لاہور اور کراچی میں ٹی وی اسٹیشنوں کے درمیان معیاری ڈرامے اور شان دار پرفارمنس سے ناظرین کے دل جیتنے کے لیے گویا ایک دوڑ لگی رہتی تھی۔ عذرا شیروانی نے اسی زمانے میں اپنی فن کارانہ صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔

    1940ء کو متحدہ ہندوستان کے شہر میرٹھ میں پیدا ہونے والی عذرا شیروانی نے 35 سال تک شوبزنس سے تعلق جوڑے رکھا جس میں اپنے معیاری کام اور شان دار پرفارمنس کی بدولت نہ شہرت اور مقبولیت حاصل کی بلکہ لوگوں کا بہت سا پیار بھی سمیٹا۔ وہ ایک عرصے سے امریکا میں اپنے بیٹے کے ساتھ رہ رہی تھیں۔ انھیں امریکا ہی میں سپردِ خاک کیا گیا۔

  • پاکستانی ڈرامے دھوپ کنارے اورتنہائیاں سعودی عرب میں نشرہوں گے

    پاکستانی ڈرامے دھوپ کنارے اورتنہائیاں سعودی عرب میں نشرہوں گے

    اسلام آباد:یوں تو پاکستانی ڈرامے امریکا، برطانیہ، کینیڈا، بھارت اور یورپ کے چند ممالک سمیت خلیجی ممالک میں بھی دیکھے جاتے ہیں۔تاہم اب پہلی بار سعودی عرب میں پاکستانی ڈراموں کو وہاں کے ٹیلی وژن پر عربی زبان میں پیش کیا جائے گا۔

    پاکستانی ڈراموں کو سعودی عرب میں نشر کیے جانے کے حوالے سے گزشتہ ماہ 29 مارچ کو وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بتایا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پاکستانی ڈراموں کو نشر کیے جانے کے حوالے سے بات چیت ہوئی ہے۔سعودی عرب کے دورے کے دوران ریاض میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے بتایا تھا کہ پاکستان نے سعودی عرب کو پاکستانی ڈراموں کی فراہمی کی پیش کش کی ہے اور جلد ہی پاکستانی ڈراموں کو عرب زبان میں ڈب کرکے سعودی عرب کو فراہم کردیے جائیں گے۔

    ساتھ ہی انہوں نے بتایا تھا کہ پاکستان نے سعودی ایئرلائن سے درخواست کی ہے کہ وہ عربی میں ڈب کی گئی پاکستانی فلموں اور ڈراموں کو بھی اپنی پروازوں کے دوران دکھائے۔تاہم فواد چوہدری نے یہ نہیں بتایا تھا کہ پاکستانی ڈرامے کب تک سعودی عرب میں نشر کیے جاسکیں گے۔لیکن اب پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ رواں برس جون سے پاکستانی ڈرامے سعودی عرب میں نشر کیے جائیں گے۔

    پی ٹی وی کے عالمی تعلقات کی ڈائریکٹر شازیہ سکندر نے تصدیق کی کہ جون 2019 سے پاکستانی ڈراموں کو عربی زبان میں سعودی عرب میں نشر کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں ماضی کے 2 مقبول ڈراموں ’دھوپ کنارے‘ اور ’تنہائیاں‘ کو سعودی عرب میں نشر کرنے کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