Tag: توثیق

  • اقوام متحدہ نے امریکا طالبان معاہدے کی توثیق کر دی

    اقوام متحدہ نے امریکا طالبان معاہدے کی توثیق کر دی

    نیویارک: یو این سیکورٹی کونسل نے امریکا طالبان معاہدے کی توثیق کر دی ہے، امریکا کی جانب سے پیش کردہ قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پیش کردہ قرارداد میں طالبان، افغان حکومت پر اعتماد سازی کے لیے اقدامات جاری رکھنے پر زور دیا گیا، بتایا گیا کہ افغان صدر نے طالبان قیدیوں کی رہائی کے حکم نامے پر دستخط کر دیے۔

    ادھر افغان میڈیا کا کہنا ہے کہ طالبان قیدیوں کی رہائی بائیو میٹرک کے بعد ہوگی، قیدیوں کو دوبارہ جنگ نہ کرنے کی یقین دہانی کرانا ہوگی، اور قیدیوں کی رہائی امریکا، افغان معاہدے کے تحت ہی ہوگی۔

    افغان طالبان نے 5ہزار قیدیوں کی فہرست امریکا کو دے دی

    افغان میڈیا کے مطابق طالبان قیدیوں کی رہائی کا آغاز 14 مارچ کو پروان جیل سے ہوگا، معاہدے کے مطابق 1500 افغان طالبان قیدیوں کو رہا کیا جائے گا۔

    گزشتہ روز طالبان ترجمان سہیل شاہین نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ 5 ہزار افغان طالبان قیدیوں کی فہرست امریکا کو اس شرط کے ساتھ دے دی گئی ہے کہ افغان طالبان قیدیوں کو ویران علاقے میں حوالے کیا جائے، اور رہائی کے لیے دیے گئے ناموں کو طالبان کا وفد جیل میں چیک کرے گا۔

    دوسری طرف امریکا اور طالبان کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد برسوں سے خانہ جنگی کے شکار ملک افغانستان سے امریکی افواج کا انخلا بھی بالآخر شروع ہو رہا ہے، افغانستان میں امریکی افواج کے ترجمان کرنل سونی لیگیٹ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ معاہدے کے تحت امریکی افواج کی تعداد میں مشروط کمی کر رہے ہیں، افغانستان میں 12 سے 13 ہزار امریکی فوجی تعینات ہیں، ابتدائی طور پر امریکی افواج کی تعداد گھٹا کر 8600 کی جائے گی۔

  • مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نہیں نکالا جائے گا: کابینہ اجلاس میں فیصلہ

    مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نہیں نکالا جائے گا: کابینہ اجلاس میں فیصلہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں وفاقی کابینہ نے، ذیلی کمیٹی کے مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نہ نکالنے کی فیصلے کی توثیق کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں 15 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔

    اجلاس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کے معاملے کا ذکر ہوا۔ وزیر اعظم نے کابینہ ارکان سے معاملے پر رائے لی۔

    وزیر اعظم نے دریافت کیا کہ کیا کسی کو ذیلی کمیٹی کے فیصلے پر اعتراض ہے کہ مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نہیں نکالا جائے گا؟ تاہم مریم نواز کے معاملے پر کابینہ نے متفقہ رائے دیتے ہوئے ذیلی کمیٹی کے فیصلے کی توثیق کی۔

    کابینہ اجلاس میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے اطراف آبادی کے لیے خصوصی پیکج کی منظوری دی، وفاقی کابینہ نے فیڈرل لینڈ کمیشن کے سینئر ممبر اور فرسٹ ویمن اور ایگزم بینک کے سی ای اوز کی بھی منظوری دی۔

    اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال کا جائزہ بھی لیا گیا، دواؤں کی زیادہ سے زیادہ قیمت کے فروخت کے تعین کی منظوری دی گئی جبکہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے فیصلوں کی بھی توثیق کی گئی۔

