Tag: تونسہ شریف

  • تحریک انصاف کی حکومت ختم ہوتے ہی قبضہ مافیا پھر سرگرم

    تحریک انصاف کی حکومت ختم ہوتے ہی قبضہ مافیا پھر سرگرم

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ختم ہوتے ہی قبضہ مافیا پھر سے سرگرم ہوگیا، صوبہ پنجاب کی تحصیل تونسہ شریف میں زرعی زمینوں پر دوبارہ قبضہ کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان کی تحصیل تونسہ شریف میں زرعی گریجویٹ کو دی جانے والی زمین پر دوبارہ قبضہ کرلیا گیا۔

    زرعی گریجویٹس پنجاب کے جنرل سیکریٹری محمد آصف کا کہنا ہے کہ ملزمان نے زمین پر کھڑی تیار فصل کو آگ لگا دی، زرعی گریجویٹ کو قبضہ مافیا کارندوں نے تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔

    محمد آصف کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے تاحال کوئی کارروائی نہیں کی گئی، ملزمان کو مسلم لیگ ن کے مقامی رہنما سردار میر بادشاہ کی پشت پناہی حاصل ہے۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ مذکورہ زمین زرعی گریجویٹس کو سنہ 2010 میں الاٹ ہوئی تھی، 2004 سے ناجائز قبضہ تھا جسے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر سنہ 2020 میں ختم کروایا گیا، اب دوبارہ زمین پر قبضہ کیا جا رہا ہے۔

  • پنجاب میں ایک بار پھر  2 بچوں کی ماں سے مبینہ زیادتی کا بد ترین واقعہ

    پنجاب میں ایک بار پھر 2 بچوں کی ماں سے مبینہ زیادتی کا بد ترین واقعہ

    ڈیرہ غازی خان : پنجاب میں ایک بار پھر دو بچوں کی ماں کو حیوانوں نے درندگی کا نشانہ بنا ڈالا ، وزیراعلیٰ پنجاب نے خاتون سے مبینہ زیادتی کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں خاتون سے مبینہ زیادتی کا ایک اور واقعہ پیش آیا، ڈیرہ غازی خان کی تحصیل تونسہ شریف کی نواحی بستی لاشاری میں دو بچوں کی ماں کو حیوانوں نے درندگی کا نشانہ بنایا۔

    پولیس نے 2 ملزمان کے خلاف تھانہ ریتڑہ میں ایف آئی آردرج کرلی ہے اور ملزمان کی گرفتاری کےلیے چھاپے مارے جارہے ہیں جبکہ خاتون میڈیکل کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹراسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے خاتون سے مبینہ زیادتی کا نوٹس لیتے ہوئے آرپی او ڈیرہ غازی خان سے رپورٹ طلب کرلی اور ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم دے دیا ہے۔

    وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے متاثرہ خاندان کو انصاف فراہمی کی یقین دہانی کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرہ خاتون کوہر صورت انصاف فراہم کیا جائے، متاثرہ خاتون کوہر صورت انصاف فراہم کیا جائے۔

    یاد رہے گجرپورہ میں موٹر وے پرخاتون سے اجتماعی زیادتی کا واقعہ پیش آیا تھا ، پولیس کے مطابق خاتون بچوں کے ساتھ گوجرانوالہ جارہی تھی کہ گاڑی خراب ہوگئی، خاتون موبائل فون پر بات کررہی تھی کہ ملزمان نے حملہ کردیا اور زیادتی کا نشانہ بنایا۔

  • پنجاب میں پولیو کا ایک اور کیس سامنے آگیا

    پنجاب میں پولیو کا ایک اور کیس سامنے آگیا

    لاہور: صوبہ پنجاب میں پولیو کا ایک اور کیس سامنے آگیا، متاثرہ بچہ تونسہ شریف کا رہائشی ہے اور اس کی عمر 36 ماہ ہے، ملک میں پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 49 ہوچکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازی خان میں پولیو وائرس کا کیس سامنے آگیا۔ محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ متاثرہ بچہ تحصیل تونسہ شریف کا رہائشی ہے، بچے کی عمر 36 ماہ ہے اور اسے انڈر آبزرویشن رکھا گیا ہے۔

    محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ پنجاب میں اب تک رواں برس 2 پولیو کیسز سامنے آچکے ہیں۔

    رواں برس ملک بھر میں اب تک پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 49 ہوچکی ہے جن میں سے 20 صوبہ خیبر پختونخواہ، 17 سندھ اور 10 بلوچستان سے سامنے آئے ہیں۔ صوبہ پنجاب سے 2 پولیو کیسز سامنے آئے۔

    پولیو کے حوالے سے سال 2019 پاکستان کے لیے بدترین رہا تھا جب ملک بھر میں 147 پولیو کیسز ریکارڈ کیے گئے، پولیو کی یہ شرح سنہ 2014 کے بعد بلند ترین تھی کیونکہ اس سے قبل 2014 میں پولیو وائرس کے 306 کیسز سامنے آئے تھے اور یہ شرح پچھلے 14 سال کی بلند ترین شرح تھی۔

    سنہ 2015 میں ملک میں 54، 2016 میں 20، 2017 میں سب سے کم صرف 8 اور سنہ 2018 میں 12 پولیو کیسز ریکارڈ کیے گئے تھے۔

  • وزیر اعلیٰ  پنجاب نے تونسہ شریف میں 8 نئے ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا

    وزیر اعلیٰ پنجاب نے تونسہ شریف میں 8 نئے ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا

    تونسہ شریف: وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے تونسہ شریف کا دورہ کیا جس میں انھوں نے 8 نئے ترقیاتی منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے تونسہ شریف میں آٹھ نئے ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا، ان ترقیاتی منصوبوں کی کُل لاگت 1 ارب 64 کروڑ 82 لاکھ روپے سے زائد ہے۔

    ترقیاتی منصوبوں میں 135 ملین روپے کی لاگت سے سٹی تونسہ شریف پولیس اسٹیشن کی تعمیر بھی شامل ہے۔

    وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے 106 ملین روپے کے تحصیل کمپلیکس کی تعمیر اور 200 ملین روپے سے بننے والی 8.4 کلو میٹر طویل سڑک کی تعمیر کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔

    نئے ترقیاتی منصوبوں میں این 55 منگروتھا چوک تونسہ سے بستی بزدار 14.5 کلو میٹر طویل سڑک کا منصوبہ بھی شامل ہے۔

    قبل ازیں، عثمان بزدار نے ڈیرہ غازی خان میں انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اسپتال کے قیام کا اعلان کیا جو 200 بستروں پر مشتمل ہوگا، آئندہ سال میڈیکل کالجوں میں 100 نشستیں بھی بڑھائی جائیں گی۔

    ڈیرہ غازی خان کے اسپتال کے لیے 4 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، ڈی جی خان میں آئی ٹی ٹاور بھی بنانے کا منصوبہ ہے، راجن پور، لیہ میں بھی 200 بستروں پر مشتمل مدر اینڈ چائلڈ کیئر اسپتال بنایا جائے گا۔

  • وزیراعلیٰ پنجاب کے والد فتح محمد بزدار انتقال کرگئے

    وزیراعلیٰ پنجاب کے والد فتح محمد بزدار انتقال کرگئے

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے والد سردار فتح محمد بزدار انتقال کرگئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے والد فتح محمد بزدار انتقال کرگئے، وہ کچھ عرصہ سے علیل تھے۔

    سردارعثمان بزدار کے والد علاج کے لیے دو روز قبل لاہور بھی آئے لیکن چیک اپ کے بعد تونسہ شریف روانہ ہوگئے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب اب سے کچھ دیر بعد تونسہ شریف کے لیے روانہ ہوں گے جہاں وہ اپنے والد کی نماز جنازہ میں شرکت کریں گے۔

    سردارعثمان بزدار کے والد کی نمازجنازہ شام 4 بجے ادا کی جائے گی اور آبائی علاقے بارتھی میں تدفین کی جائے گی۔

    سردارفتح محمد بزدار مرحوم 3 بار رکن پنجاب اسمبلی بھی رہ چکے ہیں، مرحوم بلوچ قبیلے بزدار کے سربراہ بھی تھے۔

    اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے والد کے انتقال پر اظہارافسوس کرتے ہوئے کہا کہ سردار فتح محمد اچھے انسان تھے۔

    چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ بطور رکن پنجاب اسمبلی فتح محمد بزدار کے ساتھ کام کیا، انہوں نے کہا کہ مشکل گھڑی میں وزیراعلیٰ پنجاب کے ساتھ ہیں۔

    گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے والد کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ اور ان کے خاندان کے ساتھ ہیں۔

  • تحریک انصاف کا تونسہ شریف میں پاور شو، عمران خان خطاب کریں گے

    تحریک انصاف کا تونسہ شریف میں پاور شو، عمران خان خطاب کریں گے

    اسلام آباد : تحریک انصاف آج تونسہ شریف میں سیاسی پاور شو کا مظاہرہ کرے گی، جلسے سے چیئرمین عمران خان خطاب کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف آج تونسہ شریف میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی ، جس کی تمام ترتیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں , پنڈال کو پارٹی پرچموں اور بینرز سے سجادیا گیا۔

    جلسے کیلئے سولہ فٹ اونچا اور اسی فٹ لمبا اسٹیج تیار کرلیا گیا ہے اور 10ہزار سے زائد کرسیاں لگا دی گئی ہیں اور ہرسو پارٹی پرچموں کی بہار ہیں۔

    جلسے کے لئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، بیس ہزار اہلکار،خاردارتاریں، واک تھروگیٹس اوراسنیپ چیکنگ بھی کی جارہی ہے۔

    تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان جلسے سے خطاب کریں گے جبکہ صوبائی اور مرکزی قیادت بھی جلسے میں شرکت کرے گی۔

    پی ٹی آئی رہنما کا کہنا ہے کہ جنوبی پنجاب کا سب سے بڑا پاور شو ہوگا۔

    دوسری جانب چیئرمین تحریک انصاف عمران خان جلسے کیلئے تونسہ شریف کیلئے روانہ ہوگئے ہیں، سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی جہانگیر ترین بھی ہمراہ ہیں۔


    مزید پڑھیں : پاکستان میں سیاست ایک نئے رخ کا تعین کررہی ہے، عمران خان


    یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیاست ایک نئے رخ کا تعین کررہی ہے، شریف خاندان نے اپنے مفاد کے لیے ملک کے اداروں کو تباہ کی، ہ منی لانڈرنگ کرکے پیسہ باہر بھجوایا جارہا تھا اور ادارے خاموش تھے، شریف خاندان نے اپنے ذاتی نوکروں کو اداروں میں تعینات کیا گیا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