Tag: توانائی بحران

  • لوڈ شیڈنگ سے امن و امان کی صورتحال خراب: وزیر توانائی کا نوٹس

    لوڈ شیڈنگ سے امن و امان کی صورتحال خراب: وزیر توانائی کا نوٹس

    کراچی: صوبائی وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے کراچی میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا نوٹس لیتے ہوئے کے الیکٹرک سے رابطہ کیا اور کہا کہ لوڈ شیڈنگ سے امن و امان کی صورتحال خراب ہو رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے کراچی میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا نوٹس لیتے ہوئے کے الیکٹرک کے سی ای او سے رابطہ کیا۔

    امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ لوڈ شیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے، لوڈ شیڈنگ سے امن و امان کی صورتحال خراب ہو رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نیپرا سے منظور سبسڈیز کی رقم کی فوری ادائیگی کرے اور کے الیکٹرک ہنگامی بنیادوں پر غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کرے۔

    امتیاز شیخ نے وزیر اعظم اور وزیر خزانہ سے کے الیکٹرک کے بقایا جات کی ادائیگی کی اپیل بھی کی۔

    خیال رہے کہ آج کراچی کے علاقے ماڑی پور میں لوڈ شیڈنگ سے تنگ آ کر عوام سڑکوں پر نکل آئی اور ٹریفک بلاک کردیا جس پر پولیس نے بدترین لاٹھی چارج کیا۔

  • بجلی کی طلب 28500 میگا واٹ سے بھی تجاوز کر گئی

    لاہور: ملک بھر میں بجلی کا بحران جاری ہے، بجلی کی طلب 28 ہزار 500 میگا واٹ سے بھی تجاوز کر گئی۔

    ذرائع پاور ڈویژن کے مطابق ملک میں بجلی کا بحران بڑھتا ہی جا رہا ہے، ایک طرف بجلی کی طلب میں اضافہ ہو رہا ہے تو دوسری طرف شارٹ فال بھی بڑھتا جا رہا ہے۔

    پاور ڈویژن کے ذرائع کے مطابق بجلی کی سپلائی مختلف اوقات میں مختلف رہنے لگی ہے، بجلی کی پیداوار 22 ہزار میگا واٹ ہو گئی ہے، جب کہ طلب میں بے پناہ اضافے کے باعث شارٹ فال ساڑھے 6 ہزار کے لگ بھگ ہے۔

    شارٹ فال کے باعث بعض شہروں اور دیہات میں 8 سے 10 گھنٹے کی لوڈ شیدنگ کی جا رہی ہے۔

    لیسکو کا کوٹہ 5 ہزار میگا واٹ ہو گیا ہے، جب کہ طلب 5700 میگا واٹ تک بڑھ گئی، جس کی وجہ سے لیسکو نے ساڑھے 3 گھنٹے کا شیڈول دے دیا ہے۔

    ذرائع پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ گیس اور فرنس آئل کی سپلائی بہتر ہونا شروع ہو گئی ہے، آئندہ چند روز میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کافی کم ہو جائے گا۔

  • توانائی بحران : وزیراعظم کا بند پاور پلانٹس کی فوری بحالی کا حکم

    اسلام آباد : وزیراعظم شہبازشریف نے توانائی سے متعلق نااہلی پر اظہار افسوس کرتے ہوئے بند پاور پلانٹس کی فوری بحالی کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کو توانائی بحران سے متعلق اجلاس میں پاور پلانٹس کی بندش پر رپورٹ پیش کی گئی۔

    اجلاس کے دوران وزیراعظم کوبریفنگ میں بتایا گیا کہ ایک سال سے 27 پاور پلانٹس بندپڑے ہیں، شہبازشریف نے توانائی سے متعلق نااہلی پر اظہار افسوس کیا۔

    وزیراعظم شہبازشریف نے بند پاور پلانٹس کی فوری بحالی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ پاورپلانٹس کی بندش سےملک میں بجلی کا بحران پیدا ہوا۔