    اجلاس کے ایجنڈے میں اسپورٹس بورڈ ایگزیکٹو کمیٹی اور بورڈ کی تشکیل نو، قانون میں ترمیم، نیشنل کمیشن فار ہیومن رائٹس کی چیئر پرسن اور اراکین کی تقرری کی منظوری اور کراچی پورٹ ٹرسٹ کے جی ایم آپریشنز کی پاک بحریہ سے ڈیپوٹیشن کا معاملہ شامل تھا۔

    نیشنل پاور پارک مینجمنٹ آف کمپنیز کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل بھی اجلاس کے ایجنڈے کا حصہ رہی۔

  • آرمی چیف نے حاضر سروس میجر کو عمر قید کی سزا کی توثیق کردی

    آرمی چیف نے حاضر سروس میجر کو عمر قید کی سزا کی توثیق کردی

    اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے حاضر سروس میجر کو عمر قید کی سزا کی توثیق کردی، میجر اختیارات کے غلط استعمال کا مرتکب پایا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے حاضر سروس میجر کو عمر قید کی سزا کی توثیق کردی ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق میجر کو فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کے تحت سزا سنائی گئی تھی، میجر اختیارات کے غلط استعمال کا مرتکب پایا گیا تھا۔

    آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ پاک فوج ادارہ جاتی احتساب پر یقین رکھتی ہے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل رواں برس مئی میں بھی آرمی چیف نے 2 افسران کی سزائے موت اور ایک افسر کی قید کی سزا کی توثیق کی تھی۔

    مذکورہ افسران میں لیفٹیننٹ جنرل (ر) جاوید اقبال کی 14 سال قید بامشقت کی توثیق، جبکہ بریگیڈیئر (ر) راجہ رضوان اور ایک سول افسر ڈاکٹر وسیم اکرم کی سزائے موت کی توثیق کی گئی تھی۔

    تینوں افسران کو حساس راز افشا کرنے اور جاسوسی کے الزامات پر سزائیں سنائی گئی تھیں، مذکورہ افسران پر آرمی ایکٹ کے تحت مقدمات چلائے گئے تھے۔

  • اماراتی سپریم کورٹ نے ترک شہری کو عمر قید کی سزا کی توثیق کردی

    اماراتی سپریم کورٹ نے ترک شہری کو عمر قید کی سزا کی توثیق کردی

    ابوظہبی : امارات میں فیڈرل سپریم کورٹ نے دہشت گردی کے مقدمے کے سلسلے میں ترکی کے ایک شہری کے خلاف عمر قید کی سزا کی توثیق کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے سیکورٹی اداروں نے سماجی رابطوں کی ویب ساٹئس کے ذریعے دہشت گرد تنظیموں کے افکار و فورغ دینے اور ان کے لیے فنڈز جمع کرنے کے الزام میں ترک شہری کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا تھا۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ چارج شیٹ سے معلوم ہوتا ہے کہ ملزم نے فیس بک پر اپنے نام (علی اوزترک) سے ایک اکاونٹ بنایا جس کے ذریعے دو دہشت گرد تنظیموں (النصرہ فرنٹ اور احرار الشام) کے افکار و نظریات کو فروغ دیا اور ان تنظیموں کے لیے عطیات اکٹھا کیے۔

    بعد ازاں امارات میں کام کرنے والے مالیاتی اداروں کے ذریعے ان مالی رقوم کو مذکورہ دہشت گرد تنظیموں کی جانب ارسال کیا۔

    امارات میں فیڈرل سپریم کورٹ نے حالیہ فیصلے میں دو افراد کی جانب سے دائر کی گئی اپیل کو مسترد کر دیا کرتے ہوئے عرب شہری کو 10 سال قید اور ترک شہری کو عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

    مزید پڑھیں : امارات میں داعش کے ’کی بورڈ جہادی‘ کو پانچ سال قید، دس لاکھ درہم جرمانہ

