Tag: توسیع

  • سندھ کابینہ میں بڑی توسیع، مزید 8 ترجمان اور 12 معاون خصوصی مقرر

    سندھ کابینہ میں بڑی توسیع، مزید 8 ترجمان اور 12 معاون خصوصی مقرر

    سندھ کابینہ میں بڑی توسیع کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے مزید 8 ترجمان اور 12 معاون خصوصی کی تقرریوں کی منظوری دے دی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ حکومت کے لیے 8 ترجمانوں کی منظوری دے دی ہے جس کے بعد اس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

    جن کو سندھ حکومت کے ترجمان مقرر کیا گیا ہے، ان میں نادر نبیل گبول، سکھدیوا سرداس ہیمنانی، بلند خان جونیجو، سمیتا افضل، سیدہ تحسین عابدی، ہیر سوہو، سیدہ اقربا فاطمہ اور مصطفیٰ عبداللہ بلوچ شامل ہیں۔

    اس اضافے کے ساتھ سندھ حکومت کے ترجمانوں کی تعداد بڑھ کر 18 ہو گئی ہے۔

    اس کے علاوہ سندھ حکومت نے 12 معاونین خصوصی بھی مقرر کر دیے ہیں۔

    نوٹفیکیشن کے مطابق رضا ہارون، پیر سید افضال، لیاقت علی اسکانی، تنزیلہ ام حبیبہ، امیر حمزہ رئیس، خیر محمد شیخ، امان اللہ محسود، کلثوم چانڈیو، محمد علی راشد، محمد علی بھٹو، حسین اسلم اور ویرجی کولہی کو معاونین خصوصی مقرر کیا گیا ہے۔

    اس سے قبل معاونین خصوصی کی تعداد 10 تھی جو اب بڑھ کر 22 ہو گئی ہے۔

  • بھارت: حج درخواست فارم جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع

    بھارت: حج درخواست فارم جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع

    نئی دہلی: حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے حج درخواست فارم جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کردی گئی ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق حج کمیٹی آف انڈیا نے حج سے وابستہ سرکاری و غیر سرکاری تنظیموں، ریاستی حج کمیٹیوں، پاسپورٹ آفس کی تعطیلات، بعض ریاستوں / علاقوں میں شدید بارش کے سبب نظام زندگی کا متاثر ہونا اور خود عازمینِ حج کے شدید مطالبے پر تاریخ میں توسیع کی ہے۔

    وزارتِ اقلیتی امور حکومتِ ہند میں ڈائریکٹر اور حج کمیٹی آف انڈیا کے سی،ای،او ڈاکٹر لیاقت علی آفاقی آئی۔ آر۔ ایس کا کہنا تھا کہ حج کمیٹی آف انڈیا کے تحت حج پر جانے کے خواہشمند عازمین اب 23 ستمبر 2024 تک حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ یا موبائل پر ”حج سوویدھا ایپ”کے ذریعے آن لائن درخواست جمع کراسکتے ہیں۔

    بھارت میں حج کمیٹی آف انڈیا کے سی، ای، او ڈاکٹر لیاقت علی کی جانب سے درخواست دہندگان کو ہدایتی مشورہ دیا گیا کہ حج فارم درخواست بھرنے سے پہلے گائیڈ لائنز حج 2025 اور حلف نامہ کا پوری توجہ سے مطالعہ کرلیں۔

    انہوں نے خواہشمند عازمین سے گزارش کی ہے کہ توسیع شُدہ تاریخ تک حج درخواست فارم لازمی جمع کرادیں۔ اب تاریخ میں توسیع تقریباً نا ممکن ہے۔

    انہوں نے عازمین سے اپیل کی حج 2025 کے لیے بنائے گئے نظام الاوقات پر عمل کریں۔ تاکہ ویزے کی حصولیابی، رہائش، ہوائی ٹکٹ و دیگر انتظامات وقت پر صحیح سے مکمل ہوسکیں۔

    ڈاکٹر آفاقی نے بتایا اب تک تقریباً,1,15,000 (ایک لاکھ پندرہ ہزار) عازمین حج 2025 کے لیے رجسٹریشن مکمل ہوچکی ہے، جس میں مہاراشٹرا گجرات، کیرالا، اترپردیش اور کرناٹک سے بالترتیب سب سے زیادہ عازمین حج کے لیے رجسٹریشن کرا چکے ہیں۔