    اس سے قبل وزیراعظم شہبازشریف نے پریشان کن معاشی اعشاریوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم بنانے کیلئے ہنگامی اقدامات کر رہے ہیں۔

    شہباز شریف نے معاشی ٹیم کو معیشت کی بہتری کیلئے جامع حکمت عملی اور مہنگائی پر قابو پانے کیلئے ترجیحی بنیاد پر اقدامات کی ہدایت کردی۔

  • کراچی میں کچرے سے 50 میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ

    کراچی میں کچرے سے 50 میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ

    کراچی: وزیرِ توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے محکمے کے افسران کو کراچی میں کچرے سے 50 میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کے منصوبے کو جلد از جلد قابل عمل بنانے کی ہدایت کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر توانائی سندھ نے اپنے دفتر میں منعقدہ ایک اجلاس میں کہا کہ کراچی میں کچرے سے پچاس میگا واٹ بجلی کے منصوبے کی فیزیبلٹی کو جلد از جلد مکمل کر کے پروجیکٹ پر کام شروع کیا جائے۔

    وزیر توانائی نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے اس منصوبے کی کام یابی کے بعد نئے سرمایہ کار آگے آئیں گے اور کچرے سے بجلی بنانے کے منصوبوں میں سرمایہ لگائیں گے۔

    امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ منصوبے سے سے نہ صرف بجلی حاصل ہوگی بلکہ کراچی میں کچرے کو ٹھکانے لگا کر شہر کو صاف ستھرا کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

    دریں اثنا، اجلاس کو بتایا گیا کہ کراچی میں پیدا ہونے والے کچرے سے 300 سے 400 میگا واٹ بجلی بنائی جا سکتی ہے، فی الحال 50 میگا واٹ بجلی بنانے کے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے اس منصوبے کی ٹیکنو اکنامک فیزیبیلٹی تکمیل کے مراحل میں ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان میں اب کچرے سے بھی بجلی بنے گی

    پروجیکٹ کی منظوری اور کام یابی کے بعد نجی شعبے کے سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی ہوگی اور کچرے سے 400 میگا واٹ بجلی بنانے کے منصوبے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ یا نجی شعبے کے تحت شروع ہو سکیں گے۔

    اجلاس میں لانڈھی بھینس کالونی میں گوبر سے بائیو گیس بنانے کے منصوبے پر کام کی ہدایات بھی دی گئیں تا کہ سمندر کو آلودہ کرنے کا باعث بننے والا گوبر ضایع نہ ہو اور اس سے بھی سستی گیس حاصل کی جا سکے۔

    وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے محکمہ توانائی کے افسران کو ہدایات دیں کہ بھینس کالونی میں گوبر سے گیس بنانے کے منصوبے کو بھی جلد تیار کیا جائے۔

  • ایل این جی سے لدے 2 جہاز کراچی بندرگاہ پر لنگر انداز

    ایل این جی سے لدے 2 جہاز کراچی بندرگاہ پر لنگر انداز

    کراچی: ایل این جی سے لدے دو بحری جہاز کراچی پورٹ پر لنگر انداز ہو گئے، ملک میں جاری گیس بحران کی صورتِ حال بہتر ہونے کی امید پیدا ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق دو ایل این جی جہاز کراچی پورٹ پر لنگر انداز ہو گئے ہیں، ملک میں گیس بحران کا خدشہ ٹلنے کی امید پیدا ہو گئی ہے۔

    ترجمان سوئی ناردن گیس کمپنی کا کہنا ہے کہ ایل این جی کو لانے والے جہاز کراچی پورٹ پر لنگر انداز ہو گئے ہیں، ایل این جی کی سپلائی بھی شروع کر دی گئی ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ ان کی ترجیح گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی ہے، امید ہے کہ صورتِ حال مزید بہتر ہو جائے گی۔