    ابوظبی کی عدالت نے مذکورہ عرب شہری کو قصور وار ٹھہرایا تھا۔ جس پر سوشل میڈیا کے چار نیٹ ورکس فیس بک، ٹویٹر، ٹیلی گرام اور واٹس ایپ پر دہشت گرد داعش کے افکار اور نظریات پھیلانے، نوجوانوں کو اس تنظیم میں شمولیت اختیار کرنے اور تنظیم کے ارکان کے واسطے عطیات دینے پر اکسانے کا الزام تھا۔

  • بھارت  نے کرتارپوربارڈر کھولنے  پرپاکستان کی تجویز کی توثیق کردی

    بھارت نے کرتارپوربارڈر کھولنے پرپاکستان کی تجویز کی توثیق کردی

    نئی دہلی : وفاقی وزیراطلاعات فوادچوہدری کا کہنا ہے کہ بھارت نے کرتارپوربارڈر کھولنے پر پاکستان کی تجویز کی توثیق کردی، کرتارپور بارڈر کھلنا دونوں ممالک کی امن پسند لابی کی فتح ہے

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیراطلاعات فوادچوہدری نے سماجی رابطے کی ٹوئٹ میں کہا کہ کرتارپور بارڈر کھلنا دونوں ممالک کی امن پسند لابی کی فتح ہے، بھارتی کابینہ نے کرتارپوربارڈر پرپاکستان کی تجویز کی توثیق کردی، یہ درست سمت میں قدم ہے، توقع ہے ایسے اقدامات سے سرحد کی دونوں جانب متوازن آوازوں کی حوصلہ افزائی ہوگی۔

      بھارت کرتارپورکوریڈورکھولنےپرپاکستان کاشکرگزار


    اس سے قبل بھارت کے دفترخارجہ نے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کو خط لکھ کر کرتارپور کوریڈور کھولنے پر شکریہ ادا کیا، سفارتی ذرائع کے مطابق بھارت کا کہنا تھا کرتارپورسے متعلق پاکستان کا موقف خوش آئند ہے۔

    دوسری جانب بھارت کی کابینہ نے کرتارپور بارڈر تک کوریڈورکی تعمیر کی منظوری دے دی ہے ، بھارتی میڈیا کے مطابق کوریڈور گورداسپور میں ڈیرہ بابا نانک سے بین الاقوامی بارڈرتک بنائی جائے گی۔

    بابا گرونانک کے 549 ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت سے 1600 سکھ یاتری واہگہ ریلوے اسٹیشن پہنچ گئے، سکھ یاتری پاکستان میں دس روز تک قیام کریں گے۔

    سکھ یاتریوں کوسخت سیکیورٹی میں ننکانہ صاحب سے سچاسودالایاگیا، جہاں وہ گوردوارسچاسودامیں مذہبی رسومات اداکریں گے، مہمان سکھ یاتریوں کے لیے لنگر اور میڈیکل کی سہولت فراہم کی گئی ہے جبکہ سیکیورٹی پرایک ہزارسےزائدپولیس اہلکارتعینات ہیں۔

    یاد رہے ستمبر میں وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا پاکستان جلد سکھ یاتریوں کے لیے کرتار پور بارڈر کھول دے گا، جس کے بعد یاتری ویزے کے بغیر گردوارہ دربار صاحب کے درشن کر سکیں گے۔

    فواد چوہدری نے کہا تھا پاکستان بھارت سے بات چیت کا خواہشمند ہے، بھارت کی جانب سے مثبت اشارے نہیں ملے، بھارت کو مذاکرات کی پیش کش میں فوج کی مکمل حمایت حاصل ہے۔

    سردار رمیش سنگھ نے بابا گرونانک کے 550 ویں جنم دن کے موقع پر کرتارپور بارڈر کھولنے کے فیصلے پر حکومت پاکستان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا شکریہ بھی ادا کیا تھا۔

    واضح رہے رواں سال اگست میں بھارت کے سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے عمران خان کی حلف برداری میں شرکت کی اور آرمی چیف جنرل جاوید باجوہ مختصر ملاقات کی تھی، ملاقات میں آرمی چیف نے نوجوت سنگھ سدھو سے گرمجوشی سے مصافحہ کیا، خیریت دریافت کی اور انہیں کرتارپور کوریڈور کھولنے کی خوشخبری سنائی تھی۔

    خیال رہے دربار کرتارپور ضلع نارووال میں ہے جبکہ اس کے دوسری جانب سرحد پار بھارتی تحصیل بٹالہ میں ڈیرہ بابا گرونانک ہے، پاکستان نہ پہنچنے والے سکھ یاتری دوربین سے دربار کرتا سنگھ کا نظارہ کرتے ہیں۔

  • آرمی چیف نے11دہشت گردوں کی سزائے موت اور 3 دہشت گردوں کی عمر قید میں توثیق کردی

    آرمی چیف نے11دہشت گردوں کی سزائے موت اور 3 دہشت گردوں کی عمر قید میں توثیق کردی

    راولپنڈی: معصوم شہریوں اور سیکیورٹی فورسز کے قتل میں ملوث گیارہ دہشتگرد انجام کو پہنچ گئے، آرمی چیف آف اسٹاف میجر جنرل قمر جاوید باجوہ نے 11 دہشت گردوں کی سزائے موت اور 3 دہشت گردوں کی عمر قید کی سزا کی توثیق کردی۔

    پاک فوج کے تعلقات عامہ کے ادارے (آئی ایس پی آر) کے ترجمان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ نے فوجی عدالتوں کی جانب سے 11 دہشت گردوں کو سزائے موت کے فیصلے کی توثیق کردی ہے، جس کے بعد دہشت گردوں کو تختہ دار پر لٹکا دیا جائے گا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد قانون نافذکرنےوالے اداروں پر حملوں، مالاکنڈ یونیورسٹی اور دیگر تعلیمی اداروں کو تباہ کرنے سمیت رکن کے پی اسمبلی عمران خان مہمند کے قتل میں ملوث ہیں جبکہ ملزمان دہشت گردی کے سنگین مقدمات میں بھی ملوث ہیں۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ سزائے موت پانے والوں میں برہان الدین، شہیر خان، گل فراز خان،محمد زیب، سلیم ،عزت خان، محمد عمران ،یوسف خان، نادر خان،محمد عارف اللہ خان اور بخت محمد خان شامل ہیں۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد60شہریوں کےقتل اور36کو زخمی کرنے میں ملوث تھے جبکہ دہشت گردوں پر 24 قانون نافذ کرنے والے اداروں، ایف سی اور پولیس اہلکاروں کو قتل اور 142 افراد کو زخمی کرنے کا بھی الزام تھا، دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیموں سے تھا۔

    آرمی چیف نے3دہشت گردوں کو عمرقید کی سزا کی بھی توثیق کی۔


    مزید پڑھیں : آرمی چیف نے امجد صابری کے قاتلوں سمیت 10دہشت گردوں کی سزائےموت کی توثیق کردی


    ترجمان پاک فوج کے مطابق دہشت گردوں نے مجسٹریٹ کے سامنے اعتراف جرم کیاتھا، جس کے بعد دہشت گردوں کو فوجی عدالتوں سےموت کی سزا سنائی جا چکی تھی۔

    یاد رہے گذشتہ ماہ کے آغاز میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مشہورقوال امجد صابری کے قاتلوں سمیت 10دہشت گردوں کے ڈیتھ وارنٹ پر دستخط کئے تھے ، تمام دہشت گردسنگین نوعیت کےدہشت گردحملوں میں ملوث تھے۔

    واضح رہے سانحہ اے پی ایس کے بعد دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے نیشنل ایکشن پلان ترتیب دیا گیا تھا اور فوجی عدالتوں کا قیام عمل میں لایا گیا تھا تاکہ ملزمان کے خلاف تیزی سے مقدمات کی سماعت کی جائے اور ملزمان کوفی الفور منطقی انجام تک پہنچایا جاسکے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پاکستان کی ماحولیاتی نقصانات کے سدباب کے لیے عالمی معاہدے کی توثیق