    انہو ں نے مزید کہا کہ عازمین کسی بھی معلومات اور دشواری کے حل کے لیے صرف حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ اور ریاستی حج کمیٹیوں کے دفاتر سے رابطہ کریں یا حج کمیٹی آف انڈیا کے ہیلپ لائن نمبر 22107070 -022 سے معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں۔

  • آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس: عثمان بزدار کی ضمانت میں 3 مئی تک توسیع

    آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس: عثمان بزدار کی ضمانت میں 3 مئی تک توسیع

    لاہور: سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اپنے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں لاہور کی احتساب عدالت میں پیش ہوئے، جہاں ان کی ضمانت میں 3 مئی تک توسیع کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت میں آمدن سے زائد اثاثہ جات انکوائری کیس میں، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی عبوری ضمانت سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔

    عثمان بزدار نے عدالت کے روبرو پیش ہو کر حاضری مکمل کروائی، عثمان بزدار کے وکیل کا کہنا تھا کہ سوال نامے کا جواب تیار کرلیا ہے آج نیب آفس میں جمع ہوگا۔

    احتساب عدالت کے جج نے کہا کہ فیصلہ میرٹ پر ہوگا اگر آپ کا حق بنتا ہوا تو آپ کو انصاف ملے گا، اگر میرٹ پر پورا نہیں اترتے تو ضمانت نہیں ملے گی۔

    جج نے کہا کہ اگر عثمان بزدار نے اپنے آفس کو صاف شفاف طریقے سے استعمال کیا ہے تو ٹھیک ہے، اگر اس میں کوئی غلط یا غیر قانونی کام ہوا تو رپورٹ میں لکھا جائے۔

    عثمان بزدار کی جانب سے کہا گیا کہ 20 اگست 2018 سے 16 اپریل 2022 تک وزیر اعلیٰ پنجاب کے عہدے پر رہا، اس دوران کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا۔

    عدالت نے سابق وزیر اعلیٰ کی ضمانت میں 3 مئی تک توسیع کردی۔

  • پنجاب کابینہ میں توسیع کا فیصلہ

    پنجاب کابینہ میں توسیع کا فیصلہ

    لاہور: صوبہ پنجاب کی کابینہ میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے، مجموعی طور پر 12 رکنی کابینہ تشکیل دی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کابینہ میں توسیع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں 8 نگراں وزرا کابینہ میں شامل کیے جائیں گے۔

    محکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کے بعد مزید 4 نگراں وزرا کو کابینہ میں شامل کیا جائے گا۔

    صوبے میں مجموعی طور پر 12 رکنی کابینہ تشکیل دی جائے گی، محکمہ داخلہ اور خزانہ کے قلمدان نگراں وزیر اعلیٰ اپنے پاس رکھیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ حساسیت کی بنیاد پر سیکیورٹی اور خزانہ کے امور نگراں وزیر اعلیٰ محسن نقوی خود دیکھنا چاہتے ہیں۔

  • سعودی عرب: ٹریفک خلاف ورزیوں کے باوجود وزٹ ویزے میں توسیع ہوسکتی ہے؟

    سعودی عرب: ٹریفک خلاف ورزیوں کے باوجود وزٹ ویزے میں توسیع ہوسکتی ہے؟

    ریاض: سعودی محکمہ پاسپورٹ کا کہنا ہے کہ مملکت آنے والے کسی شخص کے ریکارڈ پر ٹریفک خلاف ورزیاں ہوں تو اس کے باوجود وزٹ ویزے میں توسیع ہوسکتی ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی ویزے میں ابشر پلیٹ فارم کے ذریعے توسیع کروائی جاسکتی ہے، ویزا ختم ہونے سے سات دن قبل توسیع ممکن ہے، توسیع میڈیکل انشورنس کے بغیر نہیں ہوگی۔

    محکمہ پاسپورٹ کا کہنا ہے کہ مقررہ ہدایات کے مطابق توسیع 180 دن سے زیادہ کی نہیں ہوسکتی، اس بات کو مدنظر رکھا جاتا ہے کہ توسیع کی صورت میں وزٹ ویزا ہولڈر 180 دن سے زیادہ سعودی عرب میں نہ گزارے۔

    محکمہ پاسپورٹ کا کہنا ہے کہ اگر وزٹ ویزا ختم ہوئے 3 دن گزر جائیں اور توسیع نہ کروائی گئی ہو تو ایسی صورت میں جرمانہ ہوگا۔