    دریں اثنا وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے کہا ہے کہ آج کا دن تاریخی ہے، الحمد للہ ہماری کوششوں سے پہلی بار دو ایل این جی جہاز کراچی پورٹ پر لنگر انداز ہو گئے ہیں۔

    سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں علی زیدی نے کہا کہ پورٹ قاسم اتھارٹی سے چند ہفتوں میں نائٹ نیوی گیشن بھی شروع ہو جائے گی۔

    یہ بھی ملاحظہ کریں:  کراچی کے مختلف علاقوں میں گیس بحران سنگین ہوگیا

    ان کا کہنا تھا کہ رات کو جہازوں کی آمد و رفت شروع ہونے سے بندرگاہ پر رش سے پیدا ہونے والی رکاوٹ کے مسئلے سے نجات مل جائے گی۔

  • وزیرِ اعظم کا صوبوں کے درمیان گیس فراہمی کا تنازع حل کرنے کا فیصلہ

    وزیرِ اعظم کا صوبوں کے درمیان گیس فراہمی کا تنازع حل کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وفاق نے صوبوں کے درمیان گیس فراہمی کا تنازع حل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، وزیرِ اعظم نے نئی قومی انرجی پالیسی مرتب کرنے کی ہدایت کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبوں کے درمیان توانائی کی تقسیم کا معاملہ وفاق نے حل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، اس سلسلے میں وزیرِ اعظم عمران خان نے ایک قومی انرجی پالیسی کی تشکیل کی بھی ہدایت کر دی ہے۔

    [bs-quote quote=”صوبوں کے درمیان انرجی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جائے گا۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم کی جانب سے توانائی اور پیٹرولیم وزرا کو مارچ تک نئی پالیسی بنانے کا ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔

    وزیرِ اعظم نے ہدایت کی ہے کہ وفاقی وزرا صوبوں کے ساتھ مل کر ایک جامع پالیسی مرتب کریں، ذرائع نے کہا ہے کہ وفاقی وزرا کو صوبائی وزرائے اعلیٰ سے بھی سفارشات لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے حکم دیا ہے کہ سفارشات کا جائزہ لے کر مارچ تک قومی انرجی پالیسی لانچ کر دی جائے۔

    یہ بھی پڑھیں:  60 میگاواٹ سے توانائی کاسفرشروع کرنے والا پاکستان آج کہاں کھڑا ہے

    ذرائع کے مطابق انرجی پالیسی میں گیس اور تیل کے نئے ذخائر کی تلاش کا پلان بھی شامل ہوگا۔

    انرجی پالیسی کے تحت صوبوں کے درمیان انرجی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جائے گا، ملک کو درپیش توانائی بحران سے نمٹنے کا جامع پلان بھی پالیسی کا حصہ ہوگا۔

  • حکومت کی خریدی گئیں تمام اضافی گاڑیاں نیلام کر دی جائیں گی، فواد چوہدری

    حکومت کی خریدی گئیں تمام اضافی گاڑیاں نیلام کر دی جائیں گی، فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے ملک میں جاری توانائی بحران کے سلسلے میں اقدامات کا عندیہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ توانائی کے مسائل کے حل کے لیے ماہرین سے مشاورت کی جا رہی ہے۔

    وہ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے، انھوں نے کہا ’وفاقی کابینہ نے سیاسی بھرتیاں نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، شاہانہ طرزِ حکومت کے لیے خریدی گئیں تمام اضافی گاڑیاں نیلام کر دی جائیں گی۔‘

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کا قوم سے خطاب غیر روایتی تھا، عمران خان نے اپنے خطاب کے پوائنٹ خود ترتیب دیے، جو ان کے دل میں ہوتا ہے وہی زبان پر بھی ہوتا ہے، وہ ڈھکی چھپی نہیں، کھل کر بات کرتے ہیں۔