    پاکستان کی ماحولیاتی نقصانات کے سدباب کے لیے عالمی معاہدے کی توثیق

    نیویارک: پاکستان نے انسداد ماحولیاتی نقصانات کے لیے طے کیے جانے والے معاہدے پیرس کلائمٹ ڈیل کی توثیق کردی ہے جس کے بعد اب پاکستان بھی ان ممالک میں شامل ہوگیا ہے جو دنیا بھر میں موسمیاتی تغیرات (کلائمٹ چینج) کے نقصانات سے بچانے کے لیے سنجیدہ اقدامات پر عمل کریں گے۔

    آج صبح نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں ہونے والی ایک پروقار تقریب میں پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی نے معاہدے کی توثیقی دستاویز پیش کی۔ پاکستان اس معاہدے کی توثیق کرنے والا ایک سو چوتھا ملک ہے جبکہ اب تک 105 ممالک اس معاہدے کی توثیق کر چکے ہیں۔

    مزید پڑھیں: ٹرمپ ماحول کے لیے دشمن صدر؟

    یہ تاریخی معاہدہ سنہ 2015 میں پیرس میں ہونے والی عالمی ماحولیاتی کانفرنس میں طے پایا تھا جس پر 195 ممالک نے دستخط کر کے اس بات کا عزم کیا تھا کہ وہ اپنی صنعتی ترقی کو محدود کریں گے۔ دنیا بھر میں ہونے والی صنعتی ترقی مضر گیسوں کے اخراج کا باعث بن رہی ہے جو ایک طرف تو دنیا کی فضا کو آلودہ کر رہی ہیں، دوسری جانب یہ دنیا بھر کے موسم کو بھی گرم (گلوبل وارمنگ) کر رہی ہیں۔

    پاکستان سمیت اس معاہدے کی توثیق کرنے والے ممالک اب اس بات کے پابند ہیں کہ وہ ماحول دوست پالیسیوں کو فروغ دیں گے، قدرتی ذرائع جیسے سورج اور ہوا سے توانائی پیدا کریں گے اور ماحول اور جنگلی حیات کو بچانے کے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔

    مزید پڑھیں: دنیا کو بچانے کے لیے کتنے ممالک سنجیدہ؟

    یہی نہیں، معاہدے کے تحت امیر ممالک کو اس بات کا پابند بھی کیا گیا ہے کہ وہ ان ممالک کی مالی امداد کریں گے جو کلائمٹ چینج کے نقصانات سے متاثر ہو رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ دنیا بھر میں مضر (گرین ہاؤس) گیسوں خصوصاً کاربن کے اخراج کے سب سے زیادہ ذمہ دار امیر اور ترقی یافتہ ممالک ہی ہیں جن میں پہلا نمبر چین اور دوسرا امریکا کا ہے۔ کاربن گیسوں کے اخراج میں ترقی پذیر ممالک کا حصہ تو نہیں، لیکن یہ اس کے مضر اثرات (سیلاب، شدید گرمی، قحط) کا بری طرح شکار ہو رہے ہیں۔

    مزید پڑھیں: پاکستانی شمالی علاقوں میں گلیشیئرز پگھلنے کی رفتار میں اضافہ

    پاکستان اس معاہدے کی توثیق کر کے اب اس بات کا پابند ہوچکا ہے کہ وہ داخلی سطح پر کلائمٹ چینج سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گا، اور خارجی سطح پر ایسی تمام کوششوں کی حمایت کرے گا جو دنیا کو ماحولیاتی نقصانات سے بچانے کے لیے کی جارہی ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ برس پیرس میں ہونے والی عالمی کانفرنس میں وزیر اعظم نواز شریف نے بھی شرکت کی تھی، اور رواں برس جب اس معاہدے پر دستخط کیے جارہے تھے تب ویر اعظم اور صدر ممنون کی خصوصی ہدایت کے بعد وزیر داخلہ چوہدری نثار نے اس پر دستخط کیے تھے۔