    محکمہ پاسپورٹ کا کہنا ہے کہ وزٹ ویزے کو اقامے میں تبدیل نہیں کیا جاسکتا تاہم اگر میزبان کے ریکارڈ پر ٹریفک خالاف ورزیاں ہوں تو اس کے باوجود وزٹ ویزے میں توسیع ہوسکتی ہے۔

  • وزٹ ویزے میں توسیع، سعودی حکام کی وضاحت

    وزٹ ویزے میں توسیع، سعودی حکام کی وضاحت

    ریاض: سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن جوازات نے وزٹ ویزے کی مدت میں توسیع کے حوالے سے وضاحت پیش کی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن جوازات کا کہنا ہے کہ جن افراد کے فیملی ملٹی پل وزٹ ویزے کی مدت میں دوسری بار توسیع نہیں ہو رہی وہ ابشر پر جوازات کی تواصل سروس کے ذریعے معاملہ حل کروا سکتے ہیں۔

    ٹویٹر پر دریافت کیا گیا کہ ملٹی پل وزٹ ویزے کی مدت میں دوسری بار توسیع نہیں ہو رہی جبکہ پہلی بار والی توسیع 180 دن پر کروائی گئی تھی۔

    اس حوالے سے جوازات کا کہنا تھا کہ جن افراد کو وزٹ ویزے کی مدت میں ابشر اکاؤنٹ کے ذریعے توسیع کروانے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، انہیں چاہیئے کہ وہ ابشر پر موجود تواصل کی سروس کے ذریعے اس میسج کا اسکرین شاٹ لیں اوراسے تواصل کو ارسال کریں۔

    خیال رہے کہ ابشر اکاؤنٹ پرموجود تواصل سروس ان معاملات کے لیے فراہم کی گئی ہے جہاں خود کار طریقے سے ہونے والے امور انجام نہ دیے جاسکیں یا ان میں کسی قسم کا کوئی فنی خلل واقع ہوگیا ہو۔

    تواصل سروس کے لیے ابشر اکاؤنٹ میں سروسز کے آپشن میں جانے کے بعد مائی سروسز کو منتخب کریں جس کے بعد جوازات جہاں تواصل کا براؤز موجود ہوتا ہے۔

    تواصل کے آپشن میں مختصر طور پر ویزے کی توسیع میں پیش آنے والی مشکل درج کریں، ساتھ ہی جو میسج خود کار سسٹم کے ذریعے موصول ہوا ہے وہ بھی اپ لوڈ کردیا جائے۔

  • سفری پابندی کے باعث اقاموں میں توسیع کن ممالک کے لیے ہے؟

    سفری پابندی کے باعث اقاموں میں توسیع کن ممالک کے لیے ہے؟

    ریاض: خروج و عودہ اور اقامے کی مدت میں توسیع کرنے سے ایسے افراد جو اپنے اہل خانہ کو دوبارہ بلانے کے اخراجات بچانا چاہتے ہیں، انہیں کافی فائدہ ہوتا ہے کیونکہ اس طرح وہ اہل خانہ کی آمد و رفت کے اضافی اخراجات سے بچ سکتے ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق خروج و عودہ کی مدت میں توسیع کے حوالے سے ایک شخص نے دریافت کیا کہ کارکن چھٹی پر ہے، خروج و عودہ ایکسپائر ہوگیا۔ کیا بیرون ملک ہوتے ہوئے خروج و عودہ کی مدت میں انفرادی طور پر توسیع کی جا سکتی ہے؟

    سوال کے جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ مملکت سے باہر گئے ہوئے اقامہ ہولڈرز کے خروج و عودہ اور اقاموں کی مدت میں توسیع ممکن ہے۔

    اقاموں اور خروج و عودہ کی مدت میں توسیع کے لیے اسپانسر کے مقیم یا ابشر اکاؤنٹ کے ذریعے کارکن کا انتخاب کر کے اس کے لیے درکار مدت درج کی جائے، قبل ازیں مطلوبہ مدت کی فیس جمع کروانا ضروری ہے جو خروج و عودہ کے لیے 100 ریال ماہانہ کے حساب سے وصول کی جاتی ہے۔

    خال رہے کہ خروج و عودہ یا اقامہ کی مدت میں توسیع کے لیے ابشر کے جس آپشن کو اختیار کیا جائے گا وہ بیرون ملک موجود کارکن کے خروج و عودہ کی توسیع ہوگی۔

    ابشر اکاؤنٹ میں ایک آپشن کارکن کے خروج و عودہ کے اجرا کا ہوتا ہے، جبکہ دوسرا خروج و عودہ کی مدت میں توسیع کا۔ اس حوالے سے بعض افراد خروج و عودہ کی مدت میں توسیع کی کارروائی کے لیے درست طریقہ اختیار نہیں کرتے جس کی وجہ سے ان کی کارروائی مکمل نہیں ہوتی اور انہیں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

    اس امر کا بھی خیال رکھا جائے کہ خروج و عودہ کی مدت میں توسیع صرف ایسے کارکنوں یا ڈیپنڈنٹ کے ویزوں میں کی جاتی ہے جو مملکت سے باہر ہوں کیونکہ خروج و عودہ جاری کیے جانے اور اسے استعمال نہ کرنے یعنی مملکت سے نہ جانے کی صورت میں اس کی مدت میں توسیع کروانا ممکن نہیں ہوتا۔

    مملکت میں رہتے ہوئے اگر خروج و عودہ استعمال نہ کیا جائے تو لازمی ہے کہ اسے مدت ختم ہونے سے قبل کینسل کروایا جائے، کینسل نہ کروانے کی صورت میں جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔

    جوازات کے ٹویٹر پر متعدد سوالات اقاموں اور خروج و عودہ کی مدت میں مفت توسیع کے حوالے سے کیے جا رہے ہیں۔

    اس حوالے سے ایک شخص نے پوچھا کہ حال ہی میں خروج و عودہ اور اقاموں کی مدت میں 31 مارچ 2022 تک توسیع کے جو احکامات جاری ہوئے ہیں ان میں کون سے ممالک شامل ہیں؟

    سوال کے جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ ایوان شاہی کی جانب سے اقامہ ہولڈرز تارکین کے خروج و عودہ اور اقاموں کی مدت میں 31 مارچ 2022 تک کی توسیع کے جو احکامات جاری ہوئے ہیں ان کے مطابق توسیع ان ممالک کے اقامہ ہولڈرز کے لیے ہوگی جہاں سے براہ راست مسافروں کی آمد و رفت پر تاحال پابندی عائد ہے۔

    جوازات کی جانب سے ان ممالک کی فہرست جاری کی گئی ہے جہاں سے مسافروں کے براہ راست مملکت آنے پر پابندی عائد ہے جن میں ترکی، لبنان، ایتھوپیا، افغانستان، جنوبی افریقہ، زمبابوے، نمیبیا، موزمبیق، بوٹسوانا، لیسوتھو، ایسواتینی، ملاوی، زیمبیا، مڈغاسکر، انگولا، سیشلز اور ماریشش شامل ہیں۔

    جوازات کے ٹویٹر پر جاری فہرست کے مطابق ان میں پاکستان، بھارت اور بنگلہ دیش کا نام اس میں شامل نہیں جن کے شہریوں کے اقاموں اور خروج و عودہ یعنی ایگزٹ ری انٹری کی مدت میں مفت توسیع ہوگی۔

  • روس میں پھنسے غیر ملکیوں کے لیے ریلیف

    روس میں پھنسے غیر ملکیوں کے لیے ریلیف

    ماسکو: روس نے ملک میں موجود ایسے غیر ملکیوں کے لیے، جن کے ویزوں کی مدت ختم ہوچکی ہے، اہم ریلیف کا اعلان کردیا۔

    روس کے امیگریشن حکام کی جانب سے جاری ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی غیر ملکی شہری اپنے ملک میں کرونا وائرس کی پابندیوں کی وجہ سے واپس نہیں جاسکتا، تو اس کے ویزا میں 90 دن کی توسیع کی جاسکتی ہے۔

    روسی حکام کے مطابق مذکورہ ملک میں داخلے کے کھلنے تک کئی بار یہ توسیع کی جا سکتی ہے، یہ حکم 14 دسمبر 2020 سے نافذ العمل ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان سمیت جن ممالک میں بیرونی ممالک سے واپس آنے پر کوئی پابندی نہیں ان کے ویزوں کی مدت میں توسیع نہیں کی جائے گی۔

    خیال رہے کہ روس نے 15 دسمبر تک ویزہ ختم ہوجانے والے غیر ملکیوں کو روس میں رہنے کی اجازت دے رکھی ہے۔

  • نیب دفتر حملہ کیس، کیپٹن صفدر کی عبوری ضمانت میں 16 ستمبر تک توسیع

    نیب دفتر حملہ کیس، کیپٹن صفدر کی عبوری ضمانت میں 16 ستمبر تک توسیع

    لاہور : نیب آفس میں مریم نواز کی پیشی کے موقع لیگی کارکنان کی ہنگامہ آراٸی کیس میں انسداد دہشت گردی عدالت نے کیپٹن صفدر کی عبوری ضمانت میں 16 ستمبر تک توسیع کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے ہنگامہ آراٸی کیس میں کیپٹن صفدر عبوری درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

    کیپٹن صفدر حاضری کیلئے عدالت میں پیش ہوئے، تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ کیپٹن صفدر مریم نواز کی پیشی کے موقع پر پولیس پر پتھراؤ کرانے اور کارکنان کی ہنگامہ آرائی میں ملوث ہے۔

    کیپٹن صفدر کے وکیل نے کہا کہ نیب آفس پر حملے اور ہنگامہ آرائی کے الزام میں بے بنیاد مقدمہ درج کیا گیا۔ کیپٹن صفدر اپنی اہلیہ کے ساتھ اظہار یک جہتی کیلئے گئے تھے۔ عدالت درخواست ضمانت منظور کرے۔

    دلائل کے بعد عدالت نے کیپٹن صفدر کی عبوری درخواست میں 16 ستمبر تک توسیع کر دی۔

    اس سے قبل سیشن عدالت نیب آفس حملہ کیس میں کیپٹن صفدر سمیت 16 ملزمان کی درخواست ضمانت دہشت گردی دفعات شامل ہونے کی بناء پر منسوخ کر چکی ہے۔

    عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیپٹن صفدر کا کہنا تھا کہ موٹروے سانحہ شہباز شریف کے دور میں ہوتا تو چوبیس گھنٹے میں مجرم گرفتار ہو جاتا، اگر نواز شریف وزیراعظم ہوتے تو اس وقت متاثرہ بیٹی کے گھر پر بیٹھے ہوتے۔

    انہوں نے کہا کہ موٹروے زیادتی کا معاملہ پولیس کے لیے ٹیسٹ کیس بن چکا ہے، سابق آٸی شعیب دستگیر جیسے لوگ قوم کا سرمایہ ہیں، انہیں اس طرح ہٹایا نہیں جانا چاہیئے۔

  • امریکا کا ایران پر عائد پابندیوں میں توسیع کیلئے قرارداد پیش کرنے کا اعلان

    امریکا کا ایران پر عائد پابندیوں میں توسیع کیلئے قرارداد پیش کرنے کا اعلان

    واشنگٹن : امریکی سیکریٹری خارجہ کا ایران پر عائد پابندیوں کے خاتمے سے متعلق کہنا ہے کہ امریکا رواں ہفتے سلامتی کونسل میں ایران پر لگائی گئی پابندی میں توسیع کی قرار داد پیش کرے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایران پر اسلحے کی خرید و فروخت کےلیے عائد پابندیاں رواں برس اکتوبر میں ختم ہورہی ہیں، جس کے خلاف امریکا اور اس کے اتحادی ممالک سر جوڑ کر بیٹھ گئے ہیں۔

    مائیک پومپیو نے گزشتہ روز مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ جی سی سی کا ایران کے خلاف سلامتی کونسل کو ایران پر عائد پابندیوں میں مزید توسیع سے متعلق خط بھیجنا کا جرات مندانہ اعلان ہے۔


    پومپیو کا کہنا تھا کہ خلیجی ممالک ایران پر عائد پابندیوں کے حق میں ہے اور توسیع کی حامی ہیں لہذا سلامتی کونسل کسی ایک کے ساتھ کھڑے ہو۔

    یاد رہے کہ 2007ء کے آغاز سے ایران پر ہتھیاروں کی خرید و فروخت پر پابندی عائد ہے لیکن 2015ء میں جوہری معاہدے کے تحت مذکورہ پابندی رواں برس 18 اکتوبر کو ختم ہو جائے گئی۔

    تاہم امریکا اور اس کے اتحادی کوشاں ہیں کہ ایران پر عائد پابندیوں میں غیر معینہ مدت کےلیے توسیع کردی جائے گی۔