    وزیرِ اطلاعات نے مزید کہا کہ گزشتہ حکومت نے سارک کانفرنس کے نام پر قیمتی گاڑیاں منگوائیں، ماضی کے حکمرانوں کے غلط اقدامات سے خود ان کی ساکھ متاثر ہوئی۔


    منی لانڈرنگ سے باہر گیا پیسہ واپس لانے کیلیے ٹاسک فورس بنائیں گے، عمران خان


    انھوں نے کہا بیرونی قرضوں پر سود کی ادائیگی کے لیے قرضے لینے پڑ رہے ہیں، سب کو ہدایت کی گئی ہے کہ تمام وزارتیں اپنے اخراجات کو کم کریں، گورنر ہاؤسز کے بہتر استعمال کی حکمت عملی بھی ترتیب دی جا رہی ہے۔

    انھوں نے امید ظاہر کی کہ معاشی چیلنجز پر قابو پانے میں کام یاب ہوجائیں گے، عمران خان چاہتے ہیں معاشی بہتری میں سمندر پار پاکستانی کردار ادا کریں، وہ ہمارے لیے بہت بڑا اثاثہ ہیں۔

  • کراچی میں بجلی کا بحران: وزیر اعظم کی معاملات 15 روز میں حل کرنے کی ہدایت

    کراچی میں بجلی کا بحران: وزیر اعظم کی معاملات 15 روز میں حل کرنے کی ہدایت

    کراچی: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت کابینہ کی توانائی کمیٹی کے خصوصی اجلاس میں وزیر اعظم نے سوئی سدرن اور کے الیکٹرک کو معاملات 15 روز میں حل کرنے کی ہدایت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت کابینہ کی توانائی کمیٹی کا خصوصی اجلاس ہوا۔

    اجلاس میں گورنر، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وزیر توانائی اویس لغاری، مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہیں۔

    اجلاس سے قبل کے الیکٹرک اور سوئی سدرن گیس کے درمیان تنازعہ حل کرنے کے لیے وزارت پانی و بجلی نے حکمت عملی تیار کرلی۔ حکمت عملی میں قابل تقسیم محاصل میں سوئی سدرن کو ادائیگی کی تجویز شامل ہے۔

    دوسری جانب وزارت خزانہ بھی سوئی سدرن اور نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کے واجبات کی یک مشت ادائیگی پر رضامند ہے۔

    وزارت خزانہ ادائیگی اس یقین دہانی پر کروائے گی کہ رقم ڈیویز بل پول سے مل جائے۔

    اس وقت واٹر بورڈ پر کے الیکٹرک کے واجبات کا حجم 52 ارب روپے ہے جبکہ سوئی سدرن کے کے الیکٹرک پر 80 ارب اور این ٹی ڈی سی پر 30 ارب کے واجبات ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں حکومت نے کے الیکٹرک پر جرمانے اور مارک اپ کی رقم کو معاف کرنے سے انکار کردیا ہے۔

    حکومت کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک صارفین سے لیٹ پیمنٹ سر چارج لیتا ہے تو خود بھی ادا کرے۔

    اجلاس کے بعد ترجمان وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے کے الیکٹرک کو گیس دینے کی ہدایت کردی۔ انہوں نے سوئی سدرن اور کے الیکٹرک کو معاملات 15 روز میں حل کرنے کی بھی ہدایت کی۔

    بعد ازاں وزیر اعظم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سوئی سدرن کو ہدایت کی ہے کہ کے الیکٹرک کو گیس دیں، کے الیکٹرک کو بھی ہدایت کی ہے کہ صارفین کے بجلی فراہم کریں۔ ’دونوں کمپنیوں کو مسائل حل کرنے کی ہدایت کی‘۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی میں بجلی بھی ہوگی اور پانی بھی فراہم کیا جائے گا۔ کے الیکٹرک کو ضرورت کے مطابق گیس دی جائے گی۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کو کوئی سرکاری تحویل میں نہیں لے سکتا۔ کے الیکٹرک چارج کر سکتی ہے نہ سر چارج نکال سکتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں بجلی کی طلب سے زیادہ بجلی موجود ہے۔ جس علاقے میں بجلی چوری ہوتی ہے وہاں لوڈ شیڈنگ کی جاتی ہے۔ ’ملک میں بجلی کی پیداوار طلب سے زیادہ ہے‘۔

    خیال رہے کہ موسم گرما کے آغاز سے ہی شہر کراچی میں بجلی کا بحران عروج پر پہنچ گیا ہے اور پورے شہر میں کئی کئی گھنٹوں کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ہے۔

    نیشنل پاور اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کراچی میں بجلی کے بحران کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے اس کا ذمہ دار کے الیکٹرک کو ٹھہرایا ہے۔

    اپنی جاری کردہ رپورٹ میں نیپرا کا مؤقف تھا کہ گیس نہیں ہے تو کے الیکٹرک فرنس آئل سے بجلی کیوں نہیں بنارہی؟ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کے الیکٹرک کورنگی کمبائنڈ پلانٹ اور بن قاسم پلانٹ دو متبال فیول سے چلائے تو لوڈشیڈنگ میں کمی آسکتی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • بجلی بحران پر قابو پانے کی سر توڑ کوششیں کر رہے ہیں، وزیرِاعظم

    بجلی بحران پر قابو پانے کی سر توڑ کوششیں کر رہے ہیں، وزیرِاعظم

    اسلام آباد: وزیرِاعظم نواز شریف کا کہنا ہے حکومت توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔

    وزیرِاعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان دونوں منصوبوں کے لیئے ویژن 2050 کے تحت فنڈز کے انتظامات کیئے جائیں گے، انھوں نے کہا کہ توانائی بحران پر قابو پانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، حکومت ایٹمی توانائی سمیت مختلف منصوبوں پر پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

    وزیرِاعظم کی زیرِ صدارت نیوکلیئر پروگرام کے بارے میں اجلاس کے دوران انھیں ایٹمی توانائی کے مختلف منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، اجلاس میں کے ٹو اور کے تھری پاور منصوبوں سے متعلق امور زیر غور آئے۔

     وزیرِاعظم ہاوس میں ہونے والے اجلاس میں وفاقی وزراء خواجہ محمد اصف، اسحاق ڈار ،چیئر مین جوائینٹ چیفس اف اسٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود اور ڈی جی اسٹریٹیجک پلان ڈویژن نے شرکت کی۔

  • ٹیکسٹائل ملزمالکان کا لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج کا اعلان

    ٹیکسٹائل ملزمالکان کا لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج کا اعلان

    لاہور: ٹیکسٹائل ملزمالکان بھی توانائی بحران کیخلاف میدان میں آ گئے، اپٹما نے گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کیخلاف عید کے بعد بھرپور احتجاج کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین اپٹما ایس ایم تنویر نے لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بجلی اور گیس کی بندش کیخلاف عید کے بعد بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ عید کے 3 دن ٹیکسٹائل ملز کی بجلی مکمل بند جبکہ 6 اکتوبر سے 10 دن کیلئے گیس بھی بند کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 4 دن پہلے عدالت نے قانون کے مطابق بجلی کی لوڈشیڈنگ کا حکم دیا لیکن حکومت نے احکامات نہیں مانے۔

    چیئرمین اپٹما نے بتایا کہ توانائی بحران سے 9 ماہ کے دوران ٹیکسٹائل انڈسٹری کی 30 سے 35 فیصد پیداواری صلاحیت ختم ہو گئی جبکہ ٹیکسٹائل برآمدات 1ارب ڈالر کم اور 30 لاکھ افراد بیروزگار ہوئے۔

    ایس ایم تنویر کا کہنا تھا لگتا ہے حکومت کی ترجیح انڈسٹری نہیں، کچھ اور ہے، یہی حالات رہے تو بیروزگاری بڑھ جائے گی۔